ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک ) چین کے خشک کنویں میں پھنسے شخص کو تین دن بعد ریسکیو کرکےنکال لیاگیا - جسے کمزوری کے باعث اسپتال منتقل کردیاگیا ۔مشرقی صوبے جیانگ زو میں ایک 60 سالہ شخص زی ہینگ 5 میٹر گہرے اور ایک میٹر چوڑےکنویں میں گرگیا جہاں وہ تین روز تک پھنسا رہا، ایک مقامی شخص کی اطلاع پر لوگوں نے اسے نکالنے کی کوشش کی لیکن ناکامی کی صورت میں فائر فائٹرز کو بُلالیاگیا، ڈیڑھ گھنٹے کی جدوجہد کے بعد شخص کو کنویں سے نکال لیا گیا۔
ایمز ٹی وی فارن ڈیسک
تیونس کی تاریخ کےپہلے آزاد انتخابات میں صدر کے چنائو کیلئے ووٹ آج ڈالے جارہے ہیں ۔ صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اسلام مخالف جماعت ندائےتیونس کے 88 سالہ امیدوار اسیبسی Essebsi اور اعتدال پسند جماعت النٓہدا کے امیدوار مرزوکی Marzouki میدان میں ہیں، انتخابات کیلئے پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گی، ملک میں 53 لاکھ افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں ، ۔ اسی دوران تشدد کے ایک واقعے میں سکیورٹی اہلکاروں نے بیلٹ پیپر چھیننے والے ایک مسلح شخص کو ہلاک اور تین کو گرفتار کرلیا۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمِنٹ)14 جنوری 1900 کو مشرقی پنجاب کے شہر جالندھر میں پیدا ہونے والے حفیظ جالندھری نے ابتدائی تعلیم اپنے آبائی قصبے میں ہی حاصل کی جس کے بعد آغاز میں کسب معاش کے لئے ریلوے میں ملازمت اختیار کی لیکن زندگی کے مشکل سے مشکل وقت میں بھی شاعری سے اپنا ناطہ نہ توڑا۔ قیام پاکستان کے بعد انہوں نے لاہور میں مستقل سکونت اختیار کی اور ڈائریکٹر جنرل مورال آرمڈ سروسز آف پاکستان مقرر ہوئے۔ بعد ازاں انہوں نے فیلڈ ڈائریکٹر آف پبلسٹی ویلج ایڈمنسٹریشن اور ڈائریکٹر ادارہ تعمیر نو پاکستان کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیں ۔
حفیظ جالندھری مشہور گیتوں، غزلوں اور نظموں کے علاوہ افسانوں کے بھی خالق ہیں اس کے علاوہ وہ قومی ترانے کے بھی خالق ہیں۔ 1982 کو آج ہی کے روز قومی ترانے کے خالق نے داعی اجل کو لبیک کہا اور انہیں مینار پاکستان کے سائے تلے سپرد خاک کیا گیا۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلالِ امتیاز اور صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ تاہم حفیظ جالندھری کو اپنے خالقِ حقیقی سے ملے 32 برس گزر چکے ہیں لیکن ان کی یاد ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی اور ان کا لکھا گیا قومی ترانہ تا ابد ارضِ پاک میں گونجتا رہے گا۔
ایمزٹی وی (صحت) آغا خان یونیورسٹی پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن کے 19 ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر ماہرین طب نے کہاکہ پاکستان ڈاکٹرز اوراسپیشلسٹ فزیشنزکی شدید کمی ہے، اس وقت پاکستان میں ایک ہزار افرادکے لیے صرف ایک ڈاکٹر موجود ہے جب کہ ایک ہزار افراد پر 2 سوڈاکٹرہونے چاہیے،ماہرین کا کہنا تھا کہ ملک صحت عامہ کے عملے کے بحران کاشکار ہے جبکہ بیماریوں کی شرح میں ہولناک اضافہ ہوچکا ہے،کینسر اور دیگر غیر متعدی بیماریوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے،ضیاالدین یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر کامران حمید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرز پر زوردیاکہ وہ اپنی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان میں صحت عامہ کے شعبے کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
ایمزٹی وی (کھیل) بدترین شکست لیڈز میں انگلینڈ کیخلاف 2007 میں اننگزاور 283 رنزسے مات ہے، ٹیم کو مجموعی طور پر36 مرتبہ اننگز کی خفت کا سامنا رہا۔ جنوبی افریقہ نے مقابلہ اننگز اور220 رنزسے اپنے نام کیا، یہ بڑے مارجن سے ان کی دوسری بڑی فتح شمار ہوئی، اس سے قبل 2001 کے کیپ ٹائون ٹیسٹ میں پروٹیز نے سری لنکا کو اننگز اور228 رنزسے قابوکیا تھا۔ پروٹیز فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے سپراسپورٹس پارک پر اپنا انفرادی ریکارڈ بہتر بنالیا، ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں انھوں نے دوسری اننگز میں6 شکار کیے۔
