ایمزٹی وی(کوئٹہ) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ایف سی کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے کمانڈرسمیت 6 شر پسند ہلاک جب کہ 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ ترجمان ایف سی بلوچستان کے مطابق تربت کے علاقے بلنگور میں گزشتہ 2 روز سے شر پشندوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے جس میں آج بھی 5 شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد گزشتہ 2 روز میں ہلاک ہونے والے شر پسندوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے، کارروائی کے دوران 2 ایف سی اہلکار بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل شیرافگن کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گردی اورسنگین جرائم میں ملوث تھے جن سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شرپسندوں کےخاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ دوسری جانب قلات میں ایف سی اور حساس ادارے کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کا کمانڈر ہلاک ہوگیا، ہلاک شرپسند دہشتگردی،اغوا برائےتاوان اوربھتا خوری کی وارداتوں میں مطلوب تھا۔
ایمز ٹی وی (بزنس) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ جتوئی نے کہا ہے کہ ایران، پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کا صرف60کلو میٹر حصے پر کام باقی رہ گیاہے جس کی تکمیل اور ترکمانستان ،افغانستان، پاکستان ، انڈیا پائپ لائن(تاپی) سمیت ایل این جی ٹرمینلز کے قیام سے یقینی طور پر پاکستان کو 2018 ءتک گیس بحران سے مکمل نجات مل جائے گی۔
یہ بات انہوں نے پیر کو کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کہی۔اس موقع پر چیئرمین بزنس مین گروپ اور سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی،کے سی سی آئی کے صدر یونس محمد بشیرو دیگر موجود تھے۔
وفاقی وزیرصنعت و پیداوار نےکہاکہ ایران پر پابندیوں کے خاتمے سے آئی پی منصوبے میں تیزی آئے گی اور پائپ لائن کا بقیہ رہ جانے والا60کلومیٹر کام بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔
ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ سندھ میں بچوں کی بیماریوں اوران کے باعث ہونے والی اموات کی شرح میں کمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مل کر کام کرنا ہو گا۔ نجی شعبے اور مخیر حضرات کو بھی حکومت کا ہاتھ بٹانا ہو گا۔
قومی ادارہ برائے صحت اطفال (این آئی سی ایچ ) کی طرز پرکراچی سمیت سندھ کے چند دیگر بڑے شہروں میں بھی ایسے اسپتال کی اشد ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار ماہرین نے نجی ہوٹل میں این آئی سی ایچ کے ساتویں سمپوزیم کی اختتامی تقریب اور سائنسی سیشنز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پروفیسر افروز رمضان نے کہا کہ بچوں کی بیماریاں وقت کے ساتھ ساتھ بڑھی ہیں۔ تشخیص کی سہولتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے لیکن اس کے باوجود بچوں کی شرح اموات کو کم کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہو گا۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ کے لئے تمام پانچ ٹیموں نے سولہ سولہ کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا۔ ٹیموں نے پاکستان اور دنیا بھر کے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہےلیکن یونس خان اور سعید اجمل سمیت کئی قومی کھلاڑی کسی ٹیم میں جگہ نہ بنا سکے۔ یونس خان کا شمار ٹیسٹ کرکٹ کے بہترین بیٹسمینوں میں ہوتا ہے۔ وہ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں لیکن شاید یہی پہچان انہیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے اس میگا ایونٹ سے دور کرنے کا باعث بن گئی۔ کئی سال تک پاکستان کو ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کامیابیاں دلانے والے سعید اجمل کا دور بھی شاید ختم ہو گیا ہے۔ ان کے عدم انتخاب میں ان کے تبدیل شدہ باؤلنگ ایکشن کو ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔ قومی کرکٹر ناصر جمشید، عدنان اکمل، فیصل اقبال، سمیع اسلم، مختار احمد، رفعت اللہ مہمند، اعزاز چیمہ، توفیق عمر، یاسر حمید اور عمران خان سینئر بھی کسی ٹیم میں منتخب نہ ہو سکے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ آئندہ سال دسمبر میں ان کی مدتِ صدارت کے خاتمے تک شدت پسند تنظیم داعش کے خلاف خاصی پیش رفت ہوچکی ہوگی۔
صدر اوباما نے داعش کو ایک مہلک اور خطرناک تنظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ داعش کے خلاف اتحاد کامیابی سے ہم کنار ہوگا، ضرورت اس بات کی ہے کہ داعش سے متعلق معاملات کو ان کے صحیح پس منظر میں سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ داعش ہرگز اس قابل نہیں کہ وہ امریکا کو تباہ کرسکے ، امریکا کے شہریوں کو نشانہ بنانے کےباعث لوگ اس کے متعلق تشویش میں مبتلا ہیں۔ صدر اوباما نے دعویٰ کیا کہ اتحادی کارروائیوں کے نتیجے میں شدت پسندوں کے قبضے سے 40 فیصد ایسے علاقے نکل چکے ہیں جہاں آبادی موجود ہے۔
