Monday, 14 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد: بچوں کی خودکشی کی تحقیقات تک پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے پب جی پر پابندی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
 
علی خان جدون کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں ارکان نے بدنام زمانہ آن لائن گیم کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ عدالت نے پابندی اٹھانے کا فیصلہ دیا لیکن پی ٹی اے نے برقرار رکھی ہے۔ حکام نے بتایا ہائیکورٹ میں پب جی کے نمائندے نے پریس ریلیز کے ذریعے پابندی کا معاملہ اٹھایا،جس پرعدالت نے فریقین کو سن کر دوبارہ فیصلہ جاری کرنے کا حکم دیا۔
 
پی ٹی اے نے تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔ گیم کے متعلق متعدد شکایات ملیں، بچوں کی خود کشیوں کے بعد اس پر عارضی پابندی کا فیصلہ کیا۔کنول شوزب نے کہا قانونی طریقے سے گیم کھیلنے اور ریونیو حاصل کرنے پر پابندی ہے جبکہ پراکسیز کے ذریعے نوجوان آج بھی یہ گیم کھیل رہے ہیں۔
 
پی ٹی اے حکام نے بتایا پب جی سے معلومات مانگی ہیں،رجسٹریشن کیلئے بات چیت چل رہی ہے، 14 ہزار سے زائد پراکسیز بند کی ہیں،حتمی حکم تمام پہلو سامنے رکھ کر جاری کیا جائے گا۔
کراچی: ضیاءالدین یونیورسٹی اور ہسپتال کی جانب سے ہیپاٹائیٹس کے عالمی دن کےموقع پرورچوئل سیمینار ”فائند دا مسنگ ملینز“ کاانعقادکیاگیا۔ سیمینار میں ضیاءالدین یونیورسٹی کی پرو چانسلر اور فزیشن انٹرنل میڈیسن ڈاکٹر ندا حسین نےاپنےخیالات کااظہارکرتےہوئے کہناتھاکہ ”جگر کے مرض میں مبتلا افراد کو کورونا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ چونکہ ایسے مریضوں کے جگر پہلے سے ہی متاثر ہوچکے ہوتے ہیں اس لیے کورونا ان پر جلد حملہ آور ہوجاتا ہے۔ لہذا ایسے مریضوں کو بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے
 
ان کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائیٹس بی حاملہ خواتین سے بچے میں بھی منتقل ہوسکتا ہے جبکہ ہیپاٹائیٹس سی کے منتقل ہونے امکانات کم ہوتے ہیں، لیکن کوئی خاتون اگر ایچ آئی وی کے ساتھ ہیپاٹائیٹس کا شکار ہے تو پھر بچے میں منتقل ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
 
اس موقع پر ضیا ءالدین ہسپتال کے ماہر امراض جگر پاکستانی سوسائٹی فار اسٹڈی آف لیور ڈیزیز (PSSLD) کے صدر ڈاکٹر ضیغم عباس کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں ہیپاٹایٹس اے، بی، سی، ڈی اور ای تمام اقسام پائی جاتی ہیں ان کی اہم وجوہات میں، نشہ، شراب، وائرل انفکشنز وغیرہ شامل ہیں۔ ہیپا ٹائٹس کی اہم علامات میں پیلیا، قے، دل گھبرانا، چکر آنا، جگر کے امراض شامل ہیں۔ ہیپاٹائٹس خون کی منتقلی، غیر محفوظ جسمانی تعلقات اور استعمال شدہ ریزر سے منتقل ہو سکتا ہے۔ صفائی ستھرائی کا خیال نہ رکھنا بھی اس وائرس کے پھیلاؤ کی بنیادی وجوہات ہیں۔
 
پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو روکنے کے لیے حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دیگر مقررین جن میں ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ایم ایس ڈاکٹر زاہد اعظم اور ڈاکٹر ضیاءالدین ہسپتال کے ماہر امراض جگر ڈاکٹر قمر العارفین اور ڈاکٹر سہیل حسین کا کہنا تھا کہ یہ ایک ایسا مرض ہے جس کے بارے میں مریضوں کو پتہ نہیں چلتا اور جسم میں سرایت کر جاتا ہے۔ یہ مرض انتہائی خاموشی سے اپنے پنجے گاڑے رہتا ہے اسی لیے اس کو خاموش قاتل کہا جاتا ہے ۔ لوگوں میں ہیپاٹائٹس کے متعلق آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے اس انفیکشن کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔
کراچی: جامعہ کراچی نے ایم فل، پی ایچ ڈی،ایم ایس اور ایم ڈی کے انٹرویوز کے لئے امیدواروں کی فہرست جاری کردی۔
 
جامعہ کراچی کے رجسٹرارپروفیسرڈاکٹر سلیم شہزادکے اعلامیے کے مطابق ایم فل،پی ایچ ڈی،ایم ایس(سرجری) اور ایم ڈی(میڈیسن) آن لائن داخلے برائے سال 2020 ء کے انٹرویوز کے لئے امیدواروں کی فہرست جاری کردی گئی ہے۔
 
