ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ میں پاکستان کےنوجوانوں کو باکسنگ کی تربیت دوں، لیاری باکسنگ کاگڑھ ہونے کے ناطے ٹیلنٹ سے مالامال ہے، پاکستان میں ویمن باکسنگ کا آغاز خوش آئند ہے، پاکستان سے محبت میری خون میں شامل ہے۔
انھوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے نام سے منسوب آل پاکستان باکسنگ ٹورنامنٹ کی تقریب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں کیا، عامر خان نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ لیاری کے علاقے میں اپنی باکسنگ اکیڈمی قائم کروں، مجھے باکسنگ سے پیارکرنے والے لیاری کے لوگوں سے پیار ہے، لیاری نے باکسنگ اور فٹبال میں نام کمایا۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی نئی نسل کو تربیت دینے کے لیے تیار ہوں، میں لیاری کے بچوں کو باکسنگ سکھاؤں گا، میں اور میرا بھائی ہارون خان بھی لیاری آکرباکسنگ مقابلے میں شرکت کریں گے، انھوں نے نوجوانوں کوکھیلوں کے ساتھ ساتھ تعلیم کے حصول پر بھی زور دیا، اس مو قع پرانھوں نے ملاقات کے لیے آنے والی گرلز باکسرزکو سراہا اورکہا کہ ان کے رنگ میں آنے سے پاکستان ایک نئے دور میں داخل ہوجائیگا۔