Tuesday, 15 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)فوجی عدالتوں سے سزا پانے والے مزیدتین افراد کو پھانسی دیدی گئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق تینوں دہشتگردوں کو ہائی سکیورٹی جیل ساہیوال میں پھانسی دی گئی۔پھانسی پانے والوں میں سید زمان خان،شوالے اور محمد ذیشان شامل ہیں۔
پھانسی پانے والے دہشتگرد فوج پر حملوں اور دہشتگردانہ واقعات میں ملوث تھے,شوالے کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان،سید زمان اور محمد ذیشان کا تعلق کالعدم حرکت الجہاد سے تھا۔
تینوں دہشتگردوں نے اپنے جرائم کا اعتراف کیا تھا۔فوجی عدالتوں سے اب تک 161 مجرمان کو سزا سنائی گئی ہے,اب تک 21 مجرموں کو پھانسی دی جاچکی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز پہلے بھی فوجی عدالتوں سے سزا پانیوالے 5 دہشتگردوں کو پھانسی دی گئی تھی۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہے کہ آئی فون لیا جائے یا اینڈرائیڈ ڈیوائس؟ اگر ہاں تو کیوں نہ آپ دونوں آپریٹنگ سسٹم کا مزہ ایک ہی فون میں لیں جو کہ کچھ زیادہ مہنگا بھی نہیں پڑے گا۔ اگر آپ کو اس میں دلچسپی ہے تو کک اسٹارٹر پر دستیاب ایک آئی فون کیس یا کور آپ کو ضرور پسند آئے گا۔ آئی فون کے لیے بنائے جانے والے اس کیس جسے آئی کا نام دیا گیا ہے، نے کراﺅڈ فنڈنگ سائٹ پر ایک لاکھ ڈالرز سے زائد جمع کرلیے ہیں جس کی وجہ اس کے دلچسپ فیچرز ہیں۔

درحقیقت اس کیس میں ایک پانچ انچ کی اسکرین، بیٹری پاور، 256 جی بی تک اسٹوریج، ڈوئل سم سلاٹس، آئی آر بلاسٹر اور وائرلیس چارجنگ وغیرہ موجود ہیں۔ آسان الفاظ میں کہا جائے تو یہ آئی فون کیس درحقیقت ایک اینڈرائیڈ فون ہے۔ جب آپ اس کیس کو آئی فون پر لگاتے ہیں تو آپ اپنے فون کو عام معمول کی طرح تو استعمال کر ہی سکتے ہیں مگر اس کے بیک پر بھی ایک اور فون آپ کو دستیاب ہوگا جسے بھی عام استعمال کیا جاسکتا ہے اور کون ہوگا جسے یہ فیچر پسند نہیں آئے گا؟

اس کیس کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اس میں اینڈرائیڈ فون کی بیٹری کو آئی فون چارج کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس بیٹری میں 2800 ایم اے ایچ پاور اسٹور کی جاسکتی ہے جو کہ آئی فون بیٹری کی زندگی سے کافی زیادہ ہے جبکہ ایندرائیڈ فون میں آل ویز آن ڈسپلے دیا گیا جو کہ ایک گھنٹے میں صرف ایک فیصد بیٹری استعمال کرتا ہے۔

اس کیس میں ایس ڈی کارڈ سلاٹ موجود ہے جو آئی فون کی میموری کو بڑھانے کے کام آسکتا ہے کیونکہ آپ کو علم ہی ہوگا کہ ایپل کے فونز کی میموری محدود ہوتی ہے اور ان میں اضافہ نہیں ہوسکتا۔ تاہم اس کیس میں موجود اینڈرائیڈ ڈیوائس میں آپ آئی فون کا ڈیٹا ٹرانسفر کرسکتے ہیں جبکہ آئی فون کے بیک کیمرے کو آپ اس کیس میں سیلفی کیمرے کے طور پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

اگر تو آپ اسے لینے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو کک اسٹارٹر پر یہ اولین دو ہزار افراد کو 95 سے 129 ڈالرز (سستا کیس فورجی کے بغیر ہوگا) میں دسیتاب ہوگا جبکہ رواں سال اگست یا ستمبر میں باضابطہ طور پر متعارف کرائے جانے کے بعد اس کی قیمت 189 ڈالرز ہوگی۔ اس کیس کو ایسٹیسی نامی کمپنی نے تیار کیا ہے۔

 

