Tuesday, 08 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) پاکستانی نژاد برطانوی اداکار مارک انور کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم پر آواز اٹھانا مہنگا پڑگیا جس کے بعد انہیں ڈرامے سے نکال دیا گیا۔

مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی غاصب فوج کے مظالم کے خلاف دنیا بھر میں آواز اٹھائی جارہی ہے جس میں اداکار بھی پیش پیش ہیں جب کہ گزشتہ دنوں ہالی ووڈ اداکارہ ایریکا ڈیرکسن نے بھارتی ظلم و بربریت کا آنکھوں دیکھا حال بتا کر دنیا کو حیران کردیا تھا اور اب برطانوی اداکار مارک انور کو بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانا مہنگا پڑ گیا ہے۔

پاکستانی نژاد برطانوی اداکار مارک انور کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھانا مہنگا پڑگیا جس کے بعد انہیں بغیر کسی نوٹس کے ڈرامے کی کاسٹ سے فی الفور نکال دیا گیا ہے جب کہ ٹی وی چینل کی جانب سے اداکار سے ٹوئٹ کے حوالے سے باز پرس بھی کی گئی۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) کوک اسٹوڈیو کے سیزن 9 سے شہرت حاصل کرنے والی خوبصورت اوردلکش گلوکارہ مومنہ مستحسن نے منگنی کرلی ہے جس کے بعد اس تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔

گزشتہ دنوں گلوکارہ مومنہ مستحسن نے امریکا کے رہائشی بینکر علی نقوی سے منگنی کرلی ہے جب کہ دونوں کی منگنی کی تقریب انتہائی سادگی کے ساتھ انجام پائی جس میں رشتے داروں اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔

دوسری جانب گلوکارہ کی منگنی کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں جسے مداحوں کی جانب سے انہیں مبارک باد کے پیغٖامات دیئے جارہے ہیں اور سماجی رابطے کی وب سائٹ ٹوئٹر پر گلوکارہ کی شادی ٹاپ ٹرینڈ بن گئی ہے۔

واضح رہے کہ مومنہ مستحسن اور گلوکار علی ظفر کے بھائی دانیال ظفر کے درمیان قریبی تعلقات کی خبریں بھی گردش کرتی رہی ہیں۔


ایمزٹی وی(تعلیم/ پشاور) پشاور یونیورسٹی ٹیچر ایسوسی ایشن کی کال پر یونیورسٹیز ایکٹ کے خلاف اساتذہ نے ہڑتال کردی ہے، اساتذہ کا مؤقف ہے کہ یونیورسٹیز ایکٹ میں ان سے مشاورت نہیں کی گئی۔

جنرل سیکرٹری پیوٹا ڈاکٹر اقبال کا کہنا ہے کہ اساتذہ نے کلاسوں کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ ایکٹ میں اساتذہ سے مشاورت نہیں کی گئی، اور اس ایکٹ میں بار بار ترامیم بھی کی گئیں۔

جنرل سیکرٹری کا مزید کہنا کہ اساتذہ کی مشاورت سے ایک ہی ایکٹ بنایا جائے، ایکٹ واپس نہیں لیا گیا تو احتجاج کا دائرہ دیگر یونیورسٹیوں تک بڑھایا جائےگا


ایمزٹی وی(بلوچستان)کوئٹہ میں وکلاء نے سانحہ سول اسپتال کےخلاف جاری عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ ختم کردیا ہے جبکہ بائیکاٹ کےخاتمےکےبعد عدالتوں میں رونقیں بحال ہوگی ہیں۔

وکلاء8 اگست کے سانحہ کےخلاف ہڑتال پر تھے ، ڈیڑھ ماہ بعد عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ ختم کر نے کے بعدوکلاء مقدمات کی پیروی کےلئےعدالتوں میں پہنچ گئے ہیں۔

