Tuesday, 15 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی ( انٹرٹیمنینٹ) بھارتی فلم تارے زمین پر سے شہرت پانے والے ایشان (درشیل سفارے) ایک بار پھر فلم نگری میں اپنا رنگ جمانے کے لیے تیار ہیں۔ فلم ’تارے زمین پر‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ننھے اداکار کی نئی فلم کا پوسٹر جاری کردیا گیا جس میں چائلڈ اسٹار ایک خوبصورت نوجوان کی صورت میں نظر آرہے ہیں۔ فلم میکر پردیپ الوتری نے فیس بک پر پوسٹر جاری کیا جس میں اُن کے مطابق درشیل محبت کرنے والے نوجوان کا مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، ننھے اداکار کی نئی تصویر میں انہیں پہنچاننا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’دوستوں تارے زمین فلم کو ریلیز ہوئے 10 برس کا عرصہ گزر چکا ہے اس لیے اب ننھا اداکار خوبصورت نوجوان کی صورت میں آپ کے سامنے آئے گا‘‘۔ درشیل سفارے جنہوں نے اپنی پہلی فلم عامر خان کے ساتھ کیا اور اُس میں اداکاری سے مداحوں کے دل موہ لیے تھے، درشیل کا فلمی نام ایشان تھا جس میں وہ ایک ایسے بچے کا کردار ادا کررہے تھے کہ جس کو پڑھائی لکھائی کا کوئی شوق نہیں تھا اور وہ کچھ الگ کرنا چاہتا تھا۔ بالی ووڈ اداکار عامر خان اس فلم میں ایشان کے ٹیچر بننے اور انہوں نے اپنے اسٹوڈنٹ کے اندر چھپی صلاحیتوں کو باہر نکالا اور اُس میں پیدا کیا تھا۔ ایشان نے اپنی اداکاری کے سبب فلم فیئر ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی ( اںٹرٹینمنیٹ) خواتین کے تحفظ کے بل کے حوالے سے عمائمہ ملک پنجاب حکومت کے ساتھ وابستہ ہیں اور مختلف یونیورسٹیز اور کالجز میں بطور موٹی ویشنل اسپیکر لیکچرز دینے بھی جاتی ہیں شعیب منصور کی فلم ’بول‘ میں اپنی بے ساختہ اداکاری سے شہرت پانے والی اداکارہ اور ماڈل عمائمہ ملک نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ان کی کامیابیوں کا سفر جاری ہے۔ ان کے بارے میں یہ تو سب جانتے ہیں کہ وہ منجھی ہوئی اداکارہ اور ماڈل ہیں، لیکن اب ان کا ایک اور حوالہ سامنے آ رہا ہے اور وہ ہے سماجی خدمت۔ خصوصاً خواتین کے حقوق کے لئے سرگرمی سے کام کرنا۔ خواتین کو درپیش مسائل پر وہ یوں تو ٹوئٹر پر اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کرتی چلی آئی ہیں۔ خواتین پر تیزاب پھینکنے کا معاملہ ہو یا پھر غیرت کے نام پر قتل، وہ لگی لپٹی رکھے بغیر اپنا مؤقف بولڈ انداز میں بیان کرتی نظرآتی ہیں۔ لیکن اب خواتین کی جدوجہد اوران کے ساتھ ہونیوالی زیادتیوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے اور مسائل کے حل کے لئے عمائمہ ملک عملی طورپر بھی سرگرم ہیں۔ خواتین اور بچوں کی بہت سی تنظیموں کے لئے کام کررہی ہیں۔انہوں نے خود بہت چھوٹی عمر میں اپنے بہن بھائیوں کی ذمے داری سنبھال لی تھی اور انہیں سیٹ کرنے میں مرکزی کردار ادا کیا اس لئے وہ مشکلات اور پریشانیوں سے بخوبی واقف ہیں جن کا سامنا خصوصا ًخواتین کو کرنا پڑتا ہے۔ عمائمہ ملک غریب طبقے کی بہبود کے لئے کام کرنے والی تنظیم سیڈ آؤٹ کی برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔ خواتین کے تحفظ کے بل کے حوالے سے عمائمہ ملک پنچاب حکومت کے ساتھ وابستہ ہیں اور مختلف یونیورسٹیز اورکالجز میں بطور موٹی ویشنل اسپیکر لیکچرز دینے بھی جاتی ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیردفاع خواجہ آصف نے حسین حقانی معاملے پر پارلیمانی کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیردفاع خواجہ آصف نے امریکہ میں سابق سفیر حسین حقانی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ حسین حقانی معاملے پر پارلیمانی کمیشن بنایا جائے ،یہ معاملہ قومی سلامتی کا ہے ہر 3 ماہ بعد اٹھایا جارہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اسامہ بن لادن کا پاکستان میں ہلاک ہونا ہمارے لئے مسائل پیدا کررہاہے،امریکیوں کو ویزوں کے اجراءمیں سابق وزیرداخلہ ملوث ہیں اور اپوزیشن لیڈر نے صرف غدار کہہ کر جان چھڑالی،بیان سے پہلے لاتعلقی کااعلان نہیں کیا گیا۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ حسین حقانی کیخلاف ہم سپریم کورٹ گئے،حسین حقانی عدالت سے اجازت لیکر واپس نہیں گئے۔انہوں نے کہا کہ حسین حقانی کے ایبٹ آبادآپریشن پر اپوزیشن لیڈر سمیت سب نے رد عمل دیا۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ حسین حقانی اہم عہدوں پر فائز رہے اور اس وقت کے صدر اور وزیراعظم نے ان کے بیان کو تسلیم کیا تھا۔ اس حساس معاملے کی تحقیقات کرنی چاہیے,پیر کو حسین حقانی سے متعلق تفصیلی بیان دونگا۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) سندھ ہائیکورٹ کےجسٹس منیب اختر کی سر براہی میں 2رکنی بنچ نے ایس ایم لاکالج کے طلبہ طالبات کو امتحانات میں فیل قرار دئیے جانے اور شرکت کی اجازت نہ ملنے کے خلاف دائر درخواستوں پر درخواست گزاروں کو22مارچ سے شروع ہونے والے امتحان میں شرکت کی اجازت دیتے ہوئے سماعت 4اپریل تک کے لئے ملتوی کردی ہے، عدالت نے امتحانات میں شریک ہونے والے امیدواروں کے نتائج بھی نہ روکنے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت عالیہ کے دو رکنی بنچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) ایرانی قونصل جنرل محمد حسین بنی اسدی نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو آپس میں رابطے بڑھانے چاہئیں جس سے تجارت کے فروغ اور تجربات کے تبادلے میں مدد ملے گی،دونوں ممالک کے بہترین تعلقات کا عکس ان کی تجارت میں بھی نظر آنی چاہیے۔ ان خیالا ت کااظہارانہوں نے لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط اور سابق صدر سید محسن رضا بخاری سے ملاقات میں کے دوران کیا۔ لاہور چیمبرکے صدر عبدالباسط نے کہا کہ ایرانی صدر روحانی اور ایران چیمبر کے صدر انجینئر غلام حسین شافی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحیٰ ایرانی وفد کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے بہترین دوستانہ تعلقات کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گیس سیل پرچیز معاہدے پر بات چیت کے لیے ایک ٹیم ایران بھجوانے پر غور کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نئی بزنس پالیسی اور بزنس ویزا ڈراپ باکس کی سہولت مہیا کرنے کا خیر مقدم کرتا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو سنگل کنٹری نمائشوں اور تجارتی وفود کے تبادلے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کو ایران کے زراعت، سیاحت اور میٹل انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات مستحکم کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادر اسلامی ممالک ہیں لہذا انہیں تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مارکیٹ ریسرچ پر خاص توجہ دیں۔ درآمدات اور برآمدات کے لیے بھی دونوں ممالک ایک دوسرے کوفوقیت دیں۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر سید محسن رضا بخاری نے کہا کہ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ، انرجی پراجیکٹس، پیپر اینڈ بورڈ، سیمنٹ، کیمیکلز، ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن، پاکستان میں سڑکوں کی تعمیر، ہینڈی کرافٹ، کارپٹ اور فینسی فرنیچر کے شعبوں میں بھی مشترکہ منصوبہ سازی کی وسیع گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے جس کی ترقی کے لیے تمام لوازمات موجود ہیں ۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کے فیصلے کا وقت قریب آنے کیساتھ ہی پاکستان اسٹاک مارکیٹ غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوتی جا رہی ہے،منگل کے روز بھی اسٹاک مارکیٹ شدید ترین کاروباری دباؤ کی زد میں رہی اور کاروبار کے دوران انڈیکس 48600پوائنٹس سے گھٹ کر48ہزار پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گر گیا تھا ۔بعد ازاں مارکیٹ میں ریکوری کے باوجود منفی رجحان کے اثرات ختم نہ ہو سکے ،مندی کے سبب مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے20ارب سے زائدروپے ڈوب گئے ۔

