گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ مدرسے جدید طرز تعلیم سے آراستہ ہیں، جامعہ بنوریہ عالمیہ دینی اور عصری علوم کا حسین امتزاج ہے ۔مدارس کے طلباء کو دینی علوم کے ساتھ عصری علوم بھی حاصل کرنی چاہیں، دینی تعلیم کے فروغ میں پاکستانی مدارس اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہمارے نوجوان ہمارا مستقبل ہیں ان کی صلاحیتوں کو استعمال کرنا انتہائی ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب جامعہ بنوریہ عالمیہ سائٹ ٹاؤن میں تقریب ختم بخاری سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں ملکی اور غیرملکی 228 حفاظ اور مختلف شعبہ جات سے سند حاصل کرنے والے 355 طلبہ کو دستار فضیلت سے نوازا گیا۔ آخری حدیث کا درس ناظم تعلیم شیخ الحدیث مولانا عبدالحمید خان غوری نے دیا ۔حفاظ کو قاری عبدالناصر نے ختم پڑھایا، جبکہ شیخ الحدیث مولانا عزیزالرحمن نے اجتماعی نکاح پڑھائے۔
اس موقع پر خطاب میں رئیس شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے گورنر سندھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مدارس دینی تعلیم کو عام کر رہے ہیں، پاکستان کے دینی مدارس دنیا بھر میں دینی ترویج و اشاعت کا سبب بن رہے ہیں یہاں سے طلبہ فارغ ہوکر پاکستان کے سفیر بن کر نکلتے ہیں۔
سرکاری اساتذہ کی جبری طور پر بند تنخواہوں پر گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن( گسٹا )مہیسر کے سخت موقف اور اقدامات کے بعد تنخواہیں بحال ہوگئیں۔ گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن( گسٹا )مہیسر کراچی ڈویژن کا ہنگامی اجلاس ماڈل اسکول اورنگی ٹاون نمبر9 میں منعقد ہوا ،جس میں اساتذہ کی جبری طور پر بند تنخواہوں کی بحالی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔( گسٹا )مہیسر کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اگر مستقبل میںکوئی اساتذہ بالخصوص خواتین اساتذہ کو ہراساں کرنے کی کوشش کرے گا تو ہم اس کی ہر فورم پر مذمت کریں گے۔
ٹوکیو اولمپک گیمزکے لیے ایشیا اوشیانا سے اولمپک باکسنگ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں پاکستان کے تینوں باکسرز ہارگئے۔
اردن کے شہرعمان میں منعقدہ کوالیفائنگ مقابلوں میں محمود الحسن کو 75کلوگرام میں چینی باکسر نے مات دی، 52 کلو گرام میں سید محمد آصف انڈونیشیا کے باکسر سے ہارگئے جبکہ 69کلوگرام میں گل زیب کوچینی حریف نے زیر کرلیا۔
ان پری اولمپک باکسنگ مقابلوں میں مجموعی طورپرمینزکیٹیگری کے8 درجات میں41 باکسر جبکہ ویمن کیٹیگری کے 5 درجات میں 22باکسرز ٹوکیواولمپک کے لیے ٹکٹ حاصل کرپائیں گے۔
پاکستانی باکسرزکی ناکامی کے بعد اولمپک میں رسائی کاآخری موقع 13سے 24 مئی کو فرانس کے شہر پیرس میں شیڈول ورلڈ اولمپک کوالیفائنگ باکسنگ ٹورنامنٹ ہے۔پاکستان نے آخری مرتبہ 2004کے ایتھنزاولمپک گیمزکے باکسنگ مقابلوں میں رسائی پائی تھی، اس میں5 قومی باکسرز شریک ہوئے تھے۔
پاکستانی نوجوان سلمان عقیل بٹ نے امریکا میں تن سازی مقابلے میں سلور میڈل جیت لیا۔امریکا کی ریاست کولمبس میں منعقدہ آرنلڈ کلاسک مقابلوں میں پاکستان کے سلمان عقیل بٹ نے سلور میڈل جیت کر ملک کانام روشن کردیا۔مقابلوں میں رحمان رضا عاصم قیوم نے چوتھی اور فرحان ارشد نے پانچھویں پوزیشن حاصل کی،فیسٹیول میں 80 ممالک کے 22 ہزار کھلاڑیوں نے شرکت کی۔پاکستان کے ریفری جنید اعجاز نے ریفری کے فرائض سرانجام دیے جب کہ قومی ٹیم ایک ماہ تربیت بھی حاصل کرے گی۔
سعودی عرب میں وزارت سپورٹس کی جا نب سے کوروناوائرس کےحوالے سے احتیاطی تدابیرکے پیش نظراورلوگوں کی سلامتی کو ملحوظ رکھتے ہوئے تمام کھیلوں میں تماشائیوں کے داخلے پر پابندی لگادی ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت سپورٹس نے کہا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک میں کورونا وائرس کے حوالے سے وزارت کو تشویش ہے۔وزارت نے بتایا ہے کہ فیصلہ تاہدایت ثانی نافذ العمل رہے گا تاہم وزارت وقفے وقفے سے اس پر نظر ثانی کرتی رہے گی۔
وزارت سپورٹس نے کہا ہے کہ جن کھیلوں کی ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں ان کی قیمت واپس کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزارت نے بتایا ہے کہ کھیلوں میں تماشائیوں کی شرکت پر پابندی کورونا وائرس کے انسداد کے لیے کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی کی سفارش پر لگائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے کورونا وائرس کے سلسلے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، کویت اور بحرین سے زمینی روابط محدود کردیے تھے۔سعودی پریس ایجنسی نے وزارت داخلہ کے حکام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان 3 خلیجی پڑوسیوں سے صرف کمرشل ٹرکوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔خیال رہے کہ چین سے پھیلنے والے نئے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک ایک لاکھ 2 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 3 ہزار 400 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جہاں اس بیماری سے دنیا میں خوف و ہراس پھیل رکھا ہے وہیں اب تک 57 ہزار افراد اس سے مکمل صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔
لاہور قلندرز کے خلاف میچ کی اختتامی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ پچ بہت اچھی تھی اور بین ڈنک نےاچھا کھیل پیش کیا۔عماد وسیم نے کہا کہ میچ جیتنےہیں تو کیچ پکڑنے ہوں گے، ٹیم بہت مضبوط ہے اور بھرپورکم بیک کریں گے۔
کنگز کے کپتان نے کہا کہ لاہور کے کراؤڈ کا شکریہ انہوں نےبہت سپورٹ کیا، ہم ہوم گراونڈ میں جا کر بہترین کھیل پیش کریں گے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کی مہم میں کراچی کنگز اگلا میچ لاہور قلندرز کے خلاف 12 مارچ کو کراچی کے میدان پر کھیلے گی جب کہ 14 مارچ کو اسلام آباد یونائیٹڈ سے کراچی میں ہی مدمقابل ہو گی۔پی ایس ایل کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے 23 ویں میچ میں لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی کنگز نے بیٹنگ شروع کی اور پورے اوور کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر لاہور قلندر کو جیت کے لیے 188 رنز کا ہدف دیا۔ والٹن نے 45، بابر اعظم نے 38 رنز بنائے جب کہ الیکس ہیلز 80 بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بالنگ میں لاہور قلندر کی جانب سے معاذ خان نے دو اور سلمان ارشاد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں لاہور قلندرز نے بیٹنگ شروع کی اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کا دیا گیا ہدف حاصل کرلیا۔ قلندرز نے یہ ہدف 1.19 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ قلندرز کے کھلاڑی بین ڈنک نے دھواں دھار اننگ کھیلی اور 40 گیندوں پر 99 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بہتری اننگ کھیلنے پر بین ڈنک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے راولپنڈی کرکٹ ا سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5 میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے درمیان جاری میچ دیکھا۔ پاک فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ جب میچ دیکھنے کے لیے کرکٹ اسٹیڈیم پہنچے تو پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے (پی ایس ایل) 21 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 92 رنز کا ہدف دیاتھاجس کے جواب میں جیمس ونس نے اپنی دھواں دھار اننگزکھیلتے ہوئے 24 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو 7 ویں اوور میں ہی فتح دلوادی۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 5 کے 22 ویں میچ بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا اور میچ کو 9 اوورز تک محدود کردیا گیا ۔راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 9 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے۔ یونائیٹڈ کی جانب سے رونکی، کولن منرو اور شاداب خان نے بالترتیب 18، 25 اور 14 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان اور عمران طاہر نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ معین علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا اور 2 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز نے ہدف کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا۔ملتان کی پہلی اور واحد وکٹ چھٹے اوور میں 68 رنز پر گری جب ذیشان اشرف 16 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔اس موقع پر جیمس ونس نے اپنی دھواں دھار اننگز کا سلسلہ جاری رکھا اور انہوں نے 24 گیندوں پر 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو 7 ویں اوور میں ہی فتح دلوادی۔جیمس ونس کی اننگز میں ایک چھکا اور 11 شاندار چوکے بھی شامل تھے۔
سلطانز کے معین علی نے 5 گیندوں پر 14 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، انہوں نے بھی اپنی مختصر اننگز میں 3 چوکوں کو سہارا لیا۔
34 سالہ خلائی انجینئر جسٹن ہؤپٹ کو اسمارٹ فونز اور اس جیسی دیگر ڈیوائسس بالکل نہیں پسند، اسی لیے انہوں نے پرانے فونز سے مشابہت رکھنے والا ایک ایسا وائرلیس فون بنایا جس میں اسکرین نہیں ہے۔
34 سالہ خلائی انجینئر کو یہ فون بنانے میں 3 سال کا عرصہ لگا جو کہ دکھنے میں پرانے فون کی طرح ہے اور اس میں ایک اینٹینا بھی لگا ہوا ہے۔
جسٹن ہؤپٹ نے فون کا کیس تھری ڈی پرنٹر کا استعمال کر کے بنایا ہے اور اس میں انہوں نے اسپیڈ ڈائل بٹن کو بھی شامل کیا ہے ۔جسٹن ہؤپٹ ابھی بھی اس فون کے ڈیزائن کو مزید بہتر بنانے کے لیے کوششیں کر رہی ہیں۔یہ فون 4 انچ کا ہے جسے سم کارڈ لگا کر استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس فون کی بیٹری ایک مرتبہ چارج کرنے کے بعد 24 سے 30 گھنٹے تک چل سکتی ہے۔
جسٹن کے اس فون کو خوب مقبولیت ملی جس کے بعد انہوں نے صارفین کے لیے ایک ایسی کٹ تیار کی ہے جس سے کوئی بھی شخص اپنا فون خود بنا سکتا ہے۔
خلائی انجینئر جسٹن اس فون کو بنانے والی کٹ کو 170 ڈالرز میں آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے فروخت کر رہی ہیں۔