ایمزٹی وی (موسمیات) ملک کے دیگر شہروں کی طرح شہر کراچی میں بھی موسم سرد ہونے لگا، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد ہے، آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 10.5 اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ اس وقت شمال مشرق سے 12 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں موسم خشک رہے گا اور مزید سردی کا امکان ہے ۔
ایمزٹی وی (سیاسی) لاہور ہائیکورٹ نے کنٹینرزمالکان کو معاوضہ نہ دیئے جانے کے خلاف دائر درخواست پر آئی جی پولیس پنجاب سے 15 روز میں جواب طلب کرلیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے روبرو کنٹینرزمالکان نے معاوضہ کی عدم ادائیگی پر کیس دائرکر رکھا ہے، درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے کئی روز تک احتجاجی مظاہرے روکنے کے لئےایک درجن سے زائد کنٹینرز روکے رکھے، لیکن اب پولیس معاوضہ ادا نہیں کر رہی۔عدالت نے آئی جی پولیس پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 روز میں جواب طلب کرلیا۔
ایمزٹی وی (سیاسی) کراچی میں آج پاکستان کوسٹ گارڈز کے 35 ویں بیج کی پاسنگ آوٹ پریڈ منعقد ہوئی ، پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔پاکستان کوسٹ گارڈ کے 35ویں بیج کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کوسٹ گارڈ ٹریننگ سینٹر کورنگی میں ہوئی ۔پریڈ میں 425 ریکروٹس نےحصہ لیا ۔کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں نے ملکی دفاع اور پیشہ وارانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کا حلف اٹھایا ۔کوسٹ گارڈز ریکروٹس نے پاسنگ آوٹ پریڈ کے دوران دشمن سے بہادری سے نمٹنے کے جوہر دکھائے، اس موقع پر ریکروٹس نے مارشل آرٹس کا مظاہرہ بھی کیا۔ملک کی سلامتی اور دفاع کو اپنا نصب العین سمجھنے والے اور اس سرزمین کے لئے جاں کی قربانی دینے سے دریغ نہ کر نے ک اعزم رکھنے والے ان جوانوں کاحوصلہ چٹانوں کی طرح مضبوط اور بلند دکھائی دیا۔
ایمزٹی وی (سیاسی) بلوچستان کے 11 اضلاع میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم آج سے شروع ہوگئی۔ محکمہ صحت بلوچستان ذرائع کے مطابق مہم پشین، قلعہ عبداللہ، نصیرآباد، جعفرآباد، لسبیلہ، آواران، واشک، قلات، خضدار، ژوب اور شیرانی میں چلائی جارہی ہے۔ ضلع کوئٹہ میں انسداد پولیو کی مہم اگلے ہفتے سے چلائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق صوبے کے 12 اضلاع میں 14 لاکھ 25 ہزار سے زائد بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔
ایمزٹی وی(کراچی) سندھ ہائی کورٹ میں ڈیتھ وارنٹ کے خلاف دو مجرموں کے اہل خانہ کی درخواستوں پر عدالت نے سرکاری وکیل سے جواب طلب کرلیا ہے۔ کالعدم تنظیم کے محمد اعظم اور عطا اللہ عرف عبداللہ کے اہل خانہ نے ڈیتھ وارنٹ کو معطل کرنے سے متعلق درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کررکھی ہے۔ درخواست کی سماعت سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں بینچ کررہا ہے۔ دوران سماعت ایڈوکیٹ جنرل سندھ اور سپرنٹنڈنٹ سکھر جیل پیش ہوئے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے سپریٹنڈنٹ سکھر جیل سے استفسارکیا کہ کیا آپکو پھانسی کے رولز میں کی گئی ترمیم کا علم ہے، اگر آپ جانتے ہیں تو بلیک وارنٹ جاری ہونے کے سات دن بعد پھانسی کی تاریخ مقرر کی جانی تھی۔ 