کراچی: کورونا وبا کی چوتھی لہر کے پیش نظر بند ہونے والے تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وبا کی چوتھی لہر کے پیش نظر بند ہونے والے تعلیمی ادارے آج سےکھل گئے ہیں۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق صرف وہ تعلیمی ادارے ہی کھلیں گے جہاں کا تدریسی و غیر تدریسی عملہ مکمل طور پر ویکسینیشن کرواچکا ہوگا، تعلیمی ادارے ہفتے میں 6 روز کھولے جائیں گے، طلبہ کو تین روز 50 فیصد حاضری کے فارمولے کے تحت بلایا جائے گا جب کہ بچوں کے والدین کو بھی کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ اسکولوں میں جمع کروانا ہوں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وبا کی چوتھی لہر کے پیش نظر 16 جولائی کو سندھ بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے تھے۔
این ای ڈی یونی ورسٹی کے 100 برس مکمل ہونے پرحکومتِ پاکستان کی جانب سے سو روپے کے یادگاری سکّے اور 20 روپے کے یادگاری ڈاک ٹکٹ کے اجرا کی تقریب کا انعقاد آج ہوگا
تقریب کے مہمانِ خصوصی جامعہ سے فارغ التحصیل سول انجینیئر، وزیراعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ ہوں گے۔ جامعہ ترجمان کے مطابق 29 اگست 1921 کو پرنس آف ویلز کالج کا قیام عمل میں لایا گیا تھا، بعد ازاں اس کا نام تبدیل کرکے نادر شاہ اڈلجی ڈنشا کے نام کی مناسبت سے این ای ڈی رکھا گیا۔ کورونا صورت حال کے سبب مختصر تقریب کا انعقاد سٹی کیمپس میں کیا جارہا ہے جب کہ دنیا بھر سے انجینئرز آن لائن تقریب میں شرکت کریں گے۔
شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اس یادگاری سکّے اور ڈاک ٹکٹ کا اجرا خوش آئند ہے۔ اس موقعے پر انہوں نے جامعہ سے وابستہ ہر فرد کو ادارے کی ترقی میں اپنا اپنا کردار ادا کرنے پر سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم انجینئرنگ سیکٹر میں جدید تعلیم و ٹیکنالوجی کے خواہاں ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہمارا انجینئر ملکی و بین الاقوامی سطح پر مستند شمار کیا جاتا ہے۔
شیخ الجامعہ نے آئندہ کے لیے پُرعزم ہوتے ہوئے کہا کہ ہم اس برس تھر انسٹی ٹیوٹ میں سول انجینئرنگ کے داخلوں کا آغاز کررہے ہیں تاکہ مزید قابل انجینئرز دنیا بھر میں جامعہ کا نام روشن کرسکیں.
سرگودھا: سرگودھا یونیورسٹی نے خزاں سمسٹر 2021کا آغاز کردیا۔
سرگودھایونیورسٹی نے داخلے کے پہلے مرحلےمیں ایم فل کے 25، ایم ایس سی کے14 اور19پی ایث ڈی پروگرامز میں داخلوں کاآغاز کیا ہے
یہ داخلے فیکلٹی آف سائنسز، ایگریکلچر، سوشل سائنسز،آرٹس اینڈ ہیومینٹیز کے 58 پروگرامز میں آن لائن داخلے دیئے جائں گے۔ داخلوں کا سلسلہ 7ستمبر شام 5بجے تک جاری رہے گا۔
دوسرے مرحلے میں انڈر گریجویٹ پروگرامزکا آغاز کیا جائے گا۔
تمام درخواستیں سرگودھا یونیورسٹی کی ویب پورٹل admission.su.edu.pk کے زریعے آن لائن بھیجنا ضروری ہے۔
اسلام آباد: پاکستان میڈیکل کمیشن نے کووڈ سے متاثرہ طلبا وطالبات کے لئے نئی پالیسی جاری کردی ۔
پی ایم سی نے جاری پالیسی میں کہا ہے کہاگرچہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں شریک ہونےوالے ایسےامیدوار جن کی کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہواور10روز کے اندرکوئی ٹیسٹ دوران شیڈول ہوتووہ اسے اسکپ کرسکتے ہیں۔ ایسی صورت میں کووڈسے متاثرہ امیدوار کو کووڈ 19کی ٹیسٹ رپورٹ جمع کرانا لازمی ہوگی۔
