Saturday, 02 November 2024

ایمز ٹی وی (لاہور) لاہور میں جے آئی ٹی کا اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی جانب سے عوامی تحریک کے ڈائریکٹر ایڈمن جواد حامد کو چار بار نوٹسز بھجوائے گئے تاہم عوامی تحریک نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے سے انکار کر دیا، جس کے بعد سانحہ ماڈل ٹاون کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے گواہوں کے بیانات کی روشنی میں کارروائی کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے ، واضح رہے کہ سربراہ عوامی تحریک طاہر القادری نے وطن واپسی پر جے آئی ٹی کو جانبدار اور فراڈ قرار دیا تھا جبکہ اس کے سامنے پیش ہونے سے انکار بھی کیا تھا۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد) گلگلت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کے بعد موسم اوربھی زیادہ ٹھنڈا ہوگیا ہے گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آزاد کشمیر کی زیریں وادیاں برسات سے اور بھی نکھر گءی ہیں۔ جبکہ پہاڑوں پر برفباری سے شہروں میں سردی بڑھ گءی ہے۔ گلگت بلتستان میں اسکردو، غذر، ہنزہ نگر میں خشک ہوائیں چل رہی ہیں۔ مالاکنڈ ڈویژن کے بیشترعلاقوں میں موسم ابرآلود رہنے کی وجہ سے سردی میں شدت آگئی ہے۔ بلوچستان میں بھی آہستہ آہستہ سردی بڑھ رہی ہے ، پنجاب کے مختلف شہر وں میں صبح کے وقت دھند چھائی رہی۔ موٹر وے حکام نے ڈرائیورز کو رفتار آہستہ اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سندھ کے بیشتر مقامات میں سردی کچھ کم ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا ۔

ایمز ٹی وی (اسپورٹس ڈیسک) پاکستانی اوپنر احمد شہزادنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احمد شہزاد نے کہا کہ فلپ ہیوز کی المناک موت کا سن کر چند لمحے کے لیے تو سکتہ ہی طاری ہو گیا تھا، مجھے آسٹریلوی بیٹسمین کی فیملی کا خیال آیا، اندازہ ہے کہ وہ کس کرب سے گزر رہے ہوں گے، جس روز فلپ ہیوز زخمی ہوئے اسی وقت سے ان کی صحت کیلیے دعا کرتا رہا ہوں، خوش قسمت ہوں کہ باﺅنسر لگنے کے باوجود بال بال بچ گیا، انھوں نے کہا کہ ابو ظبی میں گیند لگنے کے بعد کیوی پلیئرز کا رویہ بڑا ہمدردانہ تھا،تھوڑی ہمت ہوئی تو سب سے پہلے مجھے اپنے گھر والوں کی فکر مندی کا خیال آیا تھا، ایمبولینس میں اسپتال لے جایاجا رہا تھا تو منیجر معین خان سے کہا کے میری والدہ سے بات کرا دیں، انھوں نے نمبر پوچھا تو بھول گیا،بھائی کو کال ملانے کا کہاتو ان کا نمبر بھی یاد نہ آیا، اسپتال سے واپس آیا تو ٹی وی کیمرے کے سامنے ایک مسکراہٹ دی جو خاص طور پر فیملی کے لیے تھی کہ میں ٹھیک ہوں،واضح  ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر احمد شہزاد نیوزی لینڈ کیخلاف ابو ظبی ٹیسٹ میں کورے اینڈرسن کا باﺅنسر کنپٹی پر لگنے سے زخمی ہو کر زمین پر گر پڑے تھے، ہیئر لائن فریکچر کی وجہ سے درد کی شدت اور نیم بے ہوشی کی کیفیت برقرار رہنے پر انھیں وطن بھجوا دیا گیا، اب وہ تیزی سے رو بصحت اور پریکٹس بھی شروع کر چکے ہیں۔ انجریز کھیل کا حصہ ہیں اور ہمیں انھیں برداشت کرنا ہی پڑتا ہے، میں خوش قسمت ہوں کہ اتنی شدت سے گیند لگنے کے بعد کسی بڑی انجری سے بال بال بچ گیا۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)

 شام کے صدر کی حامی انٹرنیٹ کمپنی سیرین الیکٹرانکس آرمی نے برطانیہ کے اہم اخبارات کی ویب سائٹس کو ہیک کر کے اس پر’’ہیپی تھینکس گیونگ ڈے‘‘ کا پیغام تحریر کردیا ہے، ان اخبارات میں ڈیلی ٹیلی گراف، انڈی پینڈنٹ اور ایوننگ اسٹینڈرڈ سمیت کئی دیگر اخبارات کی ویب سائٹس شامل ہیں،  ،ٹیلی گراف نے  ٹویٹ میں کہا ہے کہ انہوں نے اس مواد کو ویب سائٹس سے ہٹا دیا ہے جب کہ کسی بھی یوزرکا ڈیٹا اس سے متاثر نہیں ہوا-

 اس کے بعد گروپ کا لوگو شاہین جس کے پس منظر میں شام کا جھنڈا نظر آرہا تھا اسکرین پر لگادیا گیا- 

یاد رہے اسی گروپ نے کچھ عرصے قبل نیو یارک ٹائمز، اور مائیکرو سافٹ کی ویب سائٹس کو بھی ہیک کیا تھا-

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)

 سوڈان کے جنوبی علاقے دارفر کے قریب  اونٹوں پر سوار مسلح افراد نے گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 15 شہری ہلاک جب کہ 10سے زائد زخمی  ہو گئے۔ امداد کرنے والی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا-

