Sunday, 17 November 2024
چین نے کروناوائرس سے بچاؤ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ’’روبوٹ آرمی‘‘ تیار کرلی۔
 
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 5جی انٹرنیٹ کے ذریعے ایک شہر سے بیٹھ کو دوسرے شہر میں مذکورہ روبوٹس کو استعمال کیا جاسکے گا۔ جن کی مدد سے چین کے مختلف شہروں اینٹی کروناوائرس اسپرے کیا جائے گا۔
 
چین میں کروناوائرس کی روک تھام اور خاتمے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں جس کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا تعاون بھی حاصل ہے، مہلک وائرس سے اب تک 3 ہزار کے قریب افراد مارے جاچکے ہیں۔
 
’’اگیلز روبوٹک‘‘ کمپنی نے منی روور روبوٹس تیار کیے ہیں جنہیں آرمی روبوٹ کا نام بھی دیا جارہا ہے، جس میں کیمرے کے ساتھ ساتھ حرکت کرنے والے اسپرے نوزلز بھی نصب ہیں جن کی مدد سے گلیوں میں کروناوائرس اسپرے یقینی بنایا جاسکے گا۔
 
فی الحال یہ روبوٹس بیجنگ، شنگھائی اور شیژنگ پہنچ چکے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مذکورہ روبوٹس اسپرے کے لیے بہت معاون ثابت ہوں گے جنہیں تعلیمی اداروں میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
 
اس سے قبل انسان خود اینٹی کروناوائرس اسپرے کرتے تھے جس سے خدشہ تھا کہ انہیں خود بھی وائرس نہ جکڑ لے، تاہم اب اس ٹیکنالوجی نے عملے کی مشکلیں بھی آسان کردی ہیں
 
 
لندن: ملکہ برطانیہ اپنے خصوصی گارڈز کے ساتھ رینج روور گاڑی میں اسٹیٹ کا چکر لگانے کے بعد اپنی شاہی رہائش گاہ پہنچیں تو کسی نے گیٹ ہی نہ کھولا۔
 
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملکہ برطانیہ کے سیکیورٹی گارڈ کی لاپرواہی کے سبب انہیں رہائشگاہ کے باہر کافی دیر انتظار کرنا پڑا، جب وہ اسٹیٹ کا چکر لگا کر رہائشگاہ ’ونڈسر کاسل‘ پہنچیں تو کسی نے گیٹ ہی کھولنا گوارا نہ کیا۔
 
ملکہ برطانیہ کو کافی دیر انتظار کرنا پڑا جس کے بعد گاڑیاں واپس موڑ لی گئیں اور ان کو کاسل کے آس پاس چکر لگوایا گیا اور اس دوران کاسل کے اندر موجود عملے سے رابطہ کرکے گیٹ کھلوایا گیا۔
 
رپورٹ کے مطابق ملکہ اور ان کے گارڈز کی گاڑیاں ونڈسر کاسل کے نیلسن گیٹ پر آئیں لیکن کسی نے گیٹ نہیں کھولا تھا موقع پر موجود ایک شخص کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی خفت آمیز بات ہے کہ ملکہ کے آنے پر گیٹ پر کوئی موجود نہیں تھا۔
 
اس شخص کا کہنا تھا کہ حالانکہ ملکہ کی گاڑی کو دیکھ کر ہی گیٹ کھول دینا چاہئے تھا لیکن انہیں کافی دیر انتظار کرنا پڑا، اس کے باوجود گیٹ نہیں کھلا، وہ لوگ ملکہ کو ایک اور چکر لگوانے لے گئے اور جب انہیں دروازہ کھلنے کی اطلاع ملی تو پھر واپس آئے اور ملکہ کاسل کے اندر داخل ہوئیں۔
موبائل سیکیورٹی پر نظر رکھنے والے ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ اینڈرائیڈ کے ایک ارب سے زائد صارفین کا ڈیٹا ہیک ہونے کا خدشہ ہے۔
 
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اینڈرائیڈ کے 40 فیصد صارفین ایسے ہیں جو پرانا آپریٹنگ سسٹم استعمال کررہے ہیں اور انہیں گوگل کی جانب سے تاحال کوئی سیکیورٹی اپ ڈیٹ فراہم نہیں کی گئی۔
 
تحقیقی ماہرین کے مطابق اس وقت دنیا میں ایک ارب سے زائد اینڈرائیڈ فون استعمال کرنے والے صارفین ایسے ہیں جن کا ڈیٹا کسی بھی وقت ہیک ہوسکتا ہے۔
 
رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ یہ نقص گوگل کی جانب سے ہے کیونکہ مذکورہ صارفین کے فون کو تاحال اپ ڈیٹ نہیں بھیجی گئی۔ ماہرین کے مطابق سسٹم میں نقص کی وجہ سے سائبر حملے کرنے والے ہیکرز کسی بھی فون تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
 
ماہرین کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد ڈھائی کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے اور یہ آئی او ایس سے زیادہ استعمال ہوتا ہے۔
 
ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ گوگل کے ماتحت کام کرنے والی سیکیورٹی کمپنی جو صارفین کو اپ ڈیٹس بھیجتی ہے اُس نے آخری بار دو سال قبل سسٹم کو اپ ڈیٹ کیا، بعد ازاں انہوں نے کام روک کر نئے جدید سسٹم پر کام شروع کردیا تھا۔
 
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحقیق کے دوران موٹرولا، سام سنگ، سونی اور ایل جی کے موبائل فونز کا تجزیہ کیا گیا جس میں یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ ماڈلز استعمال کرنے والے صارفین کو کمپنی کی جانب سے 2012 کے بعد سے کوئی اپ ڈیٹ نہیں بھیجی گئی۔
 
ماہرین کے مطابق موٹرولا، سام سنگ گلیگسی ایس تھری، سونی ایکسپیریا ایس کے صارفین اس وقت سب سے زیادہ خطرے میں ہیں۔
 
ٹیکنالوجی پر خصوصی نظر رکھنے والی صحافی کیٹ بیون کا کہنا تھا کہ کمپنی کی جانب سے صارفین کو سروس فراہم نہیں کی جارہی جبکہ وہ اپنے فون کو اعتماد کے ساتھ استعمال کررہے ہیں۔
دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے مہلک کروناوائرس کے خطرے کے پیش نظر فیس بک نے لندن آفس بند کرنے کا اعلان کردیا۔
 
کروناوائرس فیس بک کے لندن آفس تک پہنچ چکا ہے جس کے باعث فیس بک انتظامیہ نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے اپنا لندن آفس بند کرنے کا اعلان کردیا۔
 
کروناوائرس سے متاثرہ فیس بک کے ملازم نے لندن آفس کا دورہ کیا تھا جس کے بعد فیس بک انتظامیہ کو یہ تشویش ہے کہ جان لیوا وائرس مذکورہ آفس کے دیگر ملازمین میں منتقل نہ ہوجائے۔
 
کروناوائرس سے متاثرہ شخص سنگاپور سے لندن آیا تھا۔ فیس بک لندن آفس پیر تک بند رہے گا۔
 
قبل ازیں جنوبی کوریا میں کروناوائرس کے باعث سام سنگ اور آئی فون کمپنی کی سپلائی فیکٹریز بند کردی گئی ہیں۔ مہلک وائرس سے آئی فون اور سام سنگ کی سپلائی فیکٹریز کے ملازمین بھی متاثر ہورہے ہیں، اسی ضمن میں کمپنیاں بند کی گئی ہیں، اس عمل سے کمپنی کو نقصان کی بھی توقع ہے۔
 
واضح رہے کہ جنوبی کوریا کا شہر ’جومی‘ اسپارٹ فونز سپلائی کرنے والا بڑی شہر تصور کیا جاتا ہے جبکہ کروناوائرس کے سب سے زیادہ کیسز بھی یہیں ریکارڈ ہوئے ہیں، مہلک وائرس کا کمپنی ملازمین بھی شکار ہوئے۔
ریاض : سعودی عرب میں کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے بڑے پیمانے پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے سپر اسٹورز، دکانوں اور باربر شاپس مالکان کو ہدایات جاری کردیں۔
 
سعودی عرب میں بلدیہ حکام نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مملکت کے مختلف شہروں میں قائم، سپر اسٹورز، دکانوں اور باربر شاپس کو ہدایات دی ہیں کہ وہ صارفین کے لیے جراثیم کش محلول (سینیٹائزر) کا لازمی اہتمام کریں۔
 
سپر مارکیٹوں کے داخلی اور خارجی راستوں پر جراثیم کش محلول کا خصوصی طور پربندوبست کیا جائے تاکہ آنے والے صارفین سٹور میں داخل ہونے سے قبل محلول سے ہاتھ صاف کریں۔
 
بلدیہ کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ہوٹلوں اور اشیا ئےخورد ونوش فروخت کرنے والی دکانوں میں کام کرنے والے کارکن باقاعدہ طبی ماسک اور دستانوں کا استعمال کریں۔
 
اس حوالے سے بلدیہ حکام نے ہینڈ بلز بھی جاری کیے ہیں جن میں ہدایات دی گئی ہیں کہ باربر شاپس پر کام کرنے والے ملازمین طبی ماسک اور دستانوں کا ہر حالت میں استعمال کریں اور جراثیم دوسروں تک منتقلی سے بچاؤ کیلئے گاہکوں کو ڈسپوزایبل ایپرن لگائیں۔
 
اس کے علاوہ اسی طرح کی ہدایات تندوروں اور بیکریوں میں کام کرنےو الے ملازمین کو بھی دی گئی ہیں اور پابند کیا گیا ہے کہ کام کے دوران طبی فیس ماسک ضرور پہنیں۔
 
چینی ماہرین نے کرونا وائرس کی تشخیص کرنے والا اسمارٹ ہیلمٹ تیار کرکے اس کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
پولیس افسران کو جدید ہیلمٹ دے دیے گئے تاکہ وہ متاثرہ افراد کو شناخت کے بعد باآسانی پکڑ سکیں۔ یہ ہیلمٹ جسم کا درجہ حرارت (بخار) اور کرونا وائرس کی دیگر علامات کو باآسانی پکڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
 
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ’چین اس وقت مشکل حالت میں ہے، سب کو مل کر’’کووڈ 2019 وائرس‘‘ کے بحران سے نکلنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پیپلز ڈیلی چائنا کی شیئر کردہ ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ اسمارٹ ہیلمٹ کی مدد سے مریض کی شناخت آسانی سے ہوجائے گی۔
ہیلمٹ میں ایسا کیمرہ نصب کیا گیا جو پانچ میٹر کی دوری پر موجود بخار یا کرونا کی علامات والے شخص کی نشاندہی کردے گا۔
 

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کا فائنل جیت گئے تو شوکت خانم اسپتال کے لیے ایک لاکھ ڈالر عطیہ کریں گے۔کراچی کنگز کی ٹیم اور آفیشلز نے شوکت خانم کینسر اسپتال کا دورہ کیا اور کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا بچوں سے ملاقات کرکے ان کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ اندازہ نہیں تھا اتنے بڑے فنکشن میں آؤں گا، میرا وعدہ ہے ان بچوں کے لیے ٹیم اور اچھا کھیلے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا فائنل جیت گئے تو ایک لاکھ ڈالر شوکت خانم اسپتال کے لیے دوں گا، انشا اللہ فائنل میچ ہم لاہور میں کھیلیں گے۔جبکہ کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ شوکت خانم اسپتال میں میرٹ پر علاج ہوتا ہے، شوکت خانم میں کوئی سفارش نہیں چلتی، دنیا میں کوئی اسپتال ایسا نہیں جہاں کینسر کا مفت علاج ہوتا ہو۔

دنیا بھر میں پھیلنے والے مہلک وائرس کووڈ 2019 نے سب کو خوف زدہ کیا ہوا ہے اور سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر اس حوالے سے بہت ساری افواہیں بھی زیر گردش ہیں۔
 
سوشل میڈیا کمپنیز نے کرونا وائرس سے متعلق بے بنیاد افواہوں کو روکنے کے لیے مختلف اقدامات کیے تاکہ صارفین کسی بھی بڑی پریشانی سے محفوظ رہ سکیں۔
 
