ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستانی نژاد کرکٹرز کو انگلینڈ میں نسل پرستانہ سلوک کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، کریگ اوورٹن کے اشعر زیدی کے خلاف نامناسب جملوں نے نظم وضبط پر سوالات کھڑے کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹرز کو انگلینڈ میں نسل پرستانہ سلوک کا سامنا درپیش ہے، حال ہی میں سمرسٹ کے آل راؤنڈر کریگ اوورٹن نے سسیکس کے پاکستانی نژاد پلیئر اشعر زیدی کے خلاف نامناسب الفاظ استعمال کرتے ہوئے انھیں پاکستان واپس جانے کا کہا تھا، گذشتہ سیزن کے اختتام پر اوورٹن کو 9 پنالٹی پوائنٹس کے ساتھ 2 میچز کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
البتہ انھوں نے امپائر ایلکس وہارف اور زیدی کے ٹیم ساتھی مائیکل یارڈے کے الزامات سے انکار کیا تھا، یہ واقعہ ستمبر میں سمرسٹ اور سسیکس کے درمیان ہوو میں چیمپئن شپ مقابلے کے دوران پیش آیا تھا، نتیجتاً وہ سیزن کے اختتامی گیم میں شریک نہیں ہوسکے اور اب بھی انھیں ایک میچ سے دوری کا سامنا ہے۔ انگلینڈ پرفارمنس پروگرام میں نامزد اوورٹن نے اس وقت وہارف اور دوسرے امپائر ای ین گولڈ کے ساتھ ای سی بی کرکٹ رابطہ افسر گراہم کاؤڈرے اور سمرسٹ کے ہیڈ کوچ میتھیو مینارڈ سے بات چیت کی تھی۔