کراچی:کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے پلاسٹک بیگ کے استعمال ، فروخت اور تیاری پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
محکمہ ماحولیات سندھ نے پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کے تحت پلاسٹک بیگ کی تیاری ، فروخت اور استعمال قابل سزا جرم ہوگا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قواعد کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا اور قانون کے مطابق گرفتاری وسزا بھی عمل میں لائی جائے گی۔
مشیر ماحولیات کے مطابق پابندی کا اطلاق سندھ بھر میں ہوگا اور محکمہ ماحولیات پلاسٹک بیگ کے استعمال کی پابندی پر عمل کرانے کا پابند ہوگا۔
ماحولیاتی ٹیمیں مختلف مارکیٹوں کا معائنہ کریں گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عوام سے اپیل بھی کی ہے کہ وہ پلاسٹک بیگز کے بجائے کپڑے، کاغذ یا تھیلے کا استعمال کریں۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے رواں سال اگست کے مہینے میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی لگانے کا اعلان کیا تھا جس کیلئے یکم اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔
مشیر ماحولیات کا کہنا تھا کہ قانون پر عمل درآمد اس وقت تک نہیں ہوسکتا جب تک عوام میں آگاہی نہ ہو۔
پلاسٹک بیگ پر پابندی کا فیصلہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے کیا گیا ہے۔
پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جنہیں موسمیاتی تبدیلیوں سے سخت خطرات لاحق ہیں ۔
کراچی : پاکستانی ہدایتکاروں نے معروف اداکار احد رضا میر اور اداکارہ سجل علی پر ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا۔
حال ہی میں پاکستانی ہدایتکار حسیب حسن نے اداکارہ سجل علی اور اداکار احد رضا میر کے ساتھ بھارتی پروڈیوسر کے لیے ویب سیریز ’دھوپ کی دیوار‘ بنائی ہے جو کہ تکمیل کے حتمی مراحل میں ہے۔
اس حوالے سے چند پاکستانی ہدایت کاروں کا کہنا ہے اداکارہ سجل علی اور اداکار احد رضا میر بھارتی آرٹسٹ کے ساتھ کام کررہے ہیں لہٰذا ان پر پابندی عائد کی جائے۔
اس تمام تر صورتحال پر پاکستان فلم پروڈیوسر ایسوسی ایشن کے چوہدری اعجاز کا کہنا ہے کہ ان فنکاروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے جو موجودہ صورتحال کے باوجود بھی بھارتی پروجیکٹس پر کام کررہے ہیں۔
دوسری جانب اداکارہ ثناء فخر نے پاکستانی فنکاروں کے بھارت میں کام کرنے پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔
واضح رہے کہ بھارت کی سنیما انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں اور دیگر عملے پر مشتمل آل انڈیا سِنے ورکرز ایسوسی ایشن نے پلوامہ حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی تھی جب کہ دونوں ممالک کی جانب سے مواد نشر کرنے پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اداکار و گلوکار احد رضا میر نے ساتھی اداکارہ سجل علی کے ساتھ گزشتہ ماہ قبل باضابطہ طور پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر منگنی کا اعلان کیا تھا۔
کراچی: کے الیکٹرک نے نیشنل گرڈ سے بجلی کی کمی کا جواز بنا کر لوڈشیڈنگ شروع کردی۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ حبکو پاورپلانٹ کی 500 کے وی این کے آئی لائن میں فالٹ آگیا ہے جس کے باعث کے الیکٹرک کو 250 میگا واٹ بجلی کی فراہمی میں کمی کا سامنا ہے، صورتحال سے نمٹنے اور جلد بحالی کیلئے این ٹی ڈی سی حکام سے رابطے میں ہیں اورصارفین سے تکلیف کیلئے معذرت خواہ ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں کے الیکٹرک نے نیشنل گرڈ سے بجلی کی کمی کا جواز بناکر لوڈشیڈنگ شروع کردی۔ شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا جب کہ مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی۔ شہر قائد میں مختلف علاقوں میں فنی خرابی یا کیبل فالٹ کے نام پر بھی بجلی کی بندش جاری ہے۔