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیشن تشکیل دے دیا گیا ہے جو اس بات کی تحقیقات کرے گا کہ شہریوں پر  حملہ کس نے کیا اور کیوں کیا۔

ایمزٹی وی (ٹانک) ٹانک میں امن کمیٹی کے سربراہ کی گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیاگیا، دھماکے میں گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔ پولیس کے مطابق امن کمیٹی کے سربراہ گل سلام بیٹنی اپنی گاڑی میں ٹانک وانا روڈ جارہے تھے کہ گرہ مٹھو کے مقام پر سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکا ہوگیا جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا ہے، دھماکے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ریموٹ کنٹرول بم سائیکل میں نصب کیاگیا تھا، دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کردیاگیا ہے ۔

 ایمز ٹی وی (اسلام آباد) دہشت گردوں کیخلاف جنگ کاخاص ہتھیار ’’عضب‘‘ تیار کرلیا گیا ، پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ نے چھپے دہشت گردوں کومارنے والی اسنائپر رائفل عضب تیار کرلی،SASSI کے زیراہتمام پی اوایف واہ کے دورے کے دوران میڈیا کونئی تیارکردہ اسنائپر رائفل ’’ ڈی ایم آرعضب ‘‘ اوراسکے ایمونیشن کی خصوصیات سے آگاہ کیاگیا، جس میں چیئرمین پی اوایف بورڈلیفٹیننٹ جنرل احسن محمودنے بتایاکہ ڈی ایم آرعضب دسمبرکے پہلے ہفتے میں کراچی میں ہونیوالی دفاعی نمائش آئیڈیاز2014ء میں متعارف کرائی جائے گی، ہماری تیارکردہ اسنائپردنیاکی اسنائپر رائفلوں سے بہترہے، دشمن چاہے ہجوم میں چھپاہو،غاروں میں ہویااس نے عمارتوں کی اوٹ لے رکھی ہو،عام لوگوں کو بچاکرصرف دشمن کومارنے میں عضب کی کارکردگی بہترین ہے۔

ایمزٹی وی (کراچی)  ناظم آباد نمبر 2 انکوائری آفس کے قریب سونیری بینک کی برانچ سے5 مسلح ڈاکو 60 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے، ڈکیتی کی اطلاع پر گلبہار پولیس اوراسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی ٹیم پہنچی پولیس فارنسک لیبارٹری سے فنگر ایکسپرٹ کو طلب کرلیا، تفتیشی پولیس نے عینی شاہدین اور بینک کے عملے سے ڈکیتی کی تفصیل معلوم کی، پولیس نے بینک میں لگے خفیہ کیمروں سے بننے والی ملزمان کی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔

ایس ایچ او گلبہار انسپکٹر عارف رزاق نے بتایا کہ عینی شاہدین نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی تعداد 6 تھی جو ڈیڑھ بجے 3 موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر آئے تھے،5 ملزمان بینک میں داخل ہوئے جبکہ ایک بینک کے باہر پہرا دے رہا تھا، ڈاکوؤں نے بینک میں داخل ہوکر سیکیورٹی گارڈ اسلحہ رپیٹر چھین لیا اور پھر بینک کے عملے کو یرغمال بناکر کیش کاؤنٹر اور اسٹرانگ روم سے 60 لاکھ روپے لوٹ لیے، لوٹی جانیوالی رقم میں غیر ملکی کرنسی بھی شامل ہے۔

ڈاکوؤں نے فرار ہونے سے قبل سیکیورٹی گارڈ اور عملے کو ایک کمرے میں بند کردیا، ڈاکو گارڈ سے چھینا گیا رپیٹر بینک کے باہر پھینک کر فرارہوئے، پولیس نے بینک میں تعینات سیکیورٹی گارڈ کو شامل تفتیش کرکے حراست میں لے لیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان کی شناخت جاری ہے، گلبہار پولیس نے بینک منیجر اسلم یعقوب کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش ایس آئی یو کے سپرد کردی ہے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)مصر میں  ایک خاتون نے عدالت کے ذریعے اپنے شوہر سے محض اس لیے خلع حاصل کر لی کہ اس کا شوہر گنجا ہے اور اس کے جسم سے بو آتی ہے۔  قاہرہ کی ایک فیملی کورٹ نےحال ہی میں’جیلان’ نامی خاتون کی اپنے شوہر ‘آسرم’ سے خلع کی درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے دونوں میں علیحدگی کرادی۔ خلع حاصل کرنے والی خاتون نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ شوہر کے گنجا ہونے کی وجہ سے اسے لوگوں کے سامنے  شرمندی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لہٰذا عدالت اپنے  اختیارات کے ذریعے اسے خلع دلوائے۔

 ایمز ٹی وی (کراچی) متحدہ قومی موومنٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے 30 نومبر کے جلسے میں شامل ہونے سے معذرت کرلی۔متحدہ کے رہنماﺅں نے شیخ رشید کو بتایا کہ پارٹی ابھی کسی جلسے کا حصہ نہیں بن سکتی اور رابطہ کمیٹی مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرے گی۔ واضح رہے کہ  جلسے میں شامل ہونے کی دعوت عوامی مسلم لیگ کے صدر شیخ رشید احمد نے ایم کیو ایم کی ایک ٹیم کو ایک ہوٹل میں ملاقات کے دوران دی تھی جس کی قیادت سینیٹر بابر خان غوری کررہے تھے۔