ھفتہ, 23 نومبر 2024


ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کی سربراہی میں بنائی گئی عبوری سلیکشن کمیٹی تحلیل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کی سربراہی میں بنائی گئی عبوری سلیکشن کمیٹی تحلیل کر دی ہے جس کو چند روز قبل ہی تشکیل دیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کی سربراہی میں قائم عبوری سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا ہے۔ نئی سلیکشن کمیٹی اور چیف سلیکٹر کا اعلان ایک دور روز میں کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے سابق کپتان محمد حفیظ کو چیف سلیکٹر بنانے پر غور شروع کر دیا ہے اور وہ قومی ٹیم کے اگلے ماہ شروع ہونے والے دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم کا انتخاب کریں گے۔

پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے گزشتہ روز سابق کرکٹرز یونس خان، محمد حفیظ، وہاب ریاض اور سہیل تنویر سے بھی ملاقات کی تھی جس میں سابق کرکٹرز نے دورہ آسٹریلیا کے لیے بابر اعظم کو کپتان برقرار رکھنے کا مشورہ دیا تھا۔

دوسری جانب پی سی بی نے ورلڈ کپ میں خراب پرفارمنس کے بعد کپتان اور ٹیم مینجمنٹ کو طلب کر لیا ہے۔ بابر اعظم کی آج چیئرمین ذکا اشرف سے ملاقات متوقع ہے جس میں وہ میگا ایونٹ میں ٹیم کی ناکامی وجوہات پر رپورٹ پیش کریں گے۔

ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد سب سے پہلے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ مورنی مورکل نے اپنی راہیں پی سی بی سے جدا کیں اور دسمبر تک ہونے والے معاہدے کو ایک ماہ قبل ہی ختم کرتے ہوئے اپنے فیصلے سے پی سی بی کو آگاہ کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بعد پی سی بی نے گزشتہ ہفتے توصیف احمد کو عبوری چیف سلیکٹر مقرر کیا تھا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment