Sunday, 13 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(تجارت)پاکستان کی اشیا میں بیرونی تجارت تیزی سے بڑھ کر کم وبیش 41 ارب ڈالر ہوگئی تاہم یہ اضافہ یک طرفہ ہے یعنی بیرون ملک سے خریداری برق رفتاری سے کی جا رہی ہے اور ماہانہ درآمدات 5ارب ڈالر کے قریب پہنچ گئی ہیں مگر دنیا پاکستانی مصنوعات خریدنے میں دلچسپی نہیں لے رہی جس کا ثبوت پاکستان بیورو شماریات کا جاری کردہ ڈیٹا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مالی سال کے اختتام پر برآمدات 20ارب ڈالر سے بھی کم رہیں گی، اس طرح یہ برآمدات میں کمی کا مسلسل تیسرا سال ہوگا۔
بیورو شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی7ماہ (جولائی2016 تا جنوری2017) کے دوران پاکستان کی دوطرفہ تجارت 40ارب 79کروڑ 80لاکھ ڈالر رہی جس میں بیرونی خریداری (درآمدات) کا حصہ29ارب 11کروڑ 30لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 25ارب 61کروڑ70لاک ڈالر کے مقابلے میں 13.65فیصد زیادہ ہے تاہم اس دوران ایکسپورٹ صرف11ارب 68کروڑ 50لاکھ ڈالر رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 12ارب 7کروڑ30لاکھ ڈالر کے مقابلے میں 3.21فیصدکم ہے۔ اس طرح درآمدات و برآمدات کا فرق منفی17ارب 42کروڑ 80لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 7ماہ میں 13 ارب 54 کروڑ 40لاکھ ڈالر کے خسارے سے 28.68 فیصد یا کم وبیش 3.9ارب ڈالر زیادہ ہے۔
 
اعدادوشمار کے مطابق جنوری 2017 میں ملکی تجارت2ارب95کروڑ 70 لاکھ ڈالر خسارے میں رہی جو جنوری 2016میں 1ارب 68کروڑ 80لاکھ ڈالر سے 75.18 فیصد زیادہ ہے، اس دوران ایکسپورٹ میں 1کروڑ30لاکھ ڈالر یا 0.74 فیصد کا معمولی اضافہ ہوا اور یہ 1ارب 78کروڑ ڈالر رہیں جبکہ درآمدات 1ارب 28کروڑ 20لاکھ ڈالر 37.11 فیصد کے نمایان اضافے کے نتیجے میں 3ارب 45کروڑ 50لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 4 ارب 73 کروڑ 70لاکھ ڈالر ہوگئیں، اس طرح جنوری 2017کی تجارت میں خسارہ 75فیصد بڑھ کر2ارب 95کروڑ 70لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا جو جنوری 2016 میں 1ارب 68کروڑ 80لاکھ ڈالر تک محدودتھا۔
 
واضح رہے کہ پاکستانی ایکسپورٹ مالی سال 2013-14 میں 25ارب 11کروڑ ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی اور اس کے بعد سے مسلسل کمی کا شکار ہے، مالی سال 2015-16میں ایکسپورٹ20ارب 80 کروڑ 20لاکھ ڈالر تک محدود ہوگئی تھی، پاکستانی کاروباری برادری کو شکوہ ہے کہ ملک میں پیداواری لاگت بہت زیادہ ہے، مداخل کی لاگت میں کمی کے لیے ٹیکسز اور یوٹیلٹی ٹیرف میں کمی کے ساتھ بجلی گیس بلاتعطل فراہم کرنے کے مطالبہ کیا جا رہا ہے، حکومت نے اس کا حل حال ہی میں 180ارب روپے کے برآمدی پیکیج سے نکالا جس پر ویلیوایڈڈٹیکسٹائل سیکٹر مسلسل اعتراضات کر رہا ہے تاہم برآمدات میں کمی کا سلسلہ رواں مالی سال تھمتا ہوا نظرنہیں آ رہا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے الزامات پر شریف فیملی کا موقف بھی سامنے آگیا ہے اور واضح کیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، حمزہ شہبازشریف یا سلمان شہباز کا تینوں ملز میں سے کسی کے ساتھ بھی کوئی تعلق نہیں، لہٰذا مفادات کے تنازعہ کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا۔
 
جہانگیرترین کے شوگرملزکے شیئراور اس کی منتقلی میں پنجاب حکومت اور شریف خاندان کو ذمہ دارٹھہرائے جانے پر شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز نے ان تینوں ملوں سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے بتایاکہ جب روئی زوا ل کا شکار تھی تو جہانگیر خان ترین نے پیدواری صلاحیت چھ ہزار سے ساٹھ ہزار کروائی۔
 
