کراچی: وزیرتعلیم سندھ سردارعلی شاہ کاکہناہےکہ سندھ میں نصاب کی تبدیلی پر کام شروع کررہے ہیں ۔
وزیرتعلیم سندھ سردار علی شاہ نے اساتذہ کی بھرتیوں کے حوالے سے ہونے والے تحریری ٹیسٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 100 مارکس کے ٹیسٹ میں پاسنگ ہیڈز 50 نمبرز رکھے گئے ہیں تاہم اگر کسی ڈویژن میں امیدوار مطلوبہ تعداد میں پاس نہ ہوسکے تو صرف متعلقہ ڈویژن کے لیے پاسنگ ہیڈ کی پالیسی میں معمولی تبدیلی بھی کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ٹیسٹ 13ستمبرکو آئی بی اے سکھر لے گا اور نتائج مشین ریڈیبل چیکنگ کے ذریعے 48 گھنٹوں میں جاری کردیے جائیں گے۔واضح رہے کہ یہ بھرتیاں “پی ایس ٹی اور جے ای ایس ٹی” کی اسامیوں پر ہونگی۔
سردار شاہ نے بتایا کہ سندھ میں 46؍ ہزار اسکول اساتذہ کی بھرتی کیلئے پانچ لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے ایک لاکھ درخواستیں اہلیت اور قابلیت نہ ہونے کے باعث مسترد کردی گئی ہیں چار لاکھ امیدواروں کے لئے تحریری ٹیسٹ مرحلہ وار ہوگا، جونیئر ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز کے ٹیسٹ 13تا 18ستمبر جبکہ پی ایس ٹی کے ٹیسٹ 20تا 26ستمبر لئے جائیں گے
علاوہ ازیں ڈائریکٹر اسکولز کراچی اور ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ کی اسامیوں پر تقرری کے حوالے سے وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ ہمیں 20 گریڈ کے افسر آسانی سے نہیں ملتے لہذا ان اسامیوں کو 19/20 گریڈ کرنے کی تجویز ہے ہم ڈائریکٹر اسکولز کراچی کی اسامی پر مستقل افسر کا تقرر کرنے جارہے ہیں جو کراچی ہی سے ہوگا اور اس کے لیے وہ خود ہی انٹرویوز کریں گے۔
ڈائریکٹر جنرل کالجز کی آسانی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ریجنل ڈائریکٹرز کی موجودگی میں یہ آسامی غیر ضروری ہے اسے ختم کرکے کالجز ونگ میں کریکولم آفیسر کی آسانی تخلیق کرنے کا سوچ رہے ہیں کیونکہ انٹر کی سطح پر بھی نصاب میں تبدیلی کی جانب ہے۔
سردار شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے وفاق کا “سنگل نیشنل کریکولم ” مسترد کردیا ہے اور سندھ میں نصاب کی تبدیلی پر کام شروع کررہے ہیں نصاب میں قومی ہیروز کے علاوہ غیر متنازعہ شخصیات شامل کریں گے۔
کراچی: جامعہ کراچی نےبی ایس سی سالانہ امتحانات برائے 2018 ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔
ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق بی ایس سی اِن آکوپیشنل تھراپی سال اول ودوم سالانہ امتحانات برائے 2018 ء کے نتائج کا اعلان کردیا گیاہے۔
نتائج کے مطابق بی ایس سی اِن آکوپیشنل تھراپی سال اول کے امتحانات میں 23 طلبہ شریک ہوئے،13 طلبہ کو کامیاب قراردیاگیا جبکہ 10 طلبہ ناکام قرارپائے۔
کامیابی کا تناسب 56.52 فیصدرہا۔ بی ایس سی اِن آکوپیشنل تھراپی سال دوم کے امتحانات میں 16 طلبہ شریک ہوئے،15 طلبہ کو کامیاب قراردیاگیا جبکہ ایک طالبعلم ناکام قرارپایا۔کامیابی کا تناسب93.75 فیصدرہا۔
اسلام آباد: احساس پروگرام کے تحت ملک بھر میں مستحق گھرانوں کےلیےاسکول وظائف کے اجرا کی تقریب منعقدکی گئی
تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے مہمان خصوصی وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں اور بچیوں کوتعلیم سے آراستہ کرناریاست کی ذمہ داری ہے۔
وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ غریب گھرانوں کے بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کریں تعلیم کے شعبے میں ٹیکنالوجی کو فروغ دےرہے ہیں جس سےٹیکنالوجی کے استعمال سے تعلیمی شعبے میں شفافیت آئےگی۔
اسکول وظائف غریب گھرانوں کو حصول تعلیم کی ترغیب دلائے گا اور مدد کرے گا۔ یہ وظائف ان مستحق والدین کو دئیے جائیں گے جو اپنے بچوں کی اسکول میں 70 فیصد یا زیادہ حاضری کو یقینی بنا سکیں۔
