لاہور: ٹیسٹ کرکٹرعابدعلی کےدل کی شریان میں دوسراسٹنٹ بھی ڈال دیا گیا ہے ۔
ہسپتال ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ عابد علی کو دوماہ کےلیے مکمل آرام کی ہدایت کی گئی ہے ، جس کے بعد وہ معمول کی کرکٹ کھیل سکتے ہیں، ان کی طبیعت پہلے سے بہت بہتر بتائی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ عابد علی کوقائداعظم ٹرافی میں میچ کے دوران سینے کی تکلیف پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اوررپورٹ میں ان کی دو شریانوں میں رکاوٹ سامنے آئی تھی۔
جس کے بعد عابد علی کے دل کی شریان کی رکاوٹ کھول کر سٹنٹ ڈالا گیا تھا تاہم ہسپتال ذرائع کے مطابق اب دوسرا سٹنٹ بھی ڈال دیا گیا ہے۔
خیرپور: شاہ عبداللطیف یونیورسٹی میں احتجاج کرنے والےطلبا نے اعلیٰ حکام سے بڑا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق رانی پور قومی شاہراہ پر سات سے زائد ملزمان نے اسلحہ کے زور پر بس کو روکا اور طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی، اس دوران طلبا نے مزاحمت کی تو انہیں بھی تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے زخمی کرڈالا، جس کے نتیجے میں سات طلبہ زخمی ہوگئے ہیں۔
طلبہ کے اغوا اور ساتھیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع پر یونیورسٹی طلبا شدید مشتعل ہوگئے اور انہوں نے رانی پور کے مقام پر قومی شاہراہ پر دھرنا دے دیا، احتجاجی طلبہ کا موقف ہے کہ فوری طور پر واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور انہیں سزا دی جائےملزمان گرفتار نہ ہونےتک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم صفدر وسان یونیورسٹی کا ہی طالب علم ہے، جس نے اپنے بیرونی ساتھیوں کے ساتھ مل کر بس کو روکا اور طالبہ کو اغوا کرنے کی کوشش کی، واقعے میں زخمی طلبا کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نےگیارہویں جماعت کے تمام گروپس کے انرولمنٹ فارم جمع کروانے کااعلان کردیا۔
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کےمطابق انٹرمیڈیٹ حصہ اول سائنس، کامرس، آرٹس، ہوم اکنامکس گروپس اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن و میڈیکل ٹیکنالوجی کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء میں شرکت کے خواہشمند اور اہل امیدواروں کیلئے انرولمنٹ فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔
گورنمنٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلباء اپنے انرولمنٹ فارم بروز منگل 4 جنوری 2022ء سے بروز جمعہ 18 فروری 2022ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں جبکہ کالجوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ فارم 21فروری سے 25فروری 2022ء تک جمع کروادیں۔
یاد رہے کہ حکومتِ سندھ کی ہدایت کے مطابق تمام گورنمنٹ کالجز اور ہائرسیکنڈری اسکولوں کے طلباء کی انرولمنٹ فیس معاف کردی گئی ہے، لہٰذا گورنمنٹ تعلیمی اداروں کے طلباء بغیر کسی فیس کے انرولمنٹ فارمز اپنے کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں جمع کرواسکتے ہیں۔
اسی طرح پرائیویٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء میں شرکت کے خواہشمند اور اہل امیدواراپنے انرولمنٹ فارم مبلغ 1100 روپے فیس کے ساتھ بروزمنگل 4 جنوری سے بروز پیر 24 جنوری 2022ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں جبکہ تعلیمی ادارے اپنے انرولمنٹ فارمز انرولمنٹ سیکشن (کمرہ نمبر 53) سے تصدیق کے بعد بمع فیسوں کے پے آرڈرز 27جنوری اور 28جنوری 2022ء کو اکاؤنٹس سیکشن (کمرہ نمبر 4) میں جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔
تعلیمی ادارے اور طلباء انرولمنٹ فارم اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔نامکمل انرولمنٹ فارمز مسترد کردیئے جائیں گے۔
کراچی: علیگڑھ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی پہلی گریجویشن تقریب کل صبح 9بجے پارکنگ گراؤنڈ میں منعقد ہوگی ۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سندھ کے صوبائی وزیرِ تعلیم سردار علی ہوں گے جبکہ مہمانِ اعزازی سندھ کے سابق گورنر لیفٹینٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر ہوں گے۔
کراچی: کل سال کی طویل ترین رات تھی جس کا دورانیہ 13 گھنٹے 23 منٹ تک رہا ۔
طویل ترین رات کے اس مظہر کو ونٹر سولسٹس کہا جاتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 21 اور 22 دسمبر کی درمیانی شب طویل ترین رات تھی21 اور 22 دسمبر کی درمیانی شب کا دورانیہ 13 گھنٹے اور 23 منٹ رہاجبکہ سورج 7 بجکر 11 منٹ پر طلوع ہوا