سائلین بھی بڑی تعداد میں عدالتوں کا رخ کررہے ہیں، گزشتہ روز وکلاء تنظیموں نےعدالتی کارروائی کا مکمل بائیکاٹ ختم کرکےہفتہ میں صرف2 روز ہڑتال کا فیصلہ کیاتھا۔

بلوچستان ہائی کورٹ بار کے صدر عبدالغنی خلجی کے مطابق ہفتے میں منگل اور جمعرات کو عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیاجائےگا،اس دوران احتجاج بھی کیا جائے گا اور احتجاج کا سلسلہ سانحہ کوئٹہ کےملزمان اوروکلاء کو تحفظ کی فراہمی تک جاری رہےگا۔


ایمزٹی وی(نئی دہلی)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے سے متعلق اجلاس ہوا ہے جس میں اس معاہدے کے مختلف پہلووں کا جائزہ لیا گیا تاہم اس دوران سند ھ طاس معاہد ے سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر اعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری نریندرہ مشرہ ،نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اجیت ڈول اور سیکریٹری خارجہ جے شنکر نے شرکت کی جس میں سندھ طاس معاہدے کے قانونی ،سیاسی اور سفارتی پہلووں کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں اڑی حملے کے بعد سندھ طاس معاہدے کوختم کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے سابق سیکریٹری خارجہ کنول سبل نے کہا ہے کہ سندھ طاس بین الاقوامی معاہدہ ہے اور بھارت ذمہ دار ملک ہے اس لیے ہمیں بین الاقوامی سطح پر ذمہ داری کا مظاہر ہ کرنا ہو گا۔

واضح رہے کہ 1960میں پاکستانی صدر ایوب خان اور بھارتی وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کے درمیان سند ھ طاس معاہدہ طے پایا تھا جس کے مطابق دریائے بیاس،راوی اور ستلج کا کنٹرول بھارت کے پاس جبکہ پاکستان کا کنٹرول ذدریائے سندھ ،جہلم اور چناب پر رکھا گیا تھا ۔


ایمزٹی وی(تعلیم/کراچی)ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا ساتواں سالانہ کانو وکیشن گزشتہ روز اوجھا کیمپس میں منعقد ہوا۔جس میں 1500 سے زائد طلبا وطالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔یہ ڈگریاں ایم بی ڈی ایس، نرسنگ، فزیکل میڈیسن،میڈیکل ٹیکنالوجی،پی ایچ ڈی میں گریجویشن مکمل کرنے والے طلباو طالبات کو دی گئیں۔ کانووکیشن کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔

کانووکیشن میں وائس چانسلر پروفیسر مسعود حمید خان ،پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد مسرو پروفیسر خاور جمالی، رجسٹرار پروفیسر شیخ ندیم احمدسمیت معززین، اکیڈمی کونسل اراکین، پروفیسرز، ایچ او ڈیز، لیکچررز، طلبااور ان کے والدین بھی موجود تھے ۔
تقریب سےخطاب کرتے ہوئے پروفیسر مسعود حمید خان نے کہا کہ ڈ اؤ یونیورسٹی کو چھ کامیاب جگر کی پیوندکاری پر پہلی سرکاری یونیورسٹی ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور اب جلد ہی یونیورسٹی رینل اور بون میرو ٹراسپلانٹ شروع کریگی۔

پروفیسر مسعود حمید خان نے کہا کہ 2003ء میں اس کے آغاز کے وقت صرف تین انسٹی ٹیوٹ تھے جو اب87انسٹی ٹیوٹ تک ہوگئے ہیں۔ یونیورسٹی اپنے آغاز سے اب تک کمیونٹی کو بہترین طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے مسلسل کوشاں ہے ۔ انہوں نے طلباء و طالبات ملک و قوم کی ترقی کیلئے کام کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانووکیشن کا دن ان طالب علموں کیلئے کامیابی کا دن ہے۔ -


ایمزٹی وی(تعلیم)ٹیچرایسوسی ایشن نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف گزشتہ روز کراچی پریس کلب کے باہراحتجاجی مظاہرہ کیا جس میں کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے اساتذہ نے شرکت کی۔

