ایمز ٹی وی ﴿لاہور﴾ لاہور کے علاقے شاد باغ میں آگ سے جھلس کر جاں بحق ہونے والے ایک ہی گھرانے سے 6 بچوں کے جنازے اٹھےتو ہر آنکھ پرنم تھی، جنہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔بچوں کے اکٹھے 6 جنازے اٹھے تو والدین غم سے نڈھال ، ہر دل دکھی اور ہر آنکھ نم تھی ۔
لاہور کے علاقے شاد باغ کے اس گھرانے کی ساری خوشیوں کو آگ بھسم کر گئی ۔شارٹ سے لگنے والی آگ سے بدنصیب قیصر کے 3 بیٹے اور3 بیٹیاں جھلس کرموت کی وادی اتر گئیں ۔جاں بحق ہونیوالے بچوں میں 16سالہ مناہل،8سال کی دعا ، 6سال کی انا ،12سالہ زین اور 2 سال کے جڑواں بیٹے اذان اور اذہان شامل ہیں ۔چھ جگرشوں کے اکٹھے جنازے اٹھے تو آہ وبکا مچ گئی ،شدت غم سے ماں سکتے میں آگئی ،بدنصیب باپ دھاڑیں مار مار کر روتااوراپنی بیٹیوں اور بیٹوں کو پکارتا رہا۔گھر سے ملحقہ جگہ پر بچوں کی نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ اہلخانہ کے مطابق آگ کے وقت بچوں کا باپ داتا دربار گیا ہوا تھا ،نماز جنازہ کے بعد میتوں کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
ایمز ٹی وی ﴿اسلام آباد﴾ وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2015-16 کا بجٹ21 دن میں پارلیمنٹ سے منظور کروانے کا شیڈول مرتب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی بجٹ 5 جون کوکابینہ کے خصوصی اجلاس سے منظوری کے بعد اسی روز پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا، بجٹ دستاویزات کے ہمراہ رواں مالی سال کے ضمنی مطالبات زر بھی منظوری کیلیے پیش کیے جائیں گے، 2 دن کے وقفے کے بعد8 جون سے بجٹ پر عام بحث کا آغاز ہوگا جو 22 جون تک جاری رہے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ 22 جون کو بحث سمیٹتے ہوئے اراکین پارلیمنٹ کے اٹھائے جانے والے نکات کے جوابات دیں گے جس کے بعد ووٹنگ کے ذریعے شق وار منظوری ہوگی، اگلے روز 23 جون کوگرانٹس کیلیے ڈیمانڈز پر بحث اور ان کی منظوری کیلیے ووٹنگ ہوگی، اسی فنانس بل 2015 کی منظوری لی جائے گی، بجٹ کی منظوری کے بعد اگلے 2 دن رواں مالی سال کے ضمنی مطالبات زر پر بحث مکمل کرکے ان کی منظوری لی جائے گی۔
ایمز ٹی وی (سائنس اینڈ ٹیکنالوجی) پاکستانی سائنسدان، ڈاکٹر حمزہ خان نےجنیوا یونیوسٹی، اٹلی کے پروجیکٹ کے تحت، ہائیڈرولک کی مدد سے چلنے والا ’چار ٹانگوں والا چھوٹا روبوٹ‘ تیار کر لیا ہے، جو غیر فوجی مقاصد کے لئے استعمال کیا جا سکے گا۔
میڈیا سے بات چیت میں، ڈاکٹر حمزہ خان نے بتایا کہ کانفرنس میں ان کے روبوٹ کو پذیرائی ملی۔ تاہم، اُنھوں نے کہا کہ وہ یہ نہیں چاہتے کہ ان کی تیار کردہ ٹیکنالوجی انسانوں کو مارنے کے لیے استعمال ہو۔انھوں نے بتایا کہ فوجی مقاصد کے لیے پہلے ہی امریکہ میں ہائیڈرولک روبوٹ بنائے جا چکے ہیں۔ تاہم، بقول اُن کے، ’یہ بہت بھاری ہیں اور نہایت سست روی سے جنبش کرتے ہیں‘۔ ڈاکٹر حمزہ نے بتایا کہ اُن کے ڈیزائن کردہ روبوٹ بہت چھوٹے ہیں اور چابک دستی سے اپنا کام کرتے ہیں؛ اور انھیں ریسکو مقاصد کے لئے استعمال میں لایاجاسکتا ہے۔
ڈاکٹر حمزہ خان نے روبوٹکس میں ہی پی ایچ ڈی کی ہے۔ دراصل، یہ پروجیکٹ ان کی ڈاکٹوریٹ کا ہی حصہ تھا۔ تاہم، اس سے پہلے انھوں نے وارسا یونیوسٹی پولینڈ اور جنیوا یونیورسٹی اٹلی سے ماسٹرز کی ڈگری بھی لی تھی۔
ڈاکٹر حمزہ خان پاکستان کے علاقے میانوالی میں پیدا ہوئے اور انھوں نے اسلام آباد کی ایئر یونیورسٹی سےبھی ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ انھیں یونیورسٹی نے میڈل سے نوازا۔ ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے اپنی تمام تعلیم اسکالر شپ سے مکمل کی، اور رسرچ میں بھی انھیں یورپی یونیورسٹیز کی اسکالر شپ حاصل رہی۔
