Monday, 14 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ایل جی کا نیا فلیگ شپ فون 26 فروری کو متعارف کرایا جارہا ہے اور اب اس کمپنی نے اس کا ایک اور فیچر پیش کردیا ہے۔
ایل جی کے کورین بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ جی سکس میں فرنٹ کے ساتھ ساتھ 13 میگا پکسل کے دو رئیر کیمرے ہوں گے۔
اس کا فرنٹ کیمرہ سو ڈگری ویو کی تصاویر لینے میں مدد دے گا جبکہ بیک کیمرے 125 ڈگری اینگل کے شاٹس لے سکیں گے۔
ان میں سے ایک کیمرہ خاص طور پر وائیڈ ویو کے لیے ہے تاکہ بڑی تصاویر کو 1:1 ریشو کی کرکے انسٹاگرام کے لیے موزوں بناسکے۔
جی سکس ایل جی کا پہلا فون نہیں جس میں دو بیک کیمرے دیئے گئے ہیں، گزشتہ سال وی 20 میں بھی اس کمپنی نے ایک سولہ میگا پکسل اور دوسرا 8 میگا پکسل کیمرہ دیئے تھے۔
تاہم جی سکس کی انفرادیت اس کے وائیڈ اینگل کیمرے ہیں جو کہ 360 ڈگری پینو راما موڈ، کلر سچوریشن کے لیے فوڈ موڈ اور اسکوائر کیمرہ فیچر وغیرہ کے ساتھ ہوں گے۔
اس فون کی اسکرین دو حصوں میں تقسیم ہوجائے گی تاکہ ایک پر آپ کھینچی جانے والی فوٹو کو دیکھ سکیں جبکہ دوسری میں اگلی تصویر کی تیار کرسکیں۔
ایل جی کے یہ ڈوئل کیمرہ سنسر دھندلے پس منظر کو دوبارہ بنانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں جیسے آئی فون سیون پلس کے پورٹریٹ موڈ میں ہوتا ہے۔
ایل جی جی سکس 5.7 انچ ڈسپلے کے ساتھ ہوگا جو کہ کسی حد تک ایج لیس ہوگا اور فی الحال مارکیٹ میں اس کے مقابلے میں کوئی فون نہیں صرف شیاﺅمی کا می مکس قریب تر کہا جاسکتا ہے۔
می مکس کی طرح جی سکس کا ڈسپلے خم کھائے کونوں کے ساتھ ہوگا۔
جی سکس میں ہیڈ فون جیک بھی ہوگا اور یہ ممکنہ طور پر واٹر پروف ہوگا جبکہ اس کی بیٹری کو بدلا نہیں جاسکے گا۔
گزشتہ برسوں کے دوران ایل جی کے اسمارٹ فونز کی فروخت میں کمی دیکھنے میں آئی ہے مگر جنوبی کورین کمپنی کو توقع ہے کہ اس بار اس کا فلیگ شپ فون کامیابی حاصل کرسکے گا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) واٹس ایپ نے اپنی 8 ویں سالگرہ کے موقع پر صارفین کے لیے خودکار طور پر غائب ہوجانے والے اسٹیٹس کا فیچر متعارف کرادیا ہے جو اس ایپ کی حالیہ عرصے میں سب سے بڑی تبدیلی ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 8 سال مکمل ہونے پر واٹس ایپ میں اسٹیٹس فیچر کو بالکل نئے انداز سے متعارف کرایا جارہا ہے۔
اس حوالے سے واٹس ایپ کےکیمرے کو حال ہی میں ری ڈیزائن کیا گیا تھا جس کے ذریعے صارفین تصویریں، ویڈیوز اور جی آئی ایف ایموجی، ٹیکسٹ اور ڈراﺅنگ شئیر کر سکیں گے۔
اسٹیٹس فیچر کے ذریعے بھیجے جانے والے پیغامات 24 گھنٹے بعد ختم ہو جائیں گے جبکہ دیگر میسیجز کی طرح کانٹیکٹس کو کسی بھی وقت میوٹ اور ان میوٹ کیا جا سکتا ہے۔ یہ فیچر اینڈرائیڈ، آئی او ایس اور ونڈوز صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
