Monday, 14 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(کابل)افغان آرمی چیف جنرل قدم شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی فہرست پاکستان کے علاوہ دوسرے ذرائع سے بھی ملی ہے تاہم دہشت گردوں کی فہرست پر کام کرنے کیلیے تیار ہیں۔
 
جنرل قدم شاہ نے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گردوں کی سرگرمیاں روکنے کیلیے کوشاں ہیں تاہم دہشت گردوں کی فہرست پر کام کرنے کیلیے تیار ہیں۔
 
ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر مزید معلومات کا تبادلہ بھی کریں گے۔
افغان آرمی چیف نے مزید کہا کہ افغانستان نے پاکستان کو بھی دہشت گردوں کی فہرست اور شواہد مہیا کیے ہیں جبکہ پاکستان سے بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی امید کرتے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ لاہور)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے امور کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پروگرام نوجوانوں کی تعلیم اورانہیں بااختیار بنانے کے حوالے سے اتنہائی اہمیت کا حامل ہے ۔
پنجاب حکومت کی لیپ ٹاپ اسکیم سے لاکھوں طلباء و طالبات مستفید ہورہے ہیں اور حکومت نے لیپ ٹاپ دے کرہونہار طلباء و طالبات کو ان کا حق دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی ضرورت ہے ۔رواں مالی سال ہونہار طلبا ء و طالبات کو میرٹ پر مزید لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔
پنجاب حکومت کے اس اقدام سے طلبا ء و طالبات کو بااختیار بنانے میں مدد مل رہی ہے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرکے بااختیار بناناپنجاب حکومت کا مشن ہے۔ اربوں روپے کی لاگت سے میرٹ کی بنیاد پر ہونہار طلبا و طالبات میں لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جاچکے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ قوم کے بچے اوربچیوں کو جدید علوم سے آگاہی دینے کیلئے وسائل کی فراہمی سود مند سرمایہ کاری ہے ۔
ہونہار طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم جدید علوم کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے ۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں آئی ٹی کے فروغ کے حوالے سے موثر اقدامات کیے ہیں ۔ وزیراعلیٰ کا دوران اجلاس بریفنگ میں بتایاگیا کہ لیپ ٹاپ کی پہلی کھیپ رواں ماہ کے آخر تک لاہور پہنچ جائے گی۔صوبائی وزیرسید رضا علی گیلانی،مشیر ڈاکٹر عمر سیف ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اورمتعلقہ حکا م نے اجلاس میں شرکت کی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)لاہور کے مقامی ہسپتال میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی آنکھ کا کامیاب آپریشن ہوا ہے ، ڈاکٹروں نے وزیرداخلہ کو چند روز آرام کا مشورہ دیاہے
آنکھ کی سرجری معروف سرجن ڈاکٹر خالد وحید نے کی، ڈاکٹروں کی ہدایت کے پیش نظر وزیرداخلہ آئندہ چند روز لاہور میں ہی قیام کریں گے ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کو ٹیلی فون کر کے ان کی عیادت کی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف 67رنز پر ڈھیر ہو گئی ،صرف 2کھلاڑی ہی ڈبل فگر میں داخل ہو سکیں تاہم اس آسان ہدف کے تعاقب میں بھارت کی بیٹنگ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں جاری ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرسپر سیکس میں قومی ٹیم ناقص کارکردگی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے صرف 67اسکور پر آﺅٹ ہو گئی ۔ پاکستان کی جانب سے عائشہ ظفر19 اوربسمہ معروف 13 رنز بنا کرنمایاں رہیں تاہم ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی بھی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا ۔بھارت کی ایکتا نے 10 اوورزمیں 8 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے بھارت 8 اورجنوبی افریقا 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی میگا ایونٹ کے فائنل میں جگہ بناچکے ہیں۔ بھارت سے شکست کے باوجود بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر پاکستان کا میگا ایونٹ کیلئے کوالیفائی کرنا یقینی ہے۔ بنگلہ دیش سے کم مارجن سے ہار کر سری لنکا بھی ورلڈکپ میں پہنچ سکتا ہے۔ بنگلہ دیش کوآ گے بڑھنے کیلئے سری لنکا کو بڑے مارجن سے شکست دینا ہوگی۔

 