یادرہےکووڈ ٹیسٹ رپورٹ این سی او سی اور این آئی ایچ سے منظور شدہ لیبارٹریز سے ہونا ضروری اورقابل قبول ہوگا۔ مختلف صوبوں میں رہنے والے امیدوار متعلقہ لیبارٹری سے ٹیسٹ کروائیں۔
کووڈ19کی رپورٹ پی ایم سی اپنے لیبارٹری سے چانچ پڑتال کروائے گی دستاویزات جعلی ہونے کی صورت میں رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔امیدوار کولیبارٹری کی مہرشدہ اپنی کووڈ19کی مثبت رپورٹ کا پرنٹ آئوٹ لانا ہوگا ۔
ان امیدواروں کا امتحان سلاٹ خالی ہونے کی صورت میں لیا جائے گا بصورت دیگر ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کی آخری تاریخ کے بعد انکا خصوصی امتحان لیا جائے گا۔
لاہور: گورنر پنجاب چوہدری سرور نے مختلف شخصیات کو ،سماجی ، فنی، معاشرتی منفرد خدمات کے صلے میں ایوارڈسے نوازا۔
گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران چوہدری محمد سرور نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات کت صلے میں 29شخصیات کو ایوارڈ دیا گیا۔
گورنر پنجاب نےایدھی فاؤنڈیشن کے فیصل ایدھی ، جسٹس (ریٹائرڈ) ناصرہ جاوید اقبال کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے خدمات ، سماجی کارکن کرن علیم خان ، کاروباری شخصیت شہلا جاوید اکرم کو معاونت پر گورنر ایوارڈز دیئے۔
کاروباری شعبے میں خواتین ، ون وژن کی وائس چیئرمین ، چار اہداف عمران سلیمی ، تیزاب متاثرین کی بحالی کے لیے مسرت مصباح ، کورونا وباء کے دوران خدمات کے لیے درمان اشرف اور ریسکیو 1122 کی دیبا شاہنواز اختر ، لیڈی گالف پی جی ایف کی چیئرپرسن عاصمہ افضل شامی ، پاسبان ویلفیئر سنٹر کی سابق چیئرپرسن مسز شمشاد شاہنواز ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میںدیئے
فائزہ خرم کو صحت کے شعبے میں خدمات اور محسن مختار کو تعلیمی شعبے میں خدمات پر گورنر ایوارڈز دیئے گئے۔ پروفیسر بلقیس صابر ، پروفیسر مہرام ملک ، پنجاب گرلز گائیڈ کی سلمیٰ ساجد خواتین کی تربیت کے لیے ، ڈاکٹر محمد ندیم خواجہ ، نگہت شاکر ، ڈاکٹر انیسہ فاطمہ اور ڈاکٹر عدنان گیلانی صحت کے شعبے میں نمایاں خدمات کے لیے۔
سپیریئر یونیورسٹی کی ریکٹر ڈاکٹر سمیرا رحمان ، ڈاکٹر ولید شفقت ، ماہین شاہد ، ڈاکٹر زاہد پرویز ، محمد یاسین خان ، نادرا عمر ، شعیب نعیم ، سعدیہ خان اور مسز صباحت رفیق کو بھی گورنر ایوارڈز سے نوازا گیا۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جاتا ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ اللہ رب العزت کی طرف سے جن لوگوں کو اختیارات اور منصب دیئے گئے ہیں وہ ان کو دی گئی ذمہ داری کے ساتھ انصاف کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملکی ترقی اور استحکام میں اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور ان حالات پر صرف اجتماعی کوششوں سے قابو پایا جا سکتا ہے۔
گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں احساس پروگرام ، کام جوان پروگرام اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام کا مقصد بھی انسانیت کی خدمت ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عمل درآمد میں کوئی سیاسی امتیاز نہیں تھا۔
