Monday, 14 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی کامیابیوں کے پیچھے مصنفہ پرامہانسا یوگاناندا کی آپ بیتی کا ہاتھ ہے۔ دنیائے کرکٹ کے عظیم بلے باز ویرات کوہلی مطالعہ کے شوقین ہیں اور ان کی زندگی کو تبدیل کرنے میں ایک کتاب نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے ویرات کوہلی کا کہنا ہے کہ ان کے کامیاب کرکٹر بننے میں مصنفہ پرامہانسا یوگاناندا کی آپ بیتی نے اہم کردار ادا کیا۔ اس کتاب میں بیان کی گئی اصلاحات اور بتائے کیے گئے نظریات کافی پر اثر ہیں جو قاری کو بہت متاثر کرتے ہیں
یہ کتاب ان لوگوں کے لیے مشعل راہ ہے جو اپنی زندگیوں میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ یہ کتاب زندگی کے بارے میں آپ کے خیالات کو یکسر بدل کے رکھ دیتی ہے ۔مصنفہ پرامہانسا یوگاناندا کی آپ بیتی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ویرات کوہلی کے کوچ راج کمار شرما کہنا تھا کہ ایسی بہت سی باتیں ہیں جن پر عمل کر کے ویرات کوہلی ایک کھلاڑی سے عظیم کھلاڑی میں تبدیل ہوا
شرما کا کہنا تھا کہ کوہلی اپنی خوراک کے بارے میں بہت سنجیدہ رہتے ہیں، فاسٹ فوڈ اور وزن بڑھانے والی غذاﺅں سے مکمل پرہیز کرتے ہیں۔
 
آپ کوہلی کو تازہ پھلوں کے علاوہ کھانے کیلیے اور کچھ بھی پیش نہیں کر سکتے۔واضح رہے کہ ویرات کوہلی چار سیریز میں مسلسل ڈبل سنچری سکور کرنے والے دنیا کے واحد بلے باز ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ماہرین نے ایک ایسا اچھوتا پلاسٹک تیار کیا ہے جو اپنے سے چھونے والی کسی بھی چیز کا درجہ حرارت اطراف کے مقابلے میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ کم کرسکتا ہے۔
ریسرچ جرنل ’’سائنس‘‘ میں شائع ہونے والے ایک تحقیقی مقالے میں یونیورسٹی آف بولڈر، کولوراڈو کے سائنسدانوں کا کہنا ہےکہ یہ مادہ نہ صرف کم خرچ ہے بلکہ اسے پلاسٹک جیسی لچک دار چادروں کی شکل میں بڑے پیمانے پر تیار بھی کیا جاسکتا ہے جن کی پیداواری لاگت 25 سینٹ سے 50 سینٹ فی مربع میٹر تک ہوتی ہے۔
اسے بنانے کے لیے بازار میں عام دستیاب پلاسٹک اور گلاس پاؤڈر (شیشے کا سفوف) استعمال کیے گئے ہیں جب کہ یہ خود پر پڑنے والی تقریباً تمام انفراریڈ شعاعوں کو منعکس کرتے ہوئے ٹھنڈک پیدا کرتا ہے۔
واضح رہے کہ کسی چیز میں جذب ہونے والی انفراریڈ شعاعیں ہی اسے گرم کرنے کا سبب بنتی ہیں اور اگر کسی طرح انہیں داخل ہونے ہی نہ دیا جائے تو درجہ حرارت میں اضافہ بھی نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ اگر کسی جسم سے انفراریڈ شعاعیں خارج کردی جائیں تب بھی اس کا درجہ حرارت کم ہوجائے گا۔ یہ نیا پلاسٹک جیسا مادّہ ان دونوں خصوصیات میں بہترین ہے۔
اسی طرح کا ایک اور مادّہ 2014 میں اسٹینفرڈ یونیورسٹی کے ماہرین تیار کرچکے تھے مگر وہ لچک دار نہیں تھا جب کہ اس سے گرمی میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ جتنی ہی کمی کی جاسکی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کا تیار کردہ یہ مادّہ لچک دار، پائیدار اور کم خرچ ہونے کی وجہ سے گرمی میں ٹھنڈک پہنچانے والے کپڑوں سے لے کر مائیکروچپس تک کو ٹھنڈا رکھنے والے نظاموں کا حصہ بن سکے گا۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (پشاور) گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ طالبان کی کوئی جائز بات ہے تو اسے سننے میں کوئی قباحت نہیں ہے مگر یہ کبھی نہیں ہوگا کہ طالبان کے سامنے جھک جائیں یا ہتھیار ڈال دیں ۔
تفصیلات کے مطابق چارسدہ کی تحصیل تنگی کی کچہری کے باہر خودکش دھماکے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر ظفر اقبال جھگڑا نے کہا کہ کوئی ایسی قوت نہیں جس سے آپ بات نہیں کرسکتے، صرف طالبان کی بات نہ کریں کہ بات نہیں ہوسکتی، ہرایک سے بات ہوسکتی ہے، ہم معاملات کو احسن طریقے سے حل کرنا چاہتے ہیں۔
گورنر کے پی کے کا کہنا تھا کہ ہم ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہیں ،حالیہ واقعات پر بہت جلد قابو پالیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بڑی پیچیدگیاں ہیں اور ایسی قوتیں ہیں جن کی وجہ سے یہ سب ہورہا ہے۔یاد رہے کہ تنگی کچہری دھماکے میں6افراد شہید جبکہ 20 زخمی ہوگئے تھے۔

