ایمزٹی وی(کھیل) بھارتی بورڈ کے نو منتخب صدر انوراگ ٹھاکر نے آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس کو آئی پی ایل کا فائنل دیکھنے کی دعوت دے دی تفصیلات کے مطابق نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس نے کہا کہ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر اور بی سی سی آئی کے صدر انو راگ ٹھاکر کو فون کر کے مبارکباد دی ہے۔ پر امید ہوں کے دونوں عہدیدار خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔ ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی کے نو منتخب صدر انوراگ ٹھاکر نے انہیں آئی پی ایل کا فائنل دیکھنے کی دعوت دی ہے۔ اگر وہ بھارت گئے تو پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں شامل کرنے پر ضرور بات کریں گے۔ پاکستانی کرکٹرز کے آئی پی ایل میں کھیلنے سے لیگ مزید دلچسپ ہوسکتی ہے۔ ظہیر عباس نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ پوری دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جاتی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کا اجرا خطے کی کرکٹ کے لیے بہت ضروری ہے۔ ظہیر عباس کی آئی سی سی میں صدارت کی مدت رواں برس جولائی میں ختم ہوجائے گی۔