چوہدری محمد سرور نے ایوارڈ جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ انسانیت کی خدمت سے بڑی کوئی اور خدمت نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس وبائی امراض کے دوران مخیر حضرات نے بڑی خدمت کی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس کے پلیٹ فارم سے 10 ارب روپے کا صدقہ کیا گیا۔
پروین سرور نے کہا کہ ان کی زندگی کا مشن صرف اور صرف انسانیت کی خدمت اور خواتین کو بااختیار بنانا تھا جس کے لیے وہ سرور فاؤنڈیشن ، ویمن پیس کونسل اور ہنرگاہ کے ذریعے کام کر رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو اپنے شعبوں میں شاندار کارکردگی دکھانے پر حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
کراچی: جامعہ کراچی میں 30 اگست سے تدریسی سرگرمیاں بحال کردی جائیں گی۔
حکومتِ سندھ کے محکمہ تعلیمی بورڈز اور جامعات کے احکامات کے بعد جامعہ کراچی نے بھی یونیورسٹی کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جامعہ میں 30 اگست سے تدریسی سرگرمیاں بحال کردی جائے گی،نوٹیفکشن میں کہا گیا ہے کہ سیکنڈ سمسٹر میں ہائبرڈ سسٹم کے تحت کلاسز جاری رہیں گی، اگرطلبا و طالبات کی تعداد کثیر ہوں تو ایسی صورتحال میں آن لائن کلاسز اپنائی جائے گی۔
کسی بھی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرپرسنز، ڈائریکٹرز کو بغیر ویکسینشن کارڈ کے جامعہ میں داخلہ پر پابندی عائد ہوگی۔
تمام شعبہ جات کے چیئرپرسنز، ڈائریکٹرز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ ویکسینشن کار ڈنہ ہونے کی صورت میں ایسے کسی بھی طلباوطالبات کو فزیکل کلاسز میں بیٹھنے کی اجاز ت نہ دیں۔نیز جامعہ میں وزٹرز، وینڈرز، غیر تدریسی عملے کو بغیر ویکسینشن کارڈ کے داخلہ ممنوع ہوگا۔
کراچی: وفاقی اُردویونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کا32واں اجلاس قائم مقام شیخ الجامعہ پروفیسرڈاکٹرروبینہ مشتاق کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں وفاقی اردو یونیورسٹی سے ایم ایس، ایم فل، پی ایچ ڈی ڈگری تفویض کرنے کی توثیق ،نئے شعبہ جات کے قیام کی بھی منظوری دی گئی ہے
اجلاس میں طلبہ کے معاملات پر خصوصی گفتگو کی گئی نیز داخلہ، امپرومنٹ اور انرولمنٹ توسیع کے معاملات کے حل بھی زیر بحث آئے۔اساتذہ اورباقی عمال کی ویکسین جلد مکمل کرلی جائے گی۔ کرونا وباء کے باعث حکومت سندھ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے دیئے گئے احکامات کے مطابق تدریسی عمل جاری رہے گا۔
اجلاس میں رئیس کلیہ سائنس پروفیسر ڈاکٹر محمدزاہد، رئیس کلیہ فنون و انچارج کلیہ تعلیمات پروفیسرڈاکٹر محمد ضیاء الدین،رئیس کلیہ نظمیاتِ کاروبار، تجارت و معاشیات پروفیسر ڈاکٹر مسعود مشکور،قائم مقام رجسٹرارڈاکٹر محمد صارم،پروفیسر ڈاکٹر زرینہ علی، ڈاکٹر نعیم الدین آرائیں،ڈاکٹر عبدالمجید خان،ڈاکٹر شائستہ عصمت، ڈاکٹر محمد شعیب، ڈاکٹر محمد خالد،ڈاکٹر منزہ دانش،ڈاکٹر محمد اسماعیل موسیٰ، ڈاکٹر غلام رسول لکھن، ڈاکٹر زیبا پروین عمران، ڈاکٹر اوج ِ کمال،انچارج کلیہ فارمیسی ڈاکٹر مہہ جبین، ناظم امتحانات غیاث الدین، لائبریرین فوزیہ بانو،انچارج اسلام آباد کیمپس ڈاکٹر عامر ندیم،ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹر سید اخلاق حسین،ڈائریکٹر ایڈمیشن(اسلام آباد) ڈاکٹر عمران شہزاد،مشیر امور طلبہ گلشن کیمپس محمد افضال، نجم العارفین،ٹریژار دانش احسان نے شرکت کی۔