یادرہے کہ جہانگیر خان ترین نے کہاتھا کہ چوہدری شوگر ملز میں شہباز شریف کے شیئرز ہیں، چوہدری شوگر مل کا پرانا حساب کتاب دیکھا جائے تو نام سامنے آجائے گا، اپنے مفاد کے لیے شوگر ملز جنوبی پنجاب منتقل کی جارہی ہیں اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلوں کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی،عدالتی حکم کے باوجود شریف برادران کی شوگر ملز چل رہی ہیں،شوگر ملز کے معاملے پر شہباز شریف نے حلف کی خلاف ورزی کی، عدالت کو کہا گیا کہ شوگر مل منتقل نہیں کی جارہی بلکہ پاور پلانٹ لگایا ہے۔
 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نئی کٹ متعارف کرا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی میں منعقد ہونے والی تقریب میں ٹیم کے مینٹور سر ویوین رچرڈز، معین خان، کیوین پیٹرسن، کپتان سرفراز احمد اور دیگر کھلاڑی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کے علاوہ مداحوں نے بھی نئی کٹ کو پسند کیا ہے اور اسے بہترین قرار دیا ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) طیبہ تشدد کیس میں بچی کے باپ اعظم نے مقدمے سے دستبردار ہوتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج راجا خرم اور ان کی اہلیہ ماہین ظفر کو معاف کردیا۔
 
میڈیا ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیشن اسلام آباد جج راجا آصف محمود کی عدالت میں طیبہ تشدد کیس کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بچی کے والدین کون ہیں، جس پر طیبہ کے باپ اعظم نے کہا کہ میں بچی کا باپ ہوں اور بچی کی ماں علیل ہے۔ عدالت نے اعظم سے استفسار کیا کہ کیا وہ بیان دینا چاہتے ہیں جس پراعظم نے کہا کہ میں نے ایڈیشنل سیشن جج اور ان کی اہلیہ کو معاف کردیا ہے۔
 
والد کا بیان سن کر عدالت نے استفسار کیا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، عدالت آپ کا تحفظ کرے گی، آپ پہلے بھی بیان دے کر مکر گئےتھے جس پراعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ میں دباؤ میں آگیا تھا جب کہ یہ مقدمہ ہی بے بنیاد ہے اور میں ہوش و حواس میں راجا خرم اوران کی اہلیہ کومعاف کرتا ہوں۔
 
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ تحریری طور پر دیں جو کچھ کہنا ہے جس پر اعظم نے کہا کہ تحریری طور پر بھی مقدمے سے دست برداری لکھ کردیتا ہوں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کی ضمانت کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ، مدعی بیان حلفی جمع کروائیں تب ضمانت پر فیصلہ دیا جائے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت /کراچی) جوائنٹ نرسز ایکشن کمیٹی کے تحت کراچی پریس کلب پر نرسوں کا احتجاجی دھرنا جمعرات کو تیسرے روز بھی جاری رہااس دوران ایک نرس کی حالت بگڑنے پر اسے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ اسپتالوں میں نرسوں کی کمی کے باعث تیسرے روز بھی مریضوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا اوردرجنوں آپریشن ملتوی ہوئے تاہم شام کو سیکریٹری صحت سندھ اور ڈپٹی میئر کراچی سے مذاکرات کی کامیابی پر کمیٹی کے رہنماؤں نے دھرنا ختم اور اسپتالوں میں خدمات سرانجام دینے کا اعلان کر دیا ۔

مذاکرات کی کامیابی کے بعد اعجاز کلیری نے میڈیا کو بتایا کہ سیکریٹری صحت سندھ ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو نے3دن میں ترقیوں کا مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے

۔ ٹائم اسکیل پروموشن جمع کرانے کے احکامات دیئے ہیں ،الاؤنسز کی سمری ہم نے انہیں دے دی ہے جو چیک کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ کی منظوری سے ملنا شروع ہو جائے گاجبکہ پرنسپلز کو بحال کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں 7رکنی کمیٹی بنا دی گئی ہے جو ان مطالبات کی مکمل منظوری پر کام کرے گی ۔

 

