Sunday, 13 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

 ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل شرجیل خان، خالد لطیف اور محمد عرفان کے بعد پی سی بی نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے اور 22 مزید کھلاڑیوں کے نام سامنے آ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کرپشن اسکینڈل سامنے آنے کے بعد کراچی کنگز کے شاہ زیب حسن اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ذوالفقار بابر کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کراچی کنگز کے میچ کے دوران شاہ زیب حسن کو فیلڈ سے بلا کر پوچھ گچھ کی گئی جبکہ ان کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ذوالفقار بابر کے خلاف بھی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے اور قوی امکان ہے کہ مزید کھلاڑیوں کے نام بھی سامنے آ سکتے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 5ایک روزہ میچوں کے آخری میچ میں 88رنز سے شکست دیکر سیریز 0-5سے اپنے نام کرلی ہے۔ اس کے ساتھ لنکن ٹیم کو سیریز میں وائٹ واش کرکے ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آگئی ہے۔

جنوبی افریقہ نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں 24ویں مرتبہ اننگز میں 350پلس اسکور بنا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ پروٹیز نے سری لنکا کے خلاف آخری ون ڈے میں384 رنز کا مجموعہ ترتیب دے کر بھارت کا زیادہ مرتبہ اننگز میں350 پلس اسکور بنانے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

ہوم سائیڈ کی جانب سے اوپننگ بیٹسمین ہاشم آملا نے154 اور کوائنٹن ڈی کاک نے109 رنز اسکور کیے۔ جواب میں لنکن ٹیم مقررہ 50اوورز میں 8وکٹ پر 296رنز اسکور کرسکی، ٹیم کی جانب سب سے زیادہ اسیلا گناراٹنے 114رنز اسکور کیے، پروٹیز بولرز کی جانب سے کرس مورس نے 4وکٹیں حاصل کیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم / کراچی) پاک چین اقتصادی راہداری سے منسلک متعددصنعتی حلقوں میں بنیادی توجہ ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ کو ہونی چاہیے، سائنو پاکستان ایتھنومیڈیسن ریسرچ سینٹر کاافتتاح خوش آئند ہے جو پاکستان میں پہلی مترتبہ دو ممالک کی مشترکہ کوششوں سے قائم کیا گیا ہے، چینی و یونانی ادویاتی نظام میں قدرتی شفایابی ہے، جامعہ کراچی مشکل دور سے گزررہی ہے۔

یہ بات پاکستانی اور چینی ماہرین نے جمعہ کو بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں نوتعمیر سائنو پاکستان ایتھنومیڈیسن ریسرچ سینٹر کی افتتاحی تقریب کے دوران اپنے خطاب کے دوران کہی۔ تقریب سے چین کے قونصل جنرل وانگ یو اورشیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان سمیت چین کی حنان یونیورسٹی آف چائنیز میڈیسن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر یوہ اُئی چن، اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے سابق سربراہ اور سابق وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی پروفیسرڈاکٹر عطا الرحمن، آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوھدری نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں پروفیسر ہبیاو چن سمیت دیگر چینی اور پاکستانی اسکالرز موجود تھے۔

چینی کونسل جنرل نے کہا پاک چین اقتصادی راہداری کی طرح یہ نوتعمیرتحقیقی مرکز بھی دونوں ملکوں کے عوام کے لئے سودمند ثابت ہوگا، ا انھوں نے کہا چین پاکستان کے ساتھ مذید تعلیمی پروگرام بشمول اسٹوڈنٹ ایکسچنج پروگرام جاری رکھے گا۔ شیخ الجامعہ کراچی نے کہا یہ تحقیقی پروگرام جامعہ کراچی کے وقار میں مزید اضافہ کریگا ۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی میں صفورا چورنگی کے قریب رات گئے یونیورسٹی روڈ پر تیز رفتار ٹینکربےقابو ہوکر گاڑی پر چڑھ دوڑاجس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں ایک شیر خوار بچہ بھی شامل ہے جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کے بعد ٹینکر ڈرائیور فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ 3 دنوں کے دوران یونیورسٹی روڈ پرتعمیراتی کام کے باعث پیش آنے والا یہ چھٹا ٹریفک حادثہ ہے جس میں اب تک3 طالبات سمیت پانچ افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ خواتین سمیت گیارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) طلبہ قوم کا مستقبل ہیں لہٰذا ہر طالب علم کو چاہیے کہ اپنے بہتر مستقبل کی تعمیر و ترقی میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ، اپنی ذہانت سے استفادہ کریں اور خود کو آگے لے جانے اور ملک و قوم کا مستقبل سنوارنے کے طریقوں سے با خبر رہیں اور اس سلسلے میں مفید معلومات سے استفادہ کرتے رہیں۔