 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ کے بچے دن میں 3 گھنٹے یا اس سے زائد وقت ٹیلی ویژن دیکھنے، کمپیوٹر استعمال کرنے یا ویڈیو گیمز کھیلنے میں گزارتے ہیں تو ان میں ذیابیطس جیسے جان لیوا مرض کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔
یہ انکشاف برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
لندن یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق جتنا وقت بھی اسکرین کے سامنے گزارا جاتا ہے وہ بالغوں میں تو ذیابیطس کا خطرہ بڑھاتا ہی ہے مگر ایسا بچوں کے ساتھ بھی ہوتا ہے۔
تحقیق کے دوران ساڑھے چار ہزار بچوں کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا اور معلوم ہوا کہ اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنے سے ایسی بائیولوجیکل تبدیلیاں آتی ہیں جو ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔
ایسے بچوں کے جسم شکر کو جذب کرنے کے حوالے سے زیادہ اچھے نہیں ہوتے جو کہ انسولین کی حساسیت کی نشانی ہے، جسے ذیابیطس کا آغاز بھی کہا جاسکتا ہے۔
محققین کا کہنا تھا کہ اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنا ہر عمر کے افراد کی صحت کے لیے نقصان دہ ہے مگر بچوں پر اس کا بہت برا اثر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نظر آتا ہے کہ لوگ صحت مند زندگی کے لیے ضروری توازن کو نظرانداز کرنے کے عادی ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل یہ بات بھی سامنے آچکی ہے کہ اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنے کے نتیجے میں بچے موٹاپے کا شکار ہوجاتے ہیں۔
محققین نے مشورہ دیا کہ بچوں کے اسکرین کے سامنے گزارے جانے والے وقت میں کمی لاکر ذیابیطس جیسے مرض کے خطرے کو کم کیا جاسکتا ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی وزارت محنت اور سماجی ترقی نے اسمارٹ فون پر ایک نئی ایپلیکیشن متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے گھریلو ملازمین کو بھرتی کیاجاسکتا ہے۔
وزارت نے اپنے الیکٹرانک پروگرام پر یہ نئی ایپلی کیشن متعارف کرائی ہے۔ اس کو تمام اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
 
مسنید ایپلی کیشن سے دفاتر میں کاغذی کارروائی کم کرنے اور ملازمین کی بھرتی کے عمل کو شفاف بنانے کی ضمانت بھی ملے گی۔
دفاتر کے متعدد مالکان نے اس نئی سروس کا خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے سرخ فیتے کا خاتمہ ہوگا اور کاغذی کارروائی میں بھی 40 فی صد تک کمی لائی جاسکے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی( تجارت) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت صنعتی زونز میں چین ہی نہیں پاکستان کی انڈسٹری بھی لگے گی ، چین کا تعاون پاکستان میں صنعتی انقلاب برپا کرے گا ۔
ایک بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں صنعتی انقلاب سی پیک منصوبے کا اہم حصہ ہے ، وفاقی دارالحکومت سمیت چاروں صوبو ں آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور فاٹا میں صنعتی زون قائم کیے جائیں گے، پاکستان سمیت بڑی بڑی چینی کمپنیاں ان صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں آج چینی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی دوڑ لگ چکی ہے،چینی صنعتیں دنیا کے متعدد ملکوں میں منتقل ہو رہی ہیں پاکستان میں کیوں نہیں ۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی کا کہناتھاکہ سی پیک کے تحت صنعتی زونز کے قیام سے روز گار کے مواقع بڑھیں گے اور جدید صنعتی ٹیکنالوجی بھی پاکستان منتقل ہو گی ۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) دورہ ویسٹ انڈیزکے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان آج کیا جائے گا ،ذرائع کے مطابق احمد شہزاد اور کامران اکمل کی ٹیم میں واپسی ہوگی جبکہ پی ایس ایل میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے فخر زمان اور شاداب خان بھی ٹیم میں شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق کامران اکمل کو بطور بیٹسمین ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں منتخب کیا گیا ہے، ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد ہی کریں گے ، دیگرمنتخب کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، بابر اعظم ، فخر زمان، حسن علی ، عمر اکمل ، عماد وسیم ، شاداب خان ، محمد نواز، شعیب ملک ، عثمان شنواری ،سہیل تنویر اور رومان رئیس شامل ہیں ۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے ٹیم میں اظہر علی ، محمد عباس ، محمد اصغر کو شامل کیا گیا ہے جبکہ محمد عامر اور وہاب ریاض بھی ون ڈے ٹیم کا حصہ ہوں گے، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سہیل تنویر اور عمراکمل سمیت کسی بھی کھلاڑی کی فٹنس معیار کے مطابق نہیں ہوئی تو اسے ڈراپ کیا جا سکتا ہے، قومی ٹیم کا باقاعدہ اعلان آج کیا جائے گا۔
پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کے درمیان 26 مارچ سے چار ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شروع ہو گی ، پھر تین ون ڈے میچز اور اس کے بعد تین ٹیسٹ کی سیریز کھیلی جائے گی۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) ممبر سندھ اسمبلی مہتاب اکبر راشدی نے پنجاب حکومت کی فروغ حجاب پالیسی کے حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حجاب کا فروغ ملک کے لئے جگ ہنسائی کا باعث ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممبر سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ مذہب کو حاضری سے مشروط کیا جارہا ہے۔ مذہب کو مذاق بنانا اور حاضری سے مشروط کرنا ٹھیک نہیں۔ لڑکیوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جا رہا ہے اگر لڑکیاں حجاب کریں گی تو لڑکوں کو بھی ٹوپی پہنانے کے احکام دئیے جائیں ۔
اس طرح کے اقدامات جگ ہنسائی کا باعث بنتے ہیں ۔ حکومت نے مختلف حوالوں سے مذہب کو مذاق بنادیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب کے وزیر ہائیر ایجوکیشن سید علی رضا گیلانی نے صوبے کے کالجز میں حجاب کے فروغ کی سفارشات پیش کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ جو طالبات حجاب کریں گی انہیں پانچ فیصد اضافی نمبرز دئیے جائیں گے۔ اس فیصلے کے خلاف میڈیا اور سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ ایک جانب اس عمل کو سراہا جا رہا ہے تاہم چند لوگ اس فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم)کراچی یونیورسٹی میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ریٹائرڈ فوجیوں کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.

