لاہور: محکمہ اسکول ایجوکیشن کی دستاویزات نے داخلہ مہم کا بھانڈا پھوڑ دیا
صوبہ بھر کے سرکاری اسکولوں میں 88ہزار 885اساتذہ کی اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں ۔
3برس سے ہزاروں اسامیوں پر بھرتیاں کرنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔
ای ایس ای سائنس 16ہزار298،پی ایس ٹی 25ہزار 112،ای ایس ٹی جنرل 5ہزار 494،، ہیڈ ماسٹر 2ہزار 336،گریڈ 19پرنسپل 615، ای ایس ای آرٹس 8ہزار 769،گریڈ 20پرنسپل 203 ،ایس ایس ٹی جنرل 1030، ایس ایس ٹی سائنس 1766،اردو 2ہزار،قاری کی 92.5 فیصد اسامیاں خالی ہیں ۔
محکمہ اسکولز کی دستاویزات کے مطابق لاہور 2987، گوجرانوالہ 4265، ڈی جی خان 2369، فیصل آباد4457،خانیوال 3089، اٹک 2440، بہاولنگر3135، بہاولپور 2679، بھکر 1429، چکوال 2164، چنیوٹ 1151، گجرات 3261، حافظ آباد 1071، جھنگ 2030، قصور 2711، رحیم یار خان 3907، خانیوال 3089، خوشاب 1839، لیہ 1599، لودھراں 1358، منڈی بہائوالدین 1678، میانوالی 1537، ملتان 2387، مظفر گڑھ 2559، ننکانہ 1446، نارووال 2300، اوکاڑہ 2167، راولپنڈی 3549، پاکپتن 1313، راجن پور 1490،ساہیوال 2346، سرگودھا 3953، شیخوپورہ 2680، سیالکوٹ 5392، ٹوبہ 1969اور وہاڑی میں 2321میں اساتذہ کی اسامیاں خالی ہیں۔
محکمہ اسکولزحکام کے مطابق بھرتی کا عمل جلد شروع ہوگا۔ادھر محکمہ اسکول ایجوکیشن کی داخلہ مہم جاری ہے جبکہ دوسری طرف بچے اسکول چھوڑنے لگے ،جون میں 80 ہزار بچے اسکول چھوڑ گئے ۔
۔ محکمہ کی جانب سے فروری میں داخلہ مہم کا آغاز کیا گیا تھا، ستمبر تک 10لاکھ بچے داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن نے ایجوکیشن اتھارٹیز کے سربراہوں کو کہا ہے بچوں کو خصوصی داخلہ مہم کے تحت اسکولوں میں لایا جائے ۔ وزیر تعلیم اسکول مراد راس نے بھی متعلقہ ایجوکیشن اتھارٹیز کو وارننگ جاری کردی ۔
لاہور: محکمہ لٹریسی نے غیر رسمی تعلیم کے اسکولوں میں ایک ماہ کی چھٹیوں کا اعلان کردیا
اساتذہ کی تربیت کے سلسلہ میں غیر رسمی تعلیم کے تمام اسکول بند رہیں گے۔
اسکولوں میں 26 جولائی سے 25 اگست تک چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے ۔
پنجاب بھر میں غیر رسمی تعلیم کے 13 ہزار اسکول ہیں۔
واضح رہے کہ ان سکولوں میں یکساں نصاب کے حوالے سے اساتذہ کی تربیت بھی ہو رہی ہے۔
اینٹیگوا: پاکستان ویمن اے ٹیم کے ہاتھوں ویسٹ انڈیز اے کو سات وکٹوں سے شکست کاسامناپڑا۔
پاکستان اے نے 42 ویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر205 رنز کا مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔پاکستان کی عالیہ ریاض نے 63 رنز کی اننگز کھیلی ۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے بھی شامل تھے،جویریہ رؤف نے 43 جبکہ عائشہ ظفر نے 36 رنز بنائے ۔ ویسٹ انڈیز کی شینیتا گریمونڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستان ویمن اے ٹیم نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو ویسٹ انڈیز ٹیم 204 رنز بناکرپویلین لوٹ گئی۔
ویسٹ انڈیز کی کیانا جوزف نے 48 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شینیتا گریمونڈ نے40 رنز بنائے۔پاکستان کی ایمان انور اور صبا نذیر نے تین ، تین وکٹیں حاصل کیں۔
کیلی فورنیا: واٹس ایپ نے نقصان دہ اور غلط معلومات پھیلانے پر 20 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس بلاک کر دیے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق معروف میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کے بھارت میں 400 ملین سے زائد صارفین ہیں اور واٹس ایپ نے بھارت کے نئے متنازع سوشل میڈیا قوانین کے تحت پہلی رپورٹ جاری کردی ہے۔