واضح رہے اس پروگرام میں بچیوں (Girls) کے لیے خصوصی طور پر وظیفے کی رقم زیادہ رکھی گئی ہے۔ اسکول وظائف پرائمری ، سیکنڈری اورہائر سیکنڈری سطح کی تعلیم کے لیے مختص ہیں۔
کراچی: انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئر مین کا ایکولینس کمیٹی کا 167واں اجلاس چیئرمین آئی بی سی سی ڈاکٹر شوکت حیات کی صدارت میں منعقد ہوا ۔
اجلاس میں مساوی تعلیم کے حوالے سے 11 نکاتی ایجنڈا زیر بحث لایا گیا اور عالمی وبا کے پیشِ نظرایکولینس کے حصول میں درپیش مسائل اور ان کے مستقل اور پائیدار حل پر تجاویز پیش کی گئیں اور کمیٹی ممبران کی باہمی مشاورت سے فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں دو نئی بین الاقوامی کوالیفیکشن اور ایک انٹرنیشنل تعلیمی بورڈ کے پاکستان میں کام کرنے اور ایکولینس کی بھی منظوری دی گئی۔
کرونا وبا کی وجہ سے جہاں پاکستانی تعلیمی بورڈز نے صرف اختیاری مضامین کا امتحان لیا اسی طرز پر انٹرنیشنل بورڈز جو پاکستان میں کام کرر رہے ہیں ان کے طالب علموں کے لیے بھی صرف اختیاری مضامین پاس کرنے کی منظوری دی گئی-
کرونا وبا کے پیشِ نظر آن لائن مضامین پاس کرنے والے طالب علموں کو بھی ایکولینس جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی-
آئی بی سی سی ایکولینس کمیٹی اجلاس میں او اینڈ اے لیول و دیگر بین الاقوامی نظامِ تعلیمات کے مساوی گریڈنگ سسٹم کا بھی جائزہ لیا گیااور فیصلہ کیا گیا کہ 2021 کے او اینڈ اے لیول کے امتحانات میں A* لینے والے طلب علموں کو پاکستانی تعلیمی بورڈز کے طرز پر نمبر دیئے جائیں گے-
او اینڈ اے لیول و دیگر بین الاقوامی نظامِ تعلیمات کی ایکویلینس کے حوالے سے لائی جانے والی اصلاحات سے میڈیکل اور انجینئرنگ کے اسٹوڈنٹس کو داخلے میں مدد فراہم ہوگی۔
لاہور: پنجاب بورڈ کمیٹی چیئرمینز کا اجلاس منعقد ہوا ۔
اجلاس میں میٹرک اور انٹرکے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کرنے کے حوالے سے تاریخوں پر مشاورت ہوئی۔
پی بی سی سی کے ذرائع نے بتایا اجلاس میں انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو اور دسویں جماعت کے سالانہ نتائج کی تاریخوں کو فائنل کیا گیا ہے۔
جس کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ 2 کے سالانہ نتائج 30 ستمبر جبکہ میٹرک کے 16 اکتوبر کو متوقع ہیں۔
تاہم اس کی حتمی منظوری ایچ ای ڈی اور این سی او سی سے لی جائے گی
کراچی: جماعت نہم تا بارہویں تک کے طلباء کو ویکسین لازمی کروانےکے لیئے نوٹیفیکیشن جاری کردیاگیا۔
نوٹیفکیشن میں تمام سرکاری اسکولوں اور ہائر سکینڈری اسکولوں کو پابند بنایا گیا ہےکہ طلباءکو ویکسین کروائی جائے۔
ویکسینیشن کا نوٹیفیکیشن سندھ کے تمام اضلاع کے لیئے جاری کیا گیا۔
نوٹیفیکشن کے متن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری اسکولوں کی انتظامیہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سے تعاون کریں
پشاور: وزیرتعلیم کے پی کے شاہرام خان ترکئی نےصوبےبھر میں 'سیکنڈشفٹ اسکول' کاآغازکرنےکااعلان کردیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئےوزیرتعلیم کے پی کے نےکہاہے کہ میں یکم ستمبر 2021 سے'سیکنڈشفٹ اسکول ' کاآغاز کردیا جائےگا۔
سیکنڈ شفٹ کا مقصد اسکولوں میں ڈراپ آؤٹ ریشو کو کم کرنا اور بچوں بالخصوص بچیوں کو نزدیک اسکولوں میں مزید تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اور اس کے علاوہ زیادہ ہجوم والے اسکول میں بچوں کی تعداد کو کم کرنا ہے۔ زیادہ تعداد کو2 شفٹوں میں تقسیم کر دیا جائیگا۔
\پہلے مرحلے میں ، دوسری شفٹ کے پی کے 16 اضلاع کے 120اسکولوں میں شروع ہوگیاان 120 اسکولوں میں 76 بوائز اور 44 گرلز اسکول شامل ہیں۔بوائز اسکولوں میں 48 پرائمری اسکولوں کو مڈل اور 20 مڈل اسکولوں کو ہائی ا سکول میں اپ گریڈ کر دیا جائے گا۔ جبکہ 44 گرلز اسکولوں میں سے 28 اسکولوں کو پرائمری سے مڈل اور 16مڈل ا سکولوں کو ہائی اسکولوں میں اپ گریڈ کر دیا جائے گا۔
