ایمز ٹی وی (کھیل) پی سی بی میں ہارون رشید کی ’’بیک ڈور انٹری‘‘ کیلیے تیاریاں مکمل ہو گئیں، ناقص کارکردگی پر چیف سلیکٹر کے عہدے سے برطرف شدہ سابق ٹیسٹ کرکٹر کو بطور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز واپس لایا جا رہا ہے، اس حوالے سے انھیں ذہن میں رکھ کر رسمی اشتہار بھی جاری کیا جا چکا۔ تفصیلات کے مطابق ہارون رشید کی پی سی بی میں واپسی کے حوالے سے اسٹیج تیار کر لیا گیا ہے، ہارون رشید کو ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کی عبرتناک شکست کے بعد تحقیقاتی کمیٹی کی سفارش پر برطرف کیا گیا تھا، چیئرمین شہریارخان بعض کھلاڑیوں کی سلیکشن کے حوالے سے اپنی رائے نہ ماننے پر ان سے سخت ناراض تھے، ہارون رشید طاقتور ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی سے خاصی قربت رکھتے اور کرکٹنگ معاملات میں ان کے اہم مشیر ہیں۔ ان کو ہٹانے کی نجم سیٹھی کی جانب سے سخت مخالفت ہوئی لیکن شہریارخان نہ مانے، کچھ عرصے قبل جب سابق ٹیسٹ بیٹسمین کو بطور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز لانے کی مہم چلی تو پہلے تو شہریارخان راضی ہو گئے پھر کسی نے انھیں یاد دلایا کہ آپ نے تو انھیں نکالا تھا اب واپس لائے تو بڑا شور مچے گا، اس پر انھوں نے بورڈ میٹنگ میں پھر مخالفت کر دی، ایسے میں ہارون رشید کے چاہنے والے بھی متحرک ہو گئے، گذشتہ دنوں ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنزکیلیے ایک اشتہار جاری کیا گیا اسے دیکھ کر واضح ہو گیا کہ یہ ہارون رشید کو ذہن میں رکھ کر ہی بنایا گیا ہے۔ امیدوار کا کم ازکم بیچلر ڈگری کا حامل اور ایڈمنسٹریشن ترجیحاً اسپورٹس میں10 سالہ کام کا تجربہ ہونا ضروری ہے، ہارون طویل عرصے سے بورڈ کے ساتھ منسلک اور ان دونوں شرائط پر پورا اترتے ہیں، یہ پلان میڈیا میں آنے پر کسی اور ہائی پروفائل شخص نے اس عہدے کیلیے درخواست نہیں دی یوں اب ہارون رشید کیلیے میدان صاف ہے، ایچ آر کمیٹی اس عہدے پر تقرری کا فیصلہ کرے گی اس میں نجم سیٹھی (چیئرمین)، ظفرمحمود، سبحان احمد،بدر ایم خان اور بریگیڈیئر (ر) ساجد حمید شامل ہیں۔