واٹس ایپ انتظامیہ نے اپنی رپورٹ میں 20 لاکھ سے زائد صارفین کو اسپام میسجنگ میں ملوث پانے پر ان کے اکاؤنٹس بلاک کردیے، ان صارفین نے رواں سال 15 مئی سے 15 جون تک واٹس ایپ کے طے شدہ قوانین کی خلاف ورزی کی۔
واٹس ایپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نقصان دہ اور غیر مطلوبہ پیغامات کے پھیلاؤ کو روکنا اہم ٹارگٹ ہے۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ جعلی خبروں اور غلط معلومات کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہا ہے، بھارت واٹس ایپ کی بڑی مارکیٹ ہے۔
کراچی: سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 16غیر فعال نجی جامعات کاچارٹرمنسوخ کرنےکافیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزسندھ ہائر ایجوکیشن کے چیرمین ڈاکٹر عاصم حسین کی زیرصدارت کمیشن کااجلاس ہوا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 8 ایسی جامعات اور انسٹی ٹیوٹس ہیں جو بند ہوچکے ہیں جبکہ 8 ایسی جامعات چارٹر لے چکی ہیں جن کے پاس نا عمارت ہےاور نہ کوئ زمین ہے انھوں نے چارٹر انسپکشن اینڈ ایوالیشن کمیٹی کو نظر انداز کرکے چارٹر کرالیا تھا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کچھ ایسی جامعات 25 سے 50 کروڑ روپے میں اپنا چارٹر بیچنے کی کوشش کررہی ہیں جو افسوسناک امر ہے اس موقع پر طے کیا گیا کہ ان 16 جامعات کا چارٹر منسوخ کرنے کے لیے وزیر اعلی سندھ کو سمری بھیجی جائے۔
اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سکریٹری معین الدین صدیقی، ڈاکٹر نوشاد اے شیخ، شہناز وزیر علی، امتیاز قاضی، ڈاکٹر سروش لودھی، ڈاکٹر ثمرین حسین، ڈاکٹر طارق رفیع اور دیگر نے شرکت کی۔
ایچ ای سی نے دوسالہ پروگرام کی مزید اجازت دےدی
اجلاس میں بتایا گیا کہ ایچ ای سی کے تحت طلبہ کو نجی او سرکاری جامعات میں اسکالر شپ دینے کا آغاز ہوگیا ہے اور سب سے زیادہ اسکالرشپ سی بی ایم کو دی گئیں۔
اجلاس میں ڈاکٹر نوشاد شیخ کو لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو کی سنڈیکٹ کا رکن مقرر کرنے کی منظوری دی گئی اجلاس میں جامعات میں اسمارٹ کلاس رومز قائم کرنے اور تین جامعات میں عالمی سیمینار کرنے کے سلسلے میں فنڈز جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
کراچی: ہائرایجوکیشن کمیشن نے انڈر گریجویٹ پالیسی2020 (ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام) اورپی ایچ ڈی پالیسی کےنفاذکی مدت میں ایک سال توسیع کردی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن ثمینہ درانی کے نوٹیفکیشن کےمطابق توسیع فال 2022تک کی گئی ہے تاہم جو جامعات ایچ ای سی انڈر گریجویٹ پالیسی اور پی ایچ ڈی پالیسی نافذ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں یا انہوں نے اس پالیسی کو اپنالیا ہے وہ اسے جاری رکھ سکتی ہیں۔
یاد رہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اگست 2020میں انڈر گریجویٹ پالیسی 2020 اور پی ایچ ڈی پالیسی منظور کی تھی جس کے تحت جامعات اور ملحقہ کالجوں سے بی اے، بی کام اور بی ایس سی ختم کرکے ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام/ چار سالہ ڈگری پروگرام متعارف کرانا تھا اور اس کا اطلاق جنوری 2021 سے ہونا تھا تاہم وائس چانسلرز کی اکثریت کے تحفظات کے باعث اب اس میں ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ایچ ای سی انڈر گریجویٹ پالیسی2020 (ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام) کے لئے پروگرام اسپیشلسٹ اور پشاور یونویرسٹی کے سابق وائس چانسلر ذوالفقار گیلانی نے انڈر گریجویٹ پالیسی2020 کے تحت اس کے نفاذ کے سلسلے میں جامعات اور کالجز کے اساتذہ کو تربیت بھی فراہم کرنی تھی جو تاحال سندھ کی کسی جامعہ یا کالج اساتذہ کو فراہم نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے اس پالیسی میں پرائیویٹ تعلیم کا سلسلہ ہی ختم کردیا گیا ہے جس کے تحت بیرونی امیدوار، پرائیویٹ بی اے، بی کام اور ایم اے، ایم کام کے دروازے بند ہوگئے ہیں صرف جامعہ کراچی سے ہرسال ایک لاکھ امیدوار بی اے، بی کام اور ماسٹرز پرائیویٹ طور پر کرتے ہیں۔
کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کےوائس چانسلرکی تقرری کےخلاف دراخوست پر دورکنی بینچ نےفیصلہ سنادیا
عدالت نے وائس چانسلر ڈاکٹر امجد سراج میمن کی تقرری نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
جس کے بعد ہائیکورٹ میں دائر سول سوٹ کے فیصلے تک امجد سراج میمن کی تقرری کا نوٹفکیشن معطل رہے گا۔
ہائیکورٹ سنگل بینچ نے امجد سراج میمن کی تقرری کا نوٹفیکشن معطل کرنے بجائے صرف نوٹس جاری کئے تھے۔
سنگل بینچ نے امجد سراج میمن کی تقرری کا نوٹفیکشن معطل نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی عدالت نے ایک رکنی بینچ کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دیےدیاہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کا سنگل بینچ کو دائر دعوے کی سماعت آزدانہ طور پر جاری رکھنے کا حکم دیا۔
واضح رہےپروفیسر ڈاکٹر لبنی انصاری نے نئے وائس چانسلر کی تقرری پر ہائیکورٹ کی ایک بینچ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا درخواست میں کہاگیا تھاکہ امجد سراج میمن کی بطور وائس چانسلر تقرری میرٹ کے خلاف ہے
کراچی: جامعہ کراچی میں پہلی مرتبہ ایم فل،پی ایچ ڈی،ایم ایس اورایم ڈی کےداخلوں کامرحلہ انٹرپرائزریسورس پلاننگ سسٹم(ای آرپی سسٹم)کےذریعہ مکمل ہوگیا ہے۔
ایم فل، پی ایچ ڈی داخلوں کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتےہوئےای آرپی کمیٹی کے کنوینر ڈاکٹر عمران صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں سرکاری جامعات کی اکثریت اپنے روزمرہ کے اموردستی نظام کے تحت سرانجام دیتی ہیں لیکن جامعہ کراچی ملک کی ان چند جامعات میں سے ہوگی جو عصر حاضرکے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ای آرپی سسٹم پر عملدرآمد کو یقینی بنارہی ہے اور اگلے مرحلے میں جامعہ کراچی کے دیگر شعبہ جات کو بھی ای آرپی سسٹم پر منتقل کردیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ نظام کے تحت کمپیوٹرائزڈ رول نمبر اور اسمارٹ کارڈ کے اجراء، طلباوطالبات کی حاضری، فیس کی ادائیگی اور امتحانات کے انعقاد کا کام تیزی سے مکمل ہوگابلکہ والدین کو بذریعہ ایس ایم ایس طلباء کی حاضری سے بھی باخبر رکھا جا سکے گا۔مذکورہ سسٹم سے طلباء کا امتحانی ریکارڈ باآسانی مہیا ہو سکے گا، نتائج بر وقت مرتب ہوں گے اور والدین کو امتحان میں اپنے بچوں کی کارکردگی آن لائن دستیاب ہوگی۔ سمارٹ سسٹم سے حاضری کا خود کار ڈیٹا مرتب ہوگا جس کی اطلاع والدین کو بھی ہوگی۔فیس واؤچر گھر بیٹھے حاصل کئے جا سکیں گے اورکسی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کیلئے طلباء کا بلڈ گروپ، گھر کا پتہ اور والدین کا رابطہ نمبر بھی سمارٹ کارڈ میں موجود ہوگا۔
اجلاس کے شرکاء کو بتایا گیا کہ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے کلیہ قانون کی نئی عمارت کی تعمیر کے لئے سوائل ٹیسٹنگ کاکام شروع ہوچکا ہے اور عید کے بعد تعمیراتی کام کا آغاز ہوجائے گا۔ جامعہ کراچی کے ایک دیرینہ منصوبے جس کے تحت جامعہ کراچی میں ٹیچنگ اسپتال کا قیام عمل میں لانا ہے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ پر غورکرنا بھی شامل ہے۔
جامعہ کراچی وسائل کی کمی کے باوجود پائیدار اور دیرپامنصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کوشاں ہے جامعہ کراچی کے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کی سہولت کے پیش نظر بہت جلد ایک معیاری اسکول اور اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈے کیئرسینٹر کا قیام عمل میں لایاجائے گا۔
کراچی: بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام برائے 2021ء کے تحت اتوار (18جولائی(کو داخلہ ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔
داخلہ ٹیسٹ اور انٹرویو میں کامیاب امیدواروں کو جامعہ کراچی کے بین الاقومی شہرت یافتہ تحقیقی ادارے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری میں داخلہ دیا جائے گا۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق ٹیسٹ کا آغاز صبح 10 بجے بین الاقوامی مرکز کے پروفیسر سلیم الزماں صدیقی آڈیٹوریم اور ایل ای جے نیشنل سائنس انفارمیشن سینٹر جامعہ کراچی میں ہوگا۔ اعلیٰ تعلیمی پروگرام کے سینکٹروں اُمیدوار تحریری اور زبانی امتحان میں شرکت کریں گے، یہ پروگرام مختلف کلیات میں وضع کیا گیا ہے جس میں نامیاتی کیمیاء، تجزیاتی کیمیاء، طبعیاتی کیمیاء، غیر نامیاتی کیمیاء، حیاتی نامیاتی کیمیاء، فارماکولوجی، اور مالیکیولر میڈیسن شامل ہیں۔
ٹیسٹ کا آغاز صبح دس بجے ہوگا جبکہ اُمیدواروں کو ایڈمٹ کارڈ اور قومی شناختی کارڈ کے ہمراہ 9 بجکر20 منٹ پر آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں رپورٹ کرنا ہوگا، داخلہ امتحانی نتائج کا اعلان25جولائی کو بین الاقوامی مرکز اور جامعہ کراچی کی آفیشل ویب سائٹ پر کیا جائے گا، جبکہ فائنل میرٹ لسٹ کا اعلان بھی جلد کیاجائے گا۔
اُمیدواروں کی سہولت کے لیے جامعہ کراچی کے مسکن گیٹ اور کیمپس گیٹ (نزد شیخ زید اسلامک سینٹر) سے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی تک صبح9بجےسے ساڑھے9بجے تک شٹل بس چلائی جائے گی جبکہ ٹیسٹ کے بعد اسی روٹ پر دوپہرایک بجے سے ڈیڑھ بجے تک یہی سروس روانگی کے لیے چلائی جائی گی۔
کراچی: سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی (ایس ایم آئی یو) اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی (بی یو ای ٹی) خضدار نے دونوں یونیورسٹیز کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردیے ہیں۔
ایس ایم آئی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین صحرائی میمن اوبلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی (بی یو ای ٹی) خضدار کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اللہ خان کاکڑ نے معاہدے کی یاداشت پر دستخط کیے۔
بلوچستان یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹراحسان اللہ کاکڑ نے یونیورسٹی کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور جامعہ کے فن تعمیر، تعلیمی ماحول کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تاریخی ادارے کا دورہ کرنا ان کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے۔ اس ادارے کا پاکستان کی تعمیر میں تمام اہم کردار رہا ہے۔
دستخط کی تقریب میں ایس ایم آئی یو کے ڈینز جن میں ڈاکٹر پروفیسر آصف علی سید، پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی چنڑ، پروفیسر ڈاکٹر جمشید عادل ، پروفیسر ڈاکٹر آفتاب احمد اور رجسٹرار غلام مصطفیٰ شیخ بھی شامل تھے جبکہ بلوچستان یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے حامد طارق اور اسلم زیب نے بھی موجود تھے۔
ایم او یو کے مطابق ، دونوں ادارے مشترکہ طور پر تعلیم، تربیت اور تحقیقی سرگرمیوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے اور طلباء اور فیکلٹی اراکین کی تربیت کے لئے بھی مناسب انتظامات کریں گے۔