Monday, 07 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

ایمزٹی وی(پشاور) کوئٹہ سانحہ کے بعد مردان میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دو دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔ دہشت گردوں سے دو دستی بم اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپختونخوا نے صوبے میں امن دشمنوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں۔ سی ٹی ڈی مردان ریجن نے دہشت گردی کے منصوبے کی اطلاع ملنے پر کارروائی کی اور چارسدہ چوک مردان سے دو دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا جو چارسدہ سے مردان شہرمیں داخل ہو رہے تھے۔

گرفتار دہشت گردوں صالح شاہ اور وسیم سے دو دستی بم اور دو پستول برآمد کرلئے گئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتاردہشت گرد صالح شاہ کا تعلق اچینی بالا باڑہ جبکہ وسیم کا تعلق ناساپا پشاور سے ہے۔ دونوں دہشت گردوں کو مزید پوچھ گچھ کےلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں قومی سلامتی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا. اجلاس میں ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا جب کہ وزیر داخلہ چودہری نثاراورمشیر قومی سلامتی ناصرجنجوعہ نے بریفنگ بھی دی اوروزیراعظم کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان پرکل تفصیلی اجلاس پھرسے طلب کرلیا گیا ہے جسے اہم قراردیا جارہا ہے۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت سانحہ کوئٹہ میں بہنے والاخون رائیگاں نہیں جانے دے گی، ہم ایک نظریے کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں جو ہمارا طرززندگی بدلنا چاہتے ہیں، قوم متحد ہے اوردہشت گردوں کے مکمل صفائے کے لئے حکومت کے ساتھ ہے۔ ہم نے ملک کو درست راستے پر گامزن کر دیا ہے، اب پرامن،مستحکم اور خوشحال پاکستان کے ثمرات ہر شہری تک پہنچیں گے اور ہم ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی و انتہاپسندی سے پاک کریں گے۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ فاٹا میں کامیاب آپریشن کے بعد دہشت گرد مایوس ہو کر اہداف تبدیل کر رہے ہیں، دہشت گرد سمجھتے ہیں وہ قوم میں عدم برداشت اور اختلاف کے بیج بوسکتے ہیں، بہترنتائج کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک دوسرے سے تعاون بڑھائیں جب کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں بھی رابطہ کاری بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

ایمزٹی وی(تعلیم) گزشتہ روزسول اسپتال کے شعبہ حادثات میں بدترین دہشت گردی کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 71 ہوگئی ہے جب کہ واقعے پر شہر کی فضا دوسرے روز بھی سوگوار ہے۔

 

جبکہ شہرکی فضا دوسرے روز بھی برقرار ہے، صوبائی حکومت کے 3 روزہ سوگ کے اعلان پر تمام سرکاری، نیم سرکاری اوراہم نجی عمارتوں میں قومی پرچم سرنگوں ہیں۔ شہرکی تمام سرکاری و نجی جامعات، کالجز اور دیگر تعلیمی ادارے بند ہیں جب کہ شہر کے تمام چھوٹے بڑے بازار، مارکیٹیں، کاروباری مراکز اور دکانیں بند ہیں۔

ایمزٹی وی(تعلیم)وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ کامسیٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اپنی کا ر کرد گی مزید بہتر بنا ئے تاکہ عالمی درجہ بندی میں ہماری رینکنگ زیادہ بہتر ہو اور یہ یونیورسٹی بھی دُنیا بھر کی اعلیٰ پائے کی 500یونیورسٹیوں میں شامل ہوجائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

 

وفاقی وزیر نے کہا کہ کامسیٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر کی حیثیت سے میں اس انسٹیٹیوٹ کو دُنیا بھر کی اعلیٰ درجہ کی 500یونیورسٹیوں میں لانا چاہتا ہوں جس کیلئے وزارت سائنس وٹیکنالوجی ہر ممکن تعاون کرے گی ۔

ایمزٹی وی (تعلیم)پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کی اکیڈمک کونسل نے یونیورسٹی میں جیوگرافک انفارمیشن سسٹم اور ریموٹ سینسنگ کے نئے انسٹی ٹیوٹ کے قیام اور افغانستان کے طلبا کے لئے مختلف ڈگری پروگراموں میں داخلہ کے لئے سیٹیں مختص کرنے کی منظوری دے دی۔

 