پشاور: صوبے خیبرپختونخواہ میں داخلہ مہم کاآغاز ہوگیا جو15 ستمبر 2021 تک رہے گا۔
تفصیلات کی مطابق داخلہ مہم کا افتتاحی تقریب گزشتہ روزگورنمنٹ اسامہ ظفر شہیدسنٹینیل ماڈل ہائیر سکینڈری اسکول نمبر 2، پشاور میں منعقدکی گئی جسکا افتتاح صوبائی وزیر تعلیم خیبر پختونخواہ شاہرام خان ترکزئی نے کیا۔
داخلہ مہم 2021 کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر تعلیم کےپی کے شاہرام خان کا کہنا تھاکہ ہمارا مقصد اس تعلیمی سال میں 8 لاکھ طلباء طالبات کا داخلہ کرنا ہے۔ میری والدین سے گزارش ہے کہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجیں اور اس عظیم مقصد میں ہمارا ساتھ دیں۔
انہوں نے خطاب کے دووران بتایا کہ کے پی کے میں 18 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں۔اس 18 لاکھ کو ہم نے اسکول بھیجنا ہے۔
یکساں نصاب کا نفاذ ہو چکا ہےجس کے باعث امیر غریب کا فرق مِٹ گیا ہے۔اسکولوں میں نئے اساتذہ کی بھرتیاں شروع ہیں۔نئےفرنیچرکی فراہمی جاری ہے۔
یہ سب تیاریاں ہم ان بچوں کےلئیےکر رہے ہیں تاکہ وہ اسکول آئیں اور پڑھیں۔
انہوں نےوالدین سےاپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو اسکول داخل کرائیں۔اس سال صوبے میں داخلےایک ساتھ شروع ہوں گےاور 15ستمبر تک جاری رہیں گے۔اس سال 8 لاکھ بچوں کو داخلہ دیا جائے گا۔
کراچی: سندھ بھرمیں تمام سرکاری ونجی اسکولزکھولنےکی اجازت مل گئی۔
محکمہ تعلیم سندھ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ نے 30اگست سےتمام سرکاری و نجی اسکولزکھولنےکانوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہے کہ تمام پرائیوٹ و سرکاری اسکولوں میں 50فیصد حاضری کے ساتھ ہفتے میں 6 روز تدریسی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
تمام اسکولوں کے سربراہان کو تدریسی و غیر تدریسی عملے کی 100فیصد ویکسینشن کی یقین دہانی کروانی ہوگی۔
تما م اسکولوں میں حکومتی احکامات کے مطابق ایس او پیز عمل در آمد کروانا لازمی ہوگانیزمحکمہ صحت کی جانب سے کسی بھی وقت پی سی آر ٹیسٹ کیا جاسکتا ہے۔
کراچی:کراچی سمیت سندھ بھر میں جامعات کھولنےکافیصلہ ہوگیا۔
صوبے بھر میں تمام سرکاری و نجی جامعات 30اگست سے کھول دیئے جائیں گے۔
جامعات میں تدریسی سرگرمیاں دوبارہ بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے محکمہ تعلیمی بورڈ وجامعات کے چیئرمین اسماعیل راہونے کہا ہے کہ سندھ بھر کی جامعات میں کلاسز کا آغاز ایس او پیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے 30 اگست بروز پیرسے ہوگا ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ50فیصد طلبا کی حاضری کےاور 100فیصد عملےکی ویکسینشن ہونا لازمی ہے نیز کلاسز میں شریک طلبا کا بھی ویکسینٹیڈ ہونا لازمی ہے۔
بغیرویکسینشن والے اساتذہ، طلبا یا عملے کو جامعات میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