مظاہرے کی قیادت نعمان میمن،سرفرازعلی چنا، نصرت ارشاد اوردیگر کررہے تھے ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرزاورپلے کارڈزاٹھارکھے تھے۔ اساتذہ نے بلاول بھٹوزرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ کراچی کے اساتذہ کوتنخواہیں جاری کی جائیں ،بصورت دیگرایک ہفتے بعدوزیراعلیٰ ہاؤس کے باہردھرنا دیں گے۔

ایمز ٹی وی (نیویارک) ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناہےکہ اگر وہ صدر منتخب ہوگئے تو یروشلم کو اسرائیل کا ’غیر منقسم‘ دارالحکومت تسلیم کرلیں گے۔

تفصیلات کےمطابق نیویارک میں واقع اپنی رہائش گاہ ٹرمپ ٹاور میں اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے تسلیم کیا کہ یروشلم 3000 سال سے یہودی افراد کا ابدی دارالحکومت رہا ہے۔

ریپبلکن امیدوار کا کہنا تھا کہ اگروہ امریکہ کے صدر منتخب ہوتے ہیں تو یروشلم کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت مانے گیں۔

انہوں نے نتن یاہو سے وعدہ کیا کہ اگر وہ صدر منتخب یوگئے تو اسرائیل کو ’غیرمعمولی اسٹریٹیجک، ٹیکنالوجیکل اور عسکری تعاون‘ فراہم کریں گے۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے 1967 کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران یروشلم کے مغربی حصے پر قبضہ کر لیا تھا اور1980 میں اس کے الحاق کا اعلان کرتے ہوئے اسے اسرائیل کا متحدہ دارالحکومت قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکہ اور اقوام متحدہ کے بیشتر رکن ممالک اس الحاق کو تسلیم نہیں کرتے اور ان کے خیال میں یروشلم کا حتمی درجہ فلسطینیوں کے ساتھ امن مذاکرات میں اہم نکتہ ہے

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) کوک اسٹوڈیو سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ کومل رضوی ہالی ووڈ سے اداکاری کے میدان میں قسمت آزمائی کریں گی۔

پاکستانی گلوکارہ کومل رضوی گلوکاری کے میدان میں کامیابیاں اور شہرت سمیٹنے کے بعد اب اداکاری کے میدان میں بھی قسمت آزمائی کررہی ہیں جس کے لیے انہوں نے دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری ہالی ووڈ کا انتخاب کیا ہے۔

گلوکارہ کومل رضوی ہالی ووڈ فلم ’’آفرین‘‘ میں مرکزی کردار ادا کریں گی جس کی شوٹنگ اگلے ہفتے شروع ہوگی جب کہ فلم کینیڈا کے پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بنائی جارہی ہے۔

دوسری جانب کومل رضوی بھی ہالی ووڈ میں قدم رکھنے پر بے حد مسرور ہیں اور فلم میں اپنے کردار پر سخت محنت کررہی ہیں جب کہ ان کا کہنا تھا کہ فلم داعش کے خلاف اور مسلمانوں کے حق پر مبنی ہے جس میں کام کرنے پر خوش ہوں۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ کترینہ کیف نے اپنی فیشن برانڈ متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف اداکاری میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد اب فیشن برانڈ متعارف کرانے کا سوچ رہی ہیں، رپورٹس کے مطابق کترینہ گزشتہ کئی ماہ سے اپنے اس پراجیکٹ پر کام کررہی ہیں تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکی ہیں جب کہ بالی ووڈ اداکارہ کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ فیشن برانڈ میں ایسی چیزیں بنانے کا ارادہ رکھتی ہیں جس میں ان کی شخصیت کی جھلک نظر آئے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کترینہ کیف لندن میں کئی بزنس میٹنگ میں دیکھی گئی ہیں اور اگر تمام معاملات ٹھیک رہے تو بہت جلد کترینہ اپنے اس پراجیکٹ کا اعلان کریں گی۔