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی) آل سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے زیر انتظام سند ھ بوائے اسکائوٹ ایسوسی ایشن کے اشتراک اور ڈسٹرکٹ بوائے اسکائوٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزکے تعاون سے 10فروری سے 12فروری تین روزہ اسکائوٹ ٹریننگ کیمپ منعقد ہوگا۔ صوبائی اسکائوٹ سیکریٹری اختر میر اورآل سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے چیئر مین حیدر علی کی مشترکہ صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیمپ کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس میں انور علی بھٹی،محمد سلیم، محمد انور، عبدالرحمن اور دوست محمد دانش بھی شریک ہوئے۔کیمپ میں500سے زائد اسکائوٹ شریک ہو رہے ہیں،کیمپ کی افتتاحی تقریب جمعہ کو شام ساڑھے چاربجے منعقد ہو گی۔ جسکے مہمانِ خصوصی ناظمِ امتحانات اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ محمد عمران خان چشتی ہوں گے جبکہ صدارت ڈسٹرکٹ اسکائوٹ کمشنر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز سندھ رفیعہ ملاح کریں گی۔

اعزازی مہمانوں میں اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اسکائوٹ کمشنر اخلاق احمد اور ممتاز سماجی شخصیت سلیم جالی والا بھی شرکت کریں گے۔ صوبائی اسکائوٹ سیکریٹری اختر میر نے کہا کہ تین روزہ ٹریننگ میں مختلف سرگرمیاں اور اسکائوٹس کے درمیان متعددمقابلے منعقدکیے جائیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ ہفتے کی شام کو شامِ ثقافت اور رات کو کیمپ فائر کا انعقادبھی کیا جائے گا۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی ) اقراء یونیورسٹی نے جمعرات کے روز مرکزی کیمپس میں روزگار میلے کا انعقاد کیا ۔ اس میلے میں 140سے زائد نیشنل اور ملٹی نیشنل کمپنیوں نے شرکت کی، میلے میں اداروں کے ہیومن ریسورسز نمائندوں نے اپنی کمپنیوں کی نمائندگی کی ۔ ان آرگنائزیشنز کے پاس بے شمار ایسی نوکریاں ہے جو اقراء یونیورسٹی کے گریجویٹس کے مستقبل کو اور زیادہ مظبوط اور روشن کرسکتی ہیں۔

روزگار میلے میں آئی ٹی ، انجینئرنگ ، میڈیا سائنس اور بزنس ایڈمنسٹریشن کے شعبوں میں آرگنائزیشن نے اقراء یونیورسٹی کے گریجو یٹس کو جاب آفر کی ۔ جاب فئیر کے آرگنا ئزر اسیم رضوی نے بتا یا کہ سال 2000سے اپنے قیام کے آغاز کے بعد سے اقراء یونیورسٹی نے ہمیشہ طلبا و طالبات کی توقعات اور سوچ سے بڑھ کر اُن کے مستقبل کو سنوارنے کی کوشش کی ہے۔

ان کارپوریٹ اداروں نے طلباوطالبات کا ایک روایتی ٹیسٹ اور انٹرو یو لیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی اور کامیاب نوجوانوں کو شارٹ لسٹ بھی کیا اور اس جاب فئیر میں طلبا و طالبات کی کثیر تعداد میں شرکت کو خوش آئند قرار دیا اور ان کے حوصلے کی تعریف کی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے جس کے جواب میں بارش سے متاثر ہونے والا میچ اسلام آباد یونائٹیڈ نے 7 وکٹوں سے جیت لیا۔ ہدف کے تعاقب میں دوران میچ بارش ہوگئی جس کے بعد کھیل کو 18 اوورز تک محدود کردیا گیا اور دفاعی چیمپئن کو جیت کے لئے 173 رنز کا ہدف ملا جسے شین واٹسن اور بریڈ ہیڈن کی شاندار اننگز کی بدولت اسلام آباد یونائٹیڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
 
ڈیان اسمتھ 55، بریڈ ہیڈن 73 اور شرجیل خان ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شین واٹسن 26 اورسیم بلنگ 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ پشاور زلمی کی جانب سے جنید خان، حسن علی اور کرس جورڈن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر بریڈ ہیڈن کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس سے قبل دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی کا آغاز مایوس کن رہا اور میچ کی پہلی ہی گیند پر محمد حفیظ عرفان کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دوسری وکٹ پر کامران اکمل اور ڈیوڈ میلان کے درمیان شاندار شراکت قائم ہوئی اور دونوں بلے بازوں نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شارٹس کھیلے اور ٹیم کا مجموعی اسکور 122 تک پہنچا تو ڈیوڈ میلان 43 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز این مورگن ایک رنز بنا کر سعید اجمل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
چوتھی وکٹ پر حارث سہیل اور کامران اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور150 کے مجموعے پر کامران اکمل 88 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جنہوں نے 48 گیندیں کھیلیں جس میں 6 چھکے اور 6 چوکے بھی شامل ہیں۔ حارث سہیل 12، کپتان ڈیرن سیمی 7، شاہد آفریدی 4 اور حسن علی 4،4 اور افتخار احمد بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے جب کہ کرس جورڈن 16 رنز کے ساتھ ناؤٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے شین واٹسن نے 4، محمد عرفان اور محمد سمیع نے 2،2 جب کہ سعید اجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