طلباء ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتے ہیں اور انکا ملکی ترقی میں کلیدی کردار ہوتا ہے۔

ملک میں مختلف جامعات طلباء کی کردار سازی میں اپنا نمایا ں کردار ادا کر رہی ہیں جن میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا شمار نمایا ں ہے جو کہ نہ صرف اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے بلکہ ساتھ ساتھ طبی خدمات اور بہتر طبی سہولتوں کی عام افراد تک آسان رسائی میں گراں قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار ممتاز ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیرخان اور ڈائویونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر مسعود حمید خان نے اوجھا کیمپس میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نےاوجھا کیمپس میں ایک تقریب منعقد کی جس کا مقصد قومی ترانہ کے خالق ابولاثر حفیظ جالندھری اور احمد غلام علی چھاگلہ کے خدمات کے اعتراف میں انہیں خراج عقیدت پیش کرنا تھا ۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) قومی کرکٹر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹسمین شرجیل خان کو پی ایس ایل سے کرپشن کے الزام پر معطل کئے جانے کے خلاف حیدرآباد میں شائقین کرکٹ اور محلہ داروں نے شرجیل خان کے حق میں مظاہرہ کیا ہے۔

شرجیل خان کو پی ایس ایل سے کرپشن کے الزامات پر باہر کئے جانے کی اطلاع کے بعد لطیف آباد نمبر پانچ میں شرجیل خان کے گھر کے باہر شائقین کرکٹ اور شرجیل خان کے محلہ دار جمع ہو گئے۔

انہوں نے مظاہرہ کرتے ہوئے شرجیل خان زندہ باد اور شرجیل خان بے قصور کے نعرے لگائے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ شرجیل خان کے ساتھ سازش کی گئی ہے اس حوالے سے غیر جانبدارانہ شفاف تحقیقات کروائی جائیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم / جامشورو) مہران یونیورسٹی میں شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا گیا اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے کیمپس میں پودے لگائے ․

جبکہ مہران یونیورسٹی کے اساتذہ ، افسران، اور طلبہ و طالبات کی جانب سے گرین پاکستان ریلی بھی نکالی گئی گرین پاکستان ریلی میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید عمرانی و دیگر نے شرکت کی۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی)جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے اعلامیہ کے مطابق بی اے ریگولر وپرائیویٹ کے 20 اور 21 جنوری 2017 ء کو ملتوی ہونے والے پرچوں کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا گیاہے۔

جس کے مطابق بی اے سال اول کا 20 جنوری کو ملتوی ہونے والا پرچہ اب بروز پیر06 مارچ2017 ء کو منعقد ہوگا،جبکہ بی اے سال دوئم کا21 جنوری کو ملتوی ہونے والا پرچہ اب بروزمنگل 07 مارچ 2017 ء کو منعقد ہوگا۔

واضح رہے کہ مقررہ وقت اور سینٹرمیں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(تجارت) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہاکہ ہم بحر ہند میں تبدیلیوں سے لاتعلق نہیں رہ سکتے، پاکستان کی تجارت کا بڑا حصہ بحر ہند سے گزرتاہے۔تفصیلات کے مطابق خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے میری ٹائم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میری ٹائم سیکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن تیار ہے،میری ٹائم سیکیورٹی بحرہندکے خطے کے ملکوں کی سلامتی سے براہ راست تعلق رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بحر ہند کاتیسرااہم ملک ہے اورخطے میں اہم تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔سرتاج عزیز نے مزید کہا کہ تقریباً 30ممالک بحرہند کے خطے سے جڑے ہیں، دنیا کی 40 فیصدتجارت بحر ہند سے گزرتی ہے، بحر ہند کا خطہ معاشی اور سیاسی طور پر انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز اور ملاکابحر ہند کے راستے کی اہم ترین گزر گاہیں ہیں اور دنیا میں تیل و گیس کے30 فیصد ذخائر بحر ہند کے خطے میں ہیں۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کومثالی سزائیں دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق شرجیل خان اور خالد لطیف کی اسپاٹ فکسنگ کے بعد معطلی کے بعد شہریار خا ن  کا کہنا تھا کہ جو بھی فکسنگ میں ملوث ہے ان کیخلاف ثبوت ہیں آئندہ بھی کسی نے ایسا کیا تو ان کیخلاف سختی سے نمٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میچ فکسنگ پرنرمی آئی سی سی اوربرطانوی عدالتوں نے کی مگر ہم نہیں کریں گے۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ معطل کیے گئے دونوں کھلاڑیوں کےخلاف ثبوت ہیں اور باقی کھلاڑیوں کےخلاف ثبوت ابھی پورے نہیں ہیں۔ معطل کئے گئے دونوں کھلاڑی کراچی پہنچ گئے ہیں ان کے ساتھ چیئرمین پی سی بی اور پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