Friday, 11 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمز ٹی وی (انقرہ) ترک انتظامیہ نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران سوشل میڈیا پر دہشت گرد تنظیموں کی مبینہ حمایت اور ترک افسران پر تنقید کے الزام میں ایک ہزار 656 افراد کو حراست میں لیا ہے۔

ترک دفتر داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ان گرفتاریوں کے علاوہ 10 ہزار کے قریب سوشل میڈیا صارفین کے بارے میں تحقیقات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

پولیس کی نشاندہی پر 3 ہزار 710 افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جاچکی ہے جب کہ حراست میں موجود ان افراد میں سے 12 سو افراد کو آزمائشی طور رہا اور 767 افراد کو الزامات ثابت نہ ہونے پر بری کردیا گیا تاہم 84 افراد اب بھی پولیس کی حراست میں موجودہیں۔

ان افراد پر عائد کیے جانے والے الزامات میں دہشت گرد تنظیموں کی حمایت، لوگوں میں نفرت انگیز جذبات کو فروغ دینا، دہشت گردوں کے پروپیگنڈے کی تشہیر، دہشت گرد گروہوں سے تعلق کا اعلان، ریاست اور ریاستی افراد کی تضحیک اور شہریوں کے تحفظ کو نشانہ بنانے جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔

علاوہ ازیں عوامی پراسیکیوٹرز کو رپورٹ کیے جانے والے 10 ہزار افراد کے خلاف تحقیق اور قانونی کارروائی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

یاد رہے کہ ترکی کی جانب سے رواں سال جولائی میں بغاوت کی ناکام کوشش کے بعد ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی جس کے بعد سے قانون شکن گروہوں سے مبینہ روابط قائم کرنے پر ہزاروں شہریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

مغربی حکومتوں،انسانی حقوق کی تنظیموں اور قانونی ماہرین کی جانب سے ترک حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اس کریک ڈاؤن پر مسلسل تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے، کچھ افراد کا خیال ہے کہ یہ کریک ڈاؤن سیاسی مخالفین اور ناقدین کو نشانہ بنانے کے لیے کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب انقرہ کی طرف سے ان تمام کارروائیوں کو ترکی میں بڑھنے والی دہشت گردی کے خلاف ضروری احتیاطی تدابیر قرار دیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال ترکی کے کئی اہم شہروں میں دھماکوں اور حملوں کا سلسلہ دیکھنے میں آیا جن کی ذمہ داریاں کرد جنگجوؤں یا داعش نے قبول کی۔

ترک حکومت کی جانب سے بیشتر اوقات اشتعال انگیز مواد کی تشہیر روکنے کے لیے سوشل میڈیا ویب سائٹس پر پابندی عائد کی جاتی ہے تاکہ امن و امان اور عوامی تحفظ متاثر نہ ہو۔

یہ پابندیاں عموماً کسی دہشت گرد حملے اور بڑے کریک ڈاؤن کے بعد سامنے آتی ہیں، گذشتہ ہفتے بھی داعش کی جانب سے ترک فوجیوں کو جلانے کی ویڈیو منظرعام پر آنےکے بعد ترکی میں سوشل میڈیا ویب سائٹس کو کئی گھنٹوں کے لیے بند رکھا گیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس)مکی آرتھر نے ٹریک بدل لیا اور کوچ برائیاں کرنے کے بعد اب اچانک سہیل خان کے گن گانے لگے جب کہ ان کا کہنا ہے کہ وہ اچھے سوئنگ بولر ہیں اور فٹنس مسائل پر قابو پانے کیلیے وزن بھی 7 کلو کم کرلیا۔

برسبین ٹیسٹ کے بعد ایک انٹرویو میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا تھا کہ سہیل خان پہلا اسپیل بہت اچھا، دوسرا مناسب اور تیسرا مشکل سے کرتے ہیں، اس کے بعد ان کی کوئی کارکردگی نہیں ہوتی، یہ صورتحال دیگر بولرز پر دباؤ بڑھا دیتی ہے،اس لیے انھیں زیر غور نہیں لایا گیا، رائٹ آرم پیسر کو اب میلبورن ٹیسٹ کیلیے پلیئنگ الیون کا حصہ بنالیا گیا ہے، اس تضاد کے حوالے سے سوال پر مکی آرتھر نے کہا کہ سہیل خان نے غیر معمولی ٹریننگ کی،انہوں نے فٹنس کی بہتری کیلیے اپنا وزن بھی 7 کلو کم کرلیا ہے۔

مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ گذشتہ ایک ماہ میں سہیل نے سخت محنت سے ایک پروفیشنل کھلاڑی ہونے کا ثبوت دیا،وہ واقف ہیں کہ ان کے حوالے سے ہماری کیا تشویش ہے،رائٹ آرم پیسر کی شمولیت سے بولنگ متوازن ہوئی ہے،ان کی موجودگی میں ناتھن لیون کو فائدہ اٹھانے کیلیے پچ پر زیادہ ناہموار اسپاٹ نہیں ملیں گے، وہ سوئنگ کی مدد سے ٹیم کیلیے وکٹیں بھی لے سکتے ہیں۔ ایک الگ انٹرویو میں مکی آرتھر نے کہا کہ میں نے سہیل خان کی فٹنس کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا تھا، انہوں نے مسائل پر قابو پانے کیلیے کوشش بھی کی، پوری امید ہے کہ اپنی اہلیت ثابت کرسکیں گے۔

یاد رہے کہ سہیل خان ابتدا میں بہتر اور بعد ازاں بدتر بولر کی شہرت رکھتے ہیں،پیسر کی 24میں سے 21وکٹیں پہلی اننگز میں حاصل ہوئیں،دوسری باری میں ان کی اوسط 123رنز فی وکٹ ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (روس) روس میں بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہونے والے فوجی طیارے کی یاد میں یوم سوگ منایا گیا جبکہ بحیرہ اسود میں لاشوں اور بلیک باکس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز شام جانے والا روس کا ایک فوجی طیارہ بحیرہ اسود میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس سے طیارے میں سوار تمام 92 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

روسی وزارت دفاع کے طیارے ٹی یو 154 میں ملٹری بینڈ کے درجنوں موسیقار اور رقاص شامل تھے جو سال نو کے موقع پر منائے جانے والے جشن میں فن کا مظاہرہ کرنے شام جارہے تھے۔

اس کے علاوہ 9 روسی صحافی بھی اس طیارے میں سوار تھے جبکہ ملٹری سروس کے نمائندوں اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے انسانی حقوق کونسل کے اہم رکن الیزاویٹا گلنکا بھی حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں موجود تھے۔

روس میں یوم سوگ کے موقع پر سوگواران نے جہاز کے اڑان بھرنے کے مقام، جنوبی روس کے ایئرپورٹ سوچی پر پھول رکھے اور شمعیں روشن کیں۔

روسی وزیر مواصلات میکسم سوکولود کے مطابق طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی وجہ پائلٹ کی غلطی یا کوئی تکنیکی خرابی ہوسکتی ہے تاہم طیارے کی تباہی میں کسی دہشتگرد کارروائی کا کوئی امکان نہیں۔

حادثے کے بعد بحیرہ اسود میں جاری امدادی کارروائیوں کے حوالے سے روسی وزارت دفاع کے ترجمان آئیگور کوناشینکوف کا بتانا تھا کہ اب تک 11 افراد کی لاشوں کو تلاش کیا جاچکا ہے، اور کھلے سمندر میں لاشوں اور طیارے کے بلیک باکس کی تلاش کے لیے جاری آپریشن جس میں ساڑھے تین ہزار افراد مصروف ہیں،اسے مزید بڑھایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 39 بحری جہاز، 5 ہیلی کاپٹرز، ایک ڈرون اور 100 سے زائد غوطہ خور سرچ آپریشن کا حصہ ہیں جبکہ بحیرہ اسود کے ساحل پر روسی فوجیوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے۔

واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا جاچکا ہے جبکہ اس سلسلے میں ایک تحقیقاتی کمیشن بھی تشکیل دیا گیا ہے جس کی سربراہی وزیراعظم دمتری میدویدوف کررہے ہیں۔
۔

6 روز قبل ہی 19 دسمبر کو سائیبریا کے شمال مشرقی علاقے میں روس کے فوجیوں کو لے جانے والے ایک طیارے نے کریش لینڈنگ کی تھی، تاہم حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تھی، البتہ جہاز میں سوار 32 فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

اس سے قبل مارچ 2016 میں بھی دبئی سے روس جانے والا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں عملے کے 6 ارکان سمیت 61 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق بوئنگ 737 طیارہ روس کے جنوبی شہر روستو آن ڈان کے ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا۔

 

 


ایمزٹی وی(اسپورٹس) دوسرے باکسنگ ڈے ٹیسٹ سے قبل ماربل سلیب پر طویل پریکٹس بھی قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو فارم میں واپس نہ لاسکی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے شارٹ پچ گیندوں کا بہتر انداز میں سامنا کرنے کے لیے یہ خصوصی تکنیک اپنائی تھی، کپتان میلبورن ٹیسٹ کے پہلے روز اس وقت وکٹ گنوا بیٹھے جب پاکستان کو ایک بڑی شراکت کی سخت ضرورت تھی، سینئر بیٹسمین کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوتا جا رہا ہے۔

انہوں نے گزشتہ 5 اننگز میں 12.8 کی معمولی اوسط سے صرف 64 رنز بنائے ہیں، اس دوران ان کا اسکور بالترتیب 31،13،4،5 اور11 رہا۔ کئی میچز میں مرد بحران کا کردار ادا کرنے والے کپتان کی فارم ٹیم اور منیجمنٹ کے لیے بھی باعث تشویش ہے۔

 


ایمز ٹی وی(نئی دہلی) دنیا کو امن کا درس دینے والے بھارت نے اپنے نئے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ’’اگنی فائیو‘‘ کا تجربہ کرلیا ہے جسے ایٹمی اسلحے سے لیس کیا جاسکتا ہے اور یہ 5000 کلومیٹر سے بھی زیادہ فاصلے پر اپنے ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے۔

زرائع کے مطابق اگنی فائیو کو آج تجرباتی طور پر اڑیسہ کے قریب ویلر آئی لینڈ سے داغا گیا جس نے بحر ہند میں کسی نامعلوم مقام پر اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔

یہ اس میزائل کا چوتھا اور آخری تجربہ تھا لیکن اب تک بھارتی حکام نے اس کے کامیاب یا ناکام ہونے کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ہے کیونکہ اس کا تیسرا تجربہ آج سے دو سال پہلے تکنیکی مسائل کی وجہ سے ناکام ہوچکا تھا۔

اگنی فائیو ایک نیوکلیئر بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ہے جو تین مرحلوں پر مشتمل ہے جبکہ اس کا وزن 50 ٹن اور لمبائی 17 میٹر ہے؛ اور اس کا اصل مقصد چین کو نشانہ بنانا ہے۔

واضح رہے کہ اگنی فائیو کو بطورِ خاص ایٹم بموں سے لیس کرنے کےلئے ہی تیار کیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف بھارت اپنے نام نہاد پرامن ایٹمی پروگرام کی بنیاد پر نیوکلیئر سپلائرز گروپ اور میزائل ٹیکنالوجی کنٹرول رجیم میں شامل ہونے کی کوشش کررہا ہے۔

5000 کلومیٹر یا اس سے زیادہ رینج والے بیلسٹک میزائل اب تک صرف امریکہ، روس، چین، فرانس اور برطانیہ کے پاس ہیں جبکہ بھارت اس فہرست میں شامل ہونے کےلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہا ہے اور اگنی فائیو بیلسٹک میزائل کا تجربہ ان ہی کوششوں کا حصہ ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)صدر مملکت ممنون حسین کی اپیل پر ملک میں بارش کے لئے ایوان صدر میں نماز استسقا ادا کی گئی۔
سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق ملک بھر میں بارشیں نہ ہونے کے باعث خشک سالی سے نجات کے لئے ایوان صدر میں نماز ظہر کے بعد نماز استسقا ادا کی گئی جس میں صدر ممنون حسین کے علاوہ دیگر اہم شخصیات اور ایوان صدر کے اسٹاف نے بھی شرکت کی۔

نماز استسقا میں ملک میں اپنے گناہوں سے توبہ طلب کرتے ہوئے ملک بھر میں رحمت کی بارش کے لئے دعا کی گئی۔ اسلام آباد کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں نماز استسقا ادا کی گئی۔

گزشتہ روز صدر ممنون حسین نے رواں سال ملک میں بارش نہ ہونے کے باعث خشک سالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی تھی کہ نمازاستسقا ادا کریں اوراللہ کے حضور بارش کے لئے دعا کریں۔ صدر ممنون حسین نے علما کرام سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ ملک کے طول و عرض میں نماز استسقا کے اجتماعات کی امامت کریں اور ملک سے خشک سالی کے خاتمے اور ابر رحمت کے لئے اللہ کی بارگاہ میں دعائیں مانگیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) عمر بڑھنے کے ساتھ ہمارا دماغ تنزلی کا شکار ہونے لگتا ہے، ہم چیزیں بھولنے لگتے ہیں اور معمے حل کرنا ماضی جیسا آسان کام نہیں رہتا۔ اگرچہ بڑھاپے کے عمل کو واپسی کا راستہ دکھانا تو ممکن نہیں مگر اپنے ذہن کو ضرور ہم ہر عمر کے مطابق فٹ رکھ سکتے ہیں۔