 

ایمز ٹی وی(خیبرپختونخوا) خیبرپختونخوا کی پولیس کے انسپکٹر جنرل( آئی جی) ناصر درانی نے تمام ٹرانسپورٹرز کو مسافروں کا سامان چیک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خدشے کا اظہار کیا کہ دہشت گرد تخریبی منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کو استعمال کر سکتے ہیں۔

تاہم جاری کیے گئے بیان میں آئی جی کے اس خدشے کی مزید وضاحت نہیں کی گئی۔
بیان کے مطابق ناصر درانی نے حاجی کیمپ جنرل بس اڈے کے دورے کے دوران سیکیورٹی حالات کا جائزہ لیا جبکہ وہاں موجود افراد سے تبادلہ خیال کیا۔
پولیس حکام کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے عام راستوں پر فورسز کے جوان تعینات کیے جائیں۔
آئی جی نے ہدایت کی کہ ٹرانسپورٹرز کے لیے آپریٹنگ سسٹم پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے،اورغیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔
اس سے پہلے آئی جی خیبرپختونخوا نے خیبر ایجنسی کی سرحد سے منسلک پشاور میں پولیس چوکیوں کا اچانک دورہ کیا، اس موقع پر پشاور پولیس کے سربراہ اور ایس ایس پی آپریشن بھی ان کے ہمراہ تھے۔
آئی جی نے قبائلی علاقوں کے ساتھ منسلک باڑہ قدیم اور شنواری قلعہ پولیس چیک پوسٹ سمیت کئی حساس علاقوں کا دورہ کیا، ماضی میں ان علاقوں سے دہشت گردوں نے کئی حملے کیے۔
آئی جی ناصر درانی نے پولیس چوکیوں پر تعینات اہلکاروں سے بات کی جبکہ ان سے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے کی تیاری متعلق بھی پوچھا۔
انہوں نے وہاں تعینات اہلکاروں کی فرض شناسی اور بہادری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں صوبے اورر ملک کا فخر قرار دیا۔
ناصر درانی نے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعامات بھی تقسیم کیے، جب کہ انہوں نے مقامی افراد سے بات کے دوران دہشت گردی کو عوامی مسئلہ قرار دیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اپنی کارروائیوں سے عوام اور پولیس کےحوصلے پست نہیں کرسکتے۔
انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس، فوج اور عوام مل کر دہشت گردوں کے منصوبوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔
اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا نے عوام کواپنے ارد گرد سخت نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مشکوک سرگرمیوں کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا جائے۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون و سیکیورٹی نافذ کرنے والے اداروں کی حمایت پر عوام کو سراہا ،اور امید ظاہر کی کہ پولیس عوام کی حمایت کے ساتھ انتہاپسندی کا خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوگی۔

 

ایمز ٹی وی(تعلیم/پشاور) خیبرپختونخواہ حکومت نے صوبے کے سرکاری کالجوں میں مفت وائی فائی انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان ترکئی کے زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تمام سرکاری کالجوں میں مفت وائی فائی انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ طالب علموں کی تعلیمی ضروریات پوری ہو سکیں۔
واضح رہے کہ پشاور یونیورسٹی میں مفت وائی فائی انٹرنیٹ فراہم کرنے کا منصوبہ پہلے سے ہی زیر تکمیل ہے جو جلد ہی مکمل ہو جائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نوازشریف کل برادر اسلامی ملک ترکی کے دوروزہ دورے پر روانہ ہوں گے۔
 
میڈیا رپورٹس کے مطابق 22فروری کو وزیراعظم پاکستان ترکی کیلئے روانہ ہوں گے جہاں اپنے دورے کے دوران ترک صدر رجب طیب اردگان سمیت اعلیٰ ترک حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
ان ملاقاتوں کے دوران خطے کی صورتحال، باہمی تعلقات اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایکسپوٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد کے مطابق رواں سیزن کینو کی برآمد میں چین پاکستان کے لئے نئی مارکیٹ بن گیا ہے جہاں 200 ٹن کینو برآمد کیا جاچکا ہے۔
دوسری جانب رواں سیزن ملک میں کینو کی مجموعی پیداوار 20 لاکھ ٹن رہی جبکہ3 لاکھ 50 ہزار ٹن کینو برآمد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیاہے جس کی مالیت 20 کروڑ ڈالر ہے ۔
اب تک 10 کروڑ ڈالر مالیت کا 1 لاکھ 80 ہزار ٹن کینو برآمد کیا جا چکا ہے اور اگلے دو ماہ میں ہدف پورا کرنا ہے۔
وحید احمد کا کہنا تھاکہ گزشتہ سال کے مقابلے کینو کی برآمد میں 10 فیصد تک کمی دیکھنے میں آرہی ہے جس کی وجہ پیداواری علاقوں میں ہونے والی دو بار کی ژالہ باری ہے جس نے40 فیصد فصل کو متاثر کیا ہے،فصل متاثر ہونے کی وجہ سے کینو برآمدی معیار کے مطابق نہیں تھا۔
 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) پاکستان کی حصص مارکیٹ کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مارکیٹ بن گئی ہے۔ امریکی جریدے نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی کار کردگی کو سراہا ہے۔