23 دسمبر کیسے رکھ دی؟ تاریخ 26 دسمبر بنتی ہے۔ انہوں نے ریمارکس دیئے کہ حکومت خود قانون کا مذاق بنارہی ہے۔ اپنی مرضی نہیں قانون کے مطابق چلیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سزا کے خلاف تمام اپیلیں مسترد ہونے کے بعد سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی دوسری درخواست زیر التوا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بلیک وارنٹ جاری کرتے وقت سپریم کورٹ میں موجود نظر ثانی کی درخواست کو نظر انداز کیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ جب تک سپریم کورٹ درخواست پر فیصلہ نہ کردے ڈیتھ وارنٹ معطل کیا جائے۔سرکاری وکیل نے درخواست پر جواب کے لئے عدالت سے کچھ وقت مانگ لیا، جس پر عدالت نے سماعت کچھ دیر کے لئے معطل کردی ۔
ایمزٹی وی(کراچی) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ منشیات اور دہشتگردی کے خلاف جہاد کرنا ہوگا۔ جو ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کررہی ہیں۔ کراچی میں پاکستان کوسٹ گارڈ کے 35 ویں بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ جسکے مہمان خصوصی کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ بنے۔ کیڈٹس سے سلامی لینے کے بعد اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ منشیات کی طرح دہشت گردی بھی ملک کو اندرونی طور پر کمزور کررہی ہے۔ جسکے خلاف کوسٹ گارڈ نے سربکف رہنا ہے۔ لیفٹننٹ جنرل ناصر جنجوعہ نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود سمندروں کی مسلسل نگرانی، منشیات و انسانی اسمگلنگ اور اسلحے کی غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام کے لیے کوسٹ گارڈ کا کردار قابل تحسین ہے۔ کیڈٹس کی جانب سے شاندار پریڈ اور اعلیٰ کارکردگی کے مظاہرے پر کمانڈر سدرن کمانڈ نے انہیں مبارک باد پیش کی ۔
ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) تیونس کے عبوری صدر منصف مرزوقی نے ملک میں ہونے والے پہلے شفاف صدارتی انتخابات میں شکست تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ انکے حریف کی جانب سے فتح کا اعلان ’غیر جمہوری‘ ہے۔ اس سے قبل انکے حریف الباجی قائد السبسی نے دعویٰ کیا تھا کہ انھوں نے اتوار کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ایگزٹ پولز میں کہا گیا ہے کہ انھیں 55.5 فیصد ووٹ ملے ہیں۔ دارالحکومت تیونس میں 88 سالہ السبسی کے حامیوں نے جشن منایا۔ تاہم انکے حریف اور ملک کے نگراں صدر منصف مرزوقی کے حامیوں کا کہنا ہے کہ انتخابات اتنے کانٹے کے تھے کہ نتائج کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ عبوری صدر مرزوقی نے کہا ’جیت کا اعلان غیر جمہوری ہے۔ اگر ہم واقعی جمہوری ملک ہیں اور قانون کی پاسداری کرتے ہیں تو ہمیں انتظار کرنا چاہیے۔ ہم آپ کو یہ کہنا چاہتے ہیں کہ ہم فاتح رہے، ہم فاتح ہیں ہم فتح یاب ہوئے۔ تیونس نے جیت حاصل کی ہے اور آپ کامیاب ہوئے ہیں۔ آپ نے تیونس کے لیے، جمہوریت کے لیے اور انسانی حقوق کے لیے جیت حاصل کی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ السبسی کی کامیابی کا مطلب بدنام نظام کی واپسی ہے جبکہ الباجی قائد کا کہنا ہے کہ وہ ٹیکنوکریٹ ہیں اور ملک میں استحکام لائیں گے۔ واضح رہے کہ تیونس پہلا ملک تھا جس نے اپنے رہنما کو حکومت سے ہٹا کر خطے میں بغاوت کی ہوا چلائی تھی جسے ’عرب سپرنگ‘ کا نام دیا گیا تھا۔ تیونس میں دوسرے مرحلے کے انتخابات میں باضابطہ نتائج کا اعلان ہونا ابھی باقی ہے تاہم ایک ایگزٹ پول میں السبسی کو 55.5 فیصد ووٹ ملنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ دوسرے ایگزٹ پول میں بھی اسی قسم کی بات بتائی گئی ہے۔ ایسبسی کے حامیوں نے دارالحکومت تیونس میں جشن منایا۔ تیونس میں انتخابات کے پیش نظر سکیورٹی کے انتظامات سخت کیے گئے تھے اور لیبیا کی سرحد کو بند کر دیا گيا تھا۔ اتوار کو کم از کم تین افراد پر مشتمل ایک حملہ آور گروہ نے کیروان شہر کے پاس ایک پولنگ سٹیشن کو نشانہ بنایا۔ سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ اس نے ایک حملہ آور کو ہلاک جبکہ تین افراد کو گرفتار کیا۔ اتوار کو ووٹ ڈالنے کے عمل کے اختتام پر السبسی نے ایک مقامی ٹی وی چینل پر کہا ’میں اپنی کامیابی کو تیونس کے شہیدوں کے نام کرتا ہوں۔‘ انھوں نے مزید کہا ’میں مرزوقی کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور کسی کو بھی علیحدہ کیے بغیر اب ہم دونوں مل کر کام کریںگے۔ 88 سالہ السبسی معزول صدر زین العابدین کی حکومت کا حصہ بھی رہ چکے ہیں اور ان انتخابات میں سیکیولر جماعت ندا تیونس (صدائے تیونس) کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انکے مخالف 67 سالہ منصف مرزوقی سنہ 2011 سے عبوری صدر ہیں۔ مرزوقی انسانی حقوق کے کارکن ہیں اور سابقہ حکومت کے دور میں وہ جلاوطنی اختیار کرنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ السبسی نے گذشتہ ماہ ہونے والے پہلے مرحلے کے صدارتی انتخابات میں 39 فی صد ووٹ حاصل کیے تھے۔
ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) فرانسیسی میڈیا کے مطابق فرانس کے شہر ڈیژوں میں ایک شخص نے اپنی گاڑی پیدل چلنے والے افراد پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں گیارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق اس شخص نے پیدل چلنے والے افراد پر گاڑی چڑھانے سے قبل ’نعرہ تکبیر‘ بلند کیا۔ اس شخص نے شہر کے پانچ مختلف حصوں میں پیدل چلنے والوں پر گاڑی چڑھائی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ شخص ذہنی طور پر ٹھیک نہیں ہے اور وہ نفسیاتی علاج کے غرض سے ہسپتال میں داخل رہا ہے۔ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ اس 40 سالہ شخص نے کہا کہ وہ فلسطینی بچوں کے لیے یہ قدم اٹھا رہا ہے۔ واضح رہے کہ فرانس میں دو روز میں یہ دوسرا واقعہ ہے جس میں حملہ آور نے ’نعرہ تکبیر‘ بلند کیا ہو۔ یاد رہے کہ ہفتے والے روز فرانس کے شہر ٹور میں ایک شخص کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جب اس نے پولیس پر چاقو سے حملہ کیا۔ پولیس کے مطابق اس شخص نے ٹور کے پولیس سٹیشن میں ’نعرہ تکبیر‘ بلند کیا اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا جسکے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہوئے۔ پولیس نے حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق حملہ آور افریقی ملک برنڈی میں پیدا ہوا لیکن فرانسیسی شہری تھا ۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) نیویارک میں کرسمس کی رنگ برنگی روشنیوں نے ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کو جگمگا دیا ۔کرسمس کے آتے ہی لوگوں کی خوشیوں کا ٹھکانہ نہیں ہےاور لوگوں کا اس کی تیاریوں میں جوش خروش اور بھی بڑھ جاتا ہے ، نیویارک میں ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کو بھی رنگ برنگی لائٹوں سے روشن کر دیا گیا ہے۔ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ پر لائٹ شو کے دوران کئی لائٹ تھیم پیش کی جائیں گی،سب سے بہترین لائٹ تھیم کو کرسمس کے موقع پر دوبارہ روشن کیا جائے گا۔
ایمزٹی وی (فارن ڈیسک) جنوبی کوریا کے جوہری پلانٹ کے آپریٹروں نے سائبر حملوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی اہلیت جاننے کی مشق کرے گی۔ یہ مشق ڈیٹا کے افشا ہو جانے اور ایک ہیکر کی جانب سے دھمکی کے بعد کی جائے گی۔ گذشتہ ہفتے کوریا ہائیڈرو اور نیوکلئیر پاور کمپنی (کے ایچ این پی) کے اوزاروں کے استعمال کے کتابچے کو کسی گروپ یا شخص نے آن لائن پر جاری کر دیا تھا۔ اسکے ساتھ ایک انتباہ بھی جاری کیا گیا تھا کہ اگر کرسمس تک تین ری ایکٹر بند نہیں ہوتے تو لوگ ’اس سے دور ہی رہیں‘۔ کے ایچ این پی نے کہا ہے کہ افشا ہوجانے والے کتابچے سے ری ایکٹر کے تحفظ کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ کے ایچ این پی کوریا میں جوہری توانائی کا واحد آپریٹر ہے اور یہ حکومتی ادارے کوریا الکٹرک پاور کارپوریشن کا حصہ ہے۔ آپریٹر نے ایک بیان میں کہا کہ وہ چار جوہری پلانٹوں میں پیر اور منگل کو وسیع پیمانے پر مشقوں کا سلسلہ شروع کر رہا ہے۔
"پریزیڈنٹ آف اینٹی نیو کلیئر ری ایکٹر گروپ" کے نام سے کسی ہیکر نے جمعے کو سوشل میڈیا پر جوہری ری ایکٹروں کا بلو پرنٹ جاری کر دیا تھا۔ جنوبی کوریا کی یون ہیپ نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ 15 دسمبر کے بعد کی جانے والی اس قسم کی یہ تازہ ترین پوسٹ ہے۔
اس سے قبل انٹرنیٹ پر ڈالے جانے والے مواد میں ان جوہری ری ایکٹروں کی ایئر کنڈیشننگ اور کولنگ کے نظام کی تفصیلات شامل تھیں۔ اسکے علاوہ اس میں تابکاری کی زد میں آنے کی رپورٹ اور ملازمین کے ذاتی اعداد و شمار شامل تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہیکنگ کے سلسلے میں جانچ کی جا رہی ہے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ ان میں شامل معلومات اصل ٹیکنالوجی کے متعلق نہیں ہے۔ سونی پکچرز نے ایک دھمکی کے بعد اپنی فلم کی ریلیز ملتوی کردی ہے۔ جنوبی کوریا کی حکومت نے بتایا کہ ری ایکٹروں کا مرکزی آپریٹنگ نظام ہیک نہیں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کے ایچ این پی ملک میں 23 جوہری ری ایکٹر چلاتا ہے اور ملک کو 30 فیصد بجلی فراہم کرتا ہے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ گذشتہ ماہ سونی پکچرز کے ہیکنگ معاملے سے اس ہیکنگ کا کوئی تعلق ہے۔ سونی پکچرز کی ہیکنگ میں غیر ریلیز شدہ فلموں کو آن لائن ڈال دیا گیا تھا اور امریکہ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا ان سائبر حملوں کے پیچھے ہے جبکہ پیانگ یانگ نے ان الزامات کی تردید کی ہے اور ایک مشترکہ تفتیش کی بات کہی ہے ۔