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ دن سال کا سب سے چھوٹا دن رہا،غروب آفتاب 5 بجکر 48 منٹ پر ہوا، 21 دسمبر کو دن کا دورانیہ 10گھنٹے اور 37 منٹ کا تھا۔
واضح رہے اس طرح کا مظہر سال میں دومرتبہ ہوتا ہے۔ ان دوکیفیات کو ونٹر اور سمر سولٹس کہا جاتا ہے۔ تاہم ونٹر سولسٹس کے بعد سے دن بڑھے ہونا شروع ہوجاتے ہیں اور ہم بہار پھر موسمِ گرما کی جانب بڑھتے ہیں۔
اس کیفیت میں زمین سورج کے گرد چکر لگاتے ہوئے ایک ایسے مقام پر پہنچ جاتی ہے جہاں قطبِ جنوبی (ساؤتھ پول) کا سورج کی جانب جھکاؤ اپنی بلند ترین سطح پر ہوتا ہے۔ جسکا مطلب یہ ہے کہ جنوبی نصف کرے میں روشنی زیادہ پڑتی ہے اور موسمِ گرما کا آغاز ہوتا ہے جبکہ نصف شمالی کرے پر روشنی کم پڑتی ہے اور رات کا طویل دورانیہ ہوتا ہے۔
لاہور: جی سی یونیورسٹی لاہور کے زیر اہتمام یوتھ لیڈر شپ اینڈسوک ایجوکیشن ٹریننگ کی پرائز/سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب بخاری آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں لیڈرشپ ٹریننگ کے چھ بیچزکے ٹرینیز نےاپنے نقد انعامات اور سرٹیفیکیٹس کے حصول کے لئے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی اور معزز ڈائریکٹر انٹرمیڈیٹ اسٹڈیز سر صدیق اعوان بطور مہمان خصوصی شریک تھے۔
لاہور: گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں لائبریری سوسائٹی کےزیرِاہتمام تین روزہ کتاب میلےکےانعقاد کیا گیا۔
جی سی یو کے اسلام ہال میں منعقدہ کتب میلے میں 35سے زائد پبلشرز نے اسٹالز لگائے۔
تین روزہ کتب میلے کا افتتاح کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے کتاب میلے کا افتتاح کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کتاب میلہ دیگر جامعات کے طلبہ کے لیے بھی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ پبلشرز کی جانب سے دی جانے والی رعایت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے والدین اور طلباء پر زور دیا کہ وہ مطالعے کی عادت کو فروغ دینے کے لیے خصوصی مواقع پر کتابیں تحفے میں دینے کے کلچر کو فروغ دیں۔
جبکہ اس موقع پر جی سی یو کے چیف لائبریرین محمد نعیم اور کنٹرولر امتحانات شہزاد احمد نے بھی شرکت کی۔
لاہور : محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر میں موسمِ سرما کی تعطیلات کااعلان کردیاہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم پنجاب نے موسمِ سرما کی تعطیلات کااعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کیاہے جس کے مطابق پنجاب بھر کے سرکاری و پرائیویٹ کالجز،یونیورسٹیز میں 23 دسمبر 2021 تا 6 جنوری 2022 تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔
علاوہ ازیں ہائر ایجوکیشن انسٹیٹیوشنز کے دائرہ اختیار میں آنے والے ادارے بھی 6 جبوری 2022 تک بند رہیں گےتاہم اعلامیے میں اداروں کو تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی 100% ویکسینیشن کی یقین دہانی کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بھارت اور جنوبی افریقا کی آئندہ سیریز بغیر کراؤڈکےکروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا کے کرکٹ بورڈ کی جانب سے ملک میں کووڈ کی صورتحال کے سبب ٹیسٹ اور ایک روزہ میچز کی سیریز میں شائقینِ کرکٹ کو ٹکٹ فروخت نہیں کیے جائیں گے۔
کرکٹ جنوبی افریقا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک میں کووڈ کی چوتھی لہر کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ کرکٹ کورونا کے پھیلاؤ کا سبب نہ بنے۔
خیال رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقا میں 3 ٹیسٹ میچز اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے گی، پہلے ٹیسٹ کا آغاز 26 دسمبر سے ہوگا جب کہ دورہ 23 جنوری تک جاری رہے گا۔
راولپنڈی: پاکستان نے بابر کروز میزائل ون کا کامیاب تجربہ کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی جی اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج نے ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا جب کہ چیئرمین نیسکام ڈاکٹر رضا ثمرکمانڈر آرمی اسٹریٹیجک فورس لیفٹیننٹ جنرل محمد علی نےبھی تجربےکامشاہدہ کیا۔
ڈی جی اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو کامیاب تجربے پر مبارکباد دی۔
ڈی جی اسٹریٹیجک پلانز ڈویژن کا کہنا تھاکہ بابر کروز میزائل ون کے کامیاب تجربے سے پاکستان کی دفاعی طاقت میں اضافہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت، وزیراعظم، آرمی چیف، جوائنٹ چیفس اور سروسز چیف نے بھی کامیاب میزائل تجربے پر سائنسدانوں کومبارکباد دی۔