ڈبل شفٹ پروگرام میں اولین ترجیح دور افتادہ علاقوں کو دی گئی ہے جہاں پرا سکولوں کی کمی ہے-صوبے میں 18لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں- 15ستمبر تک جاری داخلہ مہم میں 8 لاکھ بچوں کو داخلہ دینے کا ہدف ہے۔عنقریب ڈبل شفٹ فیز 2بھی شروع ہو گا جسمیں صوبے کے باقی تمام اضلاع کو شامل کیا جائیگا۔
ڈبل شفٹ کے تحت نئے اساتذہ بھرتی کئیے جائیں گے. کچھ اسکولوں میں موجودہ ملازمین کو بھی مواقع دئیے جائیں گے۔فیز 1کے 120سکولوں میں700سے زائد بھرتیوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ سیکنڈ شفٹ پروگرام کے تحت مڈل ا سکول میں 4اساتذہ اور مڈل سکول میں 7اساتذہ بھرتی کیےجائیں گے
جامعہ کراچی نے بالاخر اپنے الحاق شدہ کالجوں سے دو سالہ ڈگری پروگرام (بی اے ، بی ایس سی اور بی کام) ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔
اس مقصد کے لئے جمعرات 2 ستمبر کو اکیڈمک کونسل کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس کی صدارت جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی کریں گے۔
اکیڈنک کونسل کے ایجنڈے کے مطابق دو سالہ ڈگری پروگرام ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام ان آرٹس، ایسوس ایٹ ڈگری پروگرم ان سائنس اور ایسوسی ایٹ پروگرام ان کامرس میں بدل جائے گا۔ تاہم نصاب اور قواعد میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور جس نصاب کی تدریس پہلے ہوتی تھی وہ جاری رہے گی اور طلبہ کو ایسوسی ایٹ کی سند ملے گی جبکہ امتحانات کا پرانا طریقہ کار یعنی سالانہ اور ضمنی برقرار رہے گا البتہ اس حوالے سے قائم کمیٹی ایچ ای سی کی رہنمائی اور ہدایت کی روشنی اور اکیڈمک کونسل کی منظوری سے وقتا فوقتا نصاب اور امتحانات کے تبدیلی لاتی رہے گی۔
اکیڈمک کونسل سے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کی منظوری کے بعد جامعہ کراچی الحاق شدہ کالجوں میں ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام میں داخلوں کا اعلان کردے گی۔
اسلام آباد: یوم دفاع و شہداء سے متعلق ڈی جی آئی ایس پی آرنےایک اور وڈیو شیئرکردی۔
ڈی جی آئی ایس پی آرنے یوم دفاع وشہداء سے متعلق پانچویں مختصردورانیے کی ویڈیوجاری کی ہے۔ پانچویں ویڈیومیں شہداء کے والدین کے بلند عزم اورجذبہ کی عکاسی کی گئی ہے۔ شہداء کے والدین کا پہاڑوں جیسا حوصلہ اوروطن سے لازوال محبت دکھائی گئی۔
وڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ والد ایک بیٹے کی شہادت کے بعد دوسرے کو بھی قوم کی خدمت کیلئے بھیجنے کو تیارہے۔
اسلام آباد: پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) نے نیشنل لائسنسنگ امتحان پاس کرنے والے میڈیکل گریجویٹس کو مکمل لائسنس جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
قومی لائسنسنگ امتحان (این ایل ای) پہلی بار پانچ بڑے شہروں بشمول اسلام آباد ، لاہور ، پشاور ، کوئٹہ اور کراچی میں 20 سے 27 اگست تک منعقد کیا گیا۔
پی ایم سی کے ترجمان کے ایک بیان کے مطابق ، میڈیکل گریجویٹس کو اب پاکستان میں کام کرنے کے لیے این ایل ای پاس کرنا لازمی ہوگا۔ مزید برآں ، یہ سال میں چار بار منعقد کیا جائے گا۔
بیان میں بتایا گیا کہ کل 1،470 امیدواروں (1،164 غیر ملکی اور 306 مقامی) نے NLE کے پہلےمرحلہ کی کوشش کی ، جن میں سے 1،160 پاس ہوئے اور جلد ہی ان کے لائسنس مل جائیں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دسمبر میں 123 امیدواروں کے لیے ایک اور امتحان لیا جائے گا جو اپنی رجسٹریشن کے باوجود پہلا امتحان دینے سے قاصر تھے۔
لسٹ اے میں کوالیفائی کرنے والے غیر ملکی امیدواروں کو NLE کا مرحلہ 2 پاس کرنے کے بعد مکمل لائسنس جاری کیے جائیں گے ، اور غیر ملکی گریجویٹس کو جو کہ فہرست B اور C میں ظاہر ہوتے ہیں ، عبوری لائسنس جاری کیے جائیں گے۔