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)ڈین جونز اور مکی آرتھر نے لاہور جانے پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کا فائنل قذافی اسٹیڈیم میں کرانا چاہتا ہے، دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ کے ہیڈ کوچ ڈین جونز نے کہاکہ پی سی بی جہاں بھی فائنل کرائے وہاں جاکر کھیلیں گے، وینیو کا فیصلہ اسی کو کرنا ہوگا،ہمارا کام کھیلنا ہے۔
ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ چونکہ کراچی کنگز ابھی تک فائنل کی دوڑ میں شامل نہیں تھی لہٰذا لاہور میں میچ کے بارے میں ان کی کسی سے بات نہیں ہوئی، البتہ بطور پاکستانی ٹیم ہیڈ کوچ انھیں ہرصورت لاہور جانا ہے، وہاں وہ اپنے کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر ویسٹ انڈیز کے دورے کی تیاری شروع کریں گے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے بارہویں میچ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔ شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے جس کے جواب میں اسلام یونائٹیڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہدف میچ کی آخری گیند پر حاصل کیا۔
مصباح الیون کی جانب سے ڈیوان اسمتھ اور رفعت اللہ مہمند نے اننگز کا آغاز کیا لیکن رفعت 11 رنز پر آؤٹ ہوئے تو ہیڈن بھی 2 رنز ہی بناسکے اور سیم بلنگز بھی 11 رنز پر واپس پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مصباح الحق 5 اور شین واٹسن 30 رنز بنا کر آخری اوور کی پانچویں گیند پر 2 رنز لیتے ہوئے رن آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی، جنید خان، شکیب الحسن اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے ڈیرن سیمی الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کے اوپنر کامران اکمل اور تمیم اقبال نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر تمیم 4 رنز بنانے کے بعد 17 کے مجموعی اسکور پررومان رئیس کا شکار بن گئے۔ دوسرے آنے والے بلے باز محمد حفیظ تھے جو 10 رنز ہی بنا سکے اور یوں پشاور زلمی کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ کامران اکمل 19، این مورگن 28، صہیب مقصود صفر، شکیب الحسن 5 اور کپتان ڈیرن سیمی 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
شاہد آفریدی 17 اور وہاب ریاض 23 رنز بنا سکے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے محمد سمیع نے 3، رومان رئیس اور شاداب خان نے 2،2 جب کہ محمد عرفان اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 

 

ایمزٹی وی (پنجاب)پنجاب حكومت نے چیرنگ كراس خودكش بم دھماكے میں شہید ہونے والے افسران اور ملازمین کے اہل خانہ كے لیے شہداء پیكج كا اعلان کردیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے شہدا پیکج کے اعلان کے مطابق ڈی آئی جی كیپٹن مبین شہید اور ایس ایس پی آپریشن زاہد گوندل كے اہل خانہ كو 5 كروڑ روپے فی كس، ایك كینال كا تعمیر شدہ گھر، تاحیات تنخواہ اور پنشن ، بیوی یا بچے كو گریڈ 17میں ملازمت اور بچے اور بچیوں كی اندرون و بیرون ملك مفت تعلیم دینے كے ساتھ ساتھ لڑكیوں كیلئے فل میراج گرنٹ بھی دی جائے گی، علاوہ ازیں 60 سال كی عمرتك عہدہ اور پرموشن بھی جاری رہے گیا۔
پنجاب حکومت کے اعلان کے مطابق دھماکے میں شہید ہونے والے سپاہیوں كے اہل خانہ کے لیے 10 مرلے كے تعمیر شدہ گھر، ایک كروڑ روپے فی كس اور تاحیات ان کے اہل خانہ کو تنخواہ اور پنشن، بچے اور بچیوں كی اندرون و بیرون ملك مفت تعلیم دینے كے ساتھ ساتھ لڑكیوں کے لیے فل میراج گرنٹ بھی دی جائے گی جب کہ 60 سال كی عمرتك عہدہ اور پرموشن كا سلسلہ بھی جاری رہے گیا۔

 

 

