ایمز ٹی وی (کھیل) نیشنل کرکٹ اکیڈمی سینٹرل کنٹریکٹ رکھنے والے کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت متعدد کھلاڑی فٹنس معیار تک نہ پہنچ سکے۔ تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ جاری ہے جس میں کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار 17 پوائنٹس رکھا گیا تھا جب کہ دیگر ممالک کھلاڑیوں کے لئے فٹنس کا معیار 20 پوائنٹس رکھتے ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے فٹنس معیار میں نرمی برتنے کے باوجود ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت عمراکمل، سعید اجمل، صہیب مقصود اور ذوالفقار بابرفٹنس معیارپر پورا نہ اترسکے۔ بلے بازصہیب مقصود ، مایہ ناز اسپنرسعید اجمل اورذوالفقاربابر 100 فیصد فٹنس نہ ہونے اور فٹنس مسائل کے باعث ٹیسٹ ہی مکمل نہ کرسکے جب کہ عمراکمل بھی مطلوبہ معیار پر پورا اترنے میں ناکام رہے اور انہوں نے 16 پوائنٹس حاصل کئے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نومنتخب کپتان سرفراز احمد بھی اپنے گزشتہ معیار کو برقرار نہ رکھ سکے۔ فٹنس رپورٹ کے مطابق آل راؤنڈر فواد عالم اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان سب سے زیادہ فٹ کھلاڑی قرار دیئے گئے ہیں جنہوں نے 17 پوائنٹس حاصل کئے، سابق کپتان یونس خان نے بھی لیول 18 حاصل کیا۔ ذرائع کے مطابق یونس خان، انورعلی، شان مسعود، بابراعظم اورسمیع اسلم نے اپنی کارکردگی سے ٹرینرز کو متاثرکیا جب کہ انورعلی، شعیب ملک اور وہاب ریاض کی فٹنس پہلے سے بہترقرارپائی۔ قومی ون ڈے کرکٹ کے کپتان اظہرعلی، احمد شہزاد ، اسد شفیق، جنید خان، راحت علی اورعمران خان کی کارکردگی کو بھی اوسط درجہ قراردیا گیا۔