Wednesday, 06 November 2024

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی کے این اے دوسو چھیالیس کے سرکاری نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں ایم کیو ایم کے کنور نوید نے پچانوے ہزار چھ سو چوالیس ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ۔سرکاری ذرائع کے مطابق کراچی کے این اے دو سو چھیالیس کے سرکاری نتائج کے مطابق ایم کیو ایم کے کنور نوید نے پچانوے ہزار چھ سو چوالیس ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی ۔

پی ٹی آئی کے عمران اسماعیل نے چوبیس ہزار آٹھ سو اکیس ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔  جبکہ جماعت اسلامی کے راشد نسیم نے نو ہزار چھپن ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تین لاکھ ستاون ہزار آٹھ سو ایک تھی جن میں سے ایک لاکھ اکتیس ہزار چار سو گیارہ ووٹ کاسٹ ہوئے۔ جبکہ ایک ہزار ایک سو سولہ ووٹوں کو خارج کردیا گیا

ایمز ٹی وی(کراچی)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کہتے ہیں ضمنی الیکشن کے نتائج نے ثابت کردیا کہ عوام کو مائنس ایم کیوایم فارمولا قبول نہیں ۔ متحدہ پر لگنے والے تمام الزامات جھوٹے ثابت ہوگئے ۔جناح گراؤنڈ میں شرکاء سے خطاب میں الطاف حسین بولے عسکری ونگ تمام جماعتوں میں موجود ہیں ۔ عسکری ونگ مسلم لیگ ن میں بھی موجود ہیں ۔ خدارا ایم کیوایم کا مینڈیٹ تسلیم کیا جائے ۔ متحدہ کے قائد نے الیکشن میں کامیابی پر تین روزہ جشن کا اعلان کردیا ۔

عوام نے فیصلہ سنادیا کہ ایم کیوایم کروڑوں مظلوموں کی نمائندہ ہے ، یہ کہنا تھا متحدہ کے قائد کا ۔ الطاف حسین کہتے ہیں ایم کیوایم کے مینڈیٹ کو نفرت کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے ۔

ضمنی الیکشن میں کامیابی پر الطاف حسین نے تین روزہ جشن کا اعلان کردیا ۔ ساتھ کارکنوں کو ہدایت بھی کہ کسی جماعت کے دفتر کے سامنے کوئی مظاہرہ نہ کیا جائے

جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغ عامہ کے طالب علم سید سبطِ حسن رضوی ولد سید محمد حسنین رضوی نے ایم اے میں 77.50% فیصد نمبرلے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

جامعہ کراچی اور ہائرایجوکیشن کمیشن ماڈرن یونیورسٹی گورننس کے تحت منعقد ہ چارروزہ ورکشاپ بعنوان: ”ہائر ایجوکیشن کمیشن انڈیجنیس اُن کیمپس ٹریننگ“ ورکشاپ کا دوسراسیشن آج بروز جمعہ 24 اپریل 2015 ءکو انسٹیٹوٹ آف انوائرمینٹل اسٹڈیز جامعہ کراچی میں منعقد ہوگا۔پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم طحہٰ ”بہترین تکنیکی طرز حکمرانی کے اہم پہلو“ پرجبکہ اے رحیم لاکھانی ”اچھی طرز حکمرانی کے خدوخال“ پر خطاب کرینگے۔مذکورہ ورکشاپ 27 اپریل 2015 ءتک جاری رہے گی۔

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) جامعہ کراچی کے شعبہ پبلک ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام ”انٹرن شپ فیئر 2015 ئ“ بروز ہفتہ 25 اپریل 2015 ءکو صبح 10:00 بجے شعبہ ہذا میں منعقد ہوگا۔جس کا مقصد طلبہ کو ان کے متعلقہ شعبہ جات میں انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
 

ایمز ٹی وی(پشاور)پشاور میں پولیس موبائل پر بم حملے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ زرائع کے مطابق ارلی رسپانس فورس کی موبائل وین تھانہ گلبہار کے قریب ڈیوٹی پر موجود تھی کہ بم حملے کا نشانہ بن گئی۔ دھماکے سے ارلی رسپانس فورس کے 5اہلکار زخمی ہو گئےجنہیں فوری طور پرلیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔دھماکے کے نتیجے میں پولیس وین بھی تباہ ہو گئی۔ بم دسپوذل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 2 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا جسے زیرتعمیر پل کے نیچے پائپ میں نصب کیا گیا تھا۔ حملے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا

ایمز ٹی وی(پشاور)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کی اطلاعات ہیں ،سیکیورٹی اہلکار متحرک رہیں ۔انہوں نے کہا کہ دشمن بھاگ گیا ہے ،ختم نہیں ہوا۔ کامیاب آپریشن ضرب عضب کےبعدملک میں مجموعی طورپرامن ہے۔ پشاورمیں انسداد دہشتگردی فورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے ملک سے آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ دہشتگردی کا خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا، سیکیورٹی ادارے اورعوام ہر وقت چوکنا رہیں،سب نے ملکر دہشتگرد کارروائیوں کا راستہ روکنا ہے، امن اومان کاقیام اوردہشتگردی کاخاتمہ سیکیورٹی اداروں کافرض ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کےاندرامن وامان قائم رکھناپولیس کی ذمہ داری ہے،ملکی سرحدوں کی حفاظت افواج پاکستان کی ذمہ داری ہے اورسول آرمڈ فورسزملک کےاندراورسرحدوں پرسیکیورٹی کی ذمہ داری سرانجام دیتی ہے۔ 

چوہدری نثار نے کہا کہ آج کچھ لوگ اسلام اور مذہب کے نام پر پوری دنیا میں پرتشدد کارروائیاں کر رہے ہیں۔ اسلام پرامن مذہب ہے اور اس میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مذہب غیرانسانی کارروائیوں کی اجازت نہیں دیتا۔ بزدل دشمن اپنے مقاصد کے حصول کے لیے بچوں اورخواتین کونشانہ بناتا ہے۔وزیرداخلہ نے تربیت مکمل کرنے والے انسداد دہشتگردی فورس کے چودہ سو سینتیس جوانوں میں انعامات تقسیم کیے اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاس آؤٹ ہونےوالےجوان پاکستان کی حفاظت کاعلم لےکرنکل رہے ہیں

ایمزٹی وی(نیوزڈیسک) سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کو خفیہ مواد افشا کر نے کے الزام میں جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل ڈیوڈ پیٹریاس کو خاتون “پاؤلا بروڈویل” کو خفیہ مواد افشا کرنے کے الزام میں شمالی کیرولائنا کی ایک وفاقی عدالت نے 2 سال تک ان کی نگرانی اور ایک لاکھ  ڈالرجرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔

پیٹریاس نے “پاؤلا بروڈویل” کو 2011 میں خفیہ مواد کی 8جلدیں فراہم کی تھیں۔ یہ جلدیں سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر نے اپنے منصب کے آداب کے خلاف اپنے پاس اس وقت رکھ لی تھیں جب وہ افغانستان میں امریکی جنگ کی قیادت کر رہے تھے.

ایمز ٹی وی(اسلام آباد)حکومت نے سرکاری اسکیم کے تحت حج پالیسی کا اعلان کردیا،رواں سال ایک لاکھ 43 ہزار 368 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امورسرداریوسف نے حج پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال حج کرنے والے خوش نصیبوں کا انتخاب پہلے آئیے پہلے پائیے کے بجائے قرعہ اندازی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔حج درخواستیں27 اپریل سے 8 مئی تک 10شیدول بینکوں کے ذریعے وصول کی جائیں گی اور درخواستوں کی قرعہ اندازی 14 مئی کو ہوگی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ رواں سال حج اخراجات میں بھی کمی کی گئی ہے، سرکاری اسکیم کے تحت حج کرنے والوں کو رہائش اورکھانا عزیزیہ میں فراہم کیا جائے گا جبکہ حجاج کیلئے 24 گھنٹے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی میسر ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ پہلی بار 50 فیصد حجاج مدینہ ائر پورٹ اور 50 فیصد جدہ ائر پورٹ پر اتریں گے۔ سردار یوسف نے یہ بھی بتایا کہ قربانی کیلئےعازمین حج کو 14 ہزار 210 روپے جمع کرانے ہوں گے ،حجاج کو وطن واپسی پر ائر پورٹ پر 5 لیٹر آب زم زم دیا جائے گا

ایمز ٹی وی(اسلام آباد)ملک بھرکی 42 کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کا میدان کل سجے گا جس میں 18 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ بیلٹ پیپر پر امیدوار کے نام کے بجائے انتخابی نشان ہو گا۔ 

الیکشن کمیشن کے مطابق 199 جنرل کونسلرزکے انتخاب کیلئے 1300 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، انتخابی عمل میں 10 ہزار سے زائد افراد پر مشتمل عملہ حصہ لے گا۔خواتین اور مخصوص نششتوں کا انتخاب کونسلر کریں گے جبکہ 20 لاکھ سے زائد سفید بیلٹ پیپر پریزائیڈنگ افسران کے حوالے کر دیے گئےہیں۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے ریٹرننگ افسران  کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیے گئے ہیں۔ ملک کی 42 کنٹونمنٹس میں سے 11 کنٹونمنٹس میں دس نشستوں،7 کنٹونمنٹس میں 5،ایک میں 4 نشستوں ، 4 کنٹونمنٹس میں 3 نشستوں اور 19 کنٹونمنٹس میں دو، دو نشستوں پر مقابلہ ہو گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے کامیاب امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن 28اپریل کو جاری کیا جائے گا