ایک رپورٹ میں امریکی جریدے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ کی کار کردگی میں کئی سازگار معاشی عوامل شامل ہیں،ان معاشی اصولوں میں وسیع ہوتا میکرو اکنامک ماحول ، بڑھتی ہوئی اقتصادی ترقی ،گرتا افراط زر اور شرح سود شامل ہیں۔
2016میں پاکستان کی معاشی نمو چھ فی صد رہی ، 2015میں یہ شرح چاراعشاریہ آٹھ فی صد تھی ۔ افراط زر چار اعشاریہ تک ہے جو چارسال پہلےدس فی صد تھا۔
پاکستانی معیشت کی صلاحیت کے متعلق ان بنیادی اصولوں نے سرمایہ کاروں کواعتماد دیا جس سے ایکوئٹی مارکیٹ بلندیوں کو چھوسکتی ہے ۔
فوربز نے پاکستانی معیشت کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ کرنٹ اکاؤ نٹ خسارے میں اضافہ ،مسلسل حکومتی خسارہ اوربڑھتا ہوا بیرونی قرضہ پاکستان کی مارکیٹ کو متاثرکر سکتا ہے۔
 

 

 

ایمز ٹی وی(خیبرپختونخواہ) خیبر پختونخواہ کے ضلع چارسدہ میں واقع سیشن کورٹ پر دہشت گردوں کے حملے اور خود کش دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم جماعت الحرار نے قبول کر لی ۔
نجی نیوز چینل کے مطابق چارسدہ میں سیشن کورٹ پر دہشت گر دی کے حملے اور خود کش دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم جماعت الحرار نے قبول کرلی ہے ۔

چارسدہ دھماکوں سے گونج اٹھا

واضح رہے کہ لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر خودکش حملے کرنیوالی کالعدم دہشت گرد تنظیم جماعت الاحرار نے ’آپریشن غازی‘ کے نام سے دہشتگردی کی نئی لہر شروع کرنے کااعلان کردیا ، کالعدم دہشت گرد تنظیم نے یہ با ضابطہ اعلان ویڈیو جاری کرتے ہوئے کیا ،دہشت گردوں نے اپنے نئے آپریشن کا نام لال مسجد میں جاں بحق ہونے ہونیوالے ’غازی عبدالرشید ‘ کی مناسبت سے رکھا ہے جبکہ دہشت گردوں نے آپریشن غازی میں اسمبلیوں ، سیکیورٹی فورسز، عدلیہ ، وکلاء، مالی لین دین کے ادارے، بلاگرز، میڈیاہاﺅسز، امن لشکراور تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا ہے ۔

حکومت،پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے مل کر جماعت الحرار کے خلاف بڑی کارروائی کر رہے ہیں ۔اس سلسلے میں پاک افغان بارڈر پر بھی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے جبکہ افغانستان سے سرحد عبور کرنے والے دہشت گردوں کو بھی دیکھتے ہی گولی مار دینے کی ہدایات ہیں ۔

 

 

ایمز ٹی وی(خیبرپختونخواہ) تنگی کچہری میں دھماکے کاحساس اداروں نے پہلے سے ہی الرٹ جاری کیا تھا۔

زرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقوں پشاور،چارسدہ،نوشہرہ،مردان میں دہشتگردوں کے داخل ہونے کی اطلاعات تھی اور حسا س اداروں نے سکیورٹی اداروں کو الرٹ جاری کیا تھا کہ دہشتگرد حملہ کرسکتے ہیں کیونکہ فاٹا اور مہمند ایجنسی قریب ہے اور بارڈر بھی کھلاہے جس کی وجہ سے دہشتگرد پاکستان میں آسانی سے داخل ہوسکتے ہیں۔
دہشتگردی کے الرٹ کے بعد چارسدہ کے علاقے تنگی کی کچہری میں 3 خودکش حملہ آوروں نے کچہری کو نشانہ بنانے کی کوشش کی مگر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بڑے نقصان سے بچاتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا جبکہ ڈی پی او سہیل خالد نے کہا کہ 3 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا ہے جبکہ4 افراد کے شہید ہونے اور 12افراد کے زخمی ہونےکی اطلاعات ہیں۔