 

 

ایمزٹی وی (کراچی) پاک بحریہ کی کثیر القومی مشقیں’’ امن2017‘‘ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے جس میں 36 ملکوں کی فورسز اور مبصرین شریک ہیں۔
پاکستان کی بحری حدود میں پاک بحریہ کی کثیر القومی مشقوں’’امن 2017‘‘ کا آغاز ہوگیا ہے ۔ مشقوں میں پاکستان سمیت 37 ممالک کی بحریہ حصہ لے رہی ہے، امن مشقوں میں چین کے 3 بحری بیڑے، روس کے 3 اورامریکا کے 4 جنگی بحری جہازشریک ہورہے ہیں۔ مشقوں میں آسٹریلیا، چین، انڈونیشیا، ترکی، سری لنکا، امریکا، برطانیہ ، جاپان اور روس کے دستے بھی بحری اثاثوں کے ساتھ شریک ہیں اور اپنے بحری اثاثوں سمیت حصہ لے رہے ہیں۔
امن مشق 2017 کی افتتاحی تقریب کراچی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی، اس موقع پر مشقوں میں شامل ممالک کے قومی پرچم فضا میں لہرائے گئے، کمانڈر پاکستان فلیٹ عارف اللہ حسینی نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمدذکا اللہ کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔
امن 2017 مشقوں کے آغاز پر چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نیوی نے ہمیشہ باہمی تعاون کوفروغ دینے میں اہم کردارادا کیاہے۔ 
 
دنیا کے تبدیل ہوتے حالات میں میری ٹائم خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔ کھلے سمندرمیں موجودہ خطرات سے کسی ایک ملکی سرحد کونہیں پوری دنیا کوخطرہ ہے ، سمندر میں دہشت گردی، قزاقی اور اسلحہ و انسانی اسمگلنگ بڑھ رہی ہے، سمندرمیں بڑھتے ہوئے خطرات سے کوئی ایک ملک نبردآزمانہیں ہوسکتا، اس کے لیے باہمی تعاون ضروری ہے۔
واضح رہے کہ آج سے شروع ہونے والی بحری امن مشقیں 5 روز تک جاری رہیں گی جس میں 36 سے زائد ممالک شرکت کریں گے جب کہ بحری مشقوں کے دوران عالمی میری ٹائم کانفرنس بھی ہوگی۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /حیدر آباد) اسریٰ یو نیور سٹی حیدر آبادمیں اسریٰ اکنامکس اور فنانس سو سائٹی کی جانب سے سی پیک منصوبے پر سمینار منعقد کیا گیا ۔ مہمان ِ خصوصی ولی زاہد نے کہا کہ آنے والے چند سالوں میں سی پیک منصوبے سے پاکستان کی معیشت کو بے انتہاء فائدہ ہو گا اور پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا۔

سی پیک منصوبے سے پاکستان میں پاور پراجیکٹ ، انفرا اسٹرکچر ، روڈز، ریلویز، فائبر آپٹیکل کیبل جیسی فیلڈز میں بھی بہتر مواقعے ملیں گے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ پاکستان میں بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ ہو گااور تقریباََ 7 لاکھ سے زائد بے روز گار لو گوں کو روز گار مہیا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے حیدر آباد کو بھی ایگری کلچرل زمین کے ذریعے بہت سے فوائد حاصل ہو نگے ۔

 

جبکہ اسریٰ اکنامکس اور فنانس سو سائٹی کے سر پرستِ اعلیٰ اور اسریٰ یو نیو رسٹی کے پرو وائس چانسلر پرو فیسر ڈاکٹر حمید اللہ قاضی نے سمینار میں شریک طلباء اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ سی پیک منصوبے کے بارے میں ہمیں اور ہماری نو جوان نسل کے آگاہی ہو نا بہت ضروری ہے اور اسی لئے آج اسریٰ اکنامکس اور فنانس سو سائٹی کے تحت یہ سمینار منعقد کیا گیا ہے۔