ایمز ٹی وی (اسلام آباد) محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے تین روز کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کی شدت اور دورانیہ کم رہنے کی پیشگوئی کردی، جب کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران چند مقامات پر ہلکی بارش متوقع ہے۔
دھند کے باعث صبح کے اوقات میں لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان ایئرپورٹ کی پروازوں کے اوقات بھی متاثر ہوگیئے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا تاہم مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بادل چھائے رہیں گے۔ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری بھی ہوسکتی ہے، آج ملک کے شمالی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کم رہے۔ سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی بارہ ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیر اعظم نواز شریف نے اسلحہ کی نمائش پر گرفتار ہونے والے ایک مذہبی رہنما کے ساتھ مبینہ رعایت برتنے پر اسلام آباد پولیس کے دو سینئر افسران کو معطل کر دیا۔اہل سنت ولجماعت کے مفتی تنویر عالم فاروقی کوبدھ کی رات مسلح ذاتی محافظوں کے ہمراہ گھومنے پھرنے پر گرفتار کیا گیا تھا، تاہم وہ جمعرات کو ایک سول عدالت سے ضمانت حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔اسلام آباد پولیس کے ایک جاری بیان میں بتایا گیا کہ پولیس نے گرفتار ہونے والوں پر معمولی دفعات لگائی تھیں۔وزیر اعظم نے جمعرات کو رات گئے سینئر سپرنٹنڈنٹ اسلام آباد پولیس عصمت اللہ جونیجو اور ایک اور سینئر پولیس افسر کو مبینہ رعایت برتے پر معطل کر دیا۔
سرکاری ترجمان کے مطابق، وزیر اعظم نے معطل پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا تاکہ ایک ایسے وقت میں جب ملک دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے، انہیں دوسرے افسران کے لئے مثال بنا دیا جائے۔بیان کے مطابق جب مفتی تنویر کی گاڑی کو روکا گیا تو ان کے محافظ اسلحہ کی کھلے عام نمائش نہیں کر رہے تھے لہذا پولیس کو محسوس ہوا کہ ان پر سخت دفعات نہیں لگائی جا سکتیں۔خیال رہے کہ بدھ کو پولیس اور رینجرز کی مشترکہ پیٹرولنگ ٹیم نے ترامری چوک میں مسلح افراد بردار ایک ڈبل کیبن گاڑی کو روکا تو معلوم ہوا کہ یہ لوگ مفتی تنویر کی حفاظت پر مامور ہیں۔دوسری جانب، اہل سنت ولجماعت اسلام آباد کے صدر غلام مصطفی بلوچ کے مطابق' متعلقہ ایس ایچ او مفتی تنویرکو ضمانت پر رہا کر سکتے تھے لیکن انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے عدالت سے رجوع کریں اور ہم نے ایسا ہی کیا'۔گاڑی میں موجود اسلحہ غیر قانونی ثابت ہونے پر ان لوگوں کو حراست میں لے لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مفتی تنویرپر ماضی میں تین قاتلانہ حملوں میں چار ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔معطل ہونے والے دوسرے افسران کا موقف جاننے کیلئے رابطہ نہیں ہو سکا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک کانسٹیبل کے پاس موجود سب مشین گن کے علاوہ باقی سارا اسلحہ اور زیر حراست افراد شہزاد ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیے گئے۔پولیس اسٹیشن میں گرفتار افراد کے خلاف پانچ مختلف مقدمے درج کئے گئے۔گرفتاریوں کی اطلاع ملنے پر پارٹی کی مقامی قیادت پولیس اسٹیشن پہنچی لیکن ضمانتیں نہ ہو سکیں۔جمعرات کو سول کورٹ سے ضمانتیں منظور ہونے کے بعدگرفتار لوگوں کو رہا کر دیا گیا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) چیف جسٹس ناصر المک نے جمعہ کو سزائے موت کے قیدیوں کی اپیلیں سننے کیلئے تین رکنی بینچ قائم کردیا۔ان اپیلوں کی سنوائی پانچ سے نو جنوری کے درمیان ہو گی۔حکومت نے سانحہ پشاور کے بعد سزائے موت پر عائد پابندی اٹھا لی تھی جس کے بعد اب تک سات مجرموں کو مختلف جیلوں میں پھانسی دی جا چکی ہے۔جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں یہ بینچ سزائے موت کے قیدیوں کو ملنے والے ڈیتھ وارنٹ کے خلاف اپیلوں کی سماعت کرے گا۔یاد رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملہ کے بعد سزائے موت پر عائد پابندی ختم کر دی تھی۔