فیس بک نے سرجیکل ماسک کے حوالے سے شائع ہونے والے تمام اشتہارات فی الفور بند کرنے کا اعلان کردیا۔
 
کمپنی کے مطابق اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ ہر شخص مارکیٹ سے ہی ماسک خریدے اور کوئی بھی کرونا وائرس کے حوالے سے ناجائز فائدہ نہ اٹھا سکے۔
 
فیس بک نے اس سے قبل ڈبلیو ایچ او کو پیش کش کی تھی کہ وہ کرونا وائرس کی آگاہی سے متعلق اشتہارات فراہم کرے جنہیں بالکل مفت شائع کیا جائے گا۔
 
یاد رہے کہ چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا مہلک کرونا وائرس دنیا کے90 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے جس سے ایک لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے جبکہ 3400 سے زائد اموات بھی ہوئیں۔
 
عالمی ادارۂ صحت نے کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو دنیا بھر کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے پر سنجیدگی سے سوچیں وگرنہ بہت ساری انسانی جانوں کا ضیاع ہوسکتا ہے۔
گوگل نے پلے اسٹور پر موجود کرونا وائرس سے متعلق تمام ایپس کو بلاک یا ڈیلیٹ کرنا شروع کردیا ہے۔
 
صارفین اگر گوگل پلے اسٹور پر کرونا وائرس سے متعلق کچھ بھی سرچ کریں گے تو انہیں کوئی نتائج نظر نہیں ملیں گے۔یکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق صارفین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کمپنی نے یہ قدم اٹھایا کیونکہ چند دنوں میں غیر متعلقہ ایپس اسٹور پر شیئر کی گئیں تھیں جن پر صارفین آنکھیں بند کر کے بھروسہ کررہے ہیں۔
 
علاوہ ازیں گوگل نے کرونا وائرس کے حوالے سے پلے اسٹور پر موجود گیمز کو بھی بلاک کرنا شروع کردیا۔
 
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کرونا وائرس سے متعلق جعلی معلومات کی روک تھام کے لیے فیس بک نے بھی بڑا قدم اٹھایا تھا اور تمام غیر مصدقہ پوسٹیں ڈیلیٹ کردی تھیں جب کہ آن لائن ریٹیل ایمازون کی جانب سے کرونا وائرس کا خاتمہ کرنے والی تمام تر جعلی پروڈکٹس کو ویب سائٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔
کراچی: مسلم لیگ کی رہنما عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز بہت جلد ٹوئٹر پر متحرک نظر آئیں گی جبکہ شہباز شریف عنقریب پاکستان آجائیں گے۔
 
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف جلد پاکستان واپس آجائیں گے جبکہ نوازشریف علاج مکمل ہونے والے بعد ہی آئیں گے۔
 
انہوں نے دعویٰ کیاکہ مریم نواز بہت جلد ٹویٹر پر متحرک نظر آئیں گی جبکہ حسن اور حسین نواز بھی پاکستان واپس آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ نوازشریف اورشہبازشریف لندن کے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں ہی رہائش پذیر ہیں۔
 
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ’پیپلزپارٹی کوشش بہت کررہی ہے لیکن وہ پنجاب نہیں جاپا رہی‘۔ اُن کا کہنا تھاکہ شہبازشریف نےڈیڑھ سال میں پنجاب سےڈینگی ختم کردیا تھا، نئے پاکستان میں ڈینگی پھر آگیا، حکومت کو اب بھی شہبازشریف کی ضرورت ہے‘۔
 
عورت مارچ میں شرکت کروں گی
 
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عورت مارچ میں شرکت کرنے کے لیے ہی کراچی آئی ہوں، ایک نعرے کا غلط تاثر دیا جارہا ہے، ہمیں ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا چاہیے کیونکہ اس مارچ کا مقصد صحیح ہے۔
 
اُن کا کہنا تھا کہ عورت مارچ کےتمام نعروں کی حمایت نہیں کرتی، اس بارعورت مارچ بہت زیادہ متنازع ہوگیا ہے۔