بیان میں بتایا گیا کہ 8 سال پہلے جب واٹس ایپ کو متعارف کرایا گیا تو یہ اسٹیٹس اپ ڈیٹس شئےر کرنے والی ایپ تھی، جس میں لوگ ایک مختصر سے ٹیکسٹ کے ذریعے اپنے دوستوں کو آگاہ کرتے تھے کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔
جب یہ دیکھا گیا کہ لوگ اس فیچر کو پیغامات بھیجنے کے لیے استعمال کر رہے ہےں تو واٹس ایپ کو ری ڈیزائن کیا گیا تھا۔
آج بھی لوگ اسے جاننے والوں کو یہ بتانے کے لیے استعمال کرتے ہیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں جبکہ فوٹوز اور ویڈیوز کو بھی شیئر کیا جاتا ہے۔
اس وقت واٹس ایپ میں روزانہ 50 ارب پیغامات بھیجے جاتے ہیں جبکہ فوٹوز بھیجنے کی شرح میں دوگنا اور ویڈیوز ارسال کرنے کی شرح میں تین گنا اضافہ ہوا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک نے اپنی سائٹ کو سوشل میڈیا حب بنانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
جی ہاں سماجی رابطے کی ویب سائٹ میں اب تک کی سب سے بڑی تبدیلی ہونے والی ہے اور بہت جلد فیس بک پر صارفین اپنے دیگر سوشل میڈیا اکاﺅنٹس جیسے انسٹاگرام، اسکائپ، ٹوئٹر اور یوٹیوب وغیرہ کو بھی شامل کرسکیں گے۔
یہ سوشل میڈیا اکاﺅنٹس صارف کے اباﺅٹ می (About me) سیکشن میں نظر آئیں گے اور صارفین کو محض ایک کلک پر کسی بھی اکاﺅنٹ پر جانے میں مدد دیں گے۔ فیس بک صارفین اگرچہ پہلے سے اپنے دیگر سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کے پروفائل اباﺅٹ می کے سیکشن میں شامل کرسکتے ہیں مگر یہ نئی تبدیلی اس سائٹ کو بالکل بدل کر رکھ دے گی۔
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے گزشتہ دنوں اپنا منشور شائع کیا تھا، جس میں درج تھا کہ اب لوگوں کے لیے سوشل انفراسٹرکچر بنانے پر توجہ دی جائے گی اور یہ فیچر اس کی عکاسی کرتا ہے۔ فیس بک کی جانب سے اس فیچر کی آزمائش اس وقت اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ایپ میں صارفین کی محدود تعداد پر کیا جارہا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ یہ ٹول ڈیسک ٹاپ کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔
اب یہ کہنا تو مشکل ہے کہ تمام صارفین کے لیے یہ فیچر کب تک دستیاب ہوگا مگر اس پر صارفین کے پرائیویسی تحفظات ایک بار پھر سامنے آئیں گے۔ فیس بک کی جانب سے ڈسکور پیپل نامی فیچر بھی آزمایا جارہا ہے جس کی مدد سے صارفین ایسے لوگوں کو دوست بناسکتے ہیں جنھیں وہ جانتے نہ ہوں۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) تائیوان کی معروف کمپنی ایچ ٹی سی کو سال 2016 ءکی آخری سہ ماہی میں خسارے کا سامنا رہا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق تائیوان کی الیکٹرانکس کمپنی  ایچ ٹی سی کو گزشتہ سال 2016 ءکی آخری سہ ماہی کے دوران مسلسل ساتواں سہ ماہی خسارہ ہوا، جس کی وجہ مصنوعات کی فروخت میں کمی ہے۔

