ایمزٹی وی(صحت)اٹلی کے شہر سان وٹالیانو میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آلودگی کے باعث پیزا بنانے پر عارضی طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سان وٹالیانو کے میئر نے تیزی سے بڑھتی ہوئی آلودگی کے باعث روایتی طریقے سے لکٹری کے کوئلے کا استعمال کرنے والی بیکریز اور پیزا بنانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک روایتی طریقے سے بیکری آئٹمز اور پیزا بنانے والی کمپنیز کے مالکان آلودگی کو فلٹر کرنے والا سسٹم نہیں لگا لیتے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ پابندی 31 مارچ 2016 تک لگائی گئی ہے تاہم اس عرصے کے دوران آلودگی کو کنٹرول کرنے والا سسٹم پوری طرح لاگو نہ ہو سکا تو اس پابندی کو بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔ پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر 1130 امریکی ڈالر جرمانہ ہو گا۔ واضح رہے کہ فضائی آلودگی سان وٹالیانو کا ایک دیرینہ مسئلہ ہے اور اس شہر کو چین کے دارالحکومت بیجنگ سے بھی زیادہ آلودہ شہر قرار دیا جا چکا ہے۔ 2015 میں سان وٹالیانو نے 114 مربتہ فضائی آلودگی سے تجاوز کیا جو اٹلی کے دوسرے آلودہ شہر میلان سے بھی زیادہ ہے جس نے رواں برس 86 مرتبہ فضائی آلودگی سے تجاوز کیا۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد پہلی مرتبہ موقف سامنے آگیا ذرائع کے مطابق یاسرشاہ نے ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر موقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کی بلڈپریشر کی دوائی کھائی تھی جس کی وجہ سے وہ ری ایکشن کرگئی جب کہ پی سی بی کا میڈیکل پینل آج اس حوالے سے سر جوڑ کر بیٹھے گا اور میڈیکل پینل یاسرشاہ کے بلڈ سیمپل ٹیسٹ کرانے یا آئی سی سی کو صرف موقف دینے کا فیصلہ بھی آج کرے گا۔
ایمزٹی وی(بزنس) رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران مقامی گاڑیوں کی فروخت میں 65 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔ آٹو سیکٹر کے مطابق رواں مالی سال 16-2015 کے پہلے پانچ ماہ جولائی سے نومبر تک گاڑیوں کی فروخت 65 فیصد اضافے کے ساتھ 75 ہزار 805 رہی۔ صرف نومبر میں گاڑیوں کی فروخت 15 ہزار 724 رہی جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 10 ہزار 343 گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں۔تفصیلات کے مطابق عوام کی سب سے زیادہ دلچسپی 1300 سی سی سے زائد کی گاڑیوں کی خریداری میں دیکھی گئی۔ پانچ ماہ کے دوران 1300 سی سی کی 34 ہزار 694 فروخت ہوئیں جبکہ 800 سی سی کی 31 ہزار 473 کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جبکہ 1000 سی سی کی گاڑیاں عوام کے لیے کشش کا باعث نہ بن سکیں۔ رواں مالی سال کے پانچ ماہ میں 1000 سی سی کی صرف 9 ہزار 638 گاڑیاں فروخت کی گئیں۔
ایمزٹی وی(انٹرنشنل) عراقی فوج نے رمادی شہر میں سرکاری کمپاؤنڈ پر قبضہ کرکے داعش کے جنگجوؤں سے سرکاری عمارتیں خالی کروالیں جب کہ عراقی فوج نے فلوجہ شہرمیں 300 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق عراقی فوج نے ایک بڑی زمینی کارروائی کرتے ہوئے داعش کے جنگجوؤں سے رمادی شہرکا قبضہ چھڑا لیا جب کہ جنگجوؤں نے اہم ٹھکانے چھوڑ کر فرار کا راستہ اختیار کرلیاذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اب فوج کو کسی مزاحمت کا سامنا نہیں جب کہ شہر میں جاری آپریشن آئندہ چند گھنٹوں بعد مکمل کرلیا جائے گا۔ دوسری جانب عراقی حکومت نے تیل سے مالا شہر موصل کو داعش کے قبضے سے چھڑانے کے لئے بھی بھرپور تیاری کرلی ہے جب کہ حکومت کو داعش کے خلاف آپریشن میں امریکی فوج کی فضائی مدد بھی حاصل ہے۔ عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی کا کہنا ہے کہ موصل شہرکو آزاد کرانے کا فیصلہ کن مرحلہ آچکا ہے اور جلد ہی یہ شہر بھی داعش کے قبضے سے آزاد ہوجائے گا۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل)سعودی فرماںروا شاہ سلمان کو سال 2015 خلیجی ممالک کی پسندیدہ شخصیت قرار دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی سروے کے مطابق ٹیم کے خلیجی ممالک کی بہترین شخصیات کے حوالے سے کیے جانے والے عوامی سروے نے سعودی عرب کے فرماںروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو سب سے زیادہ پسندیدہ شخصیت قرار دیا ہے۔سروے کے مطابق سعودی فرماںروا کو 56.4 فیصد لوگوں نے پسند کیا۔ اس سروے کے نتیجے میں شاہ سلمان بن عبدالعزیزکو 2015 کی پسندیدہ و مقبول شخصیت قراردیا گیاہے۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی) سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے ایک روزہ دورہ کابل کے موقع پر افغان حکام سے ملاقاتیں کیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق کابل میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغان صدراشرف غنی، افغان چیف ایگزیکٹوعبداللہ عبداللہ اوراپنے ہم منصب سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔اس موقع پرخطے کی سیکیورٹی کی صورتحال،افغان امن عمل سےمتعلق مستقبل کے لائحہ عمل، افغان قیادت سے سیکیورٹی امور اور انٹیلی جنس معلومات کےتبادلے پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران سرحد کے دونوں اطراف انسداددہشت گردی آپریشن میں تعاون کی ضرورت پرزوردیتے ہوئے اتفاق کیا گیا کہ انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے سے سرحد پاردہشت گردی کوختم کیاجائے گا اورتشدد کے راستے سے نہ ہٹنے والےعناصرسے باہمی طے شدہ فریم ورک کے تحت نمٹاجائے گا جس کے لئے ایک دوسرے کے خلاف اپنی سرزمین استعمال ہونے نہیں دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی سرحد پار نقل و حرکت کی روک تھام کے لئے موثر طریقہ کار کی ضرورت ہے اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کی جائیں جبکہ افغان صدرکا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات طالبان سے امن مذاکرات کے حوالے سے مفید ثابت ہوگی۔ اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے افغان ہم منصب سے بھی ملاقات کی جس کے بعد انھیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
ایمزٹی وی(ایجوکیشن)جامعہ کراچی میں سنیارٹی کو نظرانداز کر کے جونیئر پروفیسر کو ڈین آف فارمیسی مقرر کر دیا گیا ہے جس پر جامعہ کراچی کے اساتذہ میں بے چینی پھیل گئی ہے اور ٹیچرز الائنس فار گڈ گورننس نے اسے ناانصافی قرار دیا ہے ذرائع کے مطابق فیکلٹی آف فارمیسی میں ایک ایسی خاتون کو لیکچرار تعینات کیا گیا ہے جو لیکچرار کے ٹیسٹ میں فیل تھیں ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر رفیق عالم کے ڈین مقرر ہونے کی صورت میں ان کی ملازمت کو خطرہ ہوسکتا تھا لہٰذا جونیئر پروفیسر کو ڈین مقرر کر دیا گیا تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کی فیکلٹی آف فارمیسی کی ڈین ڈاکٹر غزالہ رضوانی چند روز قبل ریٹائر ہوگئیں۔ جامعہ کراچی نے ان کی جگہ تین پروفیسرز کے نام گورنر ہائوس بھیجے جس میں سب سے سینئر ترین گریڈ 22 کے پروفیسر اور شعبہ فارماکولوجی کےڈاکٹر رفیق عالم، پروفیسر اقبال اظہر اور پروفیسر راحیلہ نجم کے نام شامل تھے لیکن حیرت انگیز طور پر سب سے سینئر ترین 22 گریڈ کے میری ٹیوریس پروفیسر رفیق عالم کو نظرانداز کر کے گزشتہ سال پروفیسر مقرر ہونے والے 21 گریڈ کے ڈاکٹر اظہر اقبال کو پروفیسر مقرر کر دیا گیا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاہے۔
ایمزٹی وی(ایجوکیشن) وفاقی اردو یونیورسٹی نے بی کام (پرائیوٹ) کے سالانہ امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان کردیا۔ وفاقی اردو یونیورسٹی کے ناظم امتحانات غیاث الدین احمد کے اعلامیہ کے مطابق بی کام پرائیوٹ (سال اول) کے امتحانات جوکہ یکم جنوری سے شروع ہونا تھے اب 25 جنوری 2016کوہونگے۔ جبکہ بی اے (سال و مشترکہ) اور بی کا م (سال دوم) کے امتحانا ت معمول کے مطابق ہونگے۔