Tuesday, 08 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمز ٹی وی (کھیل) لاہور قلندرز جاز رائزنگ اسٹارز کرکٹ ٹورنامنٹ میں لاہور ، سرگودھا اور فیصل آباد نے آج کھیلے گئے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔

قذافی اسٹیڈیم میں جاری ایونٹ میں لاہور رائزنگ اسٹارز نے بہاولپور رائزنگ اسٹارز کو آؤٹ کلاس کر دیا ، پہلے بولرز نے حریف ٹیم کو 114 رنز پر آؤٹ کیا۔بلال انور نے تین وکٹیں حاصل کیں، ہدف کے تعاقب میں رضوان حسین نے شاندار بیٹنگ کی اور 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو آٹھ وکٹ سے فاتح بنا دیا ۔

اس سے پہلے ہونے والے میچ میں فیصل آباد کے خلاف ڈی جی خان رائزنگ اسٹارز کے بیٹسمین ناکام رہے ، ٹیم نو وکٹ پر صرف 102 رنز ہی بنا پائی ،، ثاقب اور سکندر نے 19-19 رنز بنائے احمد صافی نے تین وکٹ حاصل کیں۔
جواب میں فیصل آباد رائزنگ اسٹارز نے ہدف چار وکٹ پر حاصل کر لیا۔ علی شان 39 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ایک اور میچ میں سرگودھا رائزنگ اسٹارز نے گوجرانوالہ رائزنگ اسٹارز کو 16 رنز سے ہرا دیا، سرگودھا نے سات وکٹ پر 154 رنز بنائے ، کاشف جاوید 43 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے،جواب میں گوجرانوالہ رائزنگ اسٹارز 138 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ایونٹ کے تمام میچز جیوسوپر براہ راست نشر کر رہا ہے۔


ایمز ٹی وی(ممبئی)بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں انسانیت سوزظلم کے بعد دنیا بھی اس کے اوچھے ہتھکنڈوں سے واقف ہوچکی ہے جب کہ ان ہی کہ ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا نے بھی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے دنیا میں تنہا ہونے کا خطرہ ہے۔

بی جے پی کی اتحادی شیوسینا نے جریدے سامانا کے اداریئے میں بھارتی حکومت پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے انتخابی مہم میں کہا تھا 56 انچ سینہ ملک کے مسائل حل کرسکتا ہے جب کہ اب وزیراعظم نوازشریف 56 انچ سینہ دکھا رہے ہیں۔

شیوسینا کی جانب سے کہا گیا کہ اڑی حملے کے معاملے پردنیا کا کوئی ملک بھارت کے ساتھ نہیں ، چین نے حملے کی مذمت کی اورنہ ہی 1971 میں بھارت کا ساتھ دینے والے روس نے پاکستان کے ساتھ جنگی مشقیں منسوخ کیں جس کے بعد بھارت کے دنیا میں تنہا ہونے کا خطرہ ہے اوربھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کوتنہا کرنے کی سازشیں لاحاصل ہورہی ہیں۔
شیوسینا نے کہا کہ مسلم ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ، انڈونیشیا کی بھارت کے ساتھ پرانی دوستی اس کے باوجود وہ بھی پاکستان کو دفاعی ہتھیاروں کی پیشکش کررہا ہے جب کہ نیپال بھی پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے۔


ایمزٹی وی(امریکا)امریکا میں ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن اور ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ میں قومی سطح پر مباحثے شروع ہوگئے ہیں۔ ہلیری کلنٹن نے پہلے مباحثے میں ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دے دی۔ نتائج کے مطابق مباحثہ دیکھنے والے 62 فیصد ناظرین نے ہلیری کلنٹن کو ووٹ دیئے جبکہ صرف 27 فیصد ناظرین نے ڈونلڈ ٹرمپ کو سراہا۔
پندرہ پندرہ منٹ کے چھ سیشنز میں دونوں امیدواروں نے ایک دوسرے کو ترکی بہ ترکی جواب دے کر اپنی پالیسیوں کا دفاع کرنے کی کوشش بھرپور کی۔
مباحثے کے دوران ہیلری کلنٹن نے کہا کہ ٹرمپ اپنے آپ میں رہتے ہیں جبکہ ان کے منصوبے غیر منصفانہ اور صرف امیروں کے لئے ہیں۔ ہلیری کلنٹن نے امریکیوں کو یہ ہولناک خبر بھی سنائی کہ ٹرمپ کے مجوزہ پروگرام پر عملدرآمد سے 35 لاکھ نوکریاں ختم ہوجائیں گی۔
انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ٹرمپ اپنے ٹیکس گوشوارے عوام کے سامنے کیوں نہیں لارہے ہیں؟ البتہ ہلیری کلنٹن نے سرکاری نیٹ ورک کو نجی ای میل کیلئے استعمال کرنے پر اپنی غلطی کا اعتراف بھی کیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ داعش میں غیرملکی افراد بھی شامل ہورہے ہیں۔ داعش کو شکست دینے کے لئے منصوبہ بنایا جاچکا ہے جبکہ ایران سے جوہری معاہدہ سفارت کاری کی اعلی مثال ہے۔
دوسری طرف ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ہلیری کلنٹن کو آڑے ہاتھوں لیا اور اپنی پالیسیاں واضح کیں۔ ٹرمپ نے بارک اوباما کی ملکی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہزاروں نوکریاں ہمارے ہاتھ سے جارہی ہیں؛ اور اب انہیں (ڈونلڈ ٹرمپ کو) روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے ہوں گے۔ نکتہ چینی کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 8 سال میں قرضے دوگنے ہوگئے ہیں اور ’’ہماری منڈیوں پرچین اورمیکسیکو کےاثرات ہیں۔‘‘
ٹرمپ نے جوابی مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ہلیری ٹیکس تفصیلات سامنے لائیں تو وہ بھی لے آئیں گے، ’’جتنا پیسہ مشرق وسطی میں خرچ کیا گیا، اس سے لگتا ہے کہ ہمیں پیسوں کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ اور تو اور، ڈونلڈ ٹرمپ نے سیاہ فام امریکی صدر بارک اوباما کے بارے میں یہاں تک کہہ دیا کہ وہ امریکہ سے باہر پیدا ہوئے اور امریکہ میں ان کی پیدائش کا جعلی سرٹیفکیٹ بڑی مشکل اور محنت سے حاصل کیا گیا ہے۔ اس اعتراض کو ہلیری کلنٹن نے ’’دل توڑنے والا جھوٹ‘‘ قرار دیا۔
عالمی تپش (گلوبل وارمنگ) کے بارے میں جواب دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ دنیا کو گلوبل وارمنگ سے کہیں زیادہ خطرہ ایٹمی ہتھیاروں سے ہے۔

ایمز ٹی وی (کھیل) عالمی چیمپئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے ہاتھوں دو مسلسل ٹی 20 انٹر نیشنل میچوں میں شکست کے بعد منگل کو شیخ زید اسٹیڈیم میں بقا کی جنگ لڑے گی اور سیریز کے آخری میچ کو جیتنے کے لئے سر دھڑ کی بازی لگانے کے لئے پرعزم ہے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا آخری میچ پاکستانی وقت کے مطابق شب نو بجے شروع ہوگا۔ پاکستان سیریز دو صفر سے جیت چکا ہے۔ اس لئے ٹیم انتظامیہ بولنگ لائن میں تبدیلی کرکے رومان رئیس اور محمد عامر کو موقع دینا چاہتی ہے جبکہ حسن علی اور وہاب ریاض کو ون ڈے سیریز سے قبل آرام دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیٹنگ لائن میں کسی تبدیلی کاکوئی امکان نہیں ہے۔ دوسرے میچ میں حسن علی نے چار اوورز میں49 رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے تھے۔24سالہ رومان کا تعلق کراچی سے ہے۔

سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹیم نے سلو وکٹوں پر اور سخت گرم موسم میں ویسٹ انڈیز کو آئوٹ کلاس کردیا ہے۔ پہلے میچ میں عماد وسیم کی پانچ وکٹوں نے ویسٹ انڈیز کو شکست کے دھانے پر پہنچایا۔ دوسرے میچ میں سرفراز احمد نے ایک بار پھر دھوکا نہیں دیا اور فائٹنگ 46ناقابل شکست رنز بناکر پاکستان کو سیریز میں کامیابی سے ہم کنار کرادیا۔

سرفراز احمد کہتے ہیں کہ جیت کا کریڈٹ کسی ایک کو دینا مشکل ہے۔ دونوں فتوحات ٹیم اسپرٹ کے مرہون منت ہیں۔ پاکستان کا سیریز جیتنے کے باوجود عالمی رینکنگ میں کوئی فرق نہیں پڑا ہے جو اس وقت ساتویں ہے البتہ اس کے اور چھٹے نمبر کی ٹیم انگلینڈ کے درمیان پوائنٹس کا فرق کم رہ جائے گا۔

اگر ویسٹ انڈیز کی ٹیم یہ سیریز جیت جاتی تو وہ عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسرے سے دوسرے نمبر پر آجاتی۔

ایمز ٹی وی (کراچی)سپلی ریجن کے صدر پروفیسر فیروز الدین صدیقی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے محکمہ اینٹی کرپشن کے انویسٹی گیشن آفیسر ویزٹ زون 2کی جانب سے ان تمام سنیئر اساتذہ کو جوکہ مختلف مضامین میں بحیثیت ہیڈ اگز یمز اور ڈ پٹی ہیڈ اگز یمز کے فرائض انجام دے رہے تھے انہیں اینٹی کرپشن کے ڈپارٹمنٹ کے نو ٹسز جاری کر کے اپنے آفس میں طلب کیا جا رہا ہے ۔

 

لہذٰا ہم سپلی فرسٹ ائیر کے امتحانی پرچوں کے جا نچنے کے عمل کے بائیکا ٹ کا اعلان کرتے ہیں جبکہ نتائج کی تیاری سمیت بورڈ کے کسی بھی عمل کا حصہ نہ بننے کا بھی اعلان کرتے ہیں۔

ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کےلیے ویسٹ انڈیز کی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔ جیسن ہولڈر ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز 13 اکتوبر سے ہو گا۔ تین میچز کی سیریز کا آخری میچ ڈے اینڈ نائٹ کھیلا جائےگا۔

ویسٹ انڈیز کے ٹیسٹ اسکواڈ کی کپتانی جیسن ہولڈر کریں گے۔ کریگ بریتھ ویٹ وائس کپتان ہوں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں دیوندرا بشو، بلیک ووڈ، کارلوس بریتھ ویٹ، ڈیرن براوو، وٹون چیز، میگوئل کمینز، شان ڈورچ، شینن گیبریل ، شائی ہوپ ، لیئون جانسن ، الزاری جوزف ، مارلن سیموئلز اور جومل واریکن شامل ہیں


ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف نے دس منٹ میں لاہور شہر بند کرنے کی منصوبہ بندی کر لی
ذرائع کے مطابق حکومت کے ساتھ تناو کی صورت میں شہر کو بند کرنے کے لیے فیصل واڈا کی سربراہی میں 200سے زائد کارکنوں کی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو لاہور کے داخلی خارجی راستے اور اہم مارکیٹیں بند کرائیں گے ۔

تفصیلات کے مطابق آج فیصل واڈا کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں لاہور کو دس منٹ میں بند کرانے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ۔فیصل واڈا نے واضح کیا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاری کی صورت میں لاہور شہر کو 10منٹ میں بند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس سے پہلے عمران خان نے بھی میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ن لیگ نے ہمارے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا تو پھر شہر کو بند کرنے کے آپشن پر غور کیا جائے گا ۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد)ایوان بالا میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کے خلاف ملکی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے۔

اسلام آباد میں چیئر مین سینیٹ رضا ربانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ق کے سینیٹر سعید مندو خیل نے بانی ایم کیو ایم کے خلاف قرار داد پیش کی ۔قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان بانی ایم کیو ایم کے کلمات ،نعروں اور کارکنان کو میڈ یا ہاوسز پر حملے کے لیے اکسانے کی مذمت کرتا ہے ۔قرار داد میں کہا گیا کہ میڈ یا ہاوسز پر حملے اور امن و امان خراب کرنے پر بھی سخت کارروائی کی جائے ،دیگر افراد کیخلاف بھی ملکی قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے۔


ایمزٹی وی(اسلام آباد)عدالت نے لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیز کو دھمکیوں اور شرانگیز تقاریر کے مقدمات میں بری کرتے ہوئے مدعی کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ محمد نصیرالدین نے لال مسجد کے سابق خطیب مولانا عبدالعزیز کے خلاف دھمکیوں اور شرانگیز تقاریر کے مقدمات کی سماعت کی۔ دوران سماعت وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ پولیس نے مولانا عبدالعزیز کو چالان میں بے گناہ قرار دیا ہے جبکہ ان کے خلاف دھمکیوں کا مقدمہ جھوٹا درج کیا گیا ہے۔
عدالت مولانا عبدالعزیز کو ان مقدمات سے بری کر کے دھمکیوں کے مقدمے میں مدعی کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ مولانا عبدالعزیز کے خلاف تھانہ آبپارہ میں 2 مختلف مقدمات درج ہیں۔

