Monday, 14 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی(اسلام آباد)محسن پاکستان ، ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ قوم مطمئن رہے پاکستان محفوظ ایٹمی قوت ہے اس کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،موجودہ حالات اور دہشتگردی کی نئی لہر کا مقابلہ کرنے کیلئے قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ، ذوالفقارعلی بھٹو باصلاحیت لیڈر تھے جو مجھے پاکستان لائے اور ہم نے مل کر ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کیلئے اقدامات کئے ،پاکستان کو مضبوط ومستحکم بنانے کی خاطر یورپ کی عیش وعشرت کی زندگی چھوڑ کر پاکستان آیا اور اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر عالم اسلام کا ایک ناقابل تسخیر قلعہ بنا دیا۔ 

اپنی بساط کے مطابق وطن عزیز اور قوم کی خدمت کی جس پر خوش ہوں ،پاکستانی قوم کی طرف سے ملنے والے پیار کا نعم  البدل پوری دنیا کی دولت بھی نہیں ہو سکتی ،وہ اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں میں علی زئی فاﺅنڈیشن انٹر نیشنل (رجسٹر ڈ ) کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خصوصی خطاب کر رہے تھے، ڈاکٹر عبد القدیر خان نے مزید کہا کہ جو دشمن ہمیں للکار کر کہا کرتا تھا کہ ہم کشمیر پر قبضہ کر لیں گے ،ہم فلاں جگہ پر قبضہ کر لیں گے مگر پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے بعد دشمن ہماری سر حدوں کی طرف بھی میلی آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا ۔

محسن پاکستان نے علی زئی فائونڈیشن انٹرنیشنل کے قیام اور فلاحی سرگرمیوں پر بانی و چیئرمین نسیم خان علی زئی کی کاوشوں  کو سراہااور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اجتماعی شادیوں میں شریک نئے جوڑوں کو شادی کی مبارکباد دی ،، میزبان نسیم خان علی زئی نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان قائد اعظم ثانی ہیں وہ محسن پاکستان نہیں بلکہ محسن اسلام ہیں ہمیں ان پر فخر ہے کہ انہوں نے اپنی عیش وعشرت کی زندگی کو چھوڑ کر پاکستان و قوم کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا ۔


 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /جامشورو) شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں نئی بسیں خرید کرنے کے حوالے سے ہینو کمپنی کے عہدیداران سے بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں مناسب قیمت پر بسیں فراہم کرنے کے لیے کمپنی کے عہدیداران سے کوٹیشن طلب کرتے ہوئے ان پر آرڈر دینے کے بعد جلد بسوں کی فراہمی پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں ٹرانسپورٹ انچارج ڈاکٹر فدا حسین چانڈیو، ڈائریکٹر فنانس عبداللطیف سومرو، مشتاق احمد میمن، رفیق احمد سولنگی جبکہ ہینو کمپنی کی جانب سے ڈویژنل ہیڈ محمود احمد، ریجنل منیجر ساؤتھ مراد صلاح الدین، منیجر کمرشل سیلز بدر حسین اور ایگزیکٹو سیلز سید محمد ریحان نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کمپنی کے وفد کو بتایا کہ جامعہ سندھ سرکاری تعلیمی ادارہ ہے جس کو 32ہزار طلباء کے لیے مزید 100بسوں کی ضرورت ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) سری لنکاکے سابق کپتان سنتھ جے سوریا نے شاہدآفریدی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ آپ کے ساتھ شاندار یادیں وابستہ ہیں اور شاہد آفریدی نے کھیل کوبدلنے میں مدد کی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سنتھ جے سوریانے شاہد آفریدی کے ریٹائرمنٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیاکہ شاہد آفریدی کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کااظہار کرتاہوں۔

 انھوں نے کہاکہ شاہد آفریدی کے ساتھ اچھی یادوں کاشکرگزار ہوں۔انھوں نے تسلیم کرتے ہوئے کہاکہ شاہد آفریدی نے کھیل کوبدلنے میں مدد کی۔شاہد آفریدی نے بھی سنتھ کے ٹویٹ کابھرپورجواب دیا۔شاہد آفریدی نے کہاکہ نیک تمناﺅں پر شکرگزار ہوں۔ انھوں نے مزید کہاکہ میں نے وہ کچھ ختم کیا جو آپ نے شروع کیاتھا۔واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے  انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرہونے کا اعلان کردیاہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ کے فائنل کی ٹکٹوں کی فروخت 25 فروری کو شروع ہونے کا امکان ہے ۔ ساتھ ہی نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں پبلک پارکنگ نہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
 
