ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کےکھلاڑیوں کی نیلامی میں پشاور زلمے نے پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کو حاصل کرلیا جبکہ کراچی کوئٹہ، اسلام آباد اور لاہور سمیت تمام ٹیموں نے بھی بڑے کھلاڑیوں کو حاصل کیا۔ پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی نیلامی کا عمل لاہور میں ہوا جہاں سب سے پہلی نیلامی، لیگ کے آئیکون کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل شاہد آفریدی کی ہوئی جنھیں پشاور زلمے نے جبکہ قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کو کراچی کنگز نے خرید لیا۔
قرعہ اندازی کےذریعے اسلام آبادکی ٹیم کو سب سے پہلے کھلاڑی کا انتخاب کرناتھا لیکن اسلام آباد نے پشاور کی ٹیم کے ساتھ اپنی باری تبدیل کرلی۔کوئٹہ کی ٹیم نے انگلینڈ کے مشہور بلے باز کیون پیٹرسن کو حاصل کرلیا، اسلام آباد یونائیٹڈ نے آسٹریلیا کے آل راؤنڈرشین واٹسن کو خریدا جبکہ ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل کو لاہور قلندرز حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ سرفرازاحمد کو کوئٹہ کی ٹیم نے خرید لیا.
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یارخان نے پی ایس ایل کے کھلاڑیوں کی باقاعدہ نیلامی کا اعلان کیا اور ان کی موجودگی میں کراچی کنگز کا لوگو متعارف کروایا گیا۔