Wednesday, 20 November 2024

چمن : چمن میں تاج روڈ پر ہونے والے دھماکے میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا حنیف سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا جو مولانا محمد حنیف کے دفتر کے باہر کھڑی تھی، مولانا محمد حنیف کے دفتر سے باہر نکلتے ہی دھماکا  ہو گیا۔

  دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا محمد حنیف سمیت 8 افراد زخمی ہوئے جنہیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

مولانا محمد حنیف کو  زخمی حالت میں کوئٹہ منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

مولانا محمد حنیف جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل تھے۔ 

پولیس کے مطابق دھماکا اس قدر شدید تھا کہ متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور ایک گاڑی میں آگ بھی لگ گئی۔

کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے ادارے انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ بزنس مینجمنٹ سوشل سائنس اور اسٹوڈنٹس کونسل کی جانب سے طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے سہ روزہ کاروباری چیلنج پروگرام کا اہتمام کیا گیا
 
پروگرام کا عنوان "اسپارکس 1.0 ہمت بڑھاؤ خوف گھٹاؤ"تھا. اس کے تحت طلبانے اپنی قابلیت آزماتے ہوئےمختلف بزنس آئیڈیاز پیش کیے۔ ماہرین نے تقاریر اور تنقیدی مشورے دے کر طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کی۔ مسلسل تین دن جاری رہنے والے پروگرام میں بائیکیا کے سربراہ رفیق ملک، سکول اوف لیڈرشپ کے مالک خاصخیلی، گرین سٹار مارکیٹنگ کے ڈاکٹر عزیز الرب شامل تھے۔
 
یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع کا کہنا ہے کہ اس تقریب کا مقصد بزنس ایڈمنسٹریشن کے طلباء میں مستقبل کے حوالے سے اندرونی خوف کے خاتمہ کرنا اور خود اعتمادی پیدا کرنا ہے تاکہ طلباء کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔
 
پروگرام کے منتظمین سٹوڈنٹ کونسل کے ممبران شعیب احمد،نمرہ لئیق، سیدہ نمراشاہ، حدیقہ ممتاز اور سٹوڈنٹ کونسل کی چیئرپرسن ڈاکٹر غزالہ عثمان ڈائریکٹر ای آئی او ایچ بی ایم ایس ایس۔ پروفیسر ابوذر واجدی ہیں۔ اختتامی تقریب آرٹس کونسل پاکستان میں اتوار 29 ستمبرکوہو گی۔آرٹس کونسل کے صدراحمد شاہ بطور مہمان خصوصی ہوں گے۔جس میں طلباء میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
کراچی : پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے یکساں معیار کو یقینی بنانے کیلئے ملک بھر میں 2020اور 2021 کے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلہ ٹیسٹ ایک ہی دن ایک ہی امتحانی پرچے کے تحت منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس مقصد کیلئے ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو بہترین سفارشات مرتب کرے گی۔ اس بات کی منظوری پی ایم ڈی سی کی ایڈوائزری کمیٹی کے پہلے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت وزیر اعظم کے خصوصی معاون/وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کی۔ 
 
اجلاس میں سیکریٹری صحت ڈاکٹر اللہ بخش ملک، ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر اسد حفیظ، چیئرمین ایڈوائزری کمیٹی پروفیسر عامر زمان خان اور ا ر اکین پروفیسر سعید حامد، پروفیسر عامر بلال، ڈاکٹر شہاز نواز، ڈاکٹر انیس الرحمن، لیفٹیننٹ جنرل (ر) اظہر راشد اور میجر جنرل سلیم احمد خان نے شرکت کی۔
 
اجلاس میں بتایاگیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کی ایڈوائزری کمیٹی پی ایم ڈی سے متعلق تمام امور کی سفارشات مرتب کرسکے گی اور پی ایم ڈی سی کی سفارشات اور فیصلوں پر عمل درآمد وزارت صحت پی ایم ڈی سی کے مرکزی اور رجسٹرار کے ذریعے نافذ کرائے گی جب کہ ایڈوائزری کمیٹی میں ایک قانونی ماہر اور ایک بلوچستان سے شامل کیا جائے گا۔ وزارت صحت پی ایم ڈی سی کی عبوری کمیٹی کے ساتھ کام کرے گی تا کہ پی ایم ڈی سی کے معاملات کو موثر اور فعال طریقے سے چلایا جاسکے۔
 
کراچی: وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کاٹھور سے کے پی ٹی فلائی اوور تک طویل ایکسپریس وے تعمیر کرنے کافیصلہ کیاگیا۔
 
وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں کاٹھور سے لیکر جام صادق پل نزد کے پی ٹی فلائی اوور تک 38.75 کلو میٹر طویل ملیر ایکسپریس وے تعمیر کرنے کافیصلہ کیاگیا۔
 