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل انتظامیہ کی ترجیحات میں فائنل کی ٹکٹوں کی فروخت سر فہرست ہے جس کا آغاز 25 فروری سے ہوگا ۔ شائقین کے لیے ٹکٹ کی آن لائن بکنگ کی سہولت کے ساتھ ٹکٹ بوتھ پر بھی دستیاب ہوں گے۔
 
ایک بینک کو بھی فروخت کےلیے ٹکٹ مہیا کیے جائیں گے۔ ٹکٹ کی قیمت پانچ سو سے ساڑھے بارہ ہزار روپے مقرر کی جا رہی ہے۔ اسٹیڈیم کی گنجائش 25 ہزار ہے ۔
 
سب سے مہنگے ٹکٹ عمران خان اور فضل محمود انکلوژر کے ہوں گے ۔ خصوصی بچوں کے لیے نشستیں مخصوص کی جائیں گی ۔
 
انتظامیہ کے مطابق نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کو مکمل طور پر سیل کیا جا ئے گا ۔ شائقین گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے لبرٹی مارکیٹ اور پارکنگ پلازہ استعمال کریں گے ۔
 
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) جامعہ کراچی سمیت سندھ کی دیگر جامعات میں جامعات کے ایکٹ کے برخلاف رجسٹرار اور ناظم امتحانات کی تقرری کا سلسلہ جاری ہے۔ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کی جانب سے ترمیم شدہ ایکٹ کی روشنی میں رجسٹرار اور ناظم امتحانات کے تقرر کا اختیار کنٹرولنگ اتھارٹی (وزیراعلیٰ) کے پاس ہے تاہم جامعہ کراچی سمیت دیگر کئی جامعات اسی ایکٹ پر عمل نہیں کر رہی ہیں اور وائس چانسلرز حضرات وزیراعلیٰ کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ازخود رجسٹرار اور کنٹرولر تعینات کر رہے ہیں.

\منگل کو جامعہ کراچی میں وائس چانسلر کی جانب سے نیا رجسٹرار مقرر کیا گیا جس کی منظوری وزیر اعلیٰ ہاوس سے نہیں لی گئی۔ سندھ مدرسۃ الاسلام کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ کہ مطابق جامعات کے ایکٹ میں ترمیم ہو چکی ہے، پہلے وائس چانسلر اور ڈی ایف گورنر سندھ براہ راست تعینات کرتے تھے لیکن ترمیم کے بعد ان دونوں عہدوں پر تعیناتی وزیراعلیٰ سندھ کے مشورے سے کی جاتی ہے اس طرح ترمیم کے بعد رجسٹرار اور ناظم امتحانات بھی وزیراعلیٰ سندھ کی سفارش پر تعینات ہوتے ہیں اور ہم اپنے ایکٹ پر مکمل عمل کر رہے ہیں۔

لیاری یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اختر بلوچ نے کہا کہ ترمیمی ایکٹ کی روشنی میں رجسٹرار اور ناظم امتحانات وزیراعلیٰ کے مشورے سے تعینات ہوتا ہے، اپنے ایکٹ پر مکمل کرتے ہیں اسی لئے ہم نے مستقل رجسٹرار کی تعیناتی کے لیے وزیراعلیٰ ہائوس کو خط لکھ رکھا ہے لیکن جب تک وہاں سے مستقل رجسٹرار نہیں مل جاتا ہم عارضی بنیاد پر قائم مقام رجسٹرار سے کام چلارہے ہیں۔ جامعہ کراچی کے نئے رجسٹرار سے موقف لینے کی متعدد کوشش کی گئی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /سکھر )علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی داخلہ سمسٹر بہار 2017کے سلسلے میں میٹرک سے پوسٹ گریجویٹ لیول پروگرامز میں داخلے کیلئے آخری تاریخ6مارچ مقرر کی گئی ہے ۔

داخلہ فارم یونیورسٹی سے حاصل کیے جا سکتے ہیں، علاوہ ازیں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کئے جا سکتے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) جامعہ کراچی میں نئے وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل کو اپنا عہدہ سنبھالے ایک ماہ مکمل ہونے کے قریب ہے اور اہم عہدوں پر تعینات افسران کے استعفے دینے اور تبدیلی کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے۔ جامعہ کراچی میں اہم ترین اور حساس اسامی کیمپس سیکورٹی ایڈوائزر کے عہدے پر تعینات ڈاکٹر خالد عراقی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے جبکہ رجسٹرار معظم علی خان کو فارغ کر کے شعبہ عمرانیات کے چیئر مین پروفیسر ڈاکٹر نبیل احمد زبیری کو جامعہ کراچی کا رجسٹرار مقرر کر دیا ہے۔