اسٹاک ماہرین کے مطابق بدلہ ٹریڈنگ کے سلسلے میں بروکرز اور ایس ای سی پی کے مابین تنازعات مارکیٹ کی کارکردگی پر براہ راست اثرات مرتب کر رہی ہیں اس صورتحال میں انویسٹرز دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں اور نئی سرمایہ کاری کرنے سے بھی گریز کر رہے ہیں ۔ جس کے باعث خدشہ ہے کہ آئندہ دنوں میں انڈیکس اور سرمایہ مزید گھٹ سکتا ہے ۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس میں116.66پوائنٹس کی کمی ریکارڈکی گئی جس سے کے ایس ای100انڈیکس48655.72پوائنٹس سے کم ہو کر48539.06پوائنٹس پرآگیااسی طرح43.46پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس26242.45پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرزانڈیکس32832.11پوائنٹس سے گھٹ کر32763.27پوائنٹس پربندہوا۔ کاروباری مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں20ارب46کروڑ67لاکھ57ہزار479روپے کی کمی ریکارڈکی گئی جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم95کھرب93ارب73کروڑ21لاکھ13ہزار358روپے سے کم ہوکر95کھرب73ارب26کروڑ53لاکھ55ہزار879روپے رہ گیا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روز19کروڑ51لاکھ27ہزارحصص کے سودے ہوئے اورٹریڈنگ ویلیو11ارب روپے ریکارڈکی گئی جبکہ پیرکے روز13کروڑ29لاکھ92ہزارحصص کے سودے ہوئے تھے اورٹریڈنگ ویلیو7ارب روپے تک محدودرہی تھی۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کے روزمجموعی طوپر395کمپنیوں کاکاروبارہواجس میں سے134کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،248میں کمی اور13کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

