ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک)زرائع کے مطابق ایران کے اعلیٰ سرکاری عہدیدارکا کہنا ہے کہ مغرب اورایران کے درمیان ہونے والا جوہری معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں ایران کو توانائی کا سب سے بڑا ذریعہ بنادے گا جس سے غیر ملکی کمپنیاں سرمایہ کاری کی جانب راغب ہوں گی، ان خیالات کا اظہار ایرانی وزیرِمملکت برائے تیل بی جان زنگانے سالانہ عالمی پیٹرولیم مصنوعات کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایران دنیا کا چوتھا سب سے بڑا تیل اور دوسرا سب سے بڑا گیس کا ذخیرہ رکھنے والا ملک ہیں،ایرانی وزیرِمملکت برائے تیل بی جان زنگانےکا کہنا ہے کہ نیوکلیائی مذاکرات میں کامیابی کے نتیجے میں تیل کی دنیا کے بڑے نام ایران میں لوٹ آئیں گے
ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) پاکستان میں امریکہ کے تعلیمی فاؤنڈیشن (USEFP)نے 2016کے لئے فل برائٹ گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ کے وظائف حاصل کرنے کااعلان کردیا ہے۔
امریکی حکومت نے وظیفہ پروگرام کا اشتہار مستحق پاکستانی درخواست گزار جو اپنی پسند کے میدان میں امریکی یونیورسٹیوں سے ماسٹریا پی ایچ ڈی ڈگری مکمل کرناچاہتے ہیں ،کے لئے دیاہے. یہ اسکالرشپ امیدواروں کو اپنے سابقہ تعلیمی ریکارڈ کی بنیاد پر عطا کیا جائے گاجبکہ اسکالر شپ ٹیوشن، درسی کتب، کرایہ، وظیفہ، کمپیوٹر، رہائش میں الاؤنس کے ساتھ ساتھ صحت کی انشورنس کے اخراجات بھی پورا کرے گا۔
عالمی سطح پر فل برائٹ اسکالرشپ 150ممالک میں فعال ہے۔پاک امریکہ فل برائٹ پروگرام ان سب میں بڑا ہے جس کی رو سے سال 2015 میں 183 امیدواروں نے مکمل اخراجات کے ایوارڈز حاصل کئے۔اگلے سال کے لئے امید کی جارہی ہے کہ 150 امیدواروں کاانتخاب کیاجائے گا۔USEFP کے اعلان کے مطابق 2016 کے پروگرام میں حصہ لینے کے امیدوار اپنی دراخواستیں 13 مئی 2015 تک جمع کراسکتے ہیں۔
ایمز ٹی وی(کراچی)پی آئی اے کے ملازمین ایک بار پھر تنخواہوں سے محروم ہوگئے، پی آئی اے کا سلوگن باکمال لوگ، لاجواب سروس صرف سلوگن ہی رہ گیا،پی آئی اے کا بنک اکاؤنٹ پہلے کی طرح اب بھی خالی ہے، ملازمین ایک بار پھر تنخواہوں سے محروم ہوگئے۔ پی آئی اے ملازمین کو یکم مئی کو ملنے والی تنخواہ تاحال نہ مل سکی
پاکستان ائیرلائنز میں گریڈایک سے نو تک سولہ ہزار ملازمین کام کرتے ہیں، مرکزی صدر پیپلز یونٹی ہدایت اللہ خان نے کہا ہے کہ رواں سال میں پی آئی اے نے ملازمین کو متعدد بار تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کی ہے۔
ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک) خبر رساں ادارے کے مطابق عدن کی بندرگاہ التواہی سے کشتی میں سوار افراد مغربی علاقے البریقہ کی جانب روانہ ہوئے تو اس دوران حوثی باغیوں نے کشتی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار 50 میں سے 40 افراد ہلاک ہوگئے، دوسری جانب عدن شہر کے مختلف علاقوں میں سابق یمنی صدر منصوری ہادی کی وفادار افواج اور حوثی باغیوں کے درمیان لڑائی میں مزید 40 افراد مارے گئے، مرنے والوں میں 30 حوثی اور 10 فوجی اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ اس دوران ایک سینئر فوجی افسر بھی مارا گیا
ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک)زرائع کے مطابق چوہدری فاؤنڈیشن کے بینود چوہدری نے کہا ہے کہ چوہدری گروپ نے متاثرین زلزلہ کیلیے عارضی مکانات کی تعمیر کے سلسلے میں غیرسرکاری اداروں سے ٹیکنیکل معاونت کیلیے رجوع کر لیا ہے، چوہدری گروپ ایک ہزار مکانات کی فوری طور پر تعمیر اپنے وسائل سے کرے گا جبکہ بقیہ9ہزار مکانات کی تعمیر عطیات دینے والوں کی معاونت سے کی جائے گی، تخمینے کے مطابق فی مکان 700ڈالرز لاگت آئے گی، یہ مکانات ملک بھر کے14اضلاع میں تعمیر کیے جائیں گے اس کے علاوہ چوہدری فاؤنڈیشن زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کے100کمیونٹی پرائمری اسکولز کی عمارتوں کی مرمت اور بحالی کا کام بھی کرے گی
ایمز ٹی وی(لاہور)زمبابوے کرکٹ کے حکام نے دورہ پاکستان کے لئے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ مہمان ٹیم انیس مئی کو پاکستان آئے گی ۔ پاکستان میں کرکٹ کی رونقیں اب دور نہیں۔ زمبابوین ٹیم کے استقبال کی تیاریاں جاری ہیں ۔ گزشتہ روز پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئیے زمبابوے کرکٹ بورڈ کا سکیورٹی وفد ایک روزہ دورے پر پاکستان آیا تھا،،جو آج رات براستہ دوبئی نجی ائیر لائن کی پروآز سے واپس روآنہ ہو گیا۔
سکیورٹی وفد نے اپنے ایک روزہ دورہ کے دوران جہاں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا وہیں قذافی سٹیدئیم اور گردونواح کی صورتحال کا بغور تفصیلی جائزہ کیا۔ چھ رکنی سکیورٹی وفد واپس جا کر زمبابے کرکٹ بورڈ کو پاکستان میں اپنے دورے اور سکیورٹی صورتحال سے آگاہ کرے گا ۔زمبابوے کے سیکیورٹی وفد نے قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی حکام سے ملاقات کی اور سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔السیٹر کیمبل ، چیف ایگزیکٹو کرکٹ زمبابوے نے کہا پاکستان آکر خوشی ہورہی ہے ۔ اچھا استقبال کیا گیا ۔ لاہور شہروں میں بھی کھیلنا چاہتے ہیں۔
کرکٹ بورڈ پرامید ہے کہ زمبابوے کے بعد مزید ٹیمیں بھی آئیں گی۔سبحان احمد نے کہا کہ زمبابوے کو ہر مکمن سہولتیں فراہم کریں گے ۔ مستقبل میں مزید ٹیمیں بھی آئیں گی۔زمبابوے کی ٹیم انیس مئی کو پاکستان پہنچے گی ۔ اور بائیس مئی کو پہلا ٹی ٹوئنٹی قذافی اسٹیڈیم کو کھیلا جائے گا
ایمز ٹی وی(کراچی)سیکیورٹی اداروں نے ملک دشمن عناصر کاساتھ دینے والے گروہ اورافرادکی نگرانی کاعمل مربوط انداز میں شروع کردیا ہے اور اس حوالے سے اعلیٰ سطح پرجوائنٹ انٹیلی جنس سسٹم کے تحت نگاہ رکھی جارہی ہے۔
ان عناصرکے خلاف انتہائی مربوط انداز میں انٹیلی جنس سسٹم کے تحت چاروں صوبوں ،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ٹارگٹڈآپریشن کیے جائیں گے اورتمام آپریشنل پالیسیوں اورکارروائیوں کوصیغہ راز میں رکھا جائے گا۔انتہائی باخبر ذرائع نے بتایا کہ مقتدرحلقوں نے اس امرپراتفاق کیاہے کہ ملک دشمن قوتوں کا ساتھ دینے والے اورملک میں عدم استحکام پیداکرنے والے گروہ یاافراد کے خلاف سخت آپریشن کیاجائے گا۔
اس حوالے سے جوائنٹ انٹیلی جنس نظام کومربوط کردیاگیاہے،ایسے تمام عناصر اورگروہوںکی نشاندہی اورنگرانی کی جارہی ہے کہ جوبھارتی خفیہ ایجنسی ’’را ‘‘ اور دیگر ملک دشمن قوتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔اعلیٰ ترین ذرائع نے بتایا کہ ان تمام افراد کے خلاف انٹیلی جنس بنیاد پرکارروائی کی جائے گی اور ان عناصر کے خلاف ریاست سے بغاوت کرنے اوردیگر سنگین الزامات کے تحت مقدمات درج ہوں گے۔
ان عناصرکیخلاف آپریشن انتہائی سخت ہوگااوراس دوران گرفتارعناصرکیخلاف وفاقی حکومت مقدمات فوجی عدالتوں کوبھیجے گی۔ذرائع کاکہناہے کہ وفاقی حکومت بھارتی خفیہ ایجنسی کی پاکستان میں مداخلت کامعاملہ خارجہ سطح پربھی اٹھانے پر غور کررہی ہے،اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کی مشاورت کے بعدپالیسی کاتعین جلدکیاجائیگا۔
ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک) قطرمیں پولیوکی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ہونے والے اجلاس میں عالمی مانیٹرنگ بورڈ نے پاکستان میں پولیوکے خاتمے کی کوششوں کوسراہا ہے اوراس امید کا اظہارکیا ہے کہ اگراسی طرزپرکوششیں کی گئیں تو پاکستان اگلے سال کی فروری تک اپنے ہاں سے پولیو کا خاتمہ کرسکتا ہے۔ اپریل کی 29 اور30 تاریخ کو قطر میں ہونے والے اجلاس میں نگرانی کے عالمی بورڈ انڈی پینڈنٹ مانیٹرنگ بورڈ کے سامنے پاکستان کی وزیرصحت سائرہ افضل تارڑ کی قیادت میں وفد نے اپنا کیس پیش کیا۔
ایک مختاط اندازے کے مطابق ملک بھر میں پچھلے سال 30 اپریل تک 60 جبکہ رواں سال صرف 22 بچے پولیوکا شکارہوئے اورانہی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ پاکستان میں پولیو کے تین بڑے منبعوں شمالی وجنوبی وزیرستان اورکراچی کے گڈاپ سے اس وائرس کوختم کیا گیا اوراب صرف خیبرایجنسی کی صورت میں پولیو کا ایک منبع باقی ہے۔ یاد رہے کہ اسی بااثربورڈ کی سفارش پرپولیوکی بے قابو صورتحال کی وجہ سے گذشتہ سال پاکستان سے باہرجانے والوں پرپولیوکے قطرے پینے کی پابندی لگی تھی۔
ایمز ٹی وی(لوئر دیر)خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 95 جندول میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
لوئر دیر سے خیبر پختونخوا کے حلقے پی کے 95 جندول میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 40 ہزار 743 ہے جب کہ ووٹنگ کے لئے 85 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، حلقے میں انتخاب کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے ہیں۔
پی کے 95 میں ضمنی انتخاب کے موقع پر مالا کنڈ بورڈ نے انٹر کا پرچہ ملتوی کر دیا ہے جب کہ حلقے میں عام تعطیل ہے۔ پی کے 95 جندول میں جماعت اسلامی کے اعزاز الملک اور اے این پی کے حاجی بہادر خان کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے جبکہ پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیدوار اے این پی کے حق میں دستبردار ہو چکے ہیں۔ پاکستان راہ حق پارٹی کے ضیاءالحق حیدری اور آزاد امیدوار ملک امیرزادہ بھی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔واضح رہے کہ عام انتخابات میں پی کے 95 جندول سے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کامیاب ہوئے تھے لیکن ان کے سینیٹر منتخب ہونے کے بعد یہ سیٹ خؒالی ہو گئی تھی۔
ایمز ٹی وی(اسلام آباد)سفارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کو دیے جانے والے سامان حرب میں ایک درجن کے لگ بھگ لڑاکا طیارے، 50 سے زائد تربیتی طیارے اور 370 بکتر بند گاڑیاں شامل ہیں، ان میں سے زیادہ ترسازو سامان وہ ہے جو افغانستان میں امریکی فوج کے زیراستعمال رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق فراہم کردہ جنگی سازو سامان میں زیادہ تر وہ اشیا شامل ہیں جو پاکستان اپنی ضروریات کے پیش نظر امریکا سے مانگ رہا تھا۔
سفارتی ذرائع نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے پاکستان اور امریکا کے مابین کافی عرصے سے بات چیت چل رہی تھی، بھارت کی جانب سے مخالفت بھی ہوتی رہی لیکن اس کے باوجود بات چیت تسلی بخش اندازمیں چلتی رہی جونتیجہ خیز ثابت ہوئی۔واضح رہے کہ چندروز قبل یہ اطلاعات آئی تھیں کہ امریکی محکمہ خارجہ نے ایک ارب ڈالرکے مساوی اسلحے کی پاکستان کوفراہمی کی منظوری دے دی ہے۔اس سے قبل مغربی ذرائع ابلاغ میں بھی اس طرح کی رپورٹس آئی تھیں کہ امریکا نے لڑاکا طیارے، بکتر بند گاڑیاں ودیگرسامان حرب پاکستان کو فراہم کردیاہے