طلباوطالبات کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنے پورٹل  www.uokadmission.edu.pk  پر جاری کردہ فہرست میں اپنا اسٹیٹس چیک کریں۔
کراچی: جامعہ کراچی میں سیمسٹرکے ضمنی امتحانی فارم آن لائن جمع کرائے جاسکتے ہیں
 
جامعہ کراچی کےانچارج سیمسٹرایگزامینیشن سیکشن ڈاکٹر تاثیر احمد خان کے مطابق سیمسٹر کے ضمنی امتحانات 2019 ء کے امتحانی فارمز آن لائن جمع کرانے کے عمل کا آغاز ہوگیا ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کی قیادت میں اور ڈاکٹر تاثیر احمد خان کی زیر نگرانی جامعہ کراچی کے شعبہ سمسٹر امتحانات کو ڈیجیٹلائزیشن کی جانب مثبت پیش قدمی کی جارہی ہے اور مذکورہ عمل اسی حکمتِ عملی کی جانب ایک قدم ہے۔
 
طلباوطالبات ویب سائٹ  sesuok.edu.pk  پرجاکر ڈائریکٹ یا جامعہ کراچی کی ویب سائٹ www.uok.edu.pk  کے ذریعے خود کو رجسٹر کرنے کے ساتھ امتحانی فارم جمع کر سکتے ہیں۔
 
امتحانی فیس ملک بھر کے یوبی ایل کی کسی بھی برانچ میں حاصل شدہ واؤچر کے ذریعے جمع کرائی جاسکتی ہے۔ طلبہ کو ایڈمٹ کارڈ بھی اسی آن لائن پورٹل پر موصول ہوجائینگے۔
کراچی : جامعہ این ای ڈی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کی زیرصدارت  ایک سو ترانوے اور دوسرے آن لائن سنڈیکیٹ کا اجلاس ہوا،
 
اجلاس میں گزشتہ اجلاس کی سفارشات کی منظوری سمیت تعلیمی اورانتظامی اُمورکا تفصیلی جائزہ لیا گیااور کووڈ 19 کے پیشِ نظرپروموشن ریگولیشن میں وقتی طور پر ریلیف کی منظوری دی گئی۔
 
تفصیلات کے مطابق سنڈیکیٹ اجلاس میں دو سینٹر کے قیام کی منظوری، ایچ ای سی کے ہراسمنٹ ایکٹ 2020 کے اطلاق، فیکلٹی ممبران کی اپ گریڈیشن ہارڈشپ پر جب کہ ماسٹرز اور ڈگری پروگرامزکی ریگو لیشن میں بھی ریلیف اور ٹیوشن فیس کی مد میں بیس فی صد کمی کی منظوری دی گئی ہے۔
 
جامعہ ترجمان کے مطابق ڈاکٹر نزہت ارشدکو کیمسٹری، ڈاکٹرعرفان احمد کو فزکس، پروفیسرڈاکٹر محمد علی اسمعیل کوکمپیوٹرسسٹم اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈاکٹر علی داد چانڈیو کو میٹالرجیکل انجینئرنگ جب کہ ڈاکٹرعاطف مصطفی کو شعبہ انوائرمینٹل انجینئرنگ کے چیئرمین کی حیثیت سے اپائنٹ کیا گیا۔
 
اجلاس میں پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل، سیکریٹری سنڈیکیٹ اورجسٹرارسید غضنفر حسین،چیئرمین چارٹر انسپکشن اینڈ ایولیشن کمیٹی ڈاکٹر عبدالقدیر خان راجپوت،ایچ ای سی سندھ سے پروفیسر ڈاکٹر اے کیو مغل،نمائندہ چیف منسٹر فرحت عادل، ڈائریکٹر کیو ای سی پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ،ڈائریکٹر سروسز وصی الدین، لیکچرارمحمد صمد خان اورڈپٹی رجسٹرارخالد مخدوم ہاشمی موجود تھے جب کہ یونی ورسیٹز اینڈ بورڈزڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ کے سیکریٹری ڈاکٹر محمد ریاض الدین، ڈائریکٹر ایڈیشنل سکریٹری انفارمیشن، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ نیاز احمد لغاری، حکومت سندھ کے نمائندے مفتی محمد نجیب خان، نمائندہ چیف منسٹرمسز نائلہ ملک، پنجوانی فاؤنڈیشن اینڈ ٹرسٹ کی چیئر پرسن مسز نادرہ پنجوانی،چیف ایگزیکٹو آفیسر کراچی ٹول ڈائس اینڈ مولڈز سینٹرزمنصور احمد، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ الیکٹرونک انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد عثمان علی شاہ، چیئرمین شعبہ اکنامکس اینڈمینجمنٹ سائنسزپروفیسرڈاکٹر رضا علی خان،شعبہ مکینکل کے پروفیسرڈاکٹر مبشر علی صدیقی اورکنٹرولرایگزامینیشن اسٹنٹ پروفیسرصفی احمد ذکائی نے آن لائن شرکت کی۔
کراچی: سندھ مدرستہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا انتخاب کے لئے امیدواروں کے انٹرویوز 4 اگست کو ہوں گے۔
 
ذرائع کے مطابق بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ابتدائی درسگاہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں وائس چانسلر کے تقرر کے لیے شارٹ لسٹ کیے گئے امیدواروں کے انٹرویوز 4 اگست کو ہوں گے، صوبے کی سرکاری جامعات میں وائس چانسلر کے انتخاب کے لیے قائم “تلاش کمیٹی” نے منگل 4 اگست کو شارٹ لسٹ کیے گئے 11 امیدواروں کو انٹرویوز کے لیے بلایا ہے۔
 
شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے موجودہ قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ، سکھر یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر ثمرین حسین، لیاری یونیورسٹی(شہید بینظیر بھٹو) کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ، سندھ یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح برفت اور ٹنڈو جام زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب الدین میمن شامل ہیں، جب کہ 6 امیدوار اس کے علاوہ ہیں۔
 
واضح رہے کہ انٹرویوز اسکروٹنی کے عمل کے تقریبا ڈیڑھ ماہ بعد ہورہے ہیں، شارٹ لسٹنگ کے لیے اسکروٹنی 23 جون کو ہوئی تھی، سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں وائس چانسلرز کے عہدے کے لیے کل 29 امیدواروں نے درخواستیں دی تھیں۔
کراچی:جامعہ کراچی ایم فل، پی ایچ ڈی،ایم ایس اور ایم ڈی کےانٹرویوز کے لئے اہل امیدواروں کی فہرست 27 جولائی کو جاری کی جائے گی
 
جامعہ کراچی کے رجسٹرارپروفیسرڈاکٹر سلیم شہزادکے اعلامیے کے مطابق ایم فل،پی ایچ ڈی،ایم ایس(سرجری) اور ایم ڈی(میڈیسن) آن لائن داخلے برائے سال 2020 ء کے انٹرویوز کے لئے اہل امیدواروں کی فہرست 27 جولائی 2020 ء کو جامعہ کراچی کی ویب سائٹ پرجاری کی جائے گی۔
کراچی: جامعہ کراچی نے بی ڈی ایس تھرڈ اورفائنل پروفیشنل کے امتحانات 05 اگست سے آغازکرنےکااعلان کردیا۔
 
ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق بی ڈی ایس تھرڈ اور فائنل پروفیشنل سالانہ امتحانات 2020 ء کا آغاز 05 اگست 2020 ء سے ہوگا۔بی ڈی ایس تھرڈ پروفیشنل کے امتحانات 05 تا12 اگست جبکہ بی ڈی ایس فائنل پروفیشنل کے امتحانات 06 تا13 اگست 2020 ء جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں منعقد ہوں گے۔
 
تمام امتحانات دوپہر 2:00 تا شام 5:00 بجے تک جبکہ جمعہ کے روز دوپہر 2:30 تاشام 5:30 بجے تک منعقد ہوں گے۔امتحانات کے انعقاد کو حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز کے تحت یقینی بنایا جائے گا۔

پنجاب یونیورسٹی نے کورونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن دورانیہ کے لیے ٹیوشن فیس کے سوا تمام فیسیں معاف کردیں۔

پنجاب یونیورسٹی کے قائم مقام خزانچی کے نوٹی فکیشن کےمطابق لاک ڈاؤن دورانیے میں طلبہ نے دیگر سہولتوں سے استفادہ نہیں کیا اس لیے ٹیوشن فیس کے سوا باقی تمام فیسیں معاف کردی گئی ہیں۔

اس ضمن میں یونیورسٹی کے تمام ڈپارٹمنٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف ٹیوشن فیس کے چالان جاری کریں

ٹرمپ انتظامیہ نے ایک اور متنازع فیصلہ کرتے ہوئے آن لائن کلاسز کے لیے مزید غیرملکی طلبہ لینے سے انکار کر دیا۔
 
امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں آن لائن کلاسز کے حوالے سے پالیسی بدلنے کا اعلان کیا گیا۔
 
قبل ازیں امریکی صدر کورونا وبا کے دوران غیر ملکیوں کے لیے مختلف اقسام کے ویزا منسوخ کر چکے ہیں۔
 
امریکی جامعات نے اب تک نئے سیمسٹر کے لیے داخلوں کا اعلان نہیں کیا لیکن ہارورڈ یونیورسٹی نےبعض شرائط کے ساتھ اگلے تعلیمی سال کے لیے آن لائن کلاسز لینے کا اعلان کیا ہے۔
 
امریکا میں گزشتہ تعلیمی سال کے دوران 10 لاکھ سے زیادہ غیرملکی طلبہ نے داخلہ لیا تھا۔
 
اس سے پہلے ٹرمپ انتظامیہ نے ایسے غیرملکی طلبہ جو صرف آن لائن کلاسز لے رہے تھے، انہیں امریکا چھوڑنے کا کہا تھا جس کے خلاف ہارورڈ اور ایم آئی ٹی سمیت بڑی جامعات، ٹیچرز یونین اور 18 ریاستوں نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
 
معاملہ عدالت میں جانے کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑا تھا۔