اس حوالے سے وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل خان کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کی سیکیورٹی کیلئے تربیت یافتہ گارڈ کی ضرورت ہے جس کیلئے جلد اشتہار دیا جائے گا۔

ڈاکٹر اجمل خان کا کہنا ہے کہ ان کی ترجیح ہو گی کہ یونیورسٹی میں سیکیورٹی امور کیلئے ریٹائرڈ فوجیوں کا انتخاب کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ کیمپس میں مقیم رہائشیوں کا ڈیٹا جمع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور اس کیلئے فارم کی تیاری جاری ہے ۔

 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)آصفہ بھٹو نے پنجاب میں سرکاری اسکولوں و کالجوں میں لڑکیوں کو حجاب پہننے پر اضافی نمبر دینے کے حوالے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ حجاب پہننا لڑکیوں کے نمبرزپر کیسے اثر انداز ہوگا؟اور لڑکے اضافی نمبروں کیلئے کیا کریں گے؟
تفصیلا ت کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرپنجاب میں طالبات کیلیے حجاب لازمی قراردینے اور 5نمبر اضافی دیے جانے تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ گریڈاوراضافی نمبرزکےلیے حجاب کیوں؟،حجاب کرنے کے معاملے کا طالبات کے نمبروں سے تعلق کیوں ہے؟۔انہوں نے کہا کہ لڑکوں کو اضافی نمبرکے حصول کیلئے کیا کرنا ہوگا؟جبکہ دوسرے مذاہب کی طالبات کیاکریں گی ؟۔
 
 
واضح رہے کہ وزیرہائر ایجوکیشن پنجاب علی رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا گیا

 

 

ایمزٹی وی(تعلیم/ پنجاب)پنجاب بھر کے سرکاری کالجز میں حجاب کے فروغ کے لئے نئی پالیسی کا اعلان کردیا گیا۔ صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے نئی پالیسی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے سرکاری تعلیمی اداروں میں فروغ حجاب پالیسی کا اعلان کردیا ۔لاہور بورڈ کے کمیٹی روم میں ڈویژنل ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدرارت کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ کالجز میں اساتذہ اپنی کلاس اور لیکچرز کا آغاز احادیث نبویﷺ اور آیات قرآن سے کریں گے۔
طالبات کے اندر حجاب کی عادت کو فروغ دینے کے لئے انہیں اضافی نمبرز دئیے جائیں گے جو طالبہ کلاس میں حجاب کرے گی اسے 5اضافی نمبرز دئیے جائیں گے۔
صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن کے مطابق نئی حجاب پالیسی پر فوری عملدرآمد ہو گا۔حجاب پالیسی کے تحت طالبات کو نہ صرف حجاب بالکل مفت فراہم کئے جائیں گے بلکہ انہیں داخلے کے وقت اضافی پانچ نمبرز بھی دئیے جائیں گے