مگر کچھ عادتیں ایسی ہوتی ہیں جو دماغ کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہیں اور ذہنی تنزلی کی جانب سفر تیز ہوجاتا ہے۔

کم نیند:
دماغ کے لیے تباہ کن عادات میں سے ایک نیند کی کمی یا رات گئے سونا ہے جو کہ ڈیمینشیا اور الزائمر امراض کا خطرہ بڑھاتی ہے، اگر رات کو 7 سے آٹھ گھنٹے کی نیند پوری نہ کی جائے تو یہ خطرہ بڑھ جاتا ہے اور بدقسمتی سے آج کل بیشتر افراد اس بری عادت کے شکار ہیں۔

تنہا وقت گزارنا:
انسان میل ملاقات کو پسند کرتے ہیں، فیس بک پر چاہے کتنے بھی زیادہ دوست ہو مگر حقیقی زندگی میں کوئی دوست نہ ہونا دماغ کے لیے مضر ثابت ہوتا ہے، ایک تحقیق کے مطابق چند قریبی دوست زندگی کو خوش باش اور کیرئیر میں زیادہ بامقصد کام کرنے میں مدد دیتے ہیں، اسی طرح دماغی تنزلی اور الزائمر جیسے امراض کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔

جنک فوڈ کا زیادہ استعمال:
دماغ کے وہ حصے سیکھنے، یاداشت اور دماغی صحت وغیرہ کے لیے ہوتے ہیں، ان کا حجم ایسے افراد میں بہت چھوٹا ہوتا ہے جو جنک فوڈ جیسے برگرز، فرنچ فرائز اور سافٹ ڈرنکس کے شوقین ہوتے ہیں، دوسری جانب بیریاں، اجناس، گریاں اور سبز پتوں والی سبزیاں دماغی افعال کو محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہونے والی غذائیں ہیں۔

ہیڈ فون لگے رہنا:
جب کانوں کے پردے میں ہیڈفونز کا شور سنائی دے تو سننے کی سماعت متاثر ہونے کا خطرہ ہوتا ہے، مگر معاملہ صرف کانوں تک ہی محدود نہیں بلکہ یہ دماغی مسائل جیسے الزائمر اور دماغی ٹشوز ختم ہونے وغیرہ کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

سست طرز زندگی:
جتنا آپ جسمانی سرگرمیوں سے دور ہوتے ہیں، اتنا ہی دماغی تنزلی کے مرض ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس کے علاوہ ذیابیطس، امراض قلب اور ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض کا خطرہ بھی ہوتا ہے اور یہ سب الزائمر سے بھی جڑے ہوتےہیں۔

: حد سے زیادہ کھانا

اگر آپ بہت زیادہ کھانا کھاتے ہیں چاہے وہ صحت کے لیے ضروری غذائیں ہی کیوں نہ ہو، آپ کا دماغ سوچنے اور یاد رکھنے کے لیے مضبوط نیٹ ورک کو تشکیل دینے کے قابل نہیں رہتا، حد سے زیادہ کھانا خطرناک حد تک جسمانی وزن بڑھا سکتا ہے جس کے نتیجے میں امراض قلب، ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر جیسے امراض کا خطرہ بڑھتا ہے جو آگے بڑھ کر دماغی مسائل کا باعث بنتے ہیں۔

سورج سے دوری:
اگر آپ کے جسم کو مناسب مقدار میں قدرتی روشنی نہیں ملتی تو ڈپریشن کا خطرہ تو بڑھتا ہی ہے اس کے ساتھ ساتھ دماغ کی رفتار بھی سست روی کا شکار ہوسکتی ہے، تحقیق کے مطابق سورج کی روشنی دماغ کو ٹھیک طرح کام کرنے میں مدد دیتی ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے 27دسمبر کو پیپلز پارٹی کے جلسے سے امیدیں لگا لیں ،ان کاکہناہے کہ کل 27دسمبر ہے ،دیکھتے ہیں پیپلز پارٹی کیا اعلان کرتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پوری اپوزیشن متفق ہے کہ پاناما پر نواز شریف کو جواب دینا پڑے گا ۔عمران خان نے چوہدری نثار کے نیب چیئر مین سے متعلق بیان کا خیر مقدم بھی کیا ۔

میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جب بھی حکومت قانون توڑتی ہے تو اپوزیشن کو جواب لینا ہو تاہے ،پاناما میں جو اربو ں روپے باہر گئے وہ عوام کا پیسہ ہے ۔

ان کاکہنا تھا کہ نیب پاکستان میں کرپشن بڑھا رہی ہے ،اگر نیب کامیاب ہوتی تو کرپشن نہ بڑھتی،نواز شریف کے خلاف نیب میں 12کیسز ہیں ،پاکستان کی تاریخ میں پاناما اہم کیس ہے ۔

عمران خان نے کہا کہ چوہدری نثار نے کہا نیب چیئر مین سپریم کورٹ مقرر کرے ،ان کے اس بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں ،نیب کو سپریم کورٹ کے ماتحت ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا المیہ ہے لوگ کہتے ہیں نواز شریف کو سزا نہیں ہو گی ،پاکستان کا نظام صرف کمزوروں کو پکڑتا ہے ۔چیئر مین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ یہودی لابی پہلے ہی پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خلاف لگی ہوئی ہے ،ایسے میں خواجہ آصف کے نیو کلیئر حملے سے متعلق بیان سے پاکستان کی بدنامی ہوئی ۔

 

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی امیدوں پر پانی پھرگیا اور ان کی فلم ’دنگل‘امریکہ میں باکس آفس پر ’پی کے ‘ اور ’باہوبلی‘ کا ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہی ، پہلے دن دولاکھ بیاسی ہزار دوسواسی ڈالر کا بزنس کیا ۔

زرائع کے مطابق عامر خان کی ہندی فلم دنگل نے امریکی باکس آفس پر شاندارطریقے سے اپناآغاز کیا لیکن پی کے اور باہوبلی کی ریلیز کے ابتدائی ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہی حالانکہ عامر خان امریکہ میں معروف بالی ووڈاداکاروں میں سے ایک ہیں، کرسمس کی وجہ سے دنگل کے ڈسٹری بیوٹرز نے بھی فلم کی ریلیز کے موقع پر ملک بھر میں وسیع انتظامات کیے تھے اور سکریننگ کیلئے کئی تھیٹرز بک کرالیے تھے۔

فلم ’پی کے‘ 280سینماگھروں میں ریلیز کیساتھ عامر خان کی سب سے بڑی ریلیز ہونیوالی فلم تھی اور اب دنگل نے سکریننگ کا ریکارڈ توڑ دیا اور 330سینماءگھروں میں سکرین ہوئی اور یہ امریکہ میں سب سے بڑی ریلیز ہی قرارپائی ۔ اس سے پہلے رنویرسنگھ کی فلم باجی راﺅمستانی 300سکرینوں پرریلیز ہوئی تھی ۔

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ دنگل پہلے دن کے کاروبار میں دولاکھ بیاسی ہزار دوسواسی ڈالرتک محدود رہی جبکہ عامر خان کی ہی فلم ’پی کے‘ نے ایک دن میں دس لاکھ ڈالر (ایک ملین ڈالر) کا کاروبار کیاتھاجبکہ باہوبلی نے پی کے سے بھی 10ہزار ڈالر زیادہ کا بزنس کیاتھا، خیال کیا جارہاتھاکہ ’دنگل‘ تمام ریکارڈ توڑدے گی لیکن بظاہرواضح فرق کیساتھ فلم ’دنگل‘ کاروبارمیں پیچھے رہ گئی۔

 

 


ایمزٹی وی(تجارت)کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان ا سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان رہا ہے اور کے ایس ای 100انڈیکس 46ہزار 689پوائنٹس کی سطح پر بند ہو ا ۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان رہا اور کے ایس ای 100انڈیکس 55پوائنٹس کے معمولی اضافے کے بعد 46ہزار 689پوائنٹس کی سطح پر بند ہو گیا ۔

پی ایس ایکس میں آج8کروڑ 34لاکھ 95ہزار 50شیئرز کا لین دین ہوا جن کی مارکیٹنگ ویلیو 64ارب 60کروڑ70لاکھ 8ہزار 63روپے تھی ۔کے ایس ای 100انڈیکس میں آج مجموعی طور پر 386کمپنیوں نے کاروبار کیا جن میں سے 185کمپنیوں کے شیئرز کی ویلیو میں اضافہ ،181کمپنیوں کے شیئرز کی ویلیو میںکمی جبکہ 20کمپنیوں کے شیئرز کی ویلیو اپنی سطح پر مستحکم رہی ۔