اسلام آباد: آل تاجرایسوسیشن نے ملک گیرہڑتال کااعلان کردیا۔
آل تاجر برادران نے 29 اور 30 اکتوبر کوہڑتال کااعلان کیاہے جس کے مطابق تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے۔
لاہور:دورہ آسٹریلیا کے لیے سرفراز احمد کی جگہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے لیے اظہر علی اور شان مسعود مضبوط امیدوار ہیں۔
گرین شرٹس کی 27 اکتوبر کو سڈنی روانگی کا پلان ہے، اس دورے کے پہلے مرحلے میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے جس کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ دو ٹیسٹ میچز شیڈول ہیں۔
فیصل آباد میں موجود ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹرمصباح الحق کی سربراہی میں پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے اس اہم دورے کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب پر مشاورت شروع کردی ہے۔
ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق اظہر علی کو اس عہدے لیے موزوں سمجھتے ہیں تاہم بورڈ کی ایک اعلی شخصیت کے نزدیک مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے شان مسعود کو قیادت سونپنا زیادہ فائدہ مندہوگا۔ تاہم سدرن پنجاب کی کپتانی کرنے والے شان مسعود کی بطور لیڈر پرفارمنس زیادہ متاثر کن نہیں، ان کی ٹیم نے چارمیچز کھیلے ہیں جس میں صرف ایک میں فتح پائی ہے۔ شان مسعود کا مستقل طورپر ٹیسٹ ٹیم کا رکن نہ ہونا بھی ان کے انتخاب میں رکاوٹ بن سکتا ہے، اس صورت حال میں اظہر علی کو قیادت کا تاج پہنائے جانے کا زیادہ امکان دکھائی دے رہا ہے۔
دوسری جانب ابھی بور ڈ حکام نے یہ فیصلہ بھی کرنا ہے کہ سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان برقرار رکھا جائے یا نہیں، سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی میں پہلے نمبر پر ضرور ہے تاہم سری لنکا کےخلاف ہوم سیریز میں مایوس کن پرفارمنس نے ان کے بطور کپتان مستقبل پر سوالیہ نشان لگا رکھا ہے۔
ہیڈکوچ مصباح الحق بھی بطور کپتان سرفراز احمد سے زیادہ خوش نہیں، برطانوی شاہی جوڑے کے دورے لاہور کے بعد پی سی بی حکام پاکستان ٹیم کے معاملات پر فائنل مشاورت کریں گے۔
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے فیڈرل بورڈ آف ریوینیو پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر ملک پر بوجھ ہے اسے ختم کردیں۔
جسٹس گلزار احمد پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے ایف بی آر کی اپنے ملازم محمد انور گورایہ کی سروس کے حوالے سے اپیل کی سماعت کی۔
جسٹس گلزاراحمد نے ایف بی آر پراظہاربرہمی کرتے ہوئے کہا کہ کھربوں روپیہ ہر سال چلا جاتا ہے، ایف بی آر ملک پر بوجھ ہے، اس کو ختم کردیں، دیکھیں کتنا پیسہ جمع ہوتا ہے۔
مدینہ منورہ:سعودی عرب میں بس اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں عمرہ کے لیے آئے 35 غیر ملکی زائرین شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق مدینہ منورہ کے نواحی گاؤں الاخل کے قریب حجرہ روڈ پر ایک بس مخالف سمت سے آنے والے لوڈر سے ٹکرا گئی جس کے بعد میں اس میں آگ بھڑک اٹھی۔
بس میں 39 غیر ملکی مسافر سوار تھے جن کا تعلق عرب اور ایشیائی ممالک سے تھا اور وہ مدینہ جارہے تھے۔ حادثے میں متعدد افراد موقع پر ہی جاں بحق اور کئی شدید زخمی ہوگئے۔
سعودی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے استعفیٰ سے قبل حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
محمود خان اچکزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قوم نے 10 ماہ میں جعلی الیکشن کے نتائج دیکھ لئے ہیں، 400 ادارے بیچے جارہے ہیں، اب پوری قوم کی ایک ہی آواز ہے نئے الیکشن کرائے جائیں، انتخابات کے بعد جو بھی نتائج ہوں اور جو بھی جیتے نتائج ہم قبول کریں گے۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی لوگ غلط فہمیاں پھیلا رہے ہیں، حکومت کے تمام حربے ناکام ہوچکے ہیں، وزیراعظم کے استعفیٰ سے پہلے حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے، آئین کی حکمرانی اور اداروں کا حدود میں رہ کر کام کرنے کے مطالبے پر دوسری رائے نہیں ہوسکتی۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ نہ ہماری کسی سے ذاتی دشمنی ہے نہ کسی کی شکل سے شکایت ہے، پاکستان دن بدن تنہا ہوتا جارہا ہے، اگر تمام ادارے یہ تہیہ کرلیں کہ ہم اپنی اپنی حدود میں رہیں گے تو پاکستان ٹھیک ہو سکتا ہے۔
محمود خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی تحریک کو مذہبی تحریک سے جوڑنا غلط ہے، فوری طور پر ایک گول میز کانفرنس بلائی جائے جس میں مولانا فضل الرحمان کو لانا میری ذمہ داری ہے، آئین کی بالادستی کے لیے ہم آزادی مارچ میں شامل ہوں گے۔
کراچی: جامعہ کراچی شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام بریسٹ کینسر کے حوالے سے آگاہی سیمینار 17 اکتوبر کو ہوگا
جامعہ کراچی کے شعبہ نفسیات کے زیر اہتمام اور لیاقت نیشنل اسپتال کے اشتراک سے بریسٹ کینسر کے حوالے سے آگاہی سیمینار بروز جمعرات 17 اکتوبر2019 ءکو صبح 10:30 بجے ہوگا۔رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ صدارت کریں گی
جبکہ دیگر مقررین میں ماہرنفسیات ڈاکٹر بتول،شعبہ نفسیات جامعہ کراچی کی چیئر پرسن پروفیسر ڈاکٹر قدسیہ طارق، بریسٹ کینسرسرجن ڈاکٹر روفینہ سومرو،سمراشاہد،ڈائریکٹر آئی ایف جی ملیحہ بھیم جی،لیاقت نیشنل اسپتال کی ایس رباب جعفری اور شعبہ نفسیات جامعہ کراچی کی سیمینار کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ذی اسماءحنیف خان شامل ہیں۔