 

جبکہ معظم علی خان کو منگل کی شام کیمپس سیکورٹی ایڈوائزر مقرر کردیا گیا جبکہ ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف سسٹین ایبل ہیلو فائٹ یوٹیلائزیشن جامعہ کراچی اور موجود وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل کی اہلیہ ڈاکٹر بلقیس گل کو ڈاکٹر عاصمہ کی جگہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی اسکالر شپس کا فوکل پرسن مقررکردیا ہے۔

جامعہ کراچی کے پی آر او فاروق کی پریس ریلز کے مطابق جامعہ کراچی کو اسکالرشپس سے متعلقPQR پورٹل کو اپ ڈیٹ کرنے کا نوٹس 27اپریل 2016ء کو موصول ہوا جس پر سابق وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر نے ایک فوکل پرسن کو تعینات کیا اور مذکورہ ذمہ داری انہیں تفویض کرتے ہوئے کام کی نوعیت سے متعلق تربیت بھی فراہم کی مگر سسٹم پر کوئی بھی ڈیٹا اپ لوڈ نہیں کیا گیا اور ڈیڈ لائن ختم ہونے سے قبل متعلقہ فوکل پرسن نے کم وقت میں اتنازیادہ کام کرنے سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا جس کے بعد ڈاکٹر بلقیس گل نیا فوکل پرسن مقرر کیا گیا۔

ادھر شعبہ تاریخ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد معیز خان کو اسٹوڈنٹس گائیڈنس ،پلیسمنٹ اینڈ اوورسیز ایگزامینیشن بیورو جامعہ کراچی کا انچارج مقرر کر دیا گیاہے ان کی تقرری پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کے سندھ یونیورسٹی کا وائس چانسلر مقرر ہونے کے بعد عمل میں لائی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز میں مزید استعفے آنے اور نئی تبدیلیوں کا امکانات ہیں۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) کرکٹ کی دنیا میں روائیتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کا انتظار صرف پاک بھارت عوام کو ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کو ہوتا ہے ۔شائقین کرکٹ کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں کیونکہ دونوں روائیتی حریف آئی سی سی کی چیمپئنزٹرافی 2017میں ایک دوسرے سے ٹکر ائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی یکم جون سے انگلینڈ میں کھیلی جائے گی جس میں رینکنگ کے لحاظ سے ٹاپ 8 ٹیمیں حصہ لیں گیں جس میں پاکستان، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، بھارت اوربنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔پاکستان ٹیم 4 جون کو پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ گرین شرٹس کا دوسرا مقابلہ 7 جون کو جنوبی افریقہ سے اور تیسرا 12جون کو سری لنکا سے ہو گا۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پی ایس ایل فائنل، وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں کوئی فیصلہ نہ ہو سکا،اجلاس میں پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا،معاملے پر غور کے لیے وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کل دوبارہ اجلاس ہو گا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ایس ایل فائنل کی سیکیورٹی سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا،وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس سوادو گھنٹے جاری رہا،نشترپارک اسپورٹس کمپلیکس کی حدودمیں کسی گاڑی کوداخلے کی اجازت نہ دینے کی تجویزپرغورکیا گیا لیکن شرکاءحتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے،معاملے پر غور کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت کل دوبارہ اجلاس ہو گا۔
 
واضح رہے پی ایس ایل انتظامیہ نے یو اے ای میں جاری سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کروانے کا اعلان کررکھا ہے اور تمام فرنچائز مالکان بھی لاہور میں کھیلنے پر تیار ہیں۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد )امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ سرکاری ادارے کیا صرف غریبوں کے احتساب کے لیے رہ گئے ہیں ؟نیب اور ایف بی آر عوام کے حقوق کے بجائے دربار کے حقوق کی زیادہ حفاظت کررہے ہیں۔
سراج الحق نے پاناما کیس کی سماعت پر سپریم کورٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ چیئرمین نیب کے تقرر کا فیصلے کرنے کے لیے بہترین ادارہ عدالتیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ احتساب اداروں نے کبھی ذمے داریاں پوری نہیں کیں، احتساب اداروں نے کبھی کسی طاقتور کا احتساب نہیں کیا۔