امریکی صدر نے تسلیم کیا کہ داعش کے خلاف ان کی حکومت کی کوششوں پر ہونے والی کچھ تنقید جائز ہے تاہم اس کی وجہ یہ ہے کہ امریکی انتظامیہ کی کوششوں کی صحیح انداز سے تشہیر نہیں ہوپارہی۔امریکی صدر نے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ داعش کے مقابلے کے لیے برسرِ زمین موجود مقامی طاقتوں کی مدد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ مستحکم حکومتی ڈھانچہ تشکیل دے کر خطے میں اپنے قدم مضبوطی سے جما سکیں۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) ملکہ ترنم نور جہاں 21ستمبر 1926ءکو قصور میں پیدا ہوئیں۔ ان کا اصل نام اللہ وسائی جبکہ نور جہاں ان کا فلمی نام تھا۔ انہوں نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز 1935ءمیں فلم ’’پنڈ دی کڑی ‘‘ سے کیا ۔ قیام پاکستان کے بعدوہ اپنے شوہر شوکت حسین رضوی کے ہمراہ ممبئی سے کراچی شفٹ ہو گئیں۔
ملکہ ترنم کو 1957ءمیں شاندار پرفارمنس کے باعث صدارتی ایوارڈ، تمغہ امتیاز اور بعد ازاں پرائیڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا ۔ 1965ءکی جنگ میں انہوں نے میرے ڈھول سپاہیا ، اے وطن کے سجیلے جوانوں ، ایہہ پتر ہٹاں تے نیئی وکدے، او ماہی چھیل چھبیلا، یہ ہواؤں کے مسافر ، رنگ لائے گا شہیدوں کا لہو، میرا سوہنا شہر قصورنیں سمیت بے شمار ملی نغمے گا کر قوم اور فوج کے جوش و ولولے میں اضافہ کیا۔
ملکہ ترنم نے مجموعی طور پر 10ہزار سے زائد غزلیں و گیت گائے جن میں ان کا سب سے پہلا گانا مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ بے پنا ہ ہٹ ہوا جس نے ملکہ ترنم کو کامیابیوں کے نئے سفر پر گامزن کر دیا۔ میڈم نورجہاں نےکئی فلموں میں کامیاب اداکاری و گلوکاری کے جو ہر بھی دکھائے ۔ ان کی کامیاب فلموں میں ایماندار، پیام حق، سجنی،یملا جٹ ، چوہدری ، ریڈ سگنل ، سسرال ، چاندنی ، دھیرج ، فریاد، خاندان، نادان ، دہائی ،نوکر ، لال حویلی ، دوست ، زینت ، گاؤں کی گوری ، بڑی ماں ، بھائی جان اور انمول شامل ہیں۔
ملکہ ترنم نور جہاں 23دسمبر 2000ءکو 74برس کی عمر میں انتقال پا گئی تھیں۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان کے اسرار احمد نے یو ایس جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔امریکا میں ہونے والی چیمپئن شپ کے فائنل میں اسرار احمد نے راڈ ٹکر کو شکست دی ۔
اسرار احمد کی کامیابی کا اسکور11-9 ،11-8 ، 7-11 اور11-8رہا۔اسرار احمد اگست میں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ بھی جیت چکے ہیں ۔
ایمز ٹی وی (بزنس) وفاقی حکومت نے ایک مرتبہ پھر ڈیپ سی فشنگ ٹرالر کو لائسنس دے دیئے،42 میں سے 6ٹرالر فشنگ کے لئے کورنگی فش ہاربر پہنچ گئے، جس پر ماہی گیروں میں تشویش لہر پائی جاتی ہے ، نئی صورتحال پر ماہی گیروں نے 23دسمبر بدھ کو کورنگی فش ہاربر احتجاجی دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلی کے باعث سمندر میں مچھلی کے ذخائر ختم ہو رہے ہیں ایسے حالات میں ڈیپ سی فشنگ ٹرالرز کو لائسنس دیکر ماہی گیروں کے روزگار اور معیشت کو تباہ کیا جا رہا ہے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) مشہورہتھیاراے کے۔47 المعروف کلاشنکوف کے موجد میخائیل کلاشنکوف کی آج دوسری برسی منائی جارہی ہے۔
میخائل کلاشنکوف 10 نومبر 1919میں مغربی سائبریا میں پیدا ہوئے تھے۔ جنگ عظیم دوئم کے ابتدائی برسوں میں سوویت یونین کی جرمن فوج کےہاتھوں شکست اور 1941 میں ایک جھڑپ میں زخمی ہونے کے بعد میخائل کلاشنکوف نے 1947 میں اپنی رائفل ڈیزائن کی جسے ’’کلاشنکوف‘‘ کے نام سے جانا گیا۔
کلاشنکوف کو ان کے ایجاد کئے گئے ہتھیار کے باعث سوویت یونین میں بطور قومی ہیرو جانا گیا اور وہ ماسکو کی ماضی کی عظیم فوجی طاقت کی علامت بنے تاہم ان کے ایجاد کیا گیا ہتھیار دنیا میں لاکھوں لوگوں کی موت کا سبب بنا اور میخائل کو تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
میخائیل کلاشنکوف کو روس میں اس ایجاد پر تعریف کا مستحق قرار دیا گیا اور ’ہیرو آف رشیا ایوارڈ‘ سے بھی نوازا گیا، تاہم موت سے قبل میخائیل کلاشنکوف اپنے ایجاد کردہ ہتھیار سے پھیلی جانے والی تباہی اور اموات کے حوالے سے فکرمند تھے۔
ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے اعلامیہ کے مطابق ایچ ایس سی سال اول اور دوم (گیارہویں اور بارہویں) جماعت کے ضمنی امتحانات 2015کے پرچے جو کہ 16دسمبر 2015کو ملتوی کر دیئے گئے تھے وہ اب 29دسمبر 2015بروز منگل (صبح اور شام کے سیشن) میں لیے جائینگے۔