38.75 کلومیٹر طویل ملیرایکسپریس وے ملیر میں کاٹھورکے مقام سے شروع ہوکر ملیر ندی کے ساتھ ساتھ چلتی ہوئی جام صادق پل نزد کے پی ٹی فلائی اوور تک جائے گی،ملیر ایکسپریس وے تین رویہ ہوگی۔
دریں اثنا وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کھلی جگہ، گھر دکان کے باہر،سڑکوں ودیگرمقامات پر کچرا پھیلانا منع ہے اس سلسلے میں قانون بنا دیاگیا ہے اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر قانون کے تحت کچرا پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، کلین مائے کراچی مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
 
ان خیالات کااظہارانھوں نے وزیر اعلیٰ کے مشیر مرتضیٰ وہاب،کمشنر کراچی افتخارشلوانی ودیگرافسران کے ہمراہ ضلع جنوبی کی ورکشاپ کے دورے پرگفتگومیں کیا، مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ صفائی کی صورتحال کوبہتربنانے کے لیے ضلع جنوبی میں 176 اضافی ڈسٹ بن رکھ دیے گئے ہیں۔
لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد میدان میں ڈکٹیٹر اور باہر بگ برادر ہوتے ہیں، وہ ہنسی مذاق کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں۔
 
ایک انٹرویو میں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہاکہ سرفراز احمد ایک بے پناہ صلاحیتوں کے مالک کھلاڑی اور کپتان ہیں،وہ میدان میں ڈکٹیٹر ضرور نظر آتے لیکن باہر ساتھی کرکٹرز کے بگ برادر ہوتے ہیں۔ ان کا کھلاڑیوں کے ساتھ ہنسی مذاق کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
 
ایک سوال پر سابق پاکستانی کوچ نے کہا کہ سرفراز احمد کے وزن میں کمی بیشی ہوتی رہتی لیکن وہ فٹنس کیلیے ہمیشہ فکرمند رہتے ہیں، پاکستانی کھانوں میں نان، روٹی اور تیل والی ڈشز ضرور ہوتی ہیں،کرکٹرز اپنا ہاتھ نہیں روک پاتے، صبح اور دوپہر کا کھانا اگر پی سی بی مینجمنٹ کی نگرانی میں ہو تب بھی رات کو کنٹرول کرنا آسان نہیں ہوتا،پاکستانی بڑے مہمان نواز اور کرکٹرز کو بھی بڑا پیار کرتے ہیں، مرغن کھانوں سے تواضع کی جاتی ہے۔
کئی بار میں کھلاڑیوں کو کہتا کہ کھانے کے مزے اڑاؤ لیکن ٹریننگ کا ایک اضافی سیشن کرنا ہوگا،ان میں 25فیصد کہتے کہ مشقت کرلیں گے،انھوں نے کہا کہ خوراک اور فٹنس سمیت مختلف معاملات میں یونس خان اور مصباح الحق دیگر کھلاڑیوں کیلیے ایک مثال تھے،شعیب ملک بھی فٹنس کا بڑا خیال رکھتے ہیں۔ آل راؤنڈرکو ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ غلط نہیں تھا،جونیئرز کی حوصلہ افزائی میں ان کا اہم کردار تھا،بدقسمتی سے وہ پرفارم نہیں کرپائے۔
 
ایک سوال پر سابق ہیڈ کوچ نے کہا کہ بابر اعظم کا بطور بیٹسمین تابناک مستقبل ہے، ان کو ابھی اپنی پوری توجہ بیٹنگ پر مرکوز رکھنا چاہیے،نائب کپتان کی حد تک ٹھیک ہے ابھی قیادت کا بوجھ نہ ڈالا جائے تو بہتر ہوگا،میں پہلے بھی کہہ چکاکہ شاداب خان میں قائدانہ صلاحیتیں موجود اور کرکٹ کی اچھی سمجھ بوجھ ہے،سرفراز احمد کے بعد ان کو قیادت کیلیے تیار کیا جائے۔
لاہور: سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ میرا کوچنگ کا مزاج نہیں، فی الحال مکمل فٹ اور اپنی کرکٹ سے لطف اندوز ہورہا ہوں۔
 
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ٹی ٹین لیگ میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کروں گا، اگر کوچنگ کا موقع ملے تو انڈر19کرکٹرز کی رہنمائی کرنا چاہوں گا،اگر میں نوجوان کھلاڑیوں کو بتاﺅں کہ مشکل صورتحال اور سخت دباﺅ میں کس طرح دلیری کا مظاہرہ کرتا رہا تو یہ ان کیلیے بڑا مفید رہے گا، میرے تجربات سے ان کو سیکھنے اور ایک اچھا کرکٹر بننے میں مدد ملے گی۔
 
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مصباح الحق کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری آن پڑی ہے، پاکستان کرکٹ کو درست سمت میں گامزن کرنے کیلیے ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر کو کم از کم 3 سال کا وقت ملنا چاہیے۔
کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم ریاست مدینہ نہیں بھی بناسکے تو اک قدم بڑھاسکتے ہیں۔
 
کراچی میں تقریب سے خطاب کے دوران ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اقوام متحدہ ہتھیار اٹھانے سے روکنے کےلیے بنا تھا، عمران خان نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بے انتہا خوبصورت تقریر کی، انہوں نے اپنے دورہ امریکا میں ریاست مدینہ کی نشانیوں پر کھل کربات کی۔ پورا یقین ہےکہ ملک میں تبدیلی آتی جارہی ہے۔ ہم ریاست مدینہ نہیں بھی بناسکے تو اک قدم بڑھاسکتے ہیں۔
 