کمپنی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق اکتوبر سے دسمبر کے دوران ادارے کی آمدنی 22.2 ارب تائیوانی ڈالر (720 ملین امریکی ڈالر) رہی جو 2015 ءکی آخری سہ ماہی میں ہونے والی آمدنی کی نسبت 13.62 فیصد کم ہے۔

سہ ماہی کے دوران کمپنی کا خالص خسارہ 3.1 ارب تائیوانی ڈالر رہا جبکہ 2015 ءکے اسی عرصے میں 3.4 ارب تائیوانی ڈالر خسارہ ہوا تھا۔ سال 2016 ءکے دوران کمپنی کی کل آمدنی 78.16 ارب تائیوانی ڈالر رہی جوکہ 2015 ءکی مجموعی آمدنی سے 35.77 فیصد کم ہے جبکہ خسارہ گزشتہ سال کی نسبت 32 فیصد کم ہوکر 10.5 ارب تائیوانی ڈالر رہا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) جدید دور کی ایک اور جدت، ڈرون اب صرف بم ہی نہیں برسائیں گے بلکہ آگ بھی برسائیں گے لیکن انسانوں پر نہیں، بجلی کے تاروں پر جمی گرد اور پلاسٹک بیگ سے جان چھڑانے کے لئے۔ ڈرون کا ایک اور استعمال چین کی ایک کمپنی ہائی وولٹیج تاروں کو صاف کرنے اور بجلی کی بلا تعطل سپلائی جاری رکھنے کے لئے آگ برسانے والے ڈرونز میدان میں لے آئی۔ 

چین کے صوبے ہوبئی کے محکمہ بجلی نے پہلی بار آگ برسانے والے ڈرونز کے ذریعے بجلی کے تاروں کی صفائی کی۔ اس طریقے سے بجلی کی سپلائی نہیں بند کرنا پڑتی اور نہ ہی مزدور کی جان خطرے میں ڈالنا پڑتی ہے۔
 

 

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) ماہرین نے شیر خوار بچوں کی نگرانی و دیکھ بھال کے لیے ایسا آلہ ایجاد کرلیا ہے جو ان کی نقل وحرکت کو ریکارڈ کرے گا اور اسے ایک ایپ کے ذریعے والدین کے موبائل فون پر بھیج دے گا۔
رے بے بی نامی یہ ٹریکر بچوں کی مصنوعات بنانے والی مشہور کمپنی کی معاونت سے تیار کیا گیا ہے۔
ray 2 
یہ ایک کانٹیکٹ لیس ڈیوائس ہے جو جسم یا کسی اور شے سے متصل ہوئے بغیر بچوں کی نیند اور اس دوران ان کی سانس کی آمد و رفت کی نگرانی کرے گا، اس کے ساتھ ساتھ وہ تجاویز بھی دے گا کہ بچے کی نیند کو کیسے پرسکون بنایا جاسکتا ہے۔ یہ سارا ڈیٹا ایک ایپ کے ذریعہ والدین کے موبائل فون پر موصول ہوجائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس آلے کا مرکزی مقصد بچے کی سانس کی آمد و رفت پر نگرانی رکھنا ہے۔ شیر خوار بچوں میں اکثر بیماریوں کا پتہ سانس کے ذریعہ ہی لگایا جاسکتا ہے۔
ray 3 
یہ آلہ بچے سے کچھ فاصلے پر کسی میز پر رکھا جاسکتا ہے اور یہ کسی قسم کی شعاعیں خارج نہیں کرتا جو بچے کو نقصان پہنچانے کا سبب بنیں۔ اس آلے کے نتائج کے درستگی کی شرح 98 فیصد ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) وزیراعلیٰ سندھ نے بلوچستان سے ملحقہ علاقوں میں دہشت گردوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بلوچستان کےسرحدی علاقوں کشمور،کندھ کوٹ، جیکب آباد اور شکارپور میں ٹارگٹڈ آپریشن کرنے کا حکم دے دیا، انہوں نے قانون نافذ کرنے والےاداروں کو احکامات جاری کیے ہیں کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں تک ہر صورت پہنچا جائے۔
وزیراعلیٰ کے احکامات کے بعد سندھ میں کومبنگ آپریشن کے ساتھ بلوچستان سے متصل علاقوں کو ٹارگٹ کرلیا گیا۔ کشمور، کندھ کوٹ، جیکب آباد اور شکار پور میں ٹارگٹڈ آپریشن کے ذریعے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کیخلاف کاررراوئیاں جاری ہیں۔ دادو کی تحصیل جوہی سے حساس اداروں نےسانحہ سہون میں سہولت کاری کے الزام میں منیر جمالی اور عزیرجمالی کوحراست میں لے لیا۔ پولیس اورحساس اداروں نےسہون شریف کے اطراف میں سرچ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران ستر مشتبہ افراد پکڑے گئے۔
لاڑکانہ کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرزنے کومبنگ آپریشن کے دوران بیس سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا، گھوٹکی میں پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے چارمشتبہ افراد کوحراست میں لیا۔ تھرپارکر سے پانچ مشتبہ کو گرفتار کیا گیا۔ بغیرانٹری رہائش دینے پرچھ ہوٹل مالکان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) شاید آپ کو اس اچھی خبر پر یقین نہ آئے مگر یہ واقعی حقیقت ہے کہ اب ڈاکووں کی موبائل فون چھیننے میں دلچسپی تیزی سے کم ہورہی ہے اور وہ وقت قریب ہے کہ جب کوئی بھی آپ سے موبائل فون نہیں چھینے گا۔ اس انقلاب کی وجہ ”کل سوئچ“ ہے جو جدید اسمارٹ فونز میں موجود ایک ایسا سافٹ ویئر ہے جسے فون چوری ہونے یا چھینے جانے کی صورت میں ریموٹ طریقے سے ایکٹیویٹ کیا جاسکتا ہے اور یہ فون کو مکمل طور پر ناکارہ بنا دیتا ہے۔ 

