Tuesday, 15 October 2024
Reporter SS

Reporter SS

ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 4322 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 63 تک جاپہنچی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 2737 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے 248 میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4322 ہو گئی ہے۔ جبکہ پنجاب میں 2171،سندھ 1036، بلوچستان 212، خیبر پختونخوا میں 560، آزاد کشمیر28، اسلام آباد میں 102 اور گلگت بلتستان میں 213 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 افراد کورونا کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے، اس طرح اس مہلک وائرس سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 63 ہوگئی ہے جب کہ 31 کی حالت تشویشناک ہے، تاہم 572 افراد اس بیماری سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے اس وائرس سے 88550 افراد ہلاک جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 1519571 تک پہنچ چکی ہے۔

کورونا وائرس کے باعث اب تک سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں تعداد 17 ہزار 669 ہو گئی ہے جب کہ اسپین میں 14 ہزار 792 افراد انتقال کر گئے۔

کورونا وائرس سے امریکا میں مسلسل تیسرے روز بھی ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا اور 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1973 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 14797 تک پہنچ گئی ہے۔ امریکا دنیا بھر میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں متاثرین کی کل تعداد 431838 ہے۔

فرانس میں 10 ہزار 869 افراد کی اس وائرس کے اموات ہوئیں، جب کہ برطانیہ میں بھی  اموات 7 ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں اور 60 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث ایران میں بھی اموات کی تعداد4 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے، نیدرلینڈز میں کورونا سے 2 ہزار 248، جرمنی میں 2349 جب کہ بیلجیم میں 2040 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ ترکی میں بھی وائرس سے 812، سویڈن میں 687، پرتگال میں 380 اور برازیل میں 819 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

آج سے حکومت کے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کا آغاز ہوگا اور مستحق خاندانوں میں امدادی رقم تقسیم کی جارہی ہے۔

احساس پروگرام کے تحت مستحقین کے لئےمختلف سرکاری اسکولز میں سینٹرزقائم کیے گئے ہیں جو صبح 8 بجے سےشام 5 بجے تک کھلے رہیں گے، امدادی رقوم کی تقسیم کے لئے محکمہ تعلیم سمیت بینک کا عملہ تعینات ہے، ہر مستحق خاندان کو بائیومیٹرک تصدیق کے بعد 12000 روپے کی امدادی رقم دی جارہی ہے، مستحقین خواتین کی سہولت کے لیے ان کے گھروں کے قریب سینٹر بنائے گئے ہیں۔

حکومت کے قائم کردہ مراکز اور نجی بینک کے اے ٹی ایمز کے ذریعے یہ رقم دی جارہی ہے۔ احساس پروگرام کی شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے اور کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ امداد کے حصول کے لئے 8171 پر ایس ایم ایس سروس کے ذریعے اب تک 4 کروڑ چالیس لاکھ پیغامات موصول ہوچکے ہیں۔

ملک بھر میں 17 ہزار مقامات سے رقوم دی جائیں گی، پہلے مرحلہ میں 23 لاکھ خاندانوں کو امداد دی جائے گی، اگلے اڑھائی ہفتے تک 144 ارب روپے تقسیم کئے جائیں گے، مجموعی طور پر ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں کو اس پروگرام کے تحت پیسے فراہم کیےجائیں گے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ احساس پروگرام میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہے، احساس امدادی پروگرام کے تحت ہر خاندان میں سے ایک فرد کو یہ امداد ملے گی، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کام کرے گی،وہ غریبوں کی نشاندہی کرے گی اور ان کی مشکلات کے ازالہ میں تعاون فراہم کرے گی،

ٹائیگر فورس احساس پروگرام کے تحت غریبوں کی 8171 پر ایس ایم ایس کے ذریعے رجسٹریشن کرے گی، یہ فورس کسی بھی علاقہ کے لاک ڈائون کی صورت میں وہاں لوگوں کو خوراک اور اشیاء خورونوش فراہم کرنے کی ذمہ دار ہو گی۔

معاون خصوصی سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا رقم کی ترسیل بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہوگی،حقداروں کی نشاندہی کیلئے ایس ایم ایس سروس شروع کی، 8171 پر قومی شناختی کارڈ کا نمبر سینڈ کیا جائے، ایس ایم ایس15مرحلوں سے گزرے گا، ہر مرحلے پر ایس ایم ایس نوٹی فکیشن آئے گا، کسی مسئلے کی صورت میں 080026477 ہیلپ لائن پر کال کی جاسکتی ہے، حکومت نے 8171 پر ایس ایم ایس سروس چارجز ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

گلگت: گلگت بلتستان کےضلع نگر میں 5 ماہ کی بچی اور اسکی ماں نے کورونا کوشکست دےدی.  

ڈپٹی کمشنر نگر شاہ رخ چیمہ کاکہنا ہے کہ ضلع نگر سےتعلق رکھنے والی ماں اور اسکی 5ماہ کی بیٹی کوروناوائرس کاشکار ہوگئے تھے جومناسب علاج کےبعد صحتیاب ہوگئے ہیں. اور انہیں اسپتال سےڈسچارج کردیا گیا ہے. 

خیال رہے اس وقت پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4344ہے جس میں 213 مریضوں کاتعلق گلگت بلتستان سے ہے. 