صدرمملکت نے کہا کہ ہماری معیشت کنزیومر ازم کا شکار ہے، ملٹی نیشنل کمپنیز کی طاقت نے جمہوریت کو یرغمال بنالیاہے، معیشت کو بہتر کرلیں تو پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ہوگا۔
 
 
 
 
 
 
کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر کے خلاف کرپشن ریفرنس کی سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہوئے، فاضل جج کی عدم حاضری کے سبب کارروائی ملتوی کردی گئی۔
 
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش کیا گیا ، فاضل جج کی عدم حاضری کے سبب عدالت نے سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کی گئی ہے۔
 
نیب نے آغا سراج درانی اور دیگر ساتھیوں کو لنک جج کے سامنے پیش کرکے بتایا کہ آغا سراج درانی اور دیگر کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔
 
اس موقع پرتفتیشی افسر کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا اور سوال کیا کہ تفتیشی افسر پیش کیوں نہیں ہوا؟۔ جواب میں نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسر کے پیش ہونے کےبارے میں مجھے کچھ نہیں معلوم ہے۔
 
آغا سراج درانی کے وکیل نے استدعا کی کہ ان کے موکل فروری سے جیل میں ہیں، مفرور ملزمان کے خلاف جو بھی کارروائی کرنی ہے کریں، اور آغا سراج درانی خلاف کیس جلد شروع کریں۔
 
ان کی درخواست پر عدالت کا کہنا تھا کہ متعلقہ جج ہی نہیں ہیں، جج تعینات ہوں گے تو دیکھیں گے۔
 
گزشتہ سماعت کے دوران نیب کی جانب سے آغا سراج درانی کی بےنامی جائیداد،گاڑیوں سمیت57اثاثوں کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئی تھیں۔عدالت نے سماعت کے بعد آج نیب پراسیکیوٹر کو دلائل دینے کے لیے طلب کیا تھا ۔
 
خیال رہے کہ اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کرپشن کیس میں جیل میں ہیں۔آغا سراج درانی آمدن سے زائد اثاثوں کےالزام میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں، نیب حکام نے اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کاریفرنس دائر کیا تھا ۔
 
نیب نےاسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کوبیس فروری کواسلام آبادکےہوٹل سےحراست میں لیاتھا جبکہ ان کی درخواست ضمانت سندھ ہائی کورٹ میں زیرسماعت ہے۔
کابل: افغانستان میں صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ کے پہلے عمل کا پہلا مرحلہ خوف کے سائے میں سست روی کے ساتھ جاری ہے۔
 
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان ميں آج صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے ووٹنگ کا عمل جاری ہے، جس کے لیے موجودہ صدر اشرف غنی سمیت 18 اميدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ کامیاب امیدوار کو اس مرحلے میں 50 فیصد ووٹ درکار ہوں گے۔
 
اليکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صدارتی الیکشن ميں رائے دہی کے ليے رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 9.6 ملين ہے۔ ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے تک جاری رہے گی تاہم ضرورت پڑنے پر اس ميں مزید 2 گھنٹے کی توسيع کی جاسکتی ہے۔
 
انتخابی عمل کو محفوظ بنانے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں جس کے لیے ملک بھر ميں تقريباً 72 ہزار پوليس اہلکار تعينات ہيں جب کہ مزيد بيس سے تيس ہزار اہلکاروں کو کسی بھی وقت طلب کیا جا سکتا ہے۔
 
قبل ازیں طالبان جنگجوؤں کی جانب سے مختلف علاقوں میں پمفلٹ تقسیم کیے گئے تھے جس میں عوام کو الیکشن کے دن گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے دھمکی دی گئی تھی کہ پولنگ اسٹیشن میں تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
 
واضح رہے کہ1992 سویت یونین کے افغانستان سے واپسی کے بعد مملکت کے چوتھے صدر کا انتخاب کیا جا رہا ہے اس سے قبل صبغت اللہ مجددی، برہان الدین، حامد کرزئی اور موجودہ صدر اشرف غنی صدارت کے عہدے پر فائز رہے ہیں۔

پشاور: خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری ہے، جس کی وجہ سے او پی ڈی سروس، آپریشن تھیٹر اور دیگر سہولیات کی فراہمی معطل ہے۔

دوسری جانب سرکاری ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی نمائندہ گرینڈ ہیلتھ الائنس کا کہنا ہے کہ 15 کے قریب ڈاکٹرز کو گرفتار کیا گیا ہے جو ابھی تک جیل میں ہیں، حکومت جلد از جلد تمام ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف کو رہا کرے۔ اگر حکومت نے تمام مطالبات پورے نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ پورے ملک تک پھیلائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لیڈی ریڈںگ اسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈٰکل اسٹاف پر پولیس کی لاٹھی چارج اور شیلنگ سے متعدد ڈاکٹرز شدید زخمی ہوئے تھے۔