Tuesday, 15 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

 
 
 
 
آکسفورڈ: کرونا وائرس کے خلاف ویکسین تیاری کے آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، آیندہ ہفتے سے ویکسین وائرس سے متاثرہ افراد پر آزمائی جائے گی۔
 
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آکسفورڈ یونی ورسٹی کے جینرز انسٹیٹیوٹ کی ریسرچ ٹیم کی سربراہ نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا کے خلاف ویکسین تیاری کے آخری مرحلے میں ہے، یہ ویکسین آیندہ ہفتے متاثرین پر آزمائی جائے گی۔
 
پروفیسر سارہ گلبرٹ کا کہنا تھا کہ ریسرچ ٹیم کو آیندہ ہفتے بڑی کامیابی کی امید ہے، حکومتی منظوری کے بعد ویکسین جلد مارکیٹ میں ہوگی، آکسفورڈ یونی ورسٹی کے جینرز انسٹی ٹیوٹ میں ویکسین کے لیے تجربات جاری ہیں۔
 
 
یاد رہے کہ تین دن قبل آکسفورڈ یونی ورسٹی کے ماہرین نے کہا تھا کہ ان کی تیار کردہ ویکسین کے نتائج اگلے 6 ماہ میں موصول ہوں گے جس کے بعد اس ویکسین کی افادیت کا اندازہ ہوگا۔ ویکسین کی تیاری کا کام 20 جنوری کو شروع کیا گیا تھا اور اس کی تیاری میں آکسفورڈ جینر انسٹی ٹیوٹ اور آکسفورڈ ویکسین گروپ کلینکل ٹیمز نے حصہ لیا۔
 
اس کی آزمائش کے لیے کئی سو رضا کاروں کی رجسٹریشن کا عمل بھی مکمل کیا جا چکا ہے، جینرز انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ایڈریان ہل نے کہا تھا کہ ان کی تیار کردہ ویکسین بچے، بوڑھے اور وہ افراد بھی استعمال کر سکیں گے جو پہلے سے کسی بیماری کا شکار ہوں گے جیسے ذیابیطس، یہ ویکسین قوت مدافعت کو مضبوط کرنے پر کام کرے گی۔
 
خیال رہے کہ برطانیہ پانچواں سر فہرست ملک ہے جہاں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں، اب تک وائرس سے 9,875 مریض مر چکے ہیں جب کہ 79 ہزار افراد کو وائرس لگ چکا ہے، جن میں سے صرف 344 مریض ہی صحت یاب ہو سکے ہیں جب کہ ڈیڑھ ہزار کی حالت تشویش ناک ہے۔
 
 
واشنگٹن / لندن: دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وجہ سے جرائم کی شرح میں غیر معمولی کمی دیکھی جارہی ہے تاہم گھروں میں خواتین پر گھریلو تشدد میں اضافہ ہوگیا ہے۔
 
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں پرتشدد جرائم کی شرح کم ہوگئی ہے، رپورٹ کے مطابق امریکا میں وبا کے مرکز نیویارک سٹی میں فروری سے مارچ تک جرائم میں 12 فیصد کمی دیکھی گئی۔
 
رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ میں لاک ڈاؤن کے باعث قتل کی شرح 326 سے کم ہو کر 94 ہوگئی۔
 
جنوبی افریقہ میں خواتین سے زیادتی کی شرح بھی کم ہوگئی، لاک ڈاؤن کے پہلے ہفتے میں زیادتی کے واقعات 700 سے کم ہو کر 101 ہوگئے۔
 
سینٹرل امریکا کے ملک ایل سلوا ڈورمیں مارچ میں صرف 65 قتل کی وارداتیں ہوئیں جو فروری میں 114 تھیں۔
 
اسی طرح جنوبی امریکی ملک پیرو میں گزشتہ ماہ جرائم کی شرح میں 84 فیصد کمی ہوئی، پیرو میں روزانہ 15 لاشیں ملنا معمول کی بات تھی۔
 
رپورٹ میں کہا گیا کہ لاک ڈاؤن کے دوران جس جرم میں اضافہ ہوا وہ گھریلو تشدد ہے، برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ گھریلو تشدد کے سبب ہاٹ لائن پر مدد مانگنے والوں میں 120 فیصد اضافہ ہوا۔
 
خیال رہے کہ دنیا بھر میں اب تک کرونا وائرس سے 17 لاکھ 84 ہزار 331 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ دنیا بھر میں وائرس سے 1 لاکھ 8 ہزار 962 اموات ہوچکی ہیں۔
 
 
 
ریاض: سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کردیا گیا، پچھلے ماہ کے مقابلے میں رواں ماہ قیمتیں کم رکھی گئی ہیں۔
 
سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی آرامکو نے اپریل کے لیے پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کیا ہے، پچھلے ماہ کے مقابلے میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔
 