ایمزٹی وی(راولپنڈی)پاک فوج نے دوسرے روز بھی افغان سرحدی علاقے میں چھپے کالعدم جماعت الاحرار اور ٹی ٹی پی کے کیمپوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کالعدم ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈر بابا رحمان اور جماعت الاحرار کا اہم کمانڈر ولی مارا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاک فوج نے دوسرے روز بھی افغان سرحدی علاقے میں محفوظ پناہ گاہوں میں چھپے بیٹھے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کالعدم ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر بابا رحمان اور 15 سے 20 دہشت گرد مارے گئے۔ ذرائع کے مطابق کمانڈر رحمان بابا نوجوانوں کو دہشت گردی کی تربیت سمیت خودکش بمباروں کی تربیت کے حوالے سے مشہور تھا جب کہ پاک فوج کی کارروائی میں کالعدم جماعت الاحرار کا اہم کمانڈر ولی بھی مارا گیا۔
افغان ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ 2 روز کے دوران پاک فوج کی جانب سے جماعت الاحرار کے ٹریننگ کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے دوران جماعت الاحرار کے کمانڈر ولی کے کیمپ سمیت 10 سے 12 ٹریننگ کیمپس اور خفیہ ٹھکانے تباہ ہوگئے جب کہ تباہ کئے گئے ٹھکانوں میں اسلحہ اور گولہ بارود موجود تھا۔ افغان ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے کیمپوں کو توپ خانے سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تحریک طالبان پاکستان کا کمانڈر رحمان بابا بھی مارا گیا جو دہشت گردوں اور خودکش بمباروں کو تربیت دیتا تھا۔
ادھر ملک بھر میں یکے بعد دیگرے خودکش حملوں کے پیش نظر لنڈی کوتل لوئے شلمان کے علاقہ شین پوخ کو خالی کرنے کا نوٹس جاری کردیا گیا۔ اس سے قبل ہفتے کے روز لوئے شلمان ہی کے علاقہ سمسئی کے مکینوں کو بھی عارضی طور پر علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ دوسری جانب پاک افغان بارڈر بند ہونے سے پشاور اور لنڈی کوتل میں اکثر لوگ پھنس کر رہ گئے، زیادہ تر لوگ اسپتالوں سے ڈسچارج مریض بھی افغانستان جانے کے انتظار میں ہیں تاہم انسانی ہمدردی کے تحت سیکیورٹی فورسز نے پاکستان میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور میتوں کوافغانستان جانے کی اجازت دیدی، طورخم بارڈر بند ہونے سے تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہورہی ہیں۔ کسٹم ذرائع کے مطابق کسٹم کی مد میں 7 ملین کا نقصان ہورہا ہے جبکہ لوکل ٹرانسپورٹ سمیت افغانستان کو سپلائی کرنے والے ٹرالرز اور دوسری بڑی گاڑیاں بھی کھڑی ہیں اور طورخم میں ہوٹل، مارکیٹوں سمیت کسٹم کلئیرنس ایجنٹس کے دفاتر بھی بند پڑے ہیں۔
واضح رہے کہ پاک فوج کی جانب سے سیہون خودکش حملے کے بعد ملک بھر میں کومبنگ آپریشن جاری ہے جب کہ جمعہ کے روز پاک آرمی نے افغانستان میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم جماعت الاحرار کے ڈپٹی کمانڈر عادل باچا کے کیمپ سمیت دہشت گردوں کے 4 کیمپ اور ایک تربیت گاہ بھی تباہ کردی گئی تھی

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید نوید قمر نے کہا ہے کہ فوجی عدالتوں کو حکومت نے خود فٹبال بنا رکھا ہے،حکومت غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے،ہ پنجاب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی کئی مرتبہ نشاندہی بھی ہوئی ہےلیکن کارروائی نہیں ہوئی ، دہشت گردی کے خلاف جو کچھ ہوا اس سے مطمئن نہیں ہیں ۔
گفتگو کرتے ہوئے نوید قمر نے کہا کہ کیا حکومت خود مطمئن ہے کہ کیا اب پنجاب میں آپریشن کی ضرورت نہیں ہے ؟ہم صوبوں کے اطیمنان سے پہلے بہت کچھ دیکھنا چاہتے ہیں ،ہماری پہلی ترجیح دہشت گردی کو ختم کرنا ہونا چاہئے ،اس بارے میں اب تک جو کچھ ہوا ہے ہم اس سے بالکل بھی مطمئن نہیں ہیں ، ہم2سال سے کہہ رہے ہیں کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں ہورہا مگر حکومت کوئی توجہ نہیں دے رہی،فوجی عدالتوں کے قیام میں توسیع میں کوئی رکاوٹ نہیں،حکومت نے خود فوجی عدالتوں کو فٹبال بنا رکھا ہے،وفاقی حکومت غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے.
سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے دکھایا ہے کہ وہ چاروں صوبوں میں حملے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، دہشت گردوں کی جڑ کہاں سے آتی ہے ؟ضرور ہو سکتا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے افغانستان میں ہوں لیکن کیا ہمیں پتا نہیں ہے کہ پنجاب میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی کئی مرتبہ نشاندہی بھی ہوئی ہے ،کیا دہشت گردوں کو ختم کرنے کی کبھی کوئی سنجیدہ کوشش بھی ہوئی ہے کہ نہیں ؟جو کام کرنے تھے وہ اب تک نہیں کیئے گئے ،دہشت گردی کے خلاف سب صوبوں کی ذمہ داری ہے لیکن کنٹرولنگ اتھارٹی کون ہے ؟ نیشنل ایکشن پلان کا سربراہ کون ہے ؟اور وہاں سنجیدگی کیوں نظر نہیں آتی ؟۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں دہشگردی ہو رہی ہے اور وزیرداخلہ غائب ہیں،لگتا ہے پوری کابینہ کہیں چھپ کر بیٹھ گئی ہے،وزیرداخلہ اور وزیر دفاع کا رویہ افسوسناک ہے،معاملہ ایوان میں اٹھائیں گے۔
میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم کو معلوم ہے وزیرداخلہ کہاں ہیں؟ ملک میں دہشتگردی ہورہی ہے اور وزیرداخلہ چھپ کر بیٹھے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء کو ملک سے باہر رہنا زیادہ پسند ہے،وزیرداخلہ اور وزیر دفاع کے رویے کے معاملے کو ایوان میں اٹھائیں گے ۔