پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اورکراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے محمد عامر کا کہنا ہے کہ ان کے لیے بابر اعظم اور ٹیل اینڈر کو بولنگ کروانا یکساں ہے۔
حال ہی میں نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد عامر سے سوال کیا گیا کہ سوشل میڈیا پر کہا جارہا ہے کہ پشاور اور کراچی کا میچ بابر بمقابلہ عامر ہوگا تو کیا اس میں حقیقت ہے؟
جواب میں محمد عامر نے کہامیرا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے، میرے لیے بابر بھی ویسا ہی ہے جیسے ٹیل اینڈر کھیل رہا ہو، میرا کام ہے ٹیم کو وکٹس لے کر دینا ہے
عامر نے مزید کہاکہ پھر چاہے بابر وکٹ پر کھڑے ہوں یا نمبر 10 کا بیٹر، میں نے کوشش کرنی ہے کہ ٹیم کو وکٹیں لے کر دوں، میں نے کوئی جاکر ویلنٹائن کے پھول تو دینے نہیں ہیں، تو کوشش کرتا ہوں کہ میچ جتواؤں
کرکٹر نے اپنا موازنہ شاہین شاہ آفریدی سے کرنے پر کہا کہ میرا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں، شاہین کی اپنی کلاس ہے اور میرا اپنا اسٹائل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدان میں میچز کے دوران کھلاڑیوں کی میدان میں دشمنی مجھے اچھی لگتی ہے جس سے نئے چیلنجز پر توجہ مرکوز ہوجاتی ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل میں آج کراچی کنگز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے۔