اس کے ایکٹیو ہونے کے بعد فون کی کسی بھی صورت میں دوبارہ پروگرامنگ نہیں کی جا سکتی۔ اس سافٹ ویئر کا استعمال پہلی دفعہ 2013ءمیں آئی فون میں کیا گیا اور اپریل 2014ئ میں سام سنگ نے بھی اسے اپنے گلیکسی سمارٹ فون کا حصہ بنا دیا۔ ایک حالیہ سروے کے مطابق اس سافٹ ویئر کے استعمال کے بعد سان فرانسسکو میں موبائل چھیننے کی وارداتوں میں 27 فیصد جبکہ خصوصاً آئی فون چھیننے کے واقعات میں 40 فیصد کمی ہوئی ہے۔

نیویارک میں ایک سال کے دوران موبائل فون چھیننے کی وارداتوں میں 25 فیصد جبکہ لندن میں 40 فیصد کمی ہوئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس غیر معمولی کامیابی کی بنا پر ساری دنیا میں ہر قسم کے موبائل فونز میں اس سافٹ ویئر کے استعمال کو لازمی قرار دینے کی سفارش کردی ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے اپنی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اب چاند کی جانب توجہ مبذول کرلی ہے۔
انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (آئی ایس آر او) کے مستقبل کے ارادوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سیوا تھانو پلائی کا کہنا تھا کہ ہندوستان 2030 تک چاند کے وسائل کو بروئے کار لاکر ملکی توانائی کی ضروریات کو پورا کرے گا۔ خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے نے 104 سیٹلائٹس خلاء میں بھیج کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
آئی ایس آر او کے پروفیسر اور براہموس ایرواسپیس کے سابق سربراہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی توانائی کی تمام ضروریات چاند کی سطح سے کھود کر حاصل کیے گئے ہیلیئم کی مدد سے پوری کی جاسکتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 3 روزہ کلپنا چاولا اسپیس پالیسی ڈائیلاگ کے سیمینار میں اختتامی خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سیوا تھانی کا کہنا تھا کہ اس ٹارگٹ کو 2030 تک حاصل کرلیا جائے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چاند کی مٹی جس میں ہیلیئم 3 نامی دھات کی بھاری مقدار پائی جاتی ہے، کی کھدائی ان کے ادارے کا ترجیحی پروگرام ہے اور دیگر ممالک بھی اس منصوبے پر کام میں مصروف ہیں۔
ڈاکٹر سیوا تھانی کے مطابق چاند پر موجود ہیلیئم دنیا بھر کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کافی ہوگی۔ آئی ایس آر او کے پروفیسر نے سیمینار کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ ہیلیئم کی کھدائی سے لے کر اس کی زمین تک منتقلی کا منصوبہ زیرِغور ہے۔
بھارتی فوج کے ڈائریکٹر جنرل پلاننگ لیفٹیننٹ جنرل پی ایم بالی کا خیال تھا کہ بھارت اپنی قومی سلامتی کے لیے خلائی ٹیکنالوجی میں بہتری کی ضرورت کا اندازہ کرچکا ہے لہذا اس حوالے سے اہم پالیسیاں اور ادارتی فریم ورک تشکیل دیئے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت بھی بھارت کے پاس روابط اور ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹس کا وسیع جال موجود ہے، 2013 میں لانچ کیا گیا بھارت کا ملٹری سیٹلائٹ (GSAT-7) اس بات کا شاہد تھا کہ بھارت قومی سلامتی کے لیے خلاء میں تسخیر اور تلاش کا کام شروع کرنا چاہتا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل بالی کا مزید کہنا تھا کہ خطے اور پوری دنیا کے بدلتے ہوئے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ابھرتے ہوئے ملک کی حیثیت سے ہندوستان کے لیے ضروری ہے کہ وہ زمین کے ساتھ ساتھ خلاء میں بھی فوجی اثاثے تیار کرے ہمسایہ ممالک کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'اطراف میں بدلتی صورتحال کے باعث ضروری وسائل سے لیس ایک خصوصی خلائی پروگرام کی ضرورت ناگزیر تھی'۔

