ایمزٹیوی (نیویارک) دنیا بھر میں آج ورلڈ ٹیچرز ڈے منایا جا رہا ہے جس کا مقصد معاشرے میں اساتذہ کے اہم اور ناقابل فراموش کردار کو اجاگر کرنا اور انکی بے پناہ خدمات کا اعتراف کرنا ہے ، اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کے زیر اہتمام پہلی مرتبہ 15اکتوبر 1994ءکو اساتذہ کا عالمی دن منایا گیا ، اس دن کی مناسبت سے دنیا بھر میں سیمینارز ،کانفرینسیں اور تقریبات منعقد کی جاتی ہیں اور دنیا بھر کے اساتذہ یہ عہد کرتے ہیں کہ وہ معاشرے میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑےینگے گے اور بلند معیار تعلیم کے زریعے آنے والی نسلوں کی خدمت کرینگے ،
ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل):عرب نشریاتی ادارے “الجزیرہ” کے مطابق افغان فورسز نے شمالی شہر قندوز کے بیشترعلاقوں میں افغان طالبان سے جھڑپوں کے بعد دوبارہ قبضہ حاصل کرلیا تھا۔ جب کہ طالبان جنگجوؤں نے مزاحمت کے بعد فوج کو پیچھے کی جانب دھکیل دیا اور وہ علاقے جہاں چند روز قبل فوج نے قبضہ حاصل کیا تھا وہاں کا کنٹرول دوبارہ طالبان نے حاصل کرلیاہے۔ دوسری جانب افغان فوج کا کہنا ہے کہ وہ آہستہ آہستہ آگے بڑھ رہے ہیں کیوں کہ طالبان جنگجوؤں نے شہریوں کے گھروں میں داخل ہوکر انہیں یرغمال بنا رکھا ہے ۔جس کے باعث گھر گھر سرچ آپریشن کے باعث آگے بڑھنے میں وقت لگ رہا ہے۔
ایمز ٹی وی (انٹرنیشنل):جرمن چانسلر اینجیلا مرکل آج 3 روزہ سرکاری دورے پر بھارت پہنچ گئی ہیں۔اپنے 3 روزہ دورے میں اینجیلا مرکل وزیراعظم نریندر مودی،صدر پرناب مکھرجی اور دیگر سیاسی شخصیات سے ملاقات کریں گی۔ تفصیلات کے مطابق جرمن چانسلر اپنے اس دورے میں بھارت کے ساتھ سائنس ، ٹیکنالوجی ،توانائی ، تجارتی اور دیگر شعبوں پر بھارت کے ساتھ معاہدوں میں دستخط کریں گی۔اس موقع پر جرمن تاجر بھارتی حکومت اور تاجروں سے بھی ملاقات کریں گے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت پر تبادلہ خیال کیا جاۓ گا۔
ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) صرف 100 منٹ تک زندہ رہنے والا ٹیڈی والدین کے لیے زندگی بھر کے لیے یادگار بن گیا بلکہ دنیا کیلئے تاریخ رقم کر گیا۔ 12 ہفتے کے حمل کے دوران ٹیڈی کے والدین کو ڈاکٹرز نے حیران کر دینے والی خبر دی کہ آپ کے جڑواں بچوں میں سے ایک کے دماغ اور کھوپڑی مکمل طور پر نشو نما نہیں پا رہے۔ اس لیے یہ پیدائش روکنا ہوگی۔ ٹیڈی کے والدین نے ایسا کرنے سے منع کر دیا اور بتایا کہ ہم اپنے بچے کو ہر صورت میں پیدا کریں گے چاہے کچھ دیر کیلئے زندہ رہے ، ٹیڈی صرف 100 منٹ تک زندہ رہ سکا ، والدین نے ٹیڈی کے ساتھ یادگار سو منٹ گزارے۔ ٹیڈی کے والدین نے بہادرانہ فیصلہ کیا کہ اس کے اعضا کو وہ عطیہ کر دیں گے تاکہ دیگر بچوں کی جان بچائی جا سکے ۔ ٹیڈی کے گردے لیڈز میں ایک بچے کو عطیہ کو کیے گئے جس سے اس کی زندگی بچ گئی جبکہ ٹیڈی کا دل بھی کسی بچے میں ٹرانسپلانٹ کیا گیا تھا ، ٹیڈی کی اس کاوش پر برطانوی حکومت نے ٹیڈی کیلئے پرائیڈ آف بریٹن ایوارڈ کا بھی اعلان کیا۔ واضح رہے کہ ٹیڈی کی کہانی منظر عام پر آنے کے بعد اعضا عطیہ کرنے کی شرح میں 378 فیصد تک اضافہ ہوگیا جس سے سینکڑوں زندگیاں بچانے میں مدد ملی۔
ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر کے جانوروں کی نایاب نسل کو تحفظ فراہم کرنے، انسان اور جانوروں کے درمیان محبت کے جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے جانوروں کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے ۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں جانوروں کا عالمی دن بھی منایا جا رہا ہے ۔ انسان کی انسان سے محبت اور خلوص تو عام بات ہے لیکن انسان کی جانور سے محبت ایک خاص اہمیت رکھتی ہے ۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر کے جانوروں کی نایاب نسل کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے ناپید ہونے سے بچانا اور انسان اور جانوروں کے مابین انسیت کے جذبے کو اجاگر کرنا ہے ۔ پاکستان میں بھی بے شمار افراد ایسے ہیں جو جانوروں کو پالنے کا شوق رکھتے ہیں اور ان میں بلیاں ، کتے ، خرگوش ، بھیڑ ، بکریاں ، گھوڑے ، شیر کے بچے ، مختلف اقسام کے پرندے ، مرغے مرغیاں ، طوطے وغیرہ شامل ہیں ۔ اس دن کی مناسبت سے بہت سے تقاریب بھی ہوتی ہیں جن میں جانوروں خصوصاً مویشیوں اور دودھ و گوشت دینے والے جانوروں کی افزائش نسل ، ان کی اہمیت ، انہیں درپیش خطرات اور مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لئے اقدامات ، لائیو سٹاک فارمنگ کے فروغ اور لائیو سٹاک فارمرز کے مسائل کے حل سمیت اہم امور پر روشنی ڈالی جائے گی۔
ایمز ٹی وی(انٹرنیشنل ڈیسک) قطرکے الجزیرہ ٹی وی کوانٹرویومیں ترک صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو یہ مان لینا چاہیئے کہ مسجداقصیٰ کے خلاف اس کی ظالمانہ کارروائیاں دیگرجرائم میں ایک نیا اضافہ ہے، اسرائیل آگ سے کھیل رہا ہے جوکچھ مسجد اقصیٰ کے خلاف کیا جا رہا ہے وہ ناقابل معافی ہے اوراسرائیل کواس کی بھاری قیمت چکانا ہوگی، مسجد اقصیٰ کامعاملہ صرف تنہا فلسطینیوں کا نہیں بلکہ قبلہ اول کا دفاع پورے عالم اسلام کی اجتماعی ذمے داری ہے۔ ترک صدرنے کہا کہ مسجد اقصیٰ کے خلاف اسرائیلی اقدامات جرائم میں شمار ہوتے ہیں جن پرخاموش رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ طیب اردگان نے غزہ کی پٹی کے مسلسل محاصرے کی شدید مذمت اورعرب لیگ کے کردار پر کڑی نکتہ چینی کی۔ انھوں نے کہا کہ مصر میں کوئی منصفانہ اورعادلانہ نظام حکومت نہیں، غزہ کے لاکھوں مسلمان بھائیوں کو تنہا چھوڑنے کا کیاجواز ہے؟۔ انھوں نے شام میں روسی فوج کے فضائی حملوں پربھی تنقیدکی اورکہا یہ حملے داعش کے خلاف نہیں بلکہ اعتدال پسند اپوزیشن قوتوں کے خلاف ہورہے ہیں، شام میں صدربشارالاسدکی رخصتی تک امن قائم نہیں ہوسکتا
ایمزٹی وی (ٹیکنالوجی)ٹیکنالوجی کی دنیا کی دو بڑی کمپنیاں مائیکروسافٹ اور گوگل اپنی مصنوعات کے جملہ حقوق پرگزشتہ پانچ سال سے جاری لڑائی ختم کرنے پر متفق ہو گئی ہیں۔ واضح رہے کہ ان پانچ برسوں میں دونوں نے ایک دوسرے پر کئی مقدمات بنا رکھے تھے جن میں قانونی چارہ جوئی کے 18 مقدمات ایسے ہیں جو اب بھی تصفیہ طلب ہیں۔ جملہ حقوق کے ان اٹھارہ مقدمات کا تعلق موبائل فونز میں استعمال کی جانے والی ٹیکنالوجی، وائی فائی اور کئی دیگر معاملات سے ہے۔ دونوں کمپنیوں کے درمیان طے پائے جانے والے تصفیے کی تفصیلات کو عام نہیں کیا گیا ہے تاہم ایک مشترکہ بیان میں دونوں کا کہنا تھا کہ وہ جملہ حقوق کے کچھ معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گی۔ یاد رہے کہ گزشتہ برسوں میں نئی ٹیکنالوجی خاص طور پر سافٹ ویئر کے جملہ حقوق پر دونوں کمپنیوں کی کاروباری لڑائیوں میں خاصا اضافہ ہوگیا تھا اور دونوں کی کوشش تھی کہ وہ اپنے اپنے سافٹ ویئر سے زیادہ سے زیادہ منافع کما سکیں۔