کاروبارکے لحاظ سے ٹی آرجی پاک لمیٹڈ1کروڑ43لاکھ،سوئی سدرن گیس کمپنی1کروڑ21لاکھ،پاورسیمنٹ لمیٹڈ1کروڑ19لاکھ،کے الیکٹرک لمیٹڈ1کروڑ8لاکھ اوربینک آف پنجاب87لاکھ60ہزار حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔ قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے یونی لیورفوڈزکے بھاؤمیں215.28روپے اورکولگیٹ پامولیوکے بھاؤمیں104روپے کااضافہ جبکہ رفحان میلز کے بھاؤمیں188روپے اوروائیتھ پاک لمیٹڈکے بھاؤمیں119.74روپے کی نمایاں کمی ریکارڈکی گئی ۔

 

ایمز ٹی وی(تجارت) ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس ریٹرن جمع نہ کرانے والوں کے آڈٹ اور بھاری جرمانے عائد کیے جانے کی دھمکی کے اثرات نظر آنا شروع ہوگئے ، ایک ہفتے میں ہی عوام نے دھڑا دھڑ انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنا شروع کردیا ہے ، 12 مارچ کو جاری کی جانے والی فعال ٹیکس فائلر کی فہرست میں 15 ہزار 738 افراد کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد 10 لاکھ 35 ہزار 835 سے بڑھ کر 10 لاکھ 51 ہزار 573 تک پہنچ گئی ہے ۔
مالی سال 2015 کے مقابلے میں مالی سال 2016 میں اب تک تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد نے ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرایا، مالی سال 2015 کے دوران 12 لاکھ 10 ہزار افراد نے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کیا تھا، واضح رہے کہ ایف بی آر تاخیر سے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والے افراد کو نوٹسسز جاری کرنے کے ساتھ کئی افراد کے گوشواروں کا آڈٹ بھی شروع کرچکا ہے جبکہ ریجنل ٹیکس آفس ٹیکس نادہندگان پر جرمانہ عائد کرنے کیلئے پر تول رہا ہے ۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /پشاور) پشاور سمیت صوبہ بھر میں نجی اسکولوں میں داخلوں کا سیزن شروع ہوتے ہی اسکول مالکان اورانتظامیہ نے متعلقہ اسکولوں کی تشہیر کیلئے نت نئے حربے استعمال کرنا شروع کردیئے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی توجہ حاصل کی جاسکے،دوسری طرف والدین بھی بچوں کے داخلوں کے حوالے سے مخمصے کا شکار ہوگئے ہیں۔