 

ایمز ٹی وی(کراچی) صوبہ سندھ کے نو منتخب گورنر محمد زبیر نے واضح کیا ہے کہ کراچی میں حالات اب کافی بہتر ہوچکے ہیں اور شہر کو 10 منٹ میں بند کروانا اب ممکن نہیں ہے۔
انٹرویو میں محمد زبیر نے کراچی میں بدامنی کا ذمہ دار ماضی کی حکومتوں کو قرار دیا اور کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں شہر کی 'چابیاں' متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے حوالے کردی گئیں۔ انھوں نے کہا کہ 'آج کراچی کو کوئی 10 منٹ تو کیا، 10 ماہ میں بھی بند نہیں کروا سکتا'۔
تاہم محمد زبیر نے کہا کہ صورتحال اب بھی بہت نازک ہے اور اگر کراچی آپریشن سے ذرا بھی توجہ ہٹائی گئی تو حالات پھر سے خراب ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اب فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ کسی سیاسی جماعت کو شہر کے حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
گورنر سندھ نے بتایا کہ ماضی میں بہت سی حکومتوں نے اپنے مفادات کو سامنے رکھ کر شہر میں سیاسی جماعتوں کو کھلی چھوٹ دی، جن میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف سرِ فہرست ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے دور میں بھی متحدہ کو مکمل آزادی تھی۔
حالیہ دنوں میں کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد زبیر کا کہنا تھا کہ رینجرز آپریشن کا اسٹریٹ کرائم سے کوئی تعلق نہیں، یہ کام پولیس کا ہے جس نے شہر میں ان واقعات کی روک تھام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، لیکن اس مقصد کے لیے اسے کچھ وسائل کی کمی کا بھی سامنا ہے۔
اس سوال پر کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کراچی پولیس کسی قسم کی سیاسی مصلحتوں کا بھی شکار ہے؟ انھوں نے کہا کہ حال ہی میں ان کی آئی جی سندھ سے ملاقات ہوئی ہے جس میں واضح پیغام دیا گیا کہ کہ اگر کسی بھی جگہ پر ایسا کچھ ہے تو اس کا خاتمہ کیا جائے اور یہی اصول رینجرز کے لیے بھی ہے کہ کسی سیاسی جماعت کے لیے نرمی کا مظاہرہ نہ کیا جائے، چاہے وہ مسلم لیگ (ن) ہی کیوں نہ ہو۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اس وقت صوبائی حکومت میں نئی ٹیم ہے، جبکہ سب سے مشکل کام نائن زیرو پر کارروائی کرنا تھا اور یہ کام پہلے ہی مکمل کیا جاچکا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ نہ صرف جرائم پیشہ افراد، بلکہ افغانستان میں موجود دہشت گردوں کو شہر میں اپنا نیٹ ورک قائم کرنے سے روکا جائے تاکہ امن کے قیام کا جو ہمارا مقصد تھا وہ پورا ہوسکے۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے یہ بھی واضح کیا کہ اس وقت کراچی کی تمام سیاسی جماعتیں ایک بات پر متفق ہیں کہ اب شہر میں متحدہ لندن کو سیاست کرنے کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ انھوں نے کہ 'اب متحدہ لندن کو لندن میں ہی سیاست کرنی چاہیئے، کراچی میں اس کی کوئی اجازت نہیں دے گا'۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تاریخ پر نظر ڈالی جائے گی تو وہ لوگ شرمندہ ہوں گے جنہوں نے 'الطاف برانڈ آف پولیٹکس ' کو شہر میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دی۔ گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ اگر کسی طرح ایم کیو ایم پاکستان اور لندن ایک ہونے کی کوشش کریں گے تو پھر متحدہ پاکستان کا وجود بھی ختم ہوجائے گا۔