پشاور: خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے او پی ڈی سروس، آپریشن تھیٹر اور دیگر سہولیات کی فراہمی معطل ہے۔
دوسری جانب سرکاری ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی نمائندہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے کہ 15 کے قریب ڈاکٹرز کو گرفتار کیا گیا ہے جو ابھی تک جیل میں ہیں، حکومت جلد از جلد تمام ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کو رہا کرے۔ اگر حکومت نے تمام مطالبات پورے نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ پورے ملک تک پھیلائیں گے۔
کراچی: شہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 91 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔
انسداد ڈینگی سیل کےمطابق کراچی میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ ایک اور شخص انتقال کرگیا جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 91 افراد میں وائرس کی تصدیق سے متاثرہ افراد کی تعداد 2866 ہوگئی ہے۔
ترجمان انسداد ڈینگی سیل نےمزید بتایا کہ رواں سا ل شہر میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی۔
کراچی: اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری وزارتِ پیٹرولیم کو بھیج دی ہے۔
میڈیاذرائع کے مطابق اکتوبر میں عوام کے لئے اوگرا کی جانب سے خوشخبری ملنے کا امکان ہے، اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری تیار کرلی ہے، جس کے مطابق یکم اکتوبر سے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 55 پیسے کمی کی سفارش کی گئی ہے۔
اوگرا کی جانب سے تیارکی جانے والی سمری منظور ہونے کی صورت میں پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 55 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 23 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل میں 2 روپے 41 پیسے اور مٹی کا تیل 1 روپے 19 پیسے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے۔