ایمز ٹی وی (سندھ)خیبرپختونخوا اور سندھ کے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو موثر بنانے کے لیے 'ون کلک ایس او ایس‘ نامی موبائل ایپ کا آغاز ہوا ہے اس ایپلیکیشن کے ذیعے صرف ایک بٹن کی کلک کے ذریعے پولیس کو کسی بھی قسم کی دہشتگردی اور تخریب کاری جیسے واقعے کے بارے میں آگاہ کیا جا سکتا ہے۔ سانحہ پشاور کے بعدملک بھر کے دیگر تعلیمی اداروں کی طرح سندھ میں بھی صوبائی سطح پر تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئےجارہے ہیں۔اس سلسلے میں سندھ کے صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ، ممتاز جاکھرانی کی جانب سے سندھ کے اسکولوں کے باہر قائم گاڑیوں کی غیر ضروری پارکنگ اور ٹرانسپورٹ کے اڈوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔آئندہ دنوں دہشتگردی کے کسی بھی سانحے اور واقعات سے نمٹنے کیلئے، صوبہ بھر کی پولیس کی جانب سے تعلیمی اداروں میں موبائل ایپ پر مبنی 'ون کلک ایس او ایس‘ نامی سروس کا آغاز ہوا ہے۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد)وزیراعظم نوازشریف کی سربراہی میں جمعے کو اسلام آباد میں کُل جماعتی کانفرنس منعقد کی گءی ہے جہاں فوجی قیادت سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کی اہم سیاسی معملات پر مشاورت ہوگی جبکہ توقع ہے کہ کانفرنس میں دہشت گردی کے مقدمات کی سماعت کے لیے فوجی عدالتوں کے قیام سے مطالق مجوزہ قانون سازی پر شرکاء کو اعتماد میں لیا جائے گا۔۔وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہونے والی اِس کانفرنس میں اہم وفاقی وزرا کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور قائدِ حزبِ اختلاف خورشید شاہ، ایم کیو ایم کی جانب سے فاروق ستار، جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان ، شیریں مزاری اور شاہ محمود قریشی کی شرکت متوقع ہے۔آرمی پبلک اسکول پر حملے کے بعد ملک کی سیاسی و عسکری قیادت نے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں۔کل جماعتی کانفرنسوں میں ہونے والی مشاورت کے نتیجے میں بعض اقدامات بشمول فوجی عدالتوں کے قیام سے متعلق بعض حلقوں کی جانب سے تحفظات کا اظہار بھی کیا جارہا ہے لیکن حکومتی عہدیداروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ تمام تحفظات کو دور کر کے اتفاق رائے قائم کر لیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (لاہور) ڈائریکٹر جنرل رینجرز پنجاب طاہرجاوید خان نے کہا ہے کہ ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے بعد اب نچلی سطح پرمذاکرات نہیں ہوں گے۔
اورکنگ باؤنڈری پر گزشتہ روز بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے تھے جس کے بعد ڈی جی رینجرزپنجاب کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے 2 جوانوں کو شہید کردیا جب کہ بھارتی فوج کی مسلسل فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے جوانوں کی لاشیں بھی رسیوں سے باندھ کر لانا پڑیں جس کے بعد بھارت کو بتا دیا کہ آئندہ نچلی سطح پر کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ بھارت سے آئندہ مذاکرات ڈی جی ایم اووز یا ڈی جی کی سطح پر ہوں گے۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے کئی روز سے شکر گڑھ سیکٹر پر پاکستانی حدود میں فائرنگ کی جارہی ہے اور گزشتہ روز بھارتی فوج نے فلیگ میٹنگ کے بہانے جوانوں کو بلا کر ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے تھے۔
ایمز ٹی وی (تھرپارکر) مٹھی کے سول اسپتال میں غذائی قلت کے باعث 2 بچے دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق ڈپلو کے گاؤں کاٹھو واڑیو اور چندیو سے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی سندھ حکومت کی غفلت اور مقامی انتظامیہ کی نا اہلی کے باعث 646 بچے جاں بحق ہو ئے جب کہ حکومتی ارکان کا کہنا ہے کہ اس میں انتظامیہ کی کوئی غفلت شامل نہیں، زیادہ تر اموات زچگی کے بارے میں آگاہی نہ ہونے کے باعث ہوتی ہیں۔
ایمز ٹی وی(لاہور) ذرائع کے مطابق سی آئی اے پولیس نے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر لاہور کے علاقے مناواں میں ایک ٹھکانے پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس کی نفری پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں 4 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکووں کی شناخت امجد، عثمان، شاکر اور عرفان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے چاروں ملزمان کی لاشیں سرد خانے میں جمع کرادیں ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں ملزمان قتل اور ڈکیتی سمیت انتہائی سنگین مقدمات میں مطلوب تھے اور چاروں 2008 میں پیشی پر جاتے ہوئے پولیس وین توڑ کر فرار ہو گئے تھے۔
ایمز ٹی وی(کراچی) بلدیہ ٹائون میں کلینک پر فائرنگ سے ڈاکٹر جاں بحق اور ڈرائیور زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق بلدیہ ٹائون میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے کلینک پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بچوں کے ڈاکٹر سید احسن علی اور ان کا ڈرائیور رشید شدید زخمی ہوگئے۔ذرائع کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹر سید احسن زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوگئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر احسن کو 2 گولیاں لگیں جن میں سے ایک ان کے سر میں اور ایک ان کے جبڑے میں لگی۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