ایک سوال پر، ڈاکٹر حمزہ خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان صلاحیتوں سے مالامال ہیں، لیکن ملک میں تحقیق کے لئے وسائل موجود نہیں، جس کی وجہ سے، نوجوانوں میں جدید ٹیکنالوجی پر تحقیق کے رجحانات بھی نہیں پائے جاتے۔ تاہم، انھوں نے پاکستان کی دو یونیورسٹیوں کے دو طلبہ کو اپنی نگرانی میں شامل کرکے روبوٹک ٹیکنالوجی پر تحقیق کا آغاز کردیا ہے۔
ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک) ناروے میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق بڑھاپے میں باقاعدگی سے ورزش کا زندگی پر بہت گہرا اثر پڑتا ہے اوراس کے نتیجے میں عمر کے 5 سال مزید بڑھ جاتے ہیں۔
اوسلو یونی ورسٹی اسپتال میں 6 ہزار معمر افراد پر ایک تحقیق کی گئی اوراس دوران ہلکی اوربھاری ورزش کی وجہ سے ان کی عمرپرپڑے والے اثرات کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد تحقیق کار اس نتیجے پر پہنچے کہ جنہوں نے پورے ہفتے کم از کم 3 گھنٹے ورزش کی ان کی عمروں میں 5 سال اضافہ دیکھنے میں آیا۔
دوسری جانب برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن نے معمرافراد کو ورزش کی اہمیت کا احساس دلانے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک مہم بھی چلانے کا اعلان کیا ہے جب کہ برطانیہ میں ایک ہفتے میں 150 منٹ ورزش کے لیے مختص کرنے کو مثبت تبدیلی کا سبب قرار دیا گیا خصوصا ان لوگوں کے لیے جن کی عمر 65 سال سے زائد ہو۔ برٹش ہارٹ فاؤنڈیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق جن ممالک میں بالغ افراد کی جانب سے ورزش کے رجحان میں کمی دیکھی گئی ہے ان میں پرتگال کے 69 ، پولینڈ کے 55 ، فرانس کے 46 برطانیہ کے 44 فیصد ، کرویشیا کے 34 اور جرمنی کے 26 فیصد افراد شامل ہیں۔
ایمز ٹی وی(کراچی) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے اعلان کیا ہے کہ انٹرمیڈیٹ کامرس پرائیویٹ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2015ء کے پرائیویٹ امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈز ان کی جانب سے فراہم کیے گئے پتوں پر روانہ کردیئے گئے ہیں جبکہ وہ پرائیویٹ امیدوار جنہوں نے اس دوران اپنی رہائش تبدیل کرلی ہے وہ اپنے ایڈمٹ کارڈز امتحانی فارم میں درج کیئے گئے پتوں سے وصول کرلیں جبکہ ایسے پرائیویٹ امیدوارجنہیں بروز ہفتہ 16 مئی 2015ء تک ایڈمٹ کارڈز وصول نہیں ہوں وہ بروز پیر 18 مئی 2015ء سے اپنے رجسٹریشن کارڈ، امتحانی فارم جمع کرانے کی رسید اورمیٹرک کی مارکس شیٹ کی فوٹوکاپی کے ساتھ بورڈ آفس سے اپنے ایڈمٹ کارڈ کی نقل حاصل کرسکتے ہیں۔ ناظم امتحانات محمد عمران خان چشتی نے مزید بتایا کہ کامرس ریگولر کے امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈز بھی تیار کرلیے گئے ہیں اور کالج پرنسپلز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 14 مئی 2015ء سے انٹربورڈ آفس سے ایڈمٹ کارڈز وصول کرلیں جبکہ کامرس ریگولر کے امیدوار مذکورہ تاریخ کے بعد اپنے ایڈمٹ کارڈز اپنے متعلقہ کالجوں سے حاصل کریں۔محمد عمران خان چشتی نے کہا کہ ریگولر امیدواروں اور ایکس اسٹوڈنٹس کے کسی اعتراض کی وجہ سے روکے گئے ایڈمٹ کارڈ یا ایڈمٹ کارڈ کی نقل حاصل کرنے کیلئے دو پاسپورٹ سائز تصاویر کے ساتھ متعلقہ کالج کے پرنسپل سے تصدیق شدہ درخواست ضروری ہوگی