ایمز ٹی وی (ہنگو)خیبرپختونخواءکے ضلع ہنگو میں محرم الحرام کے موقع پر سیکورٹی خدشات کے پیش نظر 21 اکتوبر سے 26 اکتوبر تک موٹرسائیکل چلانے پرپابندی ہوگی،22 اکتوبرکو سرکاری ادارے اور اسکول بھی بند رہیں گے۔ہنگو کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر شاہ نذر خان کے مطابق محرم الحرام میں سیکورٹی خدشات کے تحت موٹر سائیکل چلانے پر پابندی لگائی گئی ہے،یہ پابندی 21 اکتوبر سے 26 اکتوبر تک برقرار رہے گی۔ہنگو کے ڈپٹی کمشنر سید مجیب الرحمن نے بتایا کہ ضلع بھر میں 8 محرم کو بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار تعیناتی کیے جارہے ہیں اور 8 محرم 22 اکتوبر سرکاری ادارے اور اسکول بند رہیں گے۔تاہم محکمہ صحت اور محرم میں فرائض سرانجام دینے والے ادارے اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گے۔
ایمز ٹی وی(کراچی )سینئر صوبائی وزیر تعلیم و اطلاعات نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ تعلیم سے وابستہ اداروں کا احترام کرنا ہمارافرض ہے اس لئے کہ طلبہ کا مستقبل انہی سے وابستہ ہوتا ہے۔ یہ بات انہوں نے ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت ہم نصابی سرگرمیوں اور ہفتہ طلبہ میں ہونے والے مقابلوں کے انعام یافتہ طلبہ و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے اس موقع پر ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی کی تعلیمی میدان میں کی جانے والی خدمات کو سراہا، انہو ں نے کہا کہ ان جیسی شخصیات اداروں کی تعمیر کرتی ہیں، انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ نقل پر بھروسہ کرنے کی بجائے محنت کریں اور خود میں لیاقت پیدا کریں۔ اس موقع پر ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے اعلان کیا کہ میٹرک میں سائنس، آرٹس اور خصوصی بچوں کے امتحانات میں اول آنے والے طالب علم کو 50ہزار روپے ، دوم آنے والے کو 30ہزار اور سوم آنے والے طلبہ کو 20ہزار روپے نقد دیئے جائیں گے جبکہ ڈیجیٹل ڈکشنری اس کے علاوہ ہوں گی، تقریب میں پاکستان سائنس فورم کی جانب سے پوسٹر سازی اور مضمون نگاری میں اول، دوم اور سوم آنے والے طلبہ کونقد انعامات دیئے گئے جبکہ بورڈ کی جانب سے شیلڈ اور اسناد تقسیم کی گئیں۔
ایمز ٹی وی ( انٹرٹینمنٹ ) آج کل کئی پاکستانی اداکار بالی ووڈ کا رخ کر رہے ہیں ۔ ان ہی اداکاروں میں سے دو پاکستانی سپر اسٹارز ماہرہ خان اور فواد خان بھی شامل ہیں ۔ لیکن آج کل بھارت میں انکے لیئے حالات سازگار نہیں ہیں ۔ جسکی وجہ بھارتی انتہا پسند شیو سینا کی تنظیم کی جانب سے بھارت میں مسلمانوں کوٹارگٹ کیا جانا ہے۔ کچھ ایسا ہی اداکار فواد خان اور ماہرہ خان کے ساتھ ہوا ہے۔فواد خان آجکل بھارت میں اپنی فلم '' کپور اینڈ سنز ''کی شوٹنگ میں مصروف ہیں ۔ اسکے علاوہ اداکارہ ایشوریا رائے کے ساتھ فلم'' اے دل ہے مشکل''بھی سائن کی ہے ۔ اداکارہ ماہرہ خان بھی بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے ساتھ اگلے سال ریلیز ہونے والی فلم ''رئیس''میں جلوہ گرہوں گی۔ لیکن بھارتی تنظیم شیو سینا کی طرف سے ماہرہ خان اور فواد خان کو دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔ انکا مطالبہ ہے کہ پاکستان کے کسی بھی کرکٹر ، فنکار یا پرفارمر کو بھارت میں قدم نہ رکھنے دیا جائے۔ اس سے پہلے بھی پاکستانی غزل گائیک غلام علی کابھارت میں کنسرٹ منسوخ کیا گیا تھا۔ اور گزشتہ دنوں پی سی بی چیئر مین شہریار خان اور انڈین کرکٹ بورڈ کے چیئر مین کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران شیو سینا کے غنڈوں نےدھاوا بول دیا تھا۔جس کے باعث پاک بھارت سیریز بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ایمز ٹی وی (لاہور) ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ کیئے جانے والی بد سلوکی کے خلاف لاہور اور پشاور میں احتجاجی مظاہرے کیئے گئے ۔احتجاج میں مظاہرین نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا جلایا اور مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔پشاور میں سکھ برادری بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پر پشاور پریس کلب کے سامنے مودی کے پتلے پر جوتے پرسائے اور اسے نذر آتش کیا۔
ایمز ٹی وی (پنجاب) محکمہ داخلہ پنجاب نے 23اور 24اکتوبر کو نو اور دس محرم کو صوبہ پنجاب اور صوبہ سندھ میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی ہے ۔ اسکے علاوہ دفعہ 144کے تحت ہینڈی کیم ، ڈرون اور فضائی کوریج پر بھی پابندی عائد ہوگی۔مزید یہ کہ کسی بھی تقریب یا اجتماع میں بڑے غبارے اڑانے پر بھی پابندی کا نفاذ ہوگا۔
ایمز ٹی وی (لاہور) لاہور میں ہونے والے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان عوامی تحریک ( پی اے ٹی ) اور پولیس افسران سمیت 46 افراد پر فرد جرم عائد کیا ہے۔
پاکستان عوامی تحریک ( پی اے ٹی ) کے 41 کارکن اور 5پولیس اہلکار جن میں کانسٹیبل نوید ،اسسٹنٹ سب انسپیکٹراظہر محمود، اسٹیشن ہاﺅس افسر (ایس ایچ او) فیصل ٹاﺅن عامر سلیم بھی شامل ہیں۔تمام ملزمان جرم ماننے سے انکاری ہیں۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وکلاءکو 28 اکتوبر کو گواہان پیش کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں چودہ افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔
ایمز ٹی وی (پشاور)عاشورہ محرم الحرام کے دوران پشاور میں سیکورٹی انتظامات سے متعلق پولیس کے دعوے دھرے رہ گئے۔ شہر میں تاحال خفیہ کیمروں کی تنصیب کا کام بھی مکمل نہیں ہوسکا۔ 96 سی سی ٹی وی کیمروں میں سے اکثر نصب ہی نہیں ہوئے۔ جو کیمرے نصب کئے گئے ان کی ریکارڈنگ بھی غیر تسلی بخش ہے۔پشاور کو محرم الحرام کے دوران حساس ترین ضلع قرار دیا گیا۔ پولیس نے شہر بھر میں 96 خفیہ کیمرے نصب کرنے کا کام ایک پرائیوٹ فرم کودیا۔ کئی دن گزرنے کے باوجودبیشتر کیمرے نصب نہیں ہوسکے۔خفیہ کیمروں کاکنٹرول روم کوہاٹی چوک میں سپریم کمانڈ پوسٹ میں قائم کیا گیاہے۔ لیکن جو کیمرے نصب کئے گئے ان میں سے بھی اکثر صحیح طریقے سے کام نہیں کر رہے۔خفیہ کیمروں کی ریکارڈنگ کا ایک لنک پولیس افسران کے اسمارٹ فون پر ملناتھا۔ تاہم یہ کام بھی اب تک مکمل نہیں ہوسکا۔محرم الحرام شروع ہونے سے کئی روز قبل ہی پولیس حکام نے سیکورٹی مکمل ہونے کے دعوے کئے تھے۔ لیکن اب تک خفیہ کیمروں کی تنصیب کا کام ادھورا رہ جانا بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے۔