aایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)
آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل جانسن کو سال کا بہترین کرکٹر قرار دیا گیا ہے۔
سرگار فیلڈ سوبرز ٹرافی کے حقدار 33 سالہ جانسن کو آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر بھی چنا ہے۔
سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کے بعد مچل جانسن دوسرے ایسے کرکٹر ہیں جنھوں نے یہ ایوارڈ ایک سے زیادہ مرتبہ جیتا ہے۔ انھیں 2009 میں بھی آئی سی سی کا کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس ایوارڈ کے لیے 26 اگست 2013 سے 17 ستمبر 2014 تک کے عرصے میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مدِنظر رکھا گیا۔
اس عرصے میں مچل جانسن نے 15.23 کی اوسط سے ٹیسٹ میچوں میں 59 وکٹیں لیں جبکہ ون ڈے میں 16 میچوں میں ان وکٹوں کی تعداد 21 رہی۔
ایوارڈ کے حصول کے بعد جانسن کا کہنا تھا کہ ’اس ایوارڈ کے لیے کرکٹ کی دنیا کے چند بڑے نام نامزد تھے اور ایسے میں یہ ایوارڈ جیتنا خصوصی اعزاز ہے۔‘
جنوبی افریقی بلے باز ابراہم ڈی ویلیئرز کو ایک روزہ کرکٹ میں سال کا بہترین کرکٹر چنا گیا
جانسن نے یہ بھی کہا کہ وہ ہمیشہ سے آسٹریلوی ٹیم میں شامل ہو کر کارکردگی دکھانا چاہتے تھے اور انھیں اپنے اس خواب کے پورا ہونے کا بھرپور یقین تھا۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر نے کہا کہ ’میں آج جہاں ہوں اس سے بہت خوش ہوں اور بطور کرکٹر اپنے آپ میں بہتری لانا چاہتا ہوں۔‘