ایمز ٹی وی (کھیل) جاپان کو ایک اور انٹرنیشنل ایونٹ کی میزبانی مل گئی، اتوار کو ایچی پریفیکچر اور دارالحکومت ناگویا کے2026ایشین گیمز کے میزبان ہونے کی اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے) نے تصدیق کردی۔
ایچی پریفیکچر کے گورنر ہائیڈیاکی اوہمرا اور ناگویا سٹی کے میئرتاکاشی کاوامورا کی جانب سے او سی اے کی جنرل اسمبلی میں مشترکہ طور پرمیزبانی کی آفر پیش کرنے کے بعد ایشین کونسل نے رسمی طور پر میزبانی پر مہر تصدیق ثبت کردی۔
جنرل اسمبلی کا اجلاس حالیہ طور پر 5ویں ایشین بیچ گیمز کی میزبانی کرنے والے دانانگ میں ہوا، ایشیائی ادارے کو 2026گیمز کے انعقاد کے سلسلے میں فیصلہ2018میں لینا تھا تاہم اگلے8 برسوں میں اس خطے میں3اولمپکس ایونٹ کے انعقاد کے باعث جلدی فیصلہ کرلیا گیا،اس کی وجہ پرہجوم ایونٹس کے پیش نظرمیزبان کو پہلے سے تیاری کا موقع فراہم کرنا بھی ہے، جنوبی کوریا پہلے ہی ونٹراولمپکس کیلیے بطور میزبان اپنی خدمات فراہم کرنے کیلیے تیار ہےجو2018میں پائیون چانگ میں منعقد ہوگا، ٹوکیو 2020میں سمر اولمپکس کیلیے اپنے دروازے کھولے گا جبکہ اس کے بعد 2022 میں ونٹر گیمز کا بیجنگ میں انعقاد طے ہے۔

ہر چار سال بعد کھیلے جانے والے ایشین گیمز کے 2018 ایڈیشن کی میزبانی پہلے ہی انڈونیشیا کے شہروں جکارتا اور پالیمبینگ کو مشترکہ طور پر سونپی گئی ہے، مذکورہ ایونٹ کے2022ایڈیشن کا انعقاد چین کے شہر ہوانگزو میں ہونا ہے، ٹوکیو میں بھی اولمپک گیمز 2020میں دنیا بھر سے ایتھلیٹس شریک ہوں گے، جبکہ 2019 میں ملک رگبی ورلڈکپ کی میزبانی کریگا، اس کے علاوہ ایشین ونٹر گیمز 2017اور ورلڈ سوئمنگ چیمپئن شپ 2021بھی اسی کی سرزمین پر منعقد ہونگے، جاپان اس سے قبل دو بار 1958 ٹوکیو اور 1994ہیروشیما میں ایشین گیمز کی میزبانی کرچکا ہے،2026ایشین گیمز کے20ویں ایونٹ کی میزبانی ملک کے سپرد ہونے سے اگلی دہائی کے دوران جاپان ایک اور اہم ایونٹ کی میزبانی پانے میں کامیاب ہوا ہے، دریں اثنا ناگویا کے میئر تاکاشی کاوامورانے وعدہ کیا ہے کہ گیمز تفریح سے بھرپور ہونگے۔

انھوں نے اپنی بات کی تصدیق کیلیے جوش جذبات میں ایشین کونسل کی اسمبلی کو مشہور گلوکار ایلوس پریسلے کے گانے کے بول بھی سنا دیے، گیمز کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے گورنر اور میئر دنوں نے جاپان کی مستحکم اکانومی اور جدید ٹیکنالوجی کا بھی حوالہ دیا جبکہ ملک کی جانب سے اہم اسپورٹس ایونٹس کے کامیابی سے انعقاد کو بھی یاد دلایا، جاپان کی طرف سے میزبانی کی پیشکش پر اسمبلی کے ربر اسٹیمپ کے بعد بولی دینے والے وفد اور او سی اے کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے، او سی اے کے صدر احمد ال فہد الصباح نے ویتنام میں ہونے والے اجلاس کے دوان اسمبلی کو بتایا کہ ہمارے اہم ایونٹ کا روڈ میپ اور اسپورٹس کلینڈر کافی مستحکم ہے، انھوں نے کہا کہ ایشیا کو بہت سارے انٹرنیشنل فیڈریشنزکیلیے بہت سارے انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی کرنی ہے، اس لیے ہم اپنے مختلف ایونٹس کیلیے ایک مستحکم پروگرام کا انعقاد کرنا چاہتے ہیں۔