اعلامیے کے مطابق پیٹرول 91 ہفتہ 11 اپریل سے ایک ریال 31 ہللہ فی لیٹر جبکہ پیٹرول 95 ایک ریال 47 ہللہ فی لیٹر فروخت کیا جائے گا۔ نئے نرخ ہفتہ 11 اپریل سے نافذ ہوں گے اور 10 مئی تک مؤثر رہیں گے۔
 
 
واضح رہے کہ مارچ میں پیٹرول 91 ایک ریال 55 ہللہ اور پیٹرول 95 دو ریال 5 ہللہ فروخت کیا جا رہا تھا۔
 
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب میں پیٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں تیل کی برآمدی قیمت سے منسلک ہیں، عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق اس میں رد و بدل کیا جا تا ہے۔
 
اس سے قبل آرامکو نے اعلان کیا تھا کہ اب ہر ماہ کی 10 تاریخ کو پیٹرول کے نرخوں پر نظر ثانی کی جائے گی، اس کا اطلاق ہر ماہ کی 11 تاریخ سے ہوگا۔
 
 
اسلام آباد: پاکستان میں مہلک وائرس نے مزید متعدد افراد کی جان لے لی، ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 86 تک پہنچ گئی ہے۔
 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں 5 ہزار 38 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص کی جا چکی ہے، اب تک وائرس کے باعث 86 اموات ہو چکی ہیں، جب کہ ملک میں کرونا کے 1026 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔
 
ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کرونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 14 اموات ہوئیں، ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 254 کرونا کیس رپورٹ ہوئے، 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 805 ٹیسٹ کیے گئے، پاکستان میں مجموعی طور پر اب تک 61 ہزار 801 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
 
 
کرونا وائرس کے حوالے سے اعداد وشمار پر نظر ڈالی جائے تو 26 فروری کو پہلے کیس سے 31 مارچ تک پاکستان میں 2007 کیسز تھے، تاہم یکم اپریل سے ان کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے، یکم اپریل سے لے کر اب تک پاکستان میں 1600 سے زائد کیسز ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔
 
 
 
 
کراچی : سندھ حکومت نے کورونا وائرس کا پھیلاؤروکنے کے لیے کراچی کی 11 یونین کونسلز کوعجلت میں سیل کرنے کا فیصلہ چند گھنٹے بعد واپس لے لیا، ڈپٹی کمشنر نے ایک وزیر کے کہنے پر یونین کونسل سیل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔
 
ہفتے کے روز کراچی کے ضلع شرقی کے ڈپٹی کمشنر نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے 11 یونین کونسلز کو مکمل سیل کرنے کا حکم دیا تھا تاہم چند گھنٹے گزرنے کے بعد حکومت سندھ کی جانب سے انہیں یہ نوٹیفکیشن واپس لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
 
ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے ایک وزیر کے کہنے پر یونین کونسل سیل کیں تاہم اس فیصلے پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔
 
 
اس حوالے سے صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے میڈیا کو بتایا ہے کہ سندھ حکومت نے کراچی میں یونین کونسلز مکمل سیل کرنے کا حکم واپس لینے کی ہدایت کردی ہے۔
 
انہوں نے بتایا کہ جن گلی محلوں میں کورونا کیسز سامنے آئے ہیں صرف انہیں سیل کیاجائے گا کیوں کہ اتنے بڑے علاقوں کو سیل کرنا عوام کے لیے تکلیف دہ ہوگا۔
 
یاد رہے کہ کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر شرقی (ایسٹ) نے کراچی کی 11 یونین کونسلوں کو سیل کرنے کا حکم جاری کردیا۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے مختلف علاقوں کی 11 یونین کونسلز کو سیل کیا اور عوام کو ہدایت کی کہ وہ گھروں میں ہی رہیں۔
 
اُن کا کہنا تھا کہ مذکورہ یوسیز میں 150 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے اسی وجہ سے انہیں سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، علاقے میں رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی اور داخلی خارجی راستے بند کیے جائیں گے جبکہ کورونا وائرس کے حوالے سے ملک میں ہفتے کا دن ہولناک رہا ،ایک ہی دن میں 15اموات اور 229نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
 
 
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے احساس پروگرام کے تحت 144 ارب کی خطیر رقم مختص کی ہے، ٹائیگر فورس عزت نفس مجروح کیے بغیر راشن مستحقین تک پہنچائے گی۔
 
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ این اے 156 اور این اے 157 میں رضا کار (ٹائیگرز) فورس تشکیل دے دی گئی، فورس میں شامل رضا کاروں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔
 
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ فورس عزت نفس مجروح کیے بغیر راشن مستحقین تک پہنچائے گی، وزیر اعظم نے احساس پروگرام کے تحت 144 ارب کی خطیر رقم مختص کی۔
 
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 12 ہزار روپے فی خاندان تقسیم کیے جا رہے ہیں، ایک کروڑ 12 لاکھ مستحق خاندانوں میں امدادی رقوم تقسیم کی جا رہی ہیں، پنجاب حکومت کے ساتھ انصاف امداد پیکج میں 25 لاکھ خاندانوں کو 25، 25 ہزار دیں گے۔
 
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ انصاف امداد پیکج کے تحت بھی امداد مکمل طور پر سیاست سے بالا ہوگی۔
 
گزشتہ روز وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دنیا کی توجہ اپنی آبادیوں کے تحفظ پر ہے اور دنیا کرونا کا مقابلہ کر رہی ہیں، پوری دنیا اپنی معیشت کو سہارا دینے کی کوشش کر رہی ہے۔

کراچی :پاکستان سمیت دنیابھرمیں مسیحی برادری کورونا وائرس کےباعث سادگی سےمنارہی ہے. 

کوروناوائرس کے باعث مسیحی برادری نےایسٹر تہوار کی تمام تر مذہبی تقریبات منسوخ کردی ہےاورتہوارسادگی کےساتھ  گھر پرہی منارہے ہیں. 

اسلام آباد اورراولپنڈی کی انتظامیہ کےمطابق سیاحت کی دعائیہ تقریبات میں شرکت کےلئے مسیحی برادری جو وڈیولنک کےذریعے دعوت دی گئی ہے. دفعہ 144کی وجہ سے کسی کوچرچ جانے کئ اجازت نہیں ہے. 

دوسری جانب کوئٹہ میں لاک ڈاؤن کی وجہ سےمحدود پیمانے پر گرجا گھروں میں عبادت کااہتمام کیا گیاہے جبکہ پادری اور ایک معاون دعا کےلئےچرچ میں موجود ہے. 

لاہور: لاہورکےمختلف علاقوں میں پتنگ بازی کےباعث ایک نوجوان جاں بحق متعدد زخمی ہوگئے.

پولیس کےمطابق لاہورکےعلاقے شاہدرہ میں بجلی کےتاروں پر گرنے والی پتنگ کی دھاتی ڈور کےساتھ لگنے سےایل نوجوان جاں بحق جبکہ دوافراد زخمی ہوگئے.نشترکالونی میں موٹرسائکل سوار کےگلےمیں ڈور پھرنےسےجاں بحق ہوگیا.

پنجاب پولیس نےگجر پور, مغلپور, شالیمار, لزنگ اور لٹن روڈ سمیت دیگر علاقوں سے پتنگ بازوں کوگرفتار کرکےان کےخلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کرلیا ہے. 

یاد رہےپاکستان میں کوروناوائرس لاک ڈاؤن کےباعث نوجوانوں میں پتنگ بازی کا شوق بےلگام ہوگیا ہے. شہریوں نےوقت گزاری کےلئےگھروں پر ہی پتنگ بازی شروع کردی ہے

شہید بے نظیر بھٹو ٹراما سینٹر آئی سی یو میں کام کرنے والے ڈاکٹر نوید جتوئی میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی متاثرہ ڈاکٹر کی عمر 35 سال ہے، ڈاکٹر نوید کاسول اسپتال میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ کیا گیا تھا، ڈاکٹر نوید جتوئی گھر میں قرنطین ہیں۔

متاثرہ ڈاکٹر نوید جتوئی نے کہا ہے کہ مجھے سوکھی کھانسی تھی جس کے بعد ڈاکٹرز کے مشورے پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا اور ٹیسٹ کے نتائج میں وائرس کی تشخیص ہوئی، ایکسرے بھی کروایا تھا جو صحیح آیا تھا، کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد خود کو گھر میں قرنطین کر لیا ہے اور گھر والوں سے خود کو الگ کرلیا ہے، گھر والوں میں سے کوئی متاثر نہیں ہوا ہے۔

 کراچی سمیت سندھ بھر میں پی پی آئی (پرسنل پروٹیکٹوو ایکوپمنٹ) کی عدم فراہمی اور بے احتیاطی کے باعث طبی عملہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہورہا ہے، کراچی میں نجی و سرکاری اسپتالوں میں 7 سے زائد ڈاکٹرز و طبی عملہ کورونا وائرس سے متاثر ہو چکا ہے۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے کورونا سے نمٹنے کے لیے ناکافی سہولیات پر پہلا از خود نوٹس لے لیا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد خان نے کورونا سے نمٹنے کے لیے ناکافی سہولت پر پہلا از خود نوٹس لیتے ہوئے اٹارنی جنرل، سیکرٹری صحت، وزارت داخلہ، اور چاروں صوبائی ایڈووکیٹ جرنلرز اور چیف سیکریٹریز کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔

کورونا وائرس سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت 13 اپریل کو ہوگی اور چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔

واضح ہے کہ اس وقت ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثر افراد کی تعداد 4 ہزار 788 ہوگئی ہے۔