اسلام آباد : وفاقی وزیر برائےسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نےکہا ہےکہ جدید وینٹی لیٹرز کی تیاری کےلئے برطانوی اسٹینڈرڈ کواپنانے کافیصلہ کیا ہے. 

اس حوالے سے انکا کہنا ہےکہ وینٹی لیٹرزکےمزید ڈیزائن ڈرگ اتھارٹی آف پاکستان کو موصول ہوچکے ہیں جس کی تفصیلات ڈریپ کی ویب سائٹ پردے دی گئی ہیں.

انکا مزیدکہنا تھا کہ وینٹی لیٹرز کی کوائلٹی کلئیرنس مکمل ہونے کے بعد اسکی تیاری کاکام شروع کردیا جائےگا. 

واضح رہے کوروناوائرس سےمتاثرہ مریضوں کوسانس لینے میں دشواری ہوتی ہے اور طبیعت خراب ہونے کےباعث مریض کووینٹی لیٹرز پر رکھا جاتا ہے. پاکستان میں اس وقت وینٹی لیٹرز کی کمی کاسامناہے جسے پورا کرنے کےلئے جدید وینٹی لیٹرز درآمد کرنے کےساتھ ساتھ مقامی سطح پرتیار کرنے کافیصلہ کیاگیا ہے. 

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے عوام حکومتی اقدامات پر عمل کریں۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی اور پنجاب حکومت نے عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے عوام حکومتی اقدامات پر عمل کریں، یہ جنگ آپ کے تعاون سے ہی جیتیں گے، گھر میں رہنا ہی آپ کو کورونا سے بچائے گا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ اس ادارے کے فنڈز روکنے پر ’’غور‘‘ کریں گے۔اس سے قبل اسی سال فروری میں بھی وہ عالمی ادارہ صحت کو امریکی فنڈنگ نصف کرنے کا خیال ظاہر کرچکے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر ’’چین کی جانب داری‘‘ کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے فیصلوں اور عملی اقدامات میں بہت تاخیر کی جس کی وجہ سے یہ عالمی وبا سنگین ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ اس وقت امریکا میں ناول کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چار لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے، جبکہ وہاں اس وبا سے تقریباً 13 ہزار افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

چینی شہر ووہان میں 76 دن بعد لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا ہے اور لوگوں کو دوسرے شہروں میں جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ تاہم صرف ان ہی شہریوں کو ووہان شہر سے نکلنے کی اجازت دی جائے گی جن کے اسمارٹ فون کی ہیلتھ مانیٹرنگ ایپ میں ’’سبز‘‘ کیو آر کوڈ موجود ہوگا۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس ’’کووِڈ 19‘‘ کی وبا 2019 کے اختتامی دنوں میں چینی شہر ووہان سے شروع ہوئی جو آج ایک عالمی وبا میں تبدیل ہوچکی ہے اور جس سے دنیا بھر میں متاثر ہونے والوں کی تعداد پندرہ لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔

چین نے فوری حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے 23 جنوری سے ووہان میں مکمل لاک ڈاؤن/ قرنطینہ کردیا جس کے تحت نہ تو وہاں کے رہنے والوں کو شہر چھوڑنے کی اجازت تھی اور نہ ہی کسی دوسرے شہر کا باشندہ وہاں داخل ہوسکتا تھا۔ البتہ صرف طبّی عملے اور سرکاری ذمہ داران کو وہاں فرائض کی انجام دہی کےلیے آنے کی اجازت دی گئی تھی۔

ووہان میں گزشتہ روز کورونا وائرس سے کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی جبکہ لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد ریلوے اسٹیشن، بس اڈوں اور ہوائی اڈوں پر دوسرے شہروں کو جانے والے لوگوں کا ہجوم دیکھنے میں آیا۔

قومی ایئرلائن پی آئی اے کا خصوصی طیارہ پی کے 9814 عراق میں پھنسے 136 پاکستانیوں کولے کراسلام آباد پہنچ گیا۔ ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے مسافروں کا طبی معائنہ اوراسکریننگ کی۔ 135 مسافروں اور11 کریو ممبرکو مختص ہوٹلوں کے قرنطینہ منتقل کردیا گیا جب کہ بلال نامی مسافرکوجسم کا درجہ حرارت زیادہ ہونے پرپمزمنتقل کردیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق مسافروں اور پی آئی اے کریو کے خون کے نمونے ہوٹل میں لیے جائیں گے۔ کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے والے مریضوں کو گھر جانے کی اجازت دی جائے گی۔

سندھ حکومت کے ترجمان اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے کورونا ایمرجنسی فنڈ میں شہریوں کی جانب سے 74 ملین روپے جمع کرائے گئے ہیں۔

مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے اپنے وڈیو بیان میں کہا کہ شہریوں نے 74 ملین روپے ایمرجنسی فنڈ میں جمع کرائے ہیں، ہم نے شفافیت کو برقرار رکھنے کیلیے کورونا وائرس ایمرجنسی فنڈ کی تمام تفصیلات پبلک کی ہیں۔

کورونا ایمرجنسی فنڈ سے متعلق تمام معلومات صوبائی محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردی ہیں۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ شہری محکمہ خزانہ کی ویب سائٹ پر سندھ کورونا ایمرجنسی فنڈکی تفصیلات کو تفصیل سے جان سکیں گے