 

جبکہ ان اسکولوں کی بڑھتی فیسوں نے ان کے اوسان خطا کردیئے نجی اسکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے داخلوں کیلئے سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں، لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کیلئے بعض نجی اسکولز کی جانب سے گھر گھرپمفلٹ تقسیم کئے جارہے ہیں جبکہ راستے میں بھی لوگوں کوتشہیری مواد دیاجانے لگا۔

جس میں دعویٰ کیاجاتا ہے کہ ان کے اسکول میں بہترین ماحول وتعلیم میسر ہے ،اسکولوں کی تشہیر کیلئے نت نئے حربے استعمال کئے جارہے ہیں ۔ جبکہ بعض اسکولوں کو خوبصورتی سے سجالیا گیا تاکہ اسکول داخل ہونے والے متاثر ہوسکیں۔ دوسری طرف والدین بھی مخمصے کا شکار ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو کس اسکول میں داخل کرائیں تاکہ ان کا مستقبل دائو پر نہ لگ جائے اور وہ معیاری تعلیم حاصل کرسکیں۔

نجی اسکولوں کی بڑھتی فیسوں نے بھی غریب اورمتوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے والدین کو پریشانی میں مبتلا کردیا ‘صوبے کی بیشترآبادی بچوں کو پرائیویٹ اداروں میں تعلیم دینے کی استطاعت نہیں رکھتی۔ انہوں نے نجی اسکولوں کے مالکان سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکولوں کو پیسے کمانےکا ذریعہ نہ بنایا جائے بلکہ اسے ایک مشن کے طور پر لیں تاکہ ہر بچہ معیاری تعلیم تک رسائی حاصل کرسکےجبکہ حکومت پرائیویٹ اسکولوں پر چیک اینڈ بیلنس کا کا نظام مزید بہتر بنائے۔

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) برطانیہ کے کھلاڑی کائیل ایڈمنڈ کو سوشل میڈیا پر قتل اور نا مناسب سلوک کی دھمکیاں ملنے لگیں۔
گزشتہ ہفتے امریکی ریاست کیلی فورنیا میں انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے رائونڈ میں سربین سٹار نوواک جوکووچ کیخلاف شکست کے بعد جب انہوں نے فیس بک اکائونٹ چیک کیا تو ایک ناراض مداح نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی جبکہ دیگر افراد کی جانب سے بھی نامناسب پیغامات کا سامنا کرنا پڑا۔انہو ں نے بتایا کہ میچوں کے بعد نا شائستہ پیغامات موصول ہوتے ہیں حالانکہ وہ جیت بھی جائیں تو صورتحال مختلف نہیں ہوتی۔

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم / پشاور) خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور اور ہائرایجوکشن کمیشن کے باہمی اشتراک سے ’’انگلش فار اکیڈیمیک پرپز‘‘ کے موضوع پر پانچ روزہ تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہوگئی ،جس میں یونیورسٹی کے ذیلی اداروں کے فیکلٹی ارکان نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب کے دوران ورکشاپ کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی ڈپٹی ڈائریکٹر آسیہ بخاری نے کہا کہ ورکشاپ میں40 سے زائد شرکاء کی شرکت ہمارے لئے اعزاز کی بات ہے، کیو ای سی اس طرح کی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رکھے گی

 

 تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر حفیظ اللہ نے متعلقہ ذمہ داروں کو ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ انگریزی کی اہمیت میں دن بدن ہونے والے اضافے کا تقاضا ہے کہ ہماری نوجوان نسل باالخصوص اعلیٰ پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں کی فیکلٹی اور طلبہ وطالبات اس جانب خصوصی توجہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے انگریزی زبان کی اکیڈیمک استعمال پر ورکشاپ منعقد کرکے ایک درست اقدام اٹھایا ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کیو ای سی ان سرگرمیوں کو اسی جذبے اور ولولے سے جاری رکھے گا۔ کیو ای سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جمیل احمد نے بھی شرکاء سے خطاب کیا جبکہ یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر محمد سلیم گنڈاپور اور ڈائریکٹر فنانس توقیر احمد بھی موجود تھے۔بعد ازاں مہمان خصوصی نے تمام شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