جمعرات, 21 نومبر 2024


عبدالرزاق نے بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ایشوریا رائے سے متعلق اپنے متنازع بیان پر ان سے معافی مانگ لی ہے۔

پاکستان کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ایشوریا رائے سے متعلق اپنے متنازع بیان پر ان سے معافی مانگ لی ہے۔

سابق کرکٹر عبدالرزاق کی پروگرام کے دوران بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے کا نام لے کرکھلاڑیوں پر تنقید بھاری پڑ گیا اور خود ان پر تنقید کی بارش ہو گئی جس کے بعد عبدالرزاق نے بالی ووڈ اداکارہ سے معذرت کر لی۔

عبدالرزاق گزشتہ دنوں کراچی میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2009 کی فاتح ٹیم کے اراکین کے ہمراہ ایک تقریب میں شریک تھے جہاں انہوں نے رواں ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی بدترین کارکردگی پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں پر تنقید کی۔

اسی دوران انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2009 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں معلوم تھا کہ یونس خان کی نیت صاف ہے جس نے ہمیں بھروسہ دیا جب کہ آج ہماری پالیسی ہی نہیں کہ ہم کھلاڑیوں کو ڈیولپ کریں۔

اس موقع پر عبدالرزاق نے نامناسب مثال پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہماری سوچ یہ ہو کہ میں ایشوریا رائے سے شادی کروں اور اُس سے بڑا نیک پرہیزگار بچہ پیدا ہوجائے تو ایسا کبھی نہیں ہوسکتا، اس لیے پہلے آپ کو اپنی نیت ٹھیک کرنی پڑے گی۔

تاہم اس متنازع بیان پر اپنی غلطی کا احساس ہوتے ہی عبدالرزاق نے بالی ووڈ اداکارہ سے معافی مانگ لی۔

انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ مجھے مثال کچھ اور دینی تھی لیکن میرے منہ سے ایشوریا رائے کا نام نکل گیا جس پر میں اُن سے معذرت خواہ ہوں، میری نیت انکی تضحیک کرنا نہیں تھی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment