ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ پاک بھارت سیریز کے انعقاد کےلئے بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے جمعہ کی سہ پہر تک کوئی جواب نہیں آیا اور ہم اتوار تک ان کے جواب کا مزید انتظار کریں گے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور میں ساگا پریمیئر لیگ ویمن ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے فائنل کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی بورڈ کا اتوار تک بھی جواب نہیں آیا تو پھر ہم سمجھیں گے کہ سیریز نہیں ہوسکتی۔ بھارتی بورڈ نے پی سی بی کو کہا تھا کہ وہ سیریز کھیلنے کے لئے تیار ہے لیکن اپنی حکومت سے اجازت ملنے کا انتظار کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقت کم ہونے کی وجہ سے پاک بھارت سیریز کے پہلے شیڈول پر عمل در آمد مشکل ہوگا۔
شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سیریز کی تیاریوں کے لئے اب فزیکل مشکلات ہوں گی جب کہ آئندہ ماہ بھارت کو سیریز کے لئے آسٹریلیا جانا ہے اور پاکستان کی نیوزی لینڈ کے ساتھ سیریز طے ہے۔
بھارت نے سیریز کھیلنے کے لئے ایم او یو پر دستخط کیئے تھے اور بھارت کو چاہیے کہ وہ سیریز کھیلنے کا اپنا وعدہ پورا کرے نہیں تو ہمیں صاف صاف جواب دے۔ بھارت کے انکار کی صورت میں ہم اپنا آئندہ لائحہ عمل تیار کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت سیریز نہ ہوئی تو پھرایک سال انتظار کرنا ہوگا تاہم اب ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لئے پوری توجہ دے رہے ہیں۔ شہریار خان نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستانی خواتین ٹی ٹونٹی ٹیم ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