زرعی یونیورسٹی ہونے کے ناطے تمام ڈگری کورس کے طلبا کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مینجمنٹ سائنسز میں زراعت کا ایک کورس پڑھنے کو لازمی کر دیا گیا ہے ۔ فیصلوں کی منظوری یونیورسٹی کے 54ویں اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت ڈاکٹر رائے نیاز نے کی۔

ایمزٹی وی(تعلیم)صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر کی زیر صدارت سکھر ڈویژن کے پرائمری، سیکنڈری اسکولز، کالجز اور پرائیویٹ اسکولز کے افسران کے ساتھ اسکولوں اور کالجز کے مسائل اور تعلیم کی بہتری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میںصوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر نے تمام اساتذہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکولوں اور کالجوں کی مخدوش عمارتوں کی فہرستیں بھیجی جائیں،فہرست فراہم نہیں کی گئی اوراسکول یا کالج میں کسی قسم کا حادثہ پیش آیا تو متعلقہ انتظامیہ کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی،

اسکولوں میں اسمبلی کے دوران قومی ترانہ پابندی کے ساتھ پڑھایا جائے ، قومی ترانہ پڑھنے سے ملک و قوم کے متعلق بچوں کی سوچ واضح ہو گی اور ان میں حب الوطنی کا جذبہ اور ملک کے ساتھ سچائی اور ایمانداری کا احساس پیدا ہو گا ، اساتذہ کاپی کلچر کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور اس ضمن میں ہم سب کا فرض ہے کہ ہم کاپی کلچر کے خاتمے کے لئے مل کر کام کریں،

اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر نے اسکولز اور کالجز کے اساتذہ کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسکولوں اور کالجز میں وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں اور اپنے ادارے کی خراب صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کریں۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ اسکولز اور کالجز کے ایس ایم سی فنڈز کا صحیح استعمال کیا جائے اور اس عمل میں کو ئی بھی کوتاہی یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جام مہتاب حسین ڈھر نے مزید کہا کہ جن اسکولز میں بجلی کا بندوبست نہیں ہے وہاں سولر سسٹم لگائیں جائیں ، انہوں نے اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے افسران کو ہدایت کی کہ اسکولز میں انرولمنٹ بڑھا نے کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں اوراسکولز اور کالجز میں کاپی کلچر کے خاتمے کے لئے اساتذہ اور طالبعلموں میں آگاہی پیدا کی جائے ۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اکثر اسکولز میں نئے نصاب کے مطابق کتابیں پہنچادی گئی ہیں جو کہ انرولمنٹ کے حساب سے طلبہ میں تقسیم کر دی گئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور والدین کو بچوں کی تعلیم وتربیت پر بھرپور توجہ دینی چا ہیے ۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ جشن آزادی کی مناسبت سے پورے صوبے میں نصابی اور غیر نصابی مقابلے کرائے جائیں اور بہتر کارکردگی پیش کرنے والے طلبہ اور طالبات میں انعامات تقسیم کئے جائیں تا کہ ان کی حوصلہ افزائی ہوسکے ، انہوں نے ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز کو بھی ہدایت کی کہ اسکولز کی رجسٹریشن کے قوانین پر سختی سے عمل کرایا جائے اور پرائیویٹ اسکولز میں سندھی مضمون کو لازمی طور پر پڑھایا جائے کیونکہ یہ ایکٹ سندھ اسمبلی میں پاس کرایا جا چکا ہے ، قبل ازیں ڈائریکٹر اسکولز زیب النساء منگی،ڈائریکٹر سیکنڈری اسکولز، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز اور ڈائریکٹر کالجز نے صوبائی وزیر کو اسکولز سے منسلک مسائل کے بارے میں آگاہی دی جس پر صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ محکمہ تعلیم کے مسائل مشاورت کے بعد فوری حل کئے جائیں گے۔

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی، ملاقات میں قومی اہمیت کے امور اور سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ریاست اور معاشرے پر اپنے بھٹکے ہوئے نظریات مسلط کرنا چاہتے ہیں اور جمہوریت کے ستونوں پرحملہ کررہے ہیں کوئٹہ حملہ دہشت گردوں کی اداروں کے خلاف نفرت کا اظہارہے ۔

 

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان مضبوط ، متحرک معیشت اور ترقی کی جانب تیزی سے گامزن ہے، دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم غیرمتزلزل ہے پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے ان کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد جاری رہے گا۔

ایمزٹی وی(کوئٹہ) سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے ملک بھر میں کومبنگ آپریشن شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔ ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت کور ہیڈ کوارٹر میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلی بلوچستان نواب ثنااللہ زہری اور چیف سیکرٹری بلوچستان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران آرمی چیف نے ملک بھر میں کومبنگ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے خیبرپختونخوا میں شکست کے بعد بلوچستان کا رخ کرلیا جب کہ کوئٹہ میں دھماکا بلوچستان کا امن تباہ کرنے کے لئے کیا گیا۔

کومبنگ آپریشن کے تحت انٹیلی جنس ایجنسیاں دہشت گری سے منسلک کسی بھی شخص اور کسی بھی مقام پر کارروائی کی مجاز ہوں گی۔

 

 

ترجمان پاک فوج کے مطابق اجلاس کے دوران آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی صورتحال کو قابو میں لانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، دہشت گرد بلوچستان میں بہتر ہوتی امن و امان کی صورتحال کو ایک مرتبہ پھر خراب کرنا چاہتے ہیں اور خاص طور پر وہ بلوچستان میں اقتصادی راہداری منصوبے کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں۔

اس سے قبل آرمی چیف نے کوئٹہ پہنچ کر سول اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی، آرمی چیف نے بلوچستان ہائیکورٹ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے سانحہ کوئٹہ پر چیف جسٹس بلوچستان سے اظہار افسوس کیا۔ اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض اور دیگر فوجی افسران بھی ہمراہ تھے۔

ایمزٹی وی(کوئٹہ)کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے جماعت الاحرار گروپ نے کوئٹہ میں حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سول اسپتال کی ایمرجنسی میں کیے جانے والے خود کش حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ جماعت الاحرار گروپ نے قبول کی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق جماعت الاحرار گروپ کے ترجمان احسان اللہ احسان نے ای میل میں کہا کہ آئندہ دنوں میں اس طرح کے مزید حملے کیے جائیں گے اور اس حوالے سے ایک ویڈیو رپورٹ بھی جلد جاری کی جائے گی۔

 

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے جماعت الاحرار گروپ نے اس سے قبل لاہور کے گلشن اقبال پارک کے قریب خودکش دھماکے کی بھی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں بچوں اور خواتین سمیت 72 افراد جاں بحق اور 300 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روزکوئٹہ کے سول اسپتال کی ایمرجنسی میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں میڈیا کے نمائندوں اور وکلا سمیت 70 افراد جاں بحق جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوئے۔

 

nisar mehdi 1470642920

ایمزٹی وی(کوئٹہ) سول اسپتال میں دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں میڈیا کے نمائندوں اور وکلاسمیت 18 افراد جاں بحق جب کہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے سول اسپتال کی ایمرجنسی کے مرکزی دروازے پر اس وقت دھماکا ہوا جب ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق ہونے والے بلوچستان ہائی کورٹ بار کے صدر بلال انور کاسی کی لاش لائی گئی تھی اور اس وقت وہاں وکلا ، میڈیا کے نمائندے اور اہم سرکاری شخصیات بھی موجود تھیں۔ دھماکے کے فوری بعد شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں اسپتال میں بھگدڑ مچ گئی۔

 

اسپتال ذرائع نے دھماکے کے نتیجے میں 18 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جن میں صحافی اور وکلا بھی شامل ہیں جب کہ 30 افراد زخمی ہیں ، زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہےجہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ زخمی ہونے والوں میں بلوچستان بار کے سابق صدر تاج محمد کاکڑ بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب واقعے کے بعد مشتعل افراد نے احتجاج کرتے ہوئے اسپتال کے مختلف شعبوں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی جس کے نتیجے میں طبی سہولیات کی فراہمی کا سامان اور دیگر دفتری سامان کا نقصان ہوا ہے جس کی مالیت لاکھوں روپے ہے۔

 

واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جب کہ دھماکے کی جگہ سے شوہد اکٹھے کرنے کا کام بھی شروع کردیا ہے تاہم خدشہ ظاہر کیا جارہاہے کہ حملہ خود کش تھا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا واقعہ بزدلانہ واقعہ ہے ،ملوث افراد کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں عوام ، فورسز اور پولیس کی بے پناہ قربانیوں کے بعد امن بحال ہوا، کسی کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