اس طرح اس وینیو پر انھوں نے ہر 31 ویں گیند پر وکٹ لی ہے، یہاں ان کا اسٹرائیک ریٹ 30.8 رہا، اسٹین نے اس گرائونڈ پر 17.91 کی اوسط سے اب تک 48 پلیئرز کو شکار کیا، وقاریونس کو فیصل آباد میں28.6 کے اسٹرائیک ریٹ سے وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل ہے، اس کیلئے کسی بھی وینیو پر کم ازکم 1000 گیندیں کرائے جانے کو معیار بنایا گیا ہے، اسٹین نے 11 ویں مرتبہ دوسری اننگز میں 5 یا زائد وکٹیں لینے کا کارنامہ انجام دیا، فاسٹ بولرز میں وسیم اکرم نے 12 مرتبہ ایسا کیاہے، رچرڈ ہیڈلی اور میلکم مارشل نے بھی 11،11 مرتبہ پانچ یا زائد شکار کیے، اسٹین نے مجموعی طور پر 25 ویں بار ٹیسٹ میں پانچ یا زائد وکٹیں لیں، اس طرح مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر آگئے۔
ایمز ٹی وی (کراچی) عالمی دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے جنوبی ایشائی سیل نے سانحہ پشاور سے اظہار لاتعلقی کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ اس واقعے میں بچوں کے قتل عام پر اللہ اور قوم کے سامنے خود کو اس سے الگ کرتے ہیں۔ میڈیا پر جاری بیان ترجمان اسامہ محمود نے کہا ہے کہ ہر حال میں خواتین اور بچوں کا قتل خلاف شریعت ہے اور اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ القاعدہ جنگوں اور فدائی حملوں میں بچوں ، عورتوں اور عوام کو نشانہ بنانے کی کبھی بھی حمایت نہیں کرتی۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیر اعظم نواز شریف اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی اپنی مذاکراتی ٹیموں کو مذاکراتی عمل کے آخری مرحلے کے تحت معاہدہ طے کرنے اور اسے قانونی دائرہ کار میں لانے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔ اسلام آباد میں اجلاس میں طے کی جانے والی تجاویزسے دونوں قیادت کوآگاہ کردیا گیا جس کے بعد قانونی ڈرافٹ کو حتمی شکل دینے کے لئے گرین سگنل دے دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مشاورت میں جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے طریقہ کار پر اتفاق کرلیا جائے گا، معاہدے کو قانونی شکل دینے کیلئے اٹارنی جنرل اقدامات کریں گے۔
ایمز ٹی وی (کراچی) پاک فوج نے سندھ کی 3 بڑی جیلوں کی سیکیورٹی کی ذمہ داری اپنے ذمہ لے لی جہاں سزائے موت کے منتظر قیدیوں سمیت خطرناک دہشتگرد قید ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سینٹرل جیل کراچی، حیدرآباد اور سکھر پر فوج کو تعینات کردیا گیا ہے جب کہ فوجی دستوں نے اپنی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں اور تینوں جیلوں کے اطراف سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کی تینوں بڑی جیلوں میں سزائے موت کے 26 قیدی موجود ہیں تاہم دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر تینوں جیلوں کی سیکیورٹی پاک فوج کے سپرد کردی گئی ہے۔
ایمز ٹی وی (فیصل آباد) چاروں دہشت گردوں کو بے گناہ انسانوں کے قتل اور ملک میں نقص امن کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا،فیصل آباد سنٹرل جیل میں قید چار دہشتگردوں کو پھانسی دینے کے احکامات جیل حکام کو موصول ہو گئے ہیں ، اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ یہ چاروں دہشتگرد بے گناہ انسانوں کے قتل اور ملک میں نقص امن پھیلانے کی سرگرمیوں میں ملوث تھے ، چاروں دہشتگردوں کے ڈیتھ وارنٹ جیل حکام کو موصول ہوگئے ہیں اور انہیں آج کسی بھی وقت تختہ دار پر لٹکا دیا جائے گا ۔ جیل حکام نے پھانسی دینے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور جیل کی سکیورٹی میں بھی اضافہ کر دیا ہے ۔