Wednesday, 20 November 2024
لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ جن 6 افراد کی بات کرتا ہوں تو ان میں سے 4 گرفتار ہوچکے اور جلد پکڑے جانے والوں میں سے ایک مولانا فضل الرحمان کا بندہ ہے۔
 
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کس ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں یہ اللہ کو پتا ہے، ان کے آگے کنواں پیچھے کھائی ہے، پہلے بھی مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کو مروایا اب بھی مروائیں گے، 26 اکتوبر کو بتاؤں گا مولانا فضل الرحمان کس ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ، شہباز شریف کبھی ادھر ہیں تو کبھی اُدھر ہے، مولانا فضل الرحمان اور شہبازشریف کی کوئی چیز فائنل نہیں، سیاست، جنگ اور محبت میں وقت کا بہت اہم کردار ہے، نوازشریف کو مروانے میں مریم نواز کا کلیدی کردار ہے، اب دیکھیں حسن اور حسین نواز کیا کرتے ہیں۔ عمران خان 6 آدمی رہا کردیں تو اپوزیشن کی ساری تحریک ٹھس ہوجائے گی۔ جن 6 افراد کی بات کرتا ہوں تو ان میں سے 4 گرفتار ہیں اور 2 ہونے والے ہیں۔ ان 2 میں ایک مولانا فضل الرحمان کا بندہ بھی شامل ہے۔
 
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سابق حکمران مہنگائی حق مہر میں چھوڑ گئے، عمران خان نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے اور روپے کی قدر کو استحکام دیا ہے۔ عمران خان نے مودی کو پھنسا دیا، اب مودی کی نہ جان چھوٹ سکتی ہے نہ بچ سکتی ہے، پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر جنگ ہوئی تو آخری ہوگی، دنیا کو سمجھ ہونی چاہیے ہمارے پاس گنوانے کو کچھ نہیں لیکن بھارت کے پاس کھونے کو بہت کچھ ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، مقبوضہ وادی میں کرفیو اٹھے گا تو کشمیری جان ہتھیلی پر رکھ کر نکلیں گے، عمران خان نے جس طرح چین میں کشمیر کا مقدمہ لڑا کسی نے نہیں لڑا، چین نے برملا کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے.
لاہور: مسلم لیگ (ن) نے حکومت سے نجات کیلئے بھرپور مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
 
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔ بعدازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اجلاس میں شہباز شریف نے نوازشریف کا خط پڑھ کر سنایا جس میں پارٹی کے لیے آئندہ کی حکمت عملی کی تفصیلات دی گئی ہیں۔
 
احسن اقبال نے بتایا کہ نواز شریف کی ہدایت ہے کہ بھرپور مہم کا آغاز کیا جائے تاکہ حکومت سے نجات حاصل کی جاسکے، ان کی ہدایات کی پارٹی نے تائید کی ہے، کل ہمارا وفد جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کرے گا اور انہیں نواز شریف کے خط کے مندرجات سے آگاہ کرے گا، ملاقات میں آزادی مارچ کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا۔

اسلام آباد: ملک میں آئندہ عام انتخابات میں بھی جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دھاندلی سے پاک، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق 2 سال قبل وزارت پارلیمانی امور کو رپورٹس ارسال کی تھیں۔ الیکشن کمیشن نے اپنی رپورٹس میں شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سفارشات بھی دی تھیں، رپورٹس میں الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک اور بائیومیٹرک ووٹنگ مشینوں کی خصوصیات بیان کی تھیں۔

وزارت پارلیمانی امور کی نااہلی کے باعث اب تک رپورٹس پر بحث نہ کی جاسکیں کیونکہ الیکشن کمیشن کو آئندہ عام انتخابات کی تیاری کے لئے تین سال کا عرصہ درکار ہوگا، جس کے باعث اب آئندہ انتخابات میں بھی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کھٹائی میں پڑگیا ہے۔

لاہور :سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان نے فاش غلطیاں کیں اور ان کا خمیازہ بھگت لیا۔

 اپنے کالم میں عامر سہیل نے کہا کہ احمد شہزاد اور عمراکمل کو کم بیک کروانے کا موزوں وقت نہیں تھا، ٹی ٹوئنٹی میچ میں بیٹسمین ایک گیند ضائع ہونے پر ہی دباؤ میں آجاتا ہے، اس فارمیٹ میں کم بیک نہیں کروائے جاتے، سیریز تو ہار ہی گئے تھے، ان کو تیسرا موقع بھی دے دیتے،پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ بھی غلط تھا،ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کی ناتجربہ کاری کھل کر سامنے آگئی۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ پی سی بی نے ان کو دہری ذمہ داریاں سونپ کر بہت بڑی غلطی کی ہے، ایک ایسا شخص جس کو کوچنگ کا کوئی تجربہ ہی نہیں اس کو ساتھ دوسرا عہدہ بھی سونپ دینا کہاں کی دانشمندی ہے، اگر کھلاڑی کو کوئی مسئلہ ہے تو وہ کوچ سے ہی رابطہ کرتا ہے، یہی کوچ سلیکٹر بھی ہو جو اس کو ڈراپ کرسکتا یے تو پلیئر ہچکچاہٹ کا شکار ہوگا، پی سی بی نے جو سنگین غلطی کی یے،  اس کے منفی نتائج بھی سامنے آئیں گے۔

کراچی: عالمی شہرت یافتہ گلوکارعاطف اسلم نے کوک اسٹوڈیو 12 میں حمد ’وہی خدا ہے‘ اپنی آوازاورمنفرد انداز میں پڑھ کرمداحوں کو بہت محظوظ کیا۔
 
کوک اسٹوڈیو کی جانب سے گزشتہ روز عاطف اسلم کی آوازمیں پڑھی گئی حمد ’وہی خدا ہے‘ کی کچھ جھلکیاں شیئرکی گئی تھیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی تھیں جب کہ مداح اُن جھلکیوں سے تو محظوظ ہو ہی رے تھے تاہم وہ پوری حمد سننے کے لیے بھی بے تاب نظر آئے اور ان کا یہ انتظاراب ختم ہوگیا۔
 
عاطف اسلم کی آواز میں پڑھی گئی حمد جیسے ہی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی تو ویسے ہی مداحوں کا ہجوم امڈ آیا اور عاطف اسلم کے پڑھنے کے اندازسمیت حمد کی کمپوزیشن کی بے حد تعریف کی گئی۔
 
عاطف اسلم کی آواز اورحمد پڑھنے کے منفرد انداز کو دنیا بھر میں موجود ان کے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔
 
چینائی: چینی صدر شی جی پنگ دو روزہ غیر رسمی دورے پر بھارت پہنچے ہیں جہاں وہ تاریخی مقامات کی سیر کر رہے ہیں اور اس دوران ایک موقع پر وزیراعظم مودی کو ساحل سمندر پر گندگی اُٹھانا پڑ گئی۔
 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں انہیں ساحل سمندر کو صاف کرتے ہوئے دیکھا جا سکتے ہیں۔ مودی خالی بوتلوں،پلاسٹک کی تھیلیوں اور دیگر کچرے کو چن چن کو ایک تھیلی میں ڈال رہے ہیں۔
 
وزیراعظم مودی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ماملا پورم کے ساحل پر علی الصبح 30 منٹ کی واک کے دوران وہاں موجود کچرا اُٹھایا اور متعقلہ ادارے کو دیا۔ ہمیں اپنی تفریحی عوامی مقامات کو صاف ستھرا رکھنا چاہیئے اور ہمیشہ فٹ اور صحت مند رہنے کی کوشش کرنی چاہیئے۔
 
واضح رہے کہ چین کے صدر شی جی پنگ دو روزہ غیر رسمی دورے پر کل بھارت کے شہر چینائی پہنچے تھے جہاں ماملا پورم کے تاریخی مقامات کی سیر بھی کی اور وزیراعظم مودی کے عشایئے میں شرکت بھی کی اور آج دونوں رہنماؤں کی وفد کے ہمراہ معاشی اور علاقائی حالات پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اجلاس جاری ہے۔
اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت میں اسٹریٹ کرائم میں خوفناک اضافے کو دیکھتے ہوئے اسلام آباد پولیس کی جانب سے عوام کی سہولت کے لئے موبائل فیسیلیٹیشن سینٹر قائم کردیا گیا ہے جس کا مقصد عوام کی سہولت اور شہریوں کی شکایات کو دور کرنا ہے۔
 
آئی جی اسلام آباد پولیس محمد عامر زولفقار کی ہدایت کے مطابق پولیس کی موبائل وین شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کرے گی جس کا کام شہریوں کی موبائل اسنیچینگ اور دیگر وارداتوں کے حوالے سے شکایات درج کرنا ہوگا۔
 
اس سے قبل شہریوں کو اپنی شکایات درج کرانے کے لئے پولیس اسٹیشین جانا پڑتا تھا جو کہ ان کے لئے مشکل عمل تھا لیکن اب پولیس شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے شہریوں کے لئے شہریوں کی دہلیزپر بھی ہوگی۔شہریوں نے پولیس کے اس اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدام پولیس اور شہریوں کو مزید قریب لانے میں خوش آئند ثابت ہوگا۔

لودھراں: تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ان کے شاہ محمود قریشی سے معاملات ختم ہوگئے ہیں اب ہم مل کر پارٹی کے لیے کام کریں گے۔

لودھراں میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ شاہ محمود قریشی حج پر جانے سے پہلے ان سے بہت زور سے بغل گیر ہوئے تھے جس سے سب معاملات ختم ہوگئے، اب میں اور شاہ محمود مل کر پارٹی کے لیے کام کریں گے۔

آزادی مارچ کے حوالے سے جہانگیر ترین نے کہا کہ ہمیں سیاست اور عوام کی خدمت کرنی چاہیے، ہمیں پاکستان کا خیال کرنا چاہیے لیکن مولانا فضل الرحمان صرف اپنا خیال کر کے دھرنا دے رہے ہیں، وہ پہلی بار پارلیمنٹ سے باہر ہوئے ہیں، (ن) لیگ بھی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ شامل ہونے کے معاملہ پر تقسیم کا شکار ہے۔

 ہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں پولیس ریفارمز پر کام ہورہا ہے، اسپیڈو بسز کی منظوری ہو گئی ہے بہت جلد چلنا بھی شروع ہو جائے گی، جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ کہیں بھی بنا دیا جائے مجھے کوئی مسئلہ نہیں۔
لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی آئندہ ہفتے ٹی ٹونٹی کپتان کے حوالے سے مشاورت کریں گے ۔
 
سرفراز ا حمد کو سری لنکا کے خلاف سیریز کیلئے کپتان مقرر کیا گیا تھا ، پی سی بی کو ٹیسٹ ٹیم کیلئے بھی کپتان کا تقرر کرنا ہے ۔
 
پاکستان کرکٹ ٹیم رواں ماہ آسٹریلیا روانہ ہوگی جہاں پہلے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے ۔ سرفراز احمد کو صرف سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کا ہی کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
 
چیئر مین پی سی بی اگلے ہفتے آسٹریلیا کے خلاف سیریز کیلئے کپتان کے نام کا اعلان کریں گے۔
 
ذرائع کا کہنا ہے آسٹریلیا کے دورے کیلئے اسکواڈ اور کپتان کااعلان 13 اکتوبر سے فیصل آباد میں شروع ہونےو الے ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوران کیا جا سکتا ہے ۔
 
سر فراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی کا کپتان برقرار رکھے جانے کا امکان ہے جبکہ سرفراز احمد کے بوجھ کو کم کرنے کیلئے ٹیسٹ کا نیا کپتان لایا جا سکتا ہے اور اس کیلئے اظہر علی کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔

جامعہ کراچی: بی ڈی ایس فائنل پروفیشنل کا14 اکتوبر کو ہونے والا پرچہ اب17 اکتوبر کوہوگا

جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے مطابق بی ڈی ایس فائنل پروفیشنل ضمنی امتحانات برائے 2019 ءکا14 اکتوبر 2019 ءکو ہونے والا اورل سرجری کا پرچہ اب 17 اکتوبر 2019 ءکو منعقد ہوگا۔

واضح رہے کہ مقررہ وقت اور امتحانی مرکز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