Friday, 11 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(سندھ) ڈیڑھ سال کی خود ساختہ جلا وطنی کے بعد وطن واپسی پر آصف علی زرداری نے کارکنوں سے خطاب میں جس خوشخبری کا اعلان کیا تھا اس کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ سابق صدر آج بلاول بھٹو کی پارلیمانی سیاست شروع کرنے کا اعلان کریں گے

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی اوسی) کا نوڈیرو ہاﺅس میں اجلاس ہوا جس میں اہم رہنماءشریک ہوئے۔

شہید بینظیر بھٹو کی 9ویں برسی

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمانی سیاست شروع کرنے پر اتفاق ہوا اور فیصلہ کیا گیا کہ وہ جلد ہی ضمنی انتخابات میں حصہ لے کر رکن قومی اسمبلی بنیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد جلد ہی ایک رکن قومی اسمبلی استعفیٰ دے گا اور بلاول بھٹو زرداری اس استعفے کے باعث خالی ہونے والی سیٹ پر ضمنی الیکشن کے ذریعے قومی اسمبلی پہنچیں گے۔

 

 


ایمزٹی وی(بزنس)پاکستان اور بلوچی بھائیوں کو ایک اور بڑی خوشخبر ی مل گئی ،بلوچستان سے تیل اور گیس کا بڑا ذخیرہ دریافت ہو گیا۔ بلوچستان میں تیل اور گیس کا بڑا ذخیرہ جندران کے علاقے مری ایجنسی میں دریافت ہوا ہے ۔بتا یا جا رہا ہے کہ گیس کا یہ ذخیرہ 1950میں ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں دریافت ہونے والے ذخیرے سے کئی گنا بڑا ہے ۔

جندران میں دریافت ہونے والا ذخیرہ سوئی میں دریافت ہونے والے ذخیروں سوئی ون ،پیرکوہ اور لوٹی فیلڈ سے بھی بڑا ہے ۔پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی اور وسطی پنجاب سمیت ملک بھر میں سوئی گیس انڈسٹریل ریولیوشن کا ذریعہ بنی ۔گیس کا چوتھا ذخیرہ قبائلی علاقے بگٹی میں اوچ کے مقام پر پہاڑی علاقوں میں ہے جس کی گیس بجلی بنانے کے لیے استعمال کی جا رہی ہے ۔اوچ پاور پلانٹ میں بننے والی بجلی واپڈا کو فروخت کی جاتی ہے اور کچھ بجلی صوبہ سندھ میں نیشنل گر ڈ کو بھی فروخت کی جاتی ہے ۔

 

 


ایمزٹی وی(سری نگر)مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ایجنٹوں نے مزیدایک کشمیری کوفائرنگ کرکے شہید کر دیا جبکہ ایک نوجوان کوزندہ جلانے کی کوشش کی گئی۔

گزشتہ روزضلع بارہ مولہ کے علاقے بہرام پورہ رفیع آباد میں اچانک بھارتی مسلح ایجنٹ نمودارہوئے اورایک نوجوان پراس کے گھر کے باہر اندھا دھند گولیاں چلا دیں، فائرنگ سے32سالہ نذیر احمد میر شہید ہوگیا جس کیخلاف علاقے میں مظاہرے ہوئے۔ مظاہرین نے بھارت کیخلاف اورآزادی کے حق میں نعرے لگائے۔

سمبل کے علاقے میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب بھارتی نقاب پوش ایجنٹوں نے رات گئے ایک مکان پر دھاوابول دیا، ایک نوجوان کو گھسیٹتے ہوئے گھر سے باہر نکالا اور اسے ایک دکان کے باہرکھمبے سے باندھ کر مار مار کر لہولہان کر دیا جس سے وہ بے ہوش ہوگیا، نوجوان کوزندہ جلانے کیلیے دکان میں آگ لگادی گئی اوربھارتی ایجنٹ وہاں سے فرار ہو گئے۔ اسپتال میں ڈاکٹروں نے اس کی حالت نازک قراردی ہے۔ جس دکان کوآگ لگائی گئی اس میں لاکھوں روپے کامال خاکسترہوگیا۔

کشمیریونیورسٹی میں طلبانے ٹھٹھرتی سردی اورجھیل ڈل کی سرد ہواؤں کی لپیٹ میںشام، فلسطین، حلب اوردیگریورپی اورافریقی ممالک میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف خاموش احتجاجی دھرنا دیا۔ طلبا وطالبات نے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کیلیے کام کرنیوالے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ افریقا، امریکا، اسرائیل، شام اور دیگر ممالک میں مسلمانوں کے قتل عام کو روکیں۔ بھارتی فورسز نے حریت کانفرنس کے6ماہ بعد ہونیوالے ایک اجلاس پر پابندی لگادی اورقائدین کو اجلاس میںشرکت کی اجازت دینے سے انکارکردیا۔ حریت کا اجلاس حیدرپورہ میں سیدعلی گیلانی کی صدارت میں منعقد ہونے والا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی (فلپائن)فلپائن کے مشرقی علاقے میں سمندری طوفان ناک ٹین کے باعث اب تک 6 افراد ہلاک جبکہ متعدد لاپتہ ہوگئے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلپائن کے مشرقی علاقے میں گزشتہ روز ٹکرانے والے ناک ٹین سمندری طوفان کے باعث مرنے والوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 18 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔

طوفان کے خدشے کے باعث فلپائنی حکومت نے درجنوں بندرگاہیں بند کرنے کے احکامات جاری کئے تھے، کیتندوانیس اور اطراف کے صوبوں سے ہزاروں افراد پہلے ہی اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر چلے گئے تھے۔ جبکہ دارالحکومت منیلا میں حکام نے ہوا کے زور کے باعث گرنے کے خدشے کے پیش نظر بڑے بڑے اشتہاری بورڈز کو ہٹانے کا حکم دیا تھا لیکن اس کے باوجود فلپائن کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(گوا)بھارت کے معروف سیاحتی مرکز گوا کے ایئرپورٹ پر مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے دوران رن وے سے پھسل گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گوا کے ڈابولم انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر جیٹ ایئر ویز نامی فضائی کمپنی کی پرواز نائن ڈبلیو 2347 ممبئی جارہی تھی، طیارے میں عملے کے ارکان سمیت 161 افراد سوار تھے۔ مسافر بردار طیارہ عین اس وقت رن وے سے پھسل گیا جب وہ ٹیک آف کررہا تھا۔ واقعے کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

ایئر پورٹ حکام نے حادثے کی وجہ نہیں بتائیں تاہم ایئر پورٹ کو ہر قسم کی پروازوں کی آمد اور روانگی منسوخ کردی گئی ہے۔دوسری جانب فضائی کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حادثے کا شکار طیارے کا عملہ اور مسافر محفوظ ہیں اور انہیں طیارے سے بحفاظت نکال لیا گیا ہے، چند مسافروں کو امددای سرگرمیوں کے دوران زخم آئے ہیں لیکن وہ شدید نوعیت کے نہیں تاہم ان کا علاج جاری ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(کراچی) پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو کی نویں برسی آج منائی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق گڑھی خدا بخش میں مرکزی تقریب کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اسٹیج تیار، جلسہ گاہ میں پارٹی پرچم، ذوالفقار بھٹو، بینظیر بھٹو، مرکزی قیادت کی تصاویر اور بڑے بڑے پوسٹرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔ آصف زرداری بھی نوڈیرو ہاوس پہنچ گئے۔

مراد علی شاہ نے بی بی کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے سرپرائز کی پیشگوئی بھی کی۔ بینظیر اور بھٹو خاندان کے مزاروں پر فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور سے بھی قافلہ برسی میں شرکت کیلئے روانہ ہو گیا۔ ریلوے اسٹیشن پر جیالے نعرے بازی کرتے رہے۔ گڑھی خدا بخش میں ساڑھے 7 ہزار پولیس اور تین سو رینجرز اہلکار سیکورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی ادارہ برائے تحفظ ماحول (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ اورماڑہ اور کراچی کے قریبی سمندر میں جیلی فش کی بہت بڑی تعداد دیکھی گئی ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔

جیلی فش کی بڑھتی ہوئی تعداد سے مقامی ماہی گیر سخت پریشان ہیں کیونکہ جب وہ سمندر میں مچھلیاں پکڑنے جاتے ہیں تو قابلِ فروخت مچھلیوں کے بجائے یہ جیلی فش ان کے جال میں پھنس جاتی ہیں۔

پاکستان کے سمندری ماحول سے ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کی لاعلمی کا اندازہ اس بیان سے بھی لگایا جاسکتا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جیلی فش کی اتنی بڑی تعداد بہت کم ہی پاکستانی سمندر میں دیکھی جاتی ہے۔

حالانکہ پاکستانی سمندری حدود میں بحری حیات (میرین لائف) کے جائزوں میں یہ بات پہلے ہی معلوم ہوچکی ہے کہ مچھلیوں کے حد سے زیادہ شکار اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں یہاں عام مچھلیاں بہت کم رہ گئی ہیں جب کہ ان کے برعکس جیلی فش کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے جو سمندری ماحول کے لیے شدید خطرہ ہے۔

بحری حیات کے ماہرین پچھلے 20 سال سے مسلسل خبردار کرتے آرہے ہیں کہ پاکستان کے سمندروں میں باریک جالوں اور بڑے بحری جہازوں سے مچھلیاں پکڑنے پر پابندی لگائی جائے ورنہ یہاں مچھلیاں بالکل ختم ہوجائیں گی اور مقامی ماہی گیروں کا کاروبار بھی ٹھپ ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ مختلف غیرملکی کمپنیاں پاکستان کی سمندری حدود میں حکومت کی اجازت سے وسیع پیمانے پر، بڑے جہازوں کے ذریعے مچھلیاں پکڑتی ہیں اور اس مقصد کے لیے باریک جال استعمال کیا جاتا ہے جس میں مچھلیوں کے چھوٹے بچے بھی پھنس کر ہلاک ہوجاتے ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسرڈاکٹر ارشد اعظمی کے اعلامیہ کے مطابق ایم اے اور ڈبل ایم اے پرائیوٹ اور امپرومنٹ آف ڈویژن کے لئے رجسٹریشن فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔

جس کے مطابق طلبہ اپنے رجسٹریشن فارم 20 فروری 2017 ء تک 3700/= روپے فیس کے ساتھ یو بی ایل بینک کائونٹرز واقع سلورجوبلی گیٹ جامعہ کراچی پر جمع کراسکتے ہیں۔مضمون کی تبدیلی کے لئے بھی انہی تاریخوں میں 1000/= روپے فیس کے ساتھ فارم جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی)جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ایڈمیشنز پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کے اعلامیہ کے مطابق جامعہ کراچی کی جانب سے جاری کردہ تمام داخلہ فہرستوں اور کلیم فہرستوں کی داخلہ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں 29 دسمبر 2016 ء تک توسیع کردی گئی ہے۔

ایسے طلبہ جن کے نام جاری کردہ داخلہ فہرستوں / کلیم فہرستوں میں آچکے ہیں وہ اپنی داخلہ فیس جامعہ کراچی کے جمنازیم ہال نزد پوسٹ آفس میں صبح 9:30 تادوپہر01:00بجے تک جمع کراسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں ڈونرنشستوں کے داخلہ فارم حاصل اور جمع کرانے کی تاریخ میں 28 دسمبر 2016 ء تک توسیع کردی گئی ہے۔داخلہ فارم یوبی ایل بینک کائونٹر واقع سلور جوبلی گیٹ سے صبح 9:30 تاشام4:00 بجے تک حاصل اور جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس)میلبورن ٹیسٹ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے تھے کہ کھیل بارش کے باعث روک دیا گیا۔

آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس نے چائے کے وقفے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے تھے کہ میچ بارش کے باعث روک دیا گیا تاہم مسلسل بارش جاری رہنے کی وجہ سے کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور امپائرز نے پہلے روز کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا تاہم 18 کے مجموعی اسکور پر سمیع اسلم 9 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر اسٹیون اسمتھ کو کیچ تھما بیٹھے۔

بابر اعظم بھی 23 کے انفرادی اسکور پر ہیلز وڈ کی گیند پر اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اظہر علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے نہ صرف اپنی ففٹی مکمل کی بلکہ رواں برس ٹیسٹ میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کئے۔ قومی ٹیم کا سکور 111 رنز پر پہنچا تو یونس خان جیکسن برڈ کی اندر آتی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 21 رنز اسکور کئے، یونس اور اظہر کے درمیان 51 رنز کی شراکت ہوئی۔

قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور انہوں نے ناتھن لیون کو چھکا لگا کر اپنا کھاتا کھولا لیکن 11 کے انفرادی اسکور پر وہ بھی جیکسن برڈ کی گیند پر شارٹ لیگ پر کیچ آؤٹ ہو گئے، میڈنسن نے ڈائیو لگا کر ان کا شاندار کیچ تھاما۔ پاکستان نے 50.5 اوورز میں 142 رنز اسکور کئے تھے کہ بارش کے باعث کھیل روک کر چائے کا وقفہ لے لیا گیا تاہم کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو اظہر علی 66 اور اسد شفیق 4 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیکسن برڈ نے 2 جب کہ ہیزل وڈ اور ناتھن لیون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ راحت علی کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ سہیل خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے والی آسٹریلین ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