ایمز ٹی وی ﴿اسپورٹس) لاہورکے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھلیے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کے کپتان چگمبورا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد زمبابوے نے مقررہ 20 اوورزمیں 6 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کو 172 رنز کا ہدف دیا ۔ پاکستانی باولر محمد سمیع نے 3 ، وہاب ریاض نے 2 اور شعیب ملک نے 1 وکٹ حاصل کی ۔
172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا آغاز کیا اوپنرز احمد شہزاد اور مختار احمد نے 142 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ۔ احمد شہزاد 55 ، مختار احمد 83 رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔ جس کے بعد محمد حفیظ 12 ،عمر اکمل 4 اور شعیب ملک نے 7رنز بناکر ہدف مکمل کرلیا
چھ سال بعد عالمی کرکٹ کے آغاز پر صدر مملکت ممنون حسین نےمیچ سے قبل قذافی اسٹیڈیم پہنچ کر مہمان ٹیم کو خوش آمدید کہا اور کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا۔ شائقین کرکٹ نے زمبابوین ٹیم کو پلے کارڈز سے خوش آمدید کہا اور چہرے پر پاکستان اور زمبابوے کے پرچم بنائے ہوئے تھے۔ قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستانی تماشائیوں نے ثابت کردیا کہ وہ کرکٹ سے بے پناہ محبت کرتے ہیں،ملک میں کرکٹ گراونڈ دوبارہ آباد ہورہے ہیں، میچ کے حوالے سے انکا کہنا تھاکہ احمد شہزاد اور مختار احمد کی بیٹنگ کی بدولت ہماری جیت ممکن ہوئی، زمبابوے نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔
زمبابوے ٹیم کپتان چگمبورا کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لئے سازگار تھی، تماشائیوں نے بھی ہمیں بھرپور سپورٹ کیا۔ آئندہ میچ میں اچھی کارکردگی کے لیے پر عزم ہیں ۔ جبکہ وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نےقومی ٹیم کو جیت پر مبارک باد دی۔
ایمز ٹی وی ﴿ایجوکیشن﴾ خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے صوبے میں اپنے دفاتر میں بائیومیٹرک نظام متعارف کروایا ہے۔ اس نظام کے تحت اب محکمہ تعلیم کے ملازمین کو انگلیوں کے نشان پڑھنے والی مشین کے ذریعے اپنی حاضری کا اندراج کرنا ہو گا، جو خود بخود حاضری کے وقت کا تعین کر لے گی۔
محکمہ تعلیم میں اس تازہ تبدیلی کا اعلان ملک کے اخبارات میں خیبر پختونخوا کی حکومت کی جانب سے شائع ہونے والے اشتہار میں کیا گیا، جس کے مطابق سیاہی سے انگوٹھا لگانے کے پرانے نظام کی بجائے اب بائیومیٹرک نظام کے تحت ابتدائی اور ثانوی تعلیمی دفاتر میں حاضری کا اندراج کیا جائے گا۔
اس منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے صوبائی وزیر محمد عاطف خان نے کہا تھا کہ پہلے مرحلے میں اس نظام کو صوبے کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے دفاتر میں متعارف کرایا جائے گا، دوسرے مرحلے میں تعلیمی اداروں میں متعارف کرایا جائے گا، جبکہ تیسرے مرحلے میں صوبے کے باقی تمام سکولوں میں یہ نظام لایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا اس سے اساتذہ اور دیگر عملے کی وقت پر حاضری اور نظم و نسق میں بہتری